مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

محبت اور فکرمندی دکھانے والے والدین

محبت اور فکرمندی دکھانے والے والدین

محبت اور فکرمندی دکھانے والے والدین

▪ جنوبی افریقہ کی سطح مرتفع پر غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔‏ مَیں تیسری منزل پر واقع اپنے قدرے گرم دفتر سے بڑے تجسّس کے ساتھ ایک ایسے درخت کو دیکھ رہا ہوں جس پر کوئی پتا نہیں اور جو موسمِ‌سرما کی تندوتیز ہواؤں سے جھوم رہا ہے۔‏ اِس درخت کی ایک شاخ پر بیٹھی فاختہ اپنے تین دن کے بچوں کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔‏

انڈے دینے سے پہلے فاختہ اور اُس کے ساتھی نے مل کر گھونسلا بنایا۔‏ نر باہر سے درختوں کی ٹہنیاں ڈھونڈڈھونڈ کر لا رہا تھا جبکہ مادہ اُن سے گھونسلا تیار کرنے میں مصروف تھی۔‏ اُنہوں نے اپنا یہ گھر اتنی مضبوطی اور محنت سے بنایا تھا کہ موسمِ‌سرما کی تیز ہوائیں بھی اُسے توڑ نہ سکیں۔‏ اِس کے بعد فاختہ نے اِس میں دو انڈے دئے اور وہ دنوں اِنہیں سینے کے لئے بیٹھ گئے۔‏ دن کے دوران نر انڈوں پر بیٹھتا جبکہ رات کو مادہ یہ کام کرتی تھی۔‏ دو ہفتے بعد انڈوں میں سے بچے نکل آئے۔‏ تقریباً دو ہفتوں کے اندراندر یہ بچے اُڑنے کے قابل ہو جائیں گے۔‏

غور سے سنیں!‏ کیا آپ کو فاختہ (‏لافنگ ڈویو)‏ کی سریلی آواز سنائی دے رہی ہے؟‏ جب وہ کوکو کرتی ہے تو ایسے لگتا ہے جیسے کوئی دھیرےدھیرے ہنس رہا ہو۔‏ فاختہ اپنے بھوکے بچوں کے لئے اپنے پوٹے میں خوراک جمع کر کے ایک قریبی شاخ پر آ کر بیٹھ گئی ہے جو کہ اِس بات کا اشارہ ہے کہ اب نر کچھ دیر کے لئے گھونسلے سے جا سکتا ہے۔‏ جب بچے اُڑنا سیکھ جاتے ہیں تو اِس کے بعد بھی نر اور مادہ اُس وقت تک اِنہیں کھانا کھلاتے رہتے ہیں جب تک بچے خود اپنا پیٹ بھرنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔‏

مَیں اکثر اِن پرندوں میں پائی جانے والی اُس فطری محبت اور فکرمندی کو دیکھ کر حیران ہوتا ہوں جو نسل‌درنسل اِن میں چلی آ رہی ہے۔‏ اِس سے مجھے زبور ۸۶:‏۸ کے الفاظ یاد آتے ہیں:‏ ”‏یا رب!‏ .‏ .‏ .‏ تجھ سا کوئی نہیں اور تیری صنعتیں بےمثال ہیں۔‏“‏

یہوواہ خدا نے فاختہ جیسے پرندوں کو پیدائشی طور پر ایسی صلاحیتوں سے نوازا ہے جن پر وہ بھروسا کر سکتے ہیں۔‏ بالکل اِسی طرح خدا نے اپنے پاک کلام میں انسانی والدین کے لئے جو راہنمائی فراہم کی ہے وہ بھی قابلِ‌بھروسا ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ بائبل ماؤں کو نصیحت کرتی ہے کہ اپنے ”‏بچوں کو پیار کریں۔‏“‏ (‏ططس ۲:‏۴‏)‏ یہ والدوں کو بھی تاکید کرتی ہے کہ ”‏اپنے فرزندوں کو غصہ نہ دلاؤ بلکہ [‏یہوواہ]‏ کی طرف سے تربیت اور نصیحت دے دے کر اُن کی پرورش کرو۔‏“‏ (‏افسیوں ۶:‏۴؛‏ ۱-‏تیمتھیس ۵:‏۸‏)‏ یقیناً یہوواہ خدا اِن ہدایات پر عمل کرنے والے والدین کی بہت قدر کرتا ہے۔‏