مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پہلا اُصول—‏اپنے خاندان کو اہم سمجھیں

پہلا اُصول—‏اپنے خاندان کو اہم سمجھیں

پہلا اُصول‏—‏اپنے خاندان کو اہم سمجھیں

‏”‏تاکہ تُم بہتر چیزوں کا امتیاز کر سکو۔‏“‏—‏فلپیوں ۱:‏۱۰‏،‏ کیتھولک ترجمہ۔‏

اِس اُصول کی وضاحت‏۔‏ خوشگوار گھریلو زندگی گزارنے والے شوہر اور بیوی اپنی ذات،‏ جائیداد،‏ ملازمت اور دوستوں یا رشتہ‌داروں سے زیادہ اپنے جیون‌ساتھی کو اہم سمجھتے ہیں۔‏ وہ ایک دوسرے اور اپنے بچوں کے ساتھ خاصا وقت صرف کرتے ہیں۔‏ وہ دونوں اپنے خاندان کی بھلائی کی خاطر ہر قربانی دینے کے لئے تیار رہتے ہیں۔‏—‏فلپیوں ۲:‏۴‏۔‏

اِس اُصول کی اہمیت۔‏ خدا کا کلام ظاہر کرتا ہے کہ خاندان کی دیکھ‌بھال کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔‏ پاک کلام میں بیان کِیا گیا ہے کہ جو اپنے گھرانے کا خیال نہیں رکھتا وہ ”‏بےایمان سے بدتر ہے۔‏“‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۵:‏۸‏)‏ اِس سے واضح ہوتا ہے کہ ہمارے لئے ہمارا خاندان دیگر چیزوں سے زیادہ اہم ہونا چاہئے۔‏ لیکن وقت اور حالات کی وجہ سے بعض لوگوں کی نظر میں اُن کے خاندان کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ ازدواجی مسائل کا حل پیش کرنے والے ایک ماہر نے ایک سیمینار منعقد کِیا۔‏ اُس نے بیان کِیا کہ اِس سیمینار میں حاضر ہونے والے بیشتر لوگوں کو اپنے خاندان سے زیادہ اپنی ملازمت کی فکر تھی۔‏ وہ اپنے گھریلو مسائل کا ”‏فوری حل“‏ سیکھنا چاہتے تھے تاکہ وہ ”‏اپنی ساری توجہ پھر کاروبار یا ملازمت کو دے سکیں۔‏“‏ ہم اِس سے کیا سبق سیکھتے ہیں؟‏ سبق یہ ہے کہ اپنے خاندان کو ترجیح دینے کا دعویٰ کرنا تو بہت آسان ہے مگر حقیقت میں ایسا کرنا بہت ہی مشکل ہے۔‏

مشق۔‏ نیچے دئے گئے سوالوں کی مدد سے اپنا جائزہ لیں اور یہ دیکھیں کہ آپ کی نظر میں آپ کا خاندان کتنا اہم ہے۔‏

جب میرا ساتھی یا بچے مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کیا مَیں اُنہیں فوراً توجہ دیتا ہوں؟‏

کیا مَیں دوسروں کے ساتھ اپنے روزمرّہ کاموں کے بارے میں گفتگو کرتے وقت اکثر اپنے خاندان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کا بھی ذکر کرتا ہوں؟‏

کیا مَیں اپنی ملازمت یا دیگر کاموں میں معمول سے زیادہ وقت صرف کرنے سے گریز کرتا ہوں تاکہ اپنے خاندان کو وقت دے سکوں؟‏

اگر اِن تمام سوالوں کے لئے آپ کا جواب ’‏ہاں‘‏ ہے تو شاید آپ یہ نتیجہ اخذ کریں کہ آپ اپنے خاندان کو نہایت اہم سمجھتے ہیں۔‏ مگر اِس سلسلے میں آپ کے ساتھی اور بچوں کی کیا رائے ہے؟‏ اُن کی رائے آپ کے ذاتی خیال سے زیادہ اہم ہے۔‏ اگلے مضامین میں ہم خوشگوار گھریلو زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر اُصولوں پر بھی غور کریں گے۔‏ اِن اُصولوں سے آپ نہ صرف اپنا جائزہ لے سکیں گے بلکہ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ آپ کے جیون‌ساتھی اور بچوں کی آپ کے بارے میں کیا رائے ہے۔‏

اِس اُصول پر عمل کریں۔‏ چند ایسے طریقوں کے بارے میں سوچیں جن سے آپ ظاہر کر سکیں گے کہ آپ کا خاندان آپ کی نظر میں بہت اہم ہے۔‏ (‏مثلاً:‏ دیگر کاموں سے وقت نکال کر اِسے اپنے جیون‌ساتھی اور بچوں کے ساتھ صرف کریں۔‏)‏

اپنے خاندان کو بتائیں کہ آپ نے کیا تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کِیا ہے؟‏ جب خاندان کا ایک فرد اپنے آپ کو بدلتا ہے توپھر دوسروں میں بھی ایسا کرنے کا جذبہ پیدا ہو سکتا ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۳ پر تصویر]‏

کامیاب میاں‌بیوی ایک دوسرے کو اور اپنے بچوں کو بہت اہم سمجھتے ہیں