مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ مصروفیت کے بوجھ تلے دبے ہیں؟‏

کیا آپ مصروفیت کے بوجھ تلے دبے ہیں؟‏

کیا آپ مصروفیت کے بوجھ تلے دبے ہیں؟‏

دُنیابھر میں لوگوں کو ملازمت پر بہت وقت صرف کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے جیون‌ساتھی اور بچوں کے ساتھ کم وقت گزارتے ہیں۔‏ ایک تنظیم اِس کی وجہ یوں بتاتی ہے:‏ ”‏ٹیکنالوجی اور معاشی نظام میں تبدیلیاں آئی ہیں جس کے نتیجے میں بہت سی کمپنیاں بین‌الاقوامی سطح پر کام کر رہی ہیں اور چوبیس گھنٹے کھلی رہتی ہیں۔‏“‏ اِن تبدیلیوں کی وجہ سے لوگ بہت دولت‌مند ہو گئے ہیں لیکن اِس دولت کے حصول کے لئے اُنہیں بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔‏ ایک مصنف نے کہا:‏ ”‏لاکھوں لوگوں کی روزانہ کی مصروفیت اِس حد تک بڑھ گئی ہے کہ وہ شدید ذہنی دباؤ اور تھکاوٹ کا شکار ہیں۔‏“‏

اِس کے علاوہ حال ہی میں ہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے بھی لوگ پریشانی اور مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں۔‏ چاہے وہ مزدور ہوں یا دفتر میں کام کرنے والے،‏ بہت سے لوگوں کی نوکری چھوٹ گئی ہے۔‏ اُن میں سے بہت سے لوگوں نے گھر قرضے پر لئے ہوئے ہیں اور اب بینک اُن کے گھر پر قبضہ کر رہے ہیں۔‏ ایسے لوگ بےروزگاری کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔‏

یہ مسائل عالمی پیمانے پر دیکھنے میں آ رہے ہیں جیسا کہ نیچے دی گئی مثالوں سے واضح ہوتا ہے۔‏

◀ یورپ میں ۱۰ میں سے ۶ ملازم اپنی ملازمت کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔‏

◀ امریکہ میں ۳ میں سے ایک ملازم کا خیال ہے کہ ملازمت کی جگہ پر اُس سے حد سے زیادہ کام لیا جاتا ہے۔‏

◀ کینیڈا میں ۳ میں سے ۲ لوگوں کا کہنا ہے کہ اُنہیں اپنی ملازمت کی وجہ سے اپنے جیون‌ساتھی اور بچوں کے لئے وقت نکالنا مشکل لگتا ہے۔‏

◀ ایک اندازے کے مطابق دُنیابھر میں ۶۰ کروڑ لوگ ہفتے میں ۴۸ گھنٹے سے زیادہ ملازمت پر صرف کرتے ہیں۔‏ یہ نوکری کرنے والوں کی کُل تعداد میں سے ۲۲ فیصد لوگ ہیں۔‏

اُوپر دی گئی چند مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانی معاشرے کو ایک بہت بڑے مسئلے کا سامنا ہے۔‏ جب لوگوں کو دیر تک ملازمت کرنی پڑتی ہے اور اُن کے کام کے اوقات بدلتے رہتے ہیں تو اِس کا کیا نتیجہ ہوتا ہے؟‏ کئی جائزوں کے مطابق اُن کی صحت پر بُرا اثر پڑتا ہے،‏ وہ اپنے عزیزوں سے دُور ہو جاتے ہیں اور اپنے بچوں کی اچھی تربیت نہیں کر پاتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ اِن لوگوں میں علیحدگی اور طلاق لینے کا رحجان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔‏

کیا آپ کا زیادہ‌تر وقت ملازمت پر صرف ہو رہا ہے؟‏ یا پھر کیا آپ بےروزگار ہیں؟‏ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ اپنے جیون‌ساتھی اور بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں؟‏ اگلے مضمون میں بتایا جائے گا کہ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ ملازمت کرنے کے ساتھ‌ساتھ اپنے عزیزوں کے لئے بھی وقت نکال سکیں۔‏

‏[‏صفحہ ۳ پر تصویر]‏

دن میں دو دو شفٹیں

دُنیابھر میں ایک ارب ۲۰ کروڑ عورتیں ملازمت کرتی ہیں۔‏ اور اِن میں سے لاکھوں عورتوں کو دن میں دو دو شفٹیں کام کرنا پڑتا ہے۔‏ ایسا کیوں ہے؟‏ ایک عورت کہتی ہے:‏ ”‏جب مَیں نوکری سے گھر آتی ہوں تو مجھے کھانا پکانا پڑتا ہے،‏ گھر کی صفائی کرنی پڑتی ہے،‏ کپڑے دھونے پڑتے ہیں،‏ بچوں کو سکول سے لانا پڑتا ہے،‏ اُنہیں ہوم‌ورک کرانا پڑتا ہے اور اُن کو نہلا کر سلانا پڑتا ہے۔‏ دن‌بھر کی اِن مصروفیات سے مَیں تھکن سے چُورچُور ہو جاتی ہوں۔‏“‏ اِس صورتحال کا سامنا صرف عورتوں کو ہی نہیں بلکہ بہت سے مردوں کو بھی ہے لیکن جائزوں سے یہ بات دریافت ہوئی ہے کہ مرد اکثر گھریلو کام‌کاج سے جان چھڑاتے ہیں۔‏ لہٰذا چاہے عورتیں ملازمت کرتی ہوں یا نہیں،‏ گھر کے تمام کام کرنے کا بوجھ اُنہی کے کندھوں پر پڑتا ہے۔‏