مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سادہ زندگی گزارنے کے فائدے

سادہ زندگی گزارنے کے فائدے

سادہ زندگی گزارنے کے فائدے

سادہ زندگی گزارنے کے بہت سے فائدے ہوتے ہیں۔‏ لہٰذا آپ زندگی کو سادہ بنانے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏ پہلے تو اِس بات پر غور کریں کہ آپ اپنی زندگی میں کن باتوں کو اہمیت دیتے ہیں۔‏

ایسا کرنے کے لئے خود سے پوچھیں:‏ ”‏مَیں نے اب تک زندگی میں کیا کچھ حاصل کِیا ہے؟‏ مَیں آگے کیا کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں؟‏“‏ اگر آپ نے مستقبل کے لئے منصوبے باندھے ہیں تو اِن کو نیچے درج کریں:‏

۱.‏ ․․․․․‏

۲.‏ ․․․․․‏

۳.‏ ․․․․․‏

اِس دَور میں بہت سے لوگ مال‌ودولت حاصل کرنے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔‏ اُن کا نظریہ یہ ہے کہ ”‏آؤ کھائیں پئیں کیونکہ کل تو مر ہی جائیں گے۔‏“‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۳۲‏)‏ وہ اِس اصول کے مطابق زندگی گزارتے ہیں کہ ”‏کماؤ اور خرچ کرو۔‏“‏ لیکن خدا کے کلام سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی زندگی گزارنا دانشمندی کی بات نہیں ہے۔‏

یسوع مسیح نے ایک تمثیل میں ایک ایسے آدمی کے بارے میں بتایا جس نے بہت سارا مال جمع کِیا تھا لیکن اِس سے پہلے کہ وہ اِس مال سے لطف حاصل کر سکتا وہ مر گیا۔‏ پھر یسوع مسیح نے یہ آگاہی دی:‏ ”‏جو اپنے لئے تو خزانہ جمع کرتا ہے لیکن خدا کی نظر میں دولتمند نہیں بنتا اُس کا بھی یہی حال ہوگا۔‏“‏ (‏لوقا ۱۲:‏۱۶-‏۲۱‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ اُس آدمی نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے سخت محنت کی تھی۔‏ کیا ایسا کرنا غلط تھا؟‏ ہرگز نہیں۔‏ لیکن اُس آدمی نے مال‌ودولت جمع کرنے کو اپنی زندگی کا مرکز بنا رکھا تھا جبکہ اُس نے خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کو اہمیت نہ دی۔‏ لہٰذا اُس کی ساری محنت بےکار تھی۔‏ یہ کتنے افسوس کی بات ہے۔‏—‏واعظ ۲:‏۱۷-‏۲۱؛‏ متی ۱۶:‏۲۶‏۔‏

یسوع مسیح نے بتایا کہ ہمیں کس انعام کو حاصل کرنے کے لئے محنت کرنی چاہئے۔‏ اُس نے کہا:‏ ”‏فانی خوراک کے لئے محنت نہ کرو بلکہ اُس خوراک کے لئے جو ہمیشہ کی زندگی تک باقی رہتی ہے۔‏“‏ (‏یوحنا ۶:‏۲۷‏)‏ اِس سے کچھ عرصہ پہلے اُس نے کہا تھا:‏ ”‏خدا نے دُنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے۔‏“‏ (‏یوحنا ۳:‏۱۶‏)‏ اور واقعی ہمیشہ کی زندگی سے بہتر اَور کوئی انعام ہو ہی نہیں سکتا۔‏

ضروریاتِ‌زندگی کی فکر میں نہ رہیں

یسوع مسیح جانتا تھا کہ انسان کو اپنی ضروریاتِ‌زندگی کی فکر لگی رہتی ہے۔‏ اِس وجہ سے اُس نے اپنے شاگردوں کو یہ ہدایت دی:‏ ”‏اِس فکر میں مبتلا مت رہو کہ تُم کیا کھاؤ گے اور کیا پیو گے۔‏ .‏ .‏ .‏ کیونکہ دُنیا کی ساری قومیں اِن چیزوں کی جستجو میں لگی رہتی ہیں لیکن تمہارا باپ جانتا ہے کہ تُم اِن چیزوں کے محتاج ہو۔‏ بلکہ پہلے خدا کی بادشاہی کی تلاش کرو تو یہ چیزیں بھی تمہیں حاصل ہو جائیں گی۔‏“‏—‏لوقا ۱۲:‏۲۹-‏۳۱‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

یسوع مسیح کے اِن الفاظ سے بہت سے مسیحیوں کو اپنی زندگی میں تبدیلی لا کر سادہ زندگی گزارنے کا حوصلہ ملا ہے۔‏ ملک ملائشیا میں رہنے والی جُولیت کہتی ہیں:‏ ”‏جب مَیں نوکری سے آتی مَیں بہت ہی تھکی اور بیزار ہوتی۔‏ اِس لئے مَیں اور میرے شوہر نے اپنی زندگی میں تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کِیا۔‏ ہم نے یہوواہ خدا سے اِس سلسلے میں مدد کی اِلتجا کی۔‏ اُس نے ہماری جلد سُن لی۔‏ ایک مہینے کے اندراندر مجھے معذور بچوں کی ٹیچر کے طور پر نوکری مل گئی۔‏ پہلی نوکری کی نسبت اب مجھے قدراً کم گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔‏“‏ آسٹریلیا میں رہنے والے سٹیون ٹھیکےدار ہیں۔‏ اُنہوں نے اپنی زندگی میں تبدیلیاں لائیں تاکہ وہ اپنے بیوی‌بچوں کے لئے اور خدا کی خدمت کے لئے زیادہ وقت صرف کر سکیں۔‏ اُن کی بیوی مورین کہتی ہیں:‏ ”‏اب میرے شوہر پہلے کی نسبت زیادہ خوش رہتے ہیں۔‏ بچے بھی خوش ہیں اور مَیں بھی بہت خوش ہوں۔‏ زندگی کو سادہ رکھنے سے ہم سب کو فائدہ ہی فائدہ رہا ہے۔‏“‏

کیا آپ کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے اور آپ کو اِس بات کا اندیشہ ہے کہ بینک آپ کے گھر کو ضبط کر لے گا؟‏ یہ سچ ہے کہ اِس صورت میں یسوع مسیح کی ہدایت پر عمل کرنا آپ کے لئے آسان نہیں ہوگا۔‏ لیکن اگر آپ خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیں گے اور اُس پر دل سے بھروسہ کریں گے تو آپ بھی ایک سادہ مگر خوشگوار زندگی گزار سکیں گے۔‏ یوں آپ اُس وقت کو دیکھیں گے جب خدا اِس زمین کو فردوس میں تبدیل کر دے گا اور انسانوں کو ہمیشہ کی زندگی انعام میں دے گا۔‏ اُس وقت ہمیں کوئی بھی کام بوجھ نہیں لگے گا اور ہم اپنے ہر کام سے لطف‌اندوز ہوں گے۔‏ آئیں اِس ”‏حقیقی زندگی“‏ کو حاصل کرنے کے لئے دن‌رات ایک کر دیں۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۱۷-‏۱۹؛‏ یسعیاہ ۶۵:‏۲۱-‏۲۳‏۔‏

کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ پاک صحیفوں میں ”‏حقیقی زندگی“‏ کے بارے میں کیا کچھ بتایا گیا ہے؟‏ تو پھر اپنے علاقے میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں یا پھر اِس رسالے کے صفحہ ۵ پر دئے گئے کسی پتے پر اُنہیں خط لکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر عبارت]‏

فردوس میں سب لوگ اپنےاپنے کام سے لطف‌اندوز ہوں گے

‏[‏صفحہ ۸ پر بکس]‏

گھر کے باہر پیسے کمانے کی کچھ تجویزیں

نیچے کچھ تجویزیں بتائی گئی ہیں جن پر عمل کر کے کئی بےروزگار لوگ اپنے گھر کا خرچہ پورا کر پائے ہیں:‏

لوگوں کے گھروں کی رکھوالی کرنا (‏جب لوگ چھٹی یا ملازمت کے سلسلے میں کچھ عرصے کے لئے گھر پر نہیں ہوتے)‏

صفائی کا کام:‏ دفتروں،‏ گھروں،‏ دکانوں میں؛‏ جس عمارت میں تعمیراتی کام ہوا ہو یا آگ لگ گئی ہو؛‏ کھڑکیوں کی صفائی (‏شو رومز،‏ دکانوں،‏ گھروں وغیرہ کی)‏

مرمت کا کام:‏ سائیکلوں اور گھر میں استعمال ہونے والی دیگر مشینوں کی مرمت

تعمیراتی کام:‏ الماریاں،‏ دروازے،‏ برآمدے اور جنگلے بنانا،‏ رنگ کرنا،‏ چھتوں کی مرمت کرنا

کھیتوں میں مزدوری:‏ فصل بونا اور کاٹنا،‏ درختوں اور پیڑوں سے پھل چننا

ہوٹلوں،‏ دفتروں،‏ شاپنگ مالوں کی لابی،‏ برآمدوں اور کمروں میں پودے اور گملے سجانا اور اِن کی باغبانی کرنا

اپارٹمنٹ بلاک کی چوکیداری اور صفائی کرنا (‏اِس کام کے لئے اکثر رہائش مفت فراہم کی جاتی ہے)‏

لکڑی کا فرش ڈالنا،‏ قالین لگانا اور اِس کی صفائی کرنا

لوگوں کے گھروں میں اخبار پھینکنا یا اشتہار،‏ بل وغیرہ ڈالنا

جب لوگ گھر بدلتے ہیں تو اُن کی مدد کرنا

باغبانی،‏ درختوں کو چھانٹنا،‏ گھاس کاٹنا،‏ لکڑی کاٹنا

رکشا،‏ ٹیکسی،‏ سکول کی بس وغیرہ چلانا

شادی اور دیگر فنکشنوں پر ویڈیو بنانا یا تصویریں کھینچنا،‏ لوگوں کے پورٹریٹ بنانا

ماہی‌گیروں کو چارہ بیچنا

معاوضہ لینے کی بجائے کام کے بدلے کام کرنا،‏ مثلاً سلائی کے کام کے بدلے میں کسی کی گاڑی کی مرمت کرنا وغیرہ

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس/‏تصویر]‏

گھر میں پیسے کمانے کی کچھ تجویزیں

اِس بات کا اندازہ لگائیں کہ آپ کے علاقے میں رہنے والے لوگوں کو کن سہولتوں کی ضرورت پڑتی ہے۔‏ اِس سلسلے میں اپنے پڑوسیوں سے بھی بات‌چیت کریں۔‏

اپنے گھر میں دوسروں کے بچوں کی دیکھ‌بھال کرنا

سبزیاں اور پھول اُگا کر بیچنا؛‏ پھلوں کا رس بنا کر بیچنا

سلائی کا کام

کارخانوں کے لئے گھر پر دستکاری کرنا

کھانا،‏ سنیکس،‏ کیک وغیرہ بنا کر بیچنا

کڑھائی کا کام،‏ سویٹر بُننا،‏ ڈیکوریشن پیس بنانا،‏ مٹی کے برتن بنانا

کرسیوں اور صوفوں کی پوشش کرنا

کسی کمپنی کے لئے حساب‌کتاب کرنا،‏ گھر پر لوگوں کے کمپیوٹر کی مرمت کرنا،‏ ٹائپنگ کا کام کرنا

ٹیوشن پڑھانا

لوگوں کے بال کاٹنا اور میک‌اپ کرنا (‏بیوٹی پارلر)‏

گھر کا کمرہ کرائے پر دینا

کمپنیوں کے لئے اشتہار لفافے میں ڈالنا اور اِن پر پتہ لکھنا

لوگوں کی گاڑیاں دھونا اور اُن پر پولش لگانا (‏لوگ اپنی گاڑی آپ کے گھر لائیں)‏

لوگوں کے کپڑے دھونا اور استری کرنا

چابی اور تالے کی مرمت کرنا اور چابی بنانا

آپ اپنے کام کا اشتہار کسی دکان کے نوٹس بورڈ پر یا اپنے گھر کے باہر گلی میں لگا سکتے ہیں یا پھر لوگوں کے گھروں میں پرچیاں ڈال سکتے ہیں