مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آئی‌سی‌یو ایمبولینس سروس کی خدمات

آئی‌سی‌یو ایمبولینس سروس کی خدمات

آئی‌سی‌یو ایمبولینس سروس کی خدمات

ایک حاملہ عورت ایک ہال میں بیٹھے ہوئے بڑے دھیان سے پاک صحائف پر ایک تقریر سُن رہی تھی۔‏ اچانک اُس کو دردیں ہونے لگیں۔‏ لیکن خوشی کی بات تھی کہ اُسی علاقے میں ایک ایمبولینس موجود تھی۔‏ ایمبولینس کے ذریعے یہ عورت اور اُس کا شوہر چند منٹ بعد ہی ہسپتال پہنچ گئے جہاں اِس عورت نے ایک پیاری سی بچی کو جنم دیا۔‏

آج بہت سے ممالک میں آئی‌سی‌یو ایمبولینس سروس لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔‏ اِس قسم کی ایمبولینس مریضوں کو محض ہسپتال نہیں پہنچاتی۔‏ اِس ایمبولینس سروس کی گاڑیوں میں ہر قسم کا طبی سامان مہیا ہوتا ہے اور اِن میں ڈاکٹر،‏ نرسیں اور تربیت‌یافتہ ڈرائیور بھی موجود ہوتے ہیں۔‏ * اِس طرح ایمبولینس میں موجود ڈاکٹر فوراً ہی اُن لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں جو کسی حادثے میں مبتلا ہوتے ہیں یا پھر جن کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔‏ اِس قسم کی ایمبولینس سروس کے ذریعے ہر سال ہزاروں لوگوں کی جانیں بچائی جاتی ہیں۔‏

جب ۲۰۰۴ میں سپین کے شہر مدرید میں چار ریل‌گاڑیوں پر دہشت‌گرد حملے ہوئے تو وہاں کی ایمبولینس سروس بڑی تیزی سے جائےحادثہ پر پہنچی اور اِس کے عملے کی مہارت کی وجہ سے ۴۰۰ لوگوں کی زندگیاں بچ گئیں۔‏ اِس ہولناک واقعے کے بعد ایمبولینس سروس نے جو خدمات انجام دیں اِن کے بارے میں مدرید کے آئی‌سی‌یو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹارس کہتے ہیں:‏ ”‏جب ایسے واقعات ہوتے ہیں تو میڈیا میں ہمارے کام کو بڑا سراہا جاتا ہے۔‏ البتہ ہم تو ہر وقت لوگوں کو فوری طبی امداد دینے کے لئے حاضر ہیں۔‏ اِس خدمت سے ہمیں اِس لئے بڑی خوشی ملتی ہے کیونکہ ہم ایسے لوگوں کی جان بچانے میں کامیاب ہوتے ہیں جو ہماری مدد کے بغیر شاید نہیں بچ پاتے۔‏“‏

جب ڈاکٹر ٹارس سے پوچھا گیا کہ لوگ ایمبولینس سروس کے کام کو آسان کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں تو اُنہوں نے کہا:‏ ”‏لوگوں کو صرف اُس صورت میں ہم سے رابطہ کرنا چاہئے جب صورتحال سنگین ہو۔‏ .‏ .‏ .‏ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ ہم ہر علاقے میں اور ہر وقت ایسے لوگوں کو جلدازجلد طبی امداد فراہم کریں جن کو اِس کی ضرورت ہوتی ہے۔‏“‏ بڑے شہروں میں ایمبولینس سروس کی گاڑیاں تقریباً دس منٹ کے اندراندر جائےحادثہ پر پہنچ جاتی ہیں۔‏

ملک برازیل کے شہر ساؤ پالو جیسے بڑےبڑے شہروں میں ٹریفک اتنا بڑھ گیا ہے کہ ایمبولینس چلانے والوں کو جائےحادثہ پر پہنچنے میں دقت ہوتی ہے۔‏ اِس لئے ساؤ پالو میں ایک ڈاکٹر موٹر سائیکل پر ایمبولینس گاڑی سے پہلے مریض کے پاس پہنچتا ہے۔‏ وہاں پہنچ کر وہ صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور مریض کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتا ہے۔‏ برطانیہ کے شہر لندن،‏ ملائشیا کے شہر کوالالمپور اور امریکہ کے شہر میامی میں بھی اِس قسم کی ایمبولینس سروس فراہم کی جاتی ہے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 اِن ڈرائیوروں کو ایمبولینس کے طبی آلات استعمال کرنے کی تربیت دی جاتی ہے اور اُن کو مریض کی حالت کو مدِنظر رکھ کر ایمبولینس چلانا سکھایا جاتا ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۲۲ پر بکس/‏تصویر]‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

حادثے یا کسی ہنگامی صورتحال میں نیچے دئے گئے اقدام اُٹھائیں۔‏ اِس طرح ایمبولینس سروس اپنا کام جلدازجلد انجام دے پائے گی۔‏

۱.‏ فوراً فون کرکے ایمبولینس سروس کو بلائیں۔‏ پاکستان میں آئی‌سی‌یو ایمبولینس کو بلانے کا نمبر ۱۱۲۲ ہے اور یہ سہولت بڑےبڑے شہروں میں دستیاب ہے۔‏

۲.‏ تفصیل سے اُس جگہ کا پتہ بتائیں جہاں مریض ہے۔‏

۳.‏ مریض کی حالت کی وضاحت کریں،‏ مثلاً کیا وہ سانس لے رہا ہے؟‏ کیا وہ ہوش میں ہے؟‏ کیا اُس کا خون بہہ رہا ہے؟‏

۴.‏ اگر مریض زخمی ہے تو اُسے اُٹھانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے اُس کی حالت مزید بگڑ سکتی ہے۔‏

۵.‏ اگر مریض کو اُلٹی آ رہی ہے تو اُسے سیدھا لٹانے کی بجائے سائڈ پر لٹا دیں تاکہ قے اُس کے حلق میں پھنس کر اُس کی سانس نہ روک لے۔‏