مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

لوگ ظلم‌وتشدد کا سہارا کیوں لیتے ہیں؟‏

لوگ ظلم‌وتشدد کا سہارا کیوں لیتے ہیں؟‏

لوگ ظلم‌وتشدد کا سہارا کیوں لیتے ہیں؟‏

کوسابامُلک سپین میں رہتے ہیں۔‏ وہ ایک عسکریت‌پسند گروہ میں شامل ہو گئے تھے۔‏ جب اُن سے پوچھا گیا کہ وہ اِس گروہ میں کیوں شامل ہوئے تھے تو اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں ایک بڑے شہر،‏ بلباؤ میں رہتا تھا۔‏ اکثر وہاں پولیس لوگوں کے گھروں میں گھس جاتی تھی،‏ اُنہیں مارتی پیٹتی تھی اور گرفتار کرکے لے جاتی تھی۔‏ ہمارے ساتھ اِتنی ناانصافی اور ظلم ہو رہا تھا کہ اِسے برداشت کرنا مشکل ہو گیا تھا۔‏“‏

کوسابا نے مزید کہا:‏ ”‏جب مَیں نے پولیس کی حرکتوں کے خلاف آواز اُٹھائی تو مجھے گرفتار کر لیا گیا۔‏ مَیں اِتنے غصے میں تھا کہ مَیں اِن حالات کو بدلنے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار تھا،‏ چاہے اِس کیلئے مجھے ظلم‌وتشدد کا سہارا ہی کیوں نہ لینا پڑتا۔‏“‏

ظلم اور ناانصافی

پاک صحیفوں میں ظلم‌وتشدد کرنے سے منع کِیا گیا ہے۔‏ لیکن پاک صحیفوں میں یہ حقیقت بھی بیان کی گئی ہے:‏ ”‏ظلم دانشور آدمی کو دیوانہ بنا دیتا ہے۔‏“‏ (‏واعظ ۷:‏۷‏)‏ بہت سے لوگ اُس وقت آپے سے باہر ہو جاتے ہیں جب اُن کی قوم،‏ نسل یا مذہب کے لوگوں کے ساتھ بُرا سلوک کِیا جاتا ہے۔‏

پچھلے مضمون میں ہم نے حفانی کے بارے میں پڑھا تھا۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ہمارا مُلک ہم سے چھین لیا گیا تھا۔‏ جب جانور اپنے علاقے کے لئے لڑ سکتے ہیں تو ہم اپنی زمین اور اپنے حق کے لئے کیوں نہ لڑتے۔‏“‏ ایک خودکش حملہ‌آور کی موت کے بعد اُس کا یہ بیان منظرِعام پر آیا:‏ ”‏جب تک تُم ہمارے لوگوں پر بم برسانا،‏ اُنہیں زہریلی گیسوں کے ذریعے مارنا،‏ قید کرنا اور اذیت دینا بند نہیں کرو گے تب تک ہم لڑتے رہیں گے۔‏“‏

مذہبی مقاصد

آج‌کل لوگ مذہبی مقاصد حاصل کرنے کے لئے بھی دہشت‌گردی کا سہارا لیتے ہیں۔‏ ایک عسکریت‌پسند گروہ کے نمائندے نے ایک سیاسی رہنما کو یہ فیکس بھیجا:‏ ”‏ہم نہ تو پاگل ہیں اور نہ ہی ہمیں اختیار کا لالچ ہے۔‏ ہم تو بس خدا کی راہ میں لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔‏“‏

دو مصنفوں نے اپنی ایک کتاب میں لکھا:‏ ”‏لوگ زیادہ مذہبی ہوتے جا رہے ہیں۔‏ بڑےبڑے مذاہب اور تیزی سے پھیلتے ہوئے نئےنئے فرقے ظلم‌وتشدد کو خدا کی عبادت کا حصہ بنا رہے ہیں۔‏“‏ ایک اَور ماہر نے دہشت‌گردی کے مختلف واقعات کا ذکر کرنے کے بعد لکھا:‏ ”‏اِن واقعات میں ملوث سبھی دہشت‌گردوں کا یہ ماننا تھا کہ اُن کے کاموں کو خدا کی پسندیدگی حاصل تھی اور خدا نے ہی اُنہیں ایسا کرنے کا حکم دیا تھا۔‏“‏

لیکن بہت سے مذہبی عسکریت‌پسند ایسے انتہاپسند نظریات رکھتے ہیں جو اُن کے مذہب کی تعلیمات اور معیاروں کے مطابق نہیں ہیں۔‏

دل میں نفرت

اِس مضمون کے شروع میں کوسابا کا ذکر کِیا گیا تھا۔‏ اُن کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے اُن کے ساتھ بہت بُرا سلوک کِیا۔‏ کوسابا نے کہا:‏ ”‏پولیس نے مجھ سے جو سلوک کِیا،‏ اُس سے مجھے پورا یقین ہو گیا کہ اُن کے لئے میری نفرت بالکل جائز ہے۔‏ اگر اِن حالات کو بدلنے کے لئے مجھے اپنی جان بھی دینی پڑتی تو مَیں نہ ہچکچاتا۔‏“‏

ایک عسکریت پسند گروہ کے ارکان اکثر اِس لئے بھی دہشت‌گردی کرتے ہیں کیونکہ اُنہیں ایسا کرنے پر اُکسایا جاتا ہے۔‏ حفانی نے کہا:‏ ”‏جب ہم پناہ‌گزین کیمپوں میں تھے تو وہاں پر اجتماعات ہوتے تھے۔‏ اِن میں ہمیں سکھایا جاتا تھا کہ گورے لوگ مسلسل اِس کوشش میں ہیں کہ کالے لوگوں کو دبا سکیں۔‏“‏ اِس کا کیا نتیجہ نکلا؟‏

حفانی نے کہا:‏ ”‏میرے دل میں گوروں کے لئے نفرت بڑھنے لگی۔‏ مجھے اُن میں سے کسی پر بھی بھروسا نہیں تھا۔‏ میری نفرت اِتنی بڑھ گئی کہ مَیں سوچنے لگا کہ ہمیں کچھ تو کرنا ہی ہوگا۔‏“‏

آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ کوسابا اور حفانی دونوں نے شدید غصے اور نفرت کو اپنے دل سے نکال پھینکا۔‏ لیکن اُن کی سوچ کیسے تبدیل ہوئی؟‏ اِس سوال کے جواب کے لئے اگلے مضمون کو پڑھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۶ پر عبارت]‏

‏”‏پولیس نے مجھ سے جو سلوک کِیا،‏ اُس سے مجھے پورا یقین ہو گیا کہ اُن کے لئے میری نفرت بالکل جائز ہے۔‏ اگر اِن حالات کو بدلنے کے لئے مجھے اپنی جان بھی دینی پڑتی تو مَیں نہ ہچکچاتا۔‏“‏—‏کوسابا