مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

میرا پُرتشدد ماضی

میرا پُرتشدد ماضی

میرا پُرتشدد ماضی

سلواڈور گرسا کی زبانی

بچپن ہی سے مَیں تشدد کو بڑا پسند کرتا تھا۔‏ اگر کوئی مجھے چڑاتا تھا تو مَیں اُس کی بڑی پھینٹی لگاتا تھا۔‏ یہ دیکھ کر ہمارے علاقے میں رہنے والے ایک مشہور باکسر نے مجھے باکسنگ سکھائی۔‏ پھر ایک وقت آیا کہ مَیں پیشہ‌ور باکسر بن گیا اور مَیں نے امریکہ کے مختلف شہروں میں باکسنگ کے مقابلے لڑے۔‏ بعد میں مَیں ایک غنڈے کا باڈی‌گارڈ بن گیا۔‏

میری شادی ہو گئی اور میرے چھ بچے ہوئے لیکن پھر بھی تشدد سے میرا لگاؤ ختم نہیں ہوا۔‏ مَیں ایک نائٹ کلب چلا رہا تھا۔‏ کئی بار لوگوں نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی۔‏ لیکن مجھے خطروں سے کھیلنے میں مزہ آتا تھا۔‏ ایک لڑائی میں مَیں نے دو آدمیوں کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔‏ مَیں نے اور میرے کچھ دوستوں نے ایک مشہور سیاست‌دان کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنایا۔‏ لیکن پولیس کو ہمارے منصوبے کی ہوا لگ گئی اور اُنہوں نے مجھے گرفتار کر لیا۔‏ جب پولیس میرے دوستوں کو پکڑنے گئی تو پولیس مقابلہ ہوا اور میرے سارے دوست مارے گئے۔‏ مَیں نے شکر کِیا کہ مَیں اُس وقت جیل میں تھا۔‏

کئی سال بعد مجھے رِہا کر دیا گیا۔‏ پھر مجھے نوکری مل گئی۔‏ ایک دن جب مَیں کام سے گھر واپس جا رہا تھا تو میرے سر میں اچانک اِتنا شدید درد ہوا کہ میری جان نکلنے لگی۔‏ مَیں اِتنا پریشان ہو گیا کہ مَیں نے خدا سے دُعا مانگی۔‏ میری بیوی یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہی تھی اور اُس نے مجھے بتایا تھا کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ (‏زبور ۸۳:‏۱۸‏)‏ اِس لئے مَیں نے یہوواہ کا نام لے کر دُعا کی۔‏

جب مَیں ٹھیک ہو گیا تو میری بیوی نے مجھے یہوواہ کے گواہوں کے اجلاسوں پر جانے کے لئے کہا۔‏ مَیں وہاں گیا اور سب لوگ مجھ سے بہت اچھی طرح ملے۔‏ اُن کی محبت کو دیکھ کر میری آنکھیں بھیگ گئیں۔‏ اِس کے بعد مَیں نے بھی بائبل کا مطالعہ شروع کر دیا۔‏ مَیں جو کچھ سیکھ رہا تھا،‏ وہ مجھے بہت اچھا لگتا تھا۔‏ آہستہ‌آہستہ مَیں زندگی کو ایک فرق نظر سے دیکھنے لگا۔‏

مجھے اپنے غصے پر قابو پانا سب سے مشکل لگا۔‏ ایک دن جب مَیں اپنے دوست انٹونیو کے ساتھ گھرگھر جا کر لوگوں کو خدا کا پیغام سنا رہا تھا تو ایک آدمی نے ہمیں گالیاں دیں۔‏ میرا پارہ چڑھ گیا اور مَیں اُس شخص کی طرف لپکا۔‏ انٹونیو نے فوراً مجھے روک لیا۔‏ بعد میں اُس نے مجھے دِکھایا کہ جب یسوع مسیح کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تو اُنہوں نے کیا کِیا۔‏ یسوع مسیح کے قریبی ساتھی پطرس رسول نے لکھا:‏ ”‏نہ وہ گالیاں کھا کر گالی دیتا تھا اور نہ دُکھ پا کر کسی کو دھمکاتا تھا۔‏“‏ (‏۱-‏پطرس ۲:‏۲۳‏)‏ اِن الفاظ نے میرے دل پر بڑا گہرا اثر چھوڑا۔‏

مَیں یہوواہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر کرتا ہوں کہ اُس کی مدد سے مَیں اپنی زندگی میں اِتنی تبدیلیاں کرنے کے قابل ہوا۔‏ وہ ہمیں اپنی پاک روح دیتا ہے جس کی مدد سے ہم اپنے اندر بہت سی خوبیاں پیدا کر سکتے ہیں۔‏ یوں ہم اپنے آپ پر قابو پانا سیکھ سکتے ہیں اور امن‌پسند بن سکتے ہیں۔‏ (‏گلتیوں ۵:‏۲۲،‏ ۲۳‏)‏ مَیں اپنے گھر والوں کے ساتھ بڑی پُرامن اور خوشگوار زندگی گزار رہا ہوں۔‏ مَیں کُل‌وقتی طور پر لوگوں کو خدا کی تعلیم دیتا ہوں اور اُن کی مدد کرتا ہوں کہ وہ بھی خدا کا اطمینان حاصل کریں۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر تصویر]‏

خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے سے سلواڈور نے امن کی راہ اپنا لی۔‏