مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

رنگبرنگی دُنیا

بیلیز کی سیر

بیلیز کی سیر

بیلیز ایک چھوٹا مگر نہایت خوب‌صورت ملک ہے۔‏ اِس میں بہت سے برساتی جنگلات ہیں۔‏ اِس کے ساحل کے ساتھ ساتھ کئی جزیرے ہیں جن کے گِرد سبز رنگ کا صاف شفاف پانی ہے۔‏ اِن کے علاوہ قدرت کے اَور بہت سے کرشموں نے اِس ملک کی خوب‌صورتی کو چار چاند لگا رکھے ہیں۔‏

اِس ملک میں سینکڑوں قسم کے پرندے اور جانور آباد ہیں۔‏ مثال کے طور پر یہاں ٹوکانہ نامی پرندے کی ایک قسم پائی جاتی ہے۔‏ یہ شوخ رنگوں والا پرندہ ہے جس کی چونچ لمبی اور رنگبرنگی ہوتی ہے۔‏ اِس کے جنگلوں میں گینڈے کے خاندان کا ایک جانور پایا جاتا ہے جس کی ناک لمبی اور ربر کی طرح ہوتی ہے۔‏ یہ نہ صرف بہت تیز بھاگ سکتا ہے بلکہ تیزی سے تیر بھی سکتا ہے۔‏ یہاں چیتے بھی رہتے ہیں۔‏ دراصل بیلیز وہ پہلا ملک ہے جہاں چیتوں کی نسل کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک پارک بنایا گیا تھا۔‏

چیتوں کی نسل کو محفوظ رکھنے کے لیے سب سے پہلا پارک بیلیز میں بنایا گیا۔‏

ایک وقت تھا جب بیلیز کا علاقہ مایا قوم کی سلطنت کا حصہ تھا۔‏ پھر 16ویں صدی میں سپین کے کچھ فوجیوں نے اِس سلطنت پر دھاوا بول دیا مگر وہ اِسے مکمل طور پر شکست نہ دے سکے۔‏ اِس کے بعد برطانیہ نے اِس علاقے پر قبضہ کر لیا اور 1862ء میں اِس کا نام برٹش ہنڈوراس رکھا۔‏ بعد میں اِس علاقے کا نام بیلیز رکھا گیا اور 1981ء میں یہ ایک خودمختار ملک بن گیا۔‏

قدرتی نظاروں کے علاوہ مختلف نسلوں کے لوگ بھی اِس ملک کی خوب‌صورتی کو نکھارتے ہیں۔‏ مثلاً یہاں کریول،‏ گیری‌فانا،‏ مایا اور مس‌ٹیزو قوم کے لوگ آباد ہیں۔‏ کچھ لوگ مشرقی بھارت سے آ کر یہاں بس گئے ہیں۔‏ اِس ملک کے لوگ خوش‌اخلاق اور مہربان ہیں۔‏ جب بچے بڑوں سے بات کرتے ہیں تو اُن کا نام لینے کی بجائے وہ اکثر اُنہیں مس یا مسٹر کہہ کر بلاتے ہیں۔‏ اور جب بڑے اُن سے بات کرتے ہیں تو وہ ادب سے جواب دیتے ہیں۔‏

ایک بازار کا منظر

بیلیز میں یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیائیں مختلف زبانوں میں موجود ہیں جیسے کہ امریکی اِشاروں کی زبان،‏ انگریزی،‏ بیلیز کریول،‏ لوجرمن،‏ مایا زبان،‏ مینڈرین چینی زبان،‏ اور ہسپانوی زبان۔‏ سن 2013ء میں جب یہوواہ کے گواہوں کی ایک سالانہ تقریب منعقد ہوئی تو بیلیز کی کُل آبادی میں سے 5.‏2 فیصد لوگ اِس تقریب پر آئے۔‏

کیا آپ جانتے ہیں؟‏ بیلیز کے سمندری مونگے کی دیوار 290 کلو میٹر (‏180 میل)‏ لمبی ہے۔‏ یہ اُس مونگے کی دیوار کا حصہ ہے جو میکسیکو کے مغربی ساحل سے شروع ہو کر نکاراگوا تک جاتی ہے۔‏ یہ لمبائی کے لحاظ سے دُنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔‏ آسٹریلیا کے سمندری مونگے کی دیوار پہلے نمبر پر ہے۔‏

بیلیز کے سمندری مونگے کی دیوار اُس مونگے کی دیوار کا حصہ ہے جو لمبائی کے لحاظ سے دُنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔‏