مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۲

خدا کی طرف سے ایک خط

خدا کی طرف سے ایک خط

آپ کو کون سی کتاب سب سے زیادہ پسند ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کئی بچوں کو ایسی کتابیں اچھی لگتی ہیں جو جانوروں کے بارے میں ہیں۔‏ اور کئی بچوں کو ایسی کتابیں اچھی لگتی ہیں جن میں بہت سی تصویریں ہیں۔‏ ایسی کتابیں پڑھنے میں بڑا مزہ آتا ہے۔‏

لیکن سب سے اچھی کتابیں وہ ہیں جو خدا کے بارے میں سچائی سکھاتی ہیں۔‏ اِن کتابوں میں سے ایک سب سے اہم ہے۔‏ کیا آپ مجھے بتا سکتے ہیں کہ اُس کتاب کا نام کیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُس کتاب کا نام بائبل ہے۔‏

آپ کے خیال میں بائبل اِتنی اہم کیوں ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ بائبل خدا کی طرف سے ہے۔‏ اِس لئے یہ سب سے اہم کتاب ہے۔‏ بائبل ہمیں خدا کے بارے میں بتاتی ہے۔‏ اِس میں بتایا گیا ہے کہ خدا ہمارے لئے کیا کچھ کرے گا۔‏ بائبل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہم خدا کو کیسے خوش کر سکتے ہیں۔‏ بائبل خدا کی طرف سے ایک خط ہے۔‏

خدا بائبل کو آسمان پر لکھ سکتا تھا۔‏ لیکن اُس نے ایسا نہیں کِیا۔‏ اُس نے بائبل کو کچھ آدمیوں سے لکھوایا۔‏ اِن آدمیوں نے خدا کے خیال لکھے۔‏

لیکن خدا تو آسمان پر ہے۔‏ تو پھر اُس نے انسانوں سے بائبل کیسے لکھوائی؟‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ مَیں آپ کو کچھ مثالیں دیتا ہوں تاکہ آپ اِس بات کو سمجھ سکیں۔‏ ہم ریڈیو پر ایسے لوگوں کی آواز سُن سکتے ہیں جو کسی اَور جگہ پر ہوتے ہیں۔‏ اور ٹی‌وی پر ہم ایسے لوگوں کو دیکھ سکتے ہیں جو کسی اَور ملک میں رہتے ہیں۔‏

انسان راکٹ میں بیٹھ کر چاند پر جاتے ہیں۔‏ وہ وہاں سے زمین پر رہنے والے لوگوں کو پیغام بھیج سکتے ہیں۔‏ کیا آپ کو یہ پتہ تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر انسان چاند سے پیغام بھیج سکتے ہیں تو کیا خدا آسمان سے انسانوں کے لئے پیغام نہیں بھیج سکتا؟‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ ضرور ایسا کر سکتا ہے۔‏ اُس نے آج سے ہزاروں سال پہلے کئی آدمیوں کو پیغام دئے۔‏

ہم کیسے جانتے ہیں کہ خدا آسمان سے ہمیں پیغام بھیج سکتا ہے؟‏

اِن آدمیوں میں سے ایک خدا کے نبی موسیٰ تھے۔‏ وہ خدا کو دیکھ تو نہیں سکتے تھے لیکن وہ خدا کی آواز سُن سکتے تھے۔‏ ایک بار موسیٰ کے ساتھ لاکھوں لوگ ایک پہاڑ کے سامنے کھڑے تھے۔‏ جب خدا بولنے لگا تو پہاڑ ہلنے لگا،‏ بادل گرجنے لگے اور بجلی چمکنے لگی۔‏ اِس سے لوگوں کو پتہ چلا کہ خدا بول رہا ہے۔‏ لوگ بہت ڈر گئے۔‏ اُنہوں نے موسیٰ سے کہا:‏ ”‏خدا ہم سے باتیں نہ کرے،‏ ایسا نہ ہو کہ ہم مر جائیں۔‏“‏ بعد میں موسیٰ نے وہ سب باتیں لکھیں جو خدا نے اُن سے کہی تھیں۔‏ اور یہ باتیں بائبل میں لکھی ہیں۔‏—‏خروج ۲۰:‏۱۸-‏۲۱‏۔‏

بائبل میں بہت سی چھوٹی‌چھوٹی کتابیں ہیں۔‏ موسیٰ نے بائبل کی پہلی پانچ کتابیں لکھی تھیں۔‏ خدا نے بائبل کو ۴۰ آدمیوں سے لکھوایا۔‏ یہ آدمی آج سے بہت سال پہلے زمین پر رہتے تھے۔‏ بائبل کو لکھنے میں تقریباً ۱۶۰۰ سال لگے۔‏ بائبل کو لکھنے والے کچھ آدمی ایک دوسرے کو جانتے بھی نہیں تھے۔‏ لیکن پھر بھی اُن میں سے کسی نے کوئی ایسی بات نہیں لکھی جو بائبل کے دوسرے لکھنے والوں کی بات کے خلاف تھی۔‏

اِن آدمیوں نے بائبل کی کچھ کتابیں لکھیں۔‏ اِن کے نام کیا ہیں؟‏

بائبل کو لکھنے والے کئی آدمی بڑے مشہور تھے۔‏ مثال کے طور پر موسیٰ پہلے تو بھیڑیں پالتے تھے لیکن بعد میں وہ اسرائیلی قوم کے رہنما بنے۔‏ سلیمان ایک بہت بڑے بادشاہ تھے۔‏ وہ اپنے زمانے کے سب سے عقل‌مند اور امیر آدمی تھے۔‏ لیکن بائبل کو لکھنے والے کچھ آدمی اِتنے مشہور نہیں تھے۔‏ مثال کے طور پر خدا کے نبی عاموس ایک مالی تھے۔‏

بائبل کو لکھنے والوں میں سے ایک آدمی ڈاکٹر تھے۔‏ کیا آپ اُن کا نام جانتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُن کا نام لوقا تھا۔‏ ایک اَور آدمی محصول لینے والے تھے۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ وہ لوگوں سے ٹیکس لیتے تھے۔‏ اُن کا نام متی تھا۔‏ بائبل کو لکھنے والے ایک آدمی وکیل تھے۔‏ وہ یہودی قوم کے مذہبی قانون کو اچھی طرح سے جانتے تھے۔‏ اُنہوں نے بائبل میں سب سے زیادہ کتابیں لکھیں۔‏ کیا آپ کو اُن کا نام پتہ ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُن کا نام پولس تھا۔‏ یسوع مسیح کے شاگردوں پطرس اور یوحنا نے بھی بائبل کی کچھ کتابیں لکھیں۔‏ وہ دونوں مچھلیاں پکڑتے تھے اور اِن کو بیچتے تھے۔‏

بائبل کو لکھنے والے بہت سے آدمیوں نے ایسی باتیں لکھیں جو آنے والے زمانے میں ہونی تھیں۔‏ آپ کے خیال میں اِن آدمیوں کو کیسے پتہ تھا کہ آئندہ کیا ہونے والا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُن کو خدا نے بتایا تھا۔‏

جب عظیم اُستاد یسوع مسیح زمین پر آئے تو بائبل کی بہت سی کتابیں لکھی جا چکی تھیں۔‏ آپ کے خیال میں کیا یسوع مسیح مانتے تھے کہ بائبل خدا کی طرف سے ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح کو اِس بات پر پورا یقین تھا۔‏ آپ کو یاد ہوگا کہ یسوع مسیح زمین پر آنے سے پہلے آسمان پر رہتے تھے۔‏ اِس لئے وہ خدا کے کاموں کے بارے میں جانتے تھے۔‏

جب یسوع مسیح لوگوں کو خدا کے کاموں کے بارے میں بتاتے تھے تو وہ بائبل سے پڑھ کر سناتے تھے۔‏ اُنہیں بائبل کی بہت سی آیتیں زبانی یاد تھیں اور وہ لوگوں سے بات کرتے وقت اِن آیتوں کا ذکر کرتے تھے۔‏ یسوع مسیح نے لوگوں کو بہت سی نئی باتیں بھی سکھائیں۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جو باتیں مَیں نے خدا سے سنیں،‏ وہی مَیں دُنیا سے کہتا ہوں۔‏“‏ (‏یوحنا ۸:‏۲۶‏)‏ یسوع مسیح نے خدا سے بہت سی باتیں سنی تھیں کیونکہ وہ خدا کے ساتھ آسمان پر رہ چکے تھے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ ہم یسوع مسیح کی باتیں کہاں پڑھ سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم یہ باتیں بائبل میں پڑھ سکتے ہیں۔‏ خدا نے اِن باتوں کو آدمیوں سے لکھوایا تاکہ ہم اِن باتوں کو پڑھ سکیں۔‏

جن آدمیوں نے بائبل کو لکھا،‏ اُنہوں نے بائبل کو اپنی‌اپنی زبان میں لکھا۔‏ بائبل کی زیادہ‌تر کتابیں عبرانی زبان میں لکھی گئی تھیں،‏ کچھ کتابیں ارامی زبان میں لکھی گئی تھیں اور کئی کتابیں یونانی زبان میں لکھی گئی تھیں۔‏ لیکن آج بہت کم لوگ اِن زبانوں کو پڑھ سکتے ہیں۔‏ اِس لئے بائبل کا ترجمہ دوسری زبانوں میں کِیا گیا ہے۔‏ بائبل کا ترجمہ ۲۴۰۰ سے زیادہ زبانوں میں ہو چُکا ہے۔‏ یہ تو بہت سی زبانیں ہیں،‏ ہے نا؟‏ خدا چاہتا ہے کہ دُنیا کے سب لوگ بائبل کو اپنی‌اپنی زبان میں پڑھ سکیں۔‏ چاہے آپ کسی بھی زبان میں بائبل کو پڑھیں،‏ اِس کا پیغام وہی ہوگا جو خدا نے دیا تھا۔‏

بائبل میں جو کچھ لکھا ہے،‏ وہ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔‏ بائبل بہت سال پہلے لکھی گئی تھی لیکن اِس میں ایسی باتیں بھی لکھی ہیں جو آج پوری ہو رہی ہیں۔‏ بائبل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خدا آئندہ کیا کرے گا۔‏ اِن باتوں کو پڑھ کر ہمیں پتہ چلتا ہے کہ آنے والا وقت ہمارے لئے بہت اچھا ہوگا۔‏

آپ بائبل سے کون سی باتیں سیکھ سکتے ہیں؟‏

بائبل میں لکھا ہے کہ خدا اچھے کاموں سے خوش ہوتا ہے اور بُرے کاموں سے ناراض ہوتا ہے۔‏ اِس میں یہ بھی لکھا ہے کہ کون سے کام اچھے ہیں اور کون سے کام بُرے ہیں۔‏ ہم سب کو اِن باتوں کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔‏ بائبل میں ایسے لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جنہوں نے بُرے کام کئے۔‏ اور اِس وجہ سے اِن لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‏ اِن لوگوں کے بارے میں پڑھ کر ہم سیکھتے ہیں کہ ہمیں بُرے کاموں سے بچنا چاہئے۔‏ بائبل میں ایسے لوگوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے جنہوں نے اچھے کام کئے۔‏ اور اِس وجہ سے اُن کو برکتیں ملیں۔‏ یہ سب باتیں ہمارے فائدے کے لئے لکھی گئی ہیں۔‏

بائبل سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہمیں اِس سوال کا جواب جاننا چاہئے کہ کس نے ہمیں بائبل دی ہے؟‏ کیا آپ اِس سوال کا جواب جانتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ خدا نے ہمیں بائبل دی ہے۔‏ تو پھر آپ کے خیال میں ہم بائبل سے کیسے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہمیں خدا کی باتوں پر عمل کرنا چاہئے۔‏ اِس طرح ہم سمجھ‌دار بنیں گے۔‏

اِس لئے ہمیں مل کر بائبل پڑھنے کے لئے وقت نکالنا چاہئے۔‏ جب ہمیں اپنے کسی اچھے دوست کا خط ملتا ہے تو ہم اِسے باربار پڑھتے ہیں،‏ ہے نا؟‏ یہ خط ہمیں بہت ہی پیارا ہوتا ہے۔‏ بائبل خدا کی طرف سے ایک خط ہے۔‏ خدا ہمیں سب سے زیادہ پیار کرتا ہے۔‏ اِس لئے بائبل ہمیں بہت ہی پیاری ہونی چاہئے اور ہمیں اِسے باربار پڑھنا چاہئے۔‏

جیسا کہ ہم نے دیکھا ہے،‏ بائبل خدا کی طرف سے ہے اور خدا نے ہمارے فائدے کے لئے بائبل لکھوائی تھی۔‏ اِس کے بارے میں اَور جاننے کے لئے اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ رومیوں ۱۵:‏۴؛‏ ۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶،‏ ۱۷‏؛‏ اور ۲-‏پطرس ۱:‏۲۰،‏ ۲۱‏۔‏