مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۳

خدا نے سب چیزیں بنائی ہیں

خدا نے سب چیزیں بنائی ہیں

جان‌داروں کو کس نے بنایا ہے؟‏

ذرا اپنے ہاتھوں کو دیکھیں۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ اپنے ہاتھوں سے کیا کچھ کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ذرا مٹھی بنائیں۔‏ اُنگلیاں سیدھی کریں۔‏ اب کچھ اُٹھائیں۔‏ دیکھا،‏ ہم اپنے ہاتھوں سے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ ہمارے ہاتھ کس نے بنائے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ہمارے ہاتھ خدا نے بنائے ہیں۔‏ خدا نے ہمارا مُنہ،‏ ناک اور آنکھیں بھی بنائی ہیں۔‏ کیا آپ خوش ہیں کہ خدا نے آپ کو آنکھیں دی ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم اپنی آنکھوں سے بہت کچھ دیکھ سکتے ہیں۔‏ ہم پھول دیکھ سکتے ہیں،‏ ہری‌ہری گھاس دیکھ سکتے ہیں اور نیلانیلا آسمان دیکھ سکتے ہیں۔‏ ہم چھوٹی‌چھوٹی چڑیوں کو بھی دیکھ سکتے ہیں،‏ جیسے اِس تصویر میں دکھایا گیا ہے۔‏ مَیں اِن چیزوں کو دیکھ کر خوش ہوتا ہوں۔‏ کیا آپ بھی خوش ہوتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

اِن سب چیزوں کو کس نے بنایا ہے؟‏ کیا کسی آدمی نے اِن کو بنایا ہے؟‏ نہیں۔‏ آدمی گھر بنا سکتے ہیں۔‏ لیکن آدمی کوئی جان‌دار چیز نہیں بنا سکتے ہیں۔‏ اِس لئے وہ گھاس،‏ پھول اور چڑیا نہیں بنا سکتے ہیں۔‏ کیا آپ کو یہ پتہ تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

خدا ہی نے سب جان‌دار چیزیں بنائی ہیں۔‏ خدا نے آسمان اور زمین کو بنایا ہے۔‏ اُس نے انسانوں کو بھی بنایا ہے۔‏ عظیم اُستاد یسوع مسیح نے لوگوں کو بتایا تھا کہ خدا نے پہلے آدمی اور پہلی عورت کو بنایا۔‏—‏متی ۱۹:‏۴-‏۶‏۔‏

یسوع مسیح کیسے جانتے تھے کہ خدا نے پہلے آدمی اور پہلی عورت کو بنایا تھا؟‏ جب خدا اُن کو بنا رہا تھا تو کیا یسوع مسیح دیکھ رہے تھے؟‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ خدا نے سب سے پہلے یسوع مسیح کو بنایا تھا۔‏ یسوع مسیح ایک فرشتے تھے اور آسمان پر رہتے تھے۔‏ اِس لئے جب خدا نے پہلے آدمی اور پہلی عورت کو بنایا تو یسوع مسیح دیکھ رہے تھے۔‏

بائبل میں لکھا ہے کہ خدا نے کہا:‏ ”‏آؤ،‏ ہم انسان کو بنائیں۔‏“‏ (‏پیدایش ۱:‏۲۶‏)‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ خدا کس سے بات کر رہا تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ اپنے بیٹے سے بات کر رہا تھا۔‏ یہی بیٹا بعد میں زمین پر آیا اور اُسے یسوع کا نام دیا گیا۔‏

اِس کا مطلب ہے کہ جب خدا نے زمین اور باقی سب چیزیں بنائیں تو یسوع مسیح اُس کے ساتھ تھے۔‏ اُنہوں نے خدا سے بہت کچھ سیکھا تھا۔‏ اِس لئے ہم یسوع مسیح سے ایسی باتیں سیکھ سکتے ہیں جو اُنہوں نے خدا سے سیکھی تھیں۔‏ ذرا سوچیں کہ یہ کتنی زبردست بات ہے!‏

اپنے بیٹے کو بنانے سے پہلے خدا اکیلا تھا۔‏ کیا وہ اُداس تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ اُداس نہیں تھا۔‏ تو پھر خدا نے جان‌داروں کو کیوں بنایا؟‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اِس لئے کہ اُس کی محبت بےمثال ہے۔‏ وہ چاہتا تھا کہ دوسرے جان‌دار بھی زندگی کا مزہ لیں۔‏ ہمیں خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ اُس نے ہمیں زندگی دی ہے۔‏

خدا کی محبت اُس کے ہر کام سے ظاہر ہوتی ہے۔‏ خدا نے سورج بنایا ہے۔‏ سورج سے ہمیں روشنی اور گرمائش ملتی ہے۔‏ اگر سورج نہ ہوتا تو زمین پر بہت سردی ہوتی اور کوئی چیز زندہ نہ رہتی۔‏ کیا آپ خوش ہیں کہ خدا نے سورج بنایا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

خدا بارش بھی برساتا ہے۔‏ کبھی‌کبھی جب بارش ہوتی ہے تو آپ باہر جا کر کھیل نہیں سکتے۔‏ اِس لئے شاید آپ کو بارش اچھی نہ لگے۔‏ لیکن بارش کی وجہ سے پھولوں کو پانی ملتا ہے اور وہ کھلتے ہیں۔‏ تو پھر جب ہم رنگ‌برنگے پھول دیکھتے ہیں تو ہمیں کس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہمیں خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔‏ اور جب آپ مزےمزے کے پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں تو آپ کو کس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ کو خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔‏ وہ ہی سورج چمکاتا ہے اور بارش برساتا ہے تاکہ ہمیں پھول،‏ پھل اور سبزیاں ملیں۔‏

شاید آپ کا دوست آپ سے پوچھے:‏ ”‏کیا خدا نے انسان اور جانور بنائے ہیں؟‏“‏ آپ اُسے کیا جواب دیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ یہ جواب دے سکتے ہیں:‏ ”‏ہاں،‏ خدا نے انسان اور جانور بنائے ہیں۔‏“‏ لیکن شاید آپ کا دوست کہے:‏ ”‏مَیں نہیں مانتا کہ خدا نے انسانوں کو بنایا ہے۔‏ میرے خیال میں تو کچھ جانور لاکھوں سال کے دوران آہستہ‌آہستہ انسان بن گئے۔‏“‏ لیکن بائبل میں یہ نہیں سکھایا گیا ہے۔‏ بائبل میں لکھا ہے کہ خدا ہی نے سب جان‌داروں کو بنایا تھا۔‏—‏پیدایش ۱:‏۲۶-‏۳۱‏۔‏

اِس گھر کو کسی آدمی نے بنایا ہے۔‏ تو پھر پھولوں،‏ درختوں اور جانوروں کو کس نے بنایا ہے؟‏

لیکن شاید آپ کا دوست کہے:‏ ”‏مَیں خدا کو نہیں مانتا۔‏“‏ پھر آپ اُس سے کیا کہیں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ اُس سے پوچھ سکتے ہیں:‏ ”‏تمہارا گھر کس نے بنایا ہے؟‏“‏ سب لوگ جانتے ہیں کہ گھر خودبہ‌خود نہیں بنتے۔‏ آدمی گھر بناتے ہیں۔‏—‏عبرانیوں ۳:‏۴‏۔‏

پھر اپنے دوست کو باغ میں لے جائیں اور اُسے پھول دکھائیں۔‏ اُس سے پوچھیں:‏ ”‏اِس پھول کو کس نے بنایا ہے؟‏“‏ ظاہر ہے کہ اِس پھول کو کسی آدمی نے نہیں بنایا ہے۔‏ جس طرح گھر خودبہ‌خود نہیں بنتا اِسی طرح پھول بھی خودبہ‌خود نہیں بنتے۔‏ پھولوں کو خدا نے بنایا ہے۔‏

پھر اپنے دوست سے کہیں:‏ ”‏ذرا چڑیا کے چہچہانے کی آواز سنو۔‏ اِن کو چہچہانا کس نے سکھایا؟‏“‏ ہم جانتے ہیں کہ خدا نے اِن کو چہچہانا سکھایا ہے۔‏ خدا ہی نے زمین اور آسمان اور سب جان‌داروں کو بنایا ہے۔‏ وہ ہی ہر شے کو زندگی دیتا ہے۔‏

لیکن شاید آپ کا دوست کہے:‏ ”‏مَیں خدا کو نہیں مانتا کیونکہ مَیں اُس کو دیکھ نہیں سکتا۔‏ مَیں تو صرف اُس چیز پر ایمان رکھتا ہوں جسے مَیں دیکھ سکتا ہوں۔‏“‏

یہ سچ ہے کہ ہم خدا کو نہیں دیکھ سکتے۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏انسان خدا کو نہیں دیکھ سکتے۔‏“‏ کوئی بھی آدمی،‏ عورت یا بچہ خدا کو نہیں دیکھ سکتا ہے۔‏ اِس لئے کسی کو خدا کی تصویر یا مورت نہیں بنانی چاہئے۔‏ خدا خود کہتا ہے کہ ہمیں اُس کی تصویر نہیں بنانی چاہئے۔‏ اگر ہم ایسی تصویریں اور مورتیں اپنے گھر میں رکھیں گے تو خدا بڑا ناراض ہوگا۔‏—‏خروج ۲۰:‏۴،‏ ۵؛‏ ۳۳:‏۲۰؛‏ یوحنا ۱:‏۱۸‏۔‏

لیکن اگر آپ خدا کو دیکھ نہیں سکتے تو آپ کو کیسے پتہ ہے کہ وہ موجود ہے؟‏ ذرا سوچیں،‏ کیا آپ ہوا کو دیکھ سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کوئی بھی ہوا کو نہیں دیکھ سکتا۔‏ لیکن پھر بھی ہم جانتے ہیں کہ ہمارے اِردگِرد ہوا ہے۔‏ جب ہوا چلتی ہے تو درختوں کے پتے ہلتے ہیں۔‏ یہ دیکھ کر آپ جان جاتے ہیں کہ ہوا موجود ہے۔‏

ہم ہوا کو نہیں دیکھ سکتے ہیں۔‏ تو پھر ہم کیسے جانتے ہیں کہ ہوا موجود ہے؟‏

جیسے ہم ہوا کو نہیں دیکھ سکتے ایسے ہی ہم خدا کو بھی نہیں دیکھ سکتے۔‏ لیکن ہم خدا کی بنائی ہوئی چیزوں کو دیکھ سکتے ہیں۔‏ ہم پھولوں اور چڑیوں کو دیکھ سکتے ہیں۔‏ اِس لئے ہم جانتے ہیں کہ خدا موجود ہے۔‏

شاید آپ کا دوست آپ سے پوچھے:‏ ”‏زمین اور سورج کو کس نے بنایا ہے؟‏“‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا نے زمین اور آسمان کو پیدا کِیا۔‏“‏ (‏پیدایش ۱:‏۱‏)‏ خدا ہی نے اِن سب چیزوں کو بنایا ہے۔‏ خدا کی بنائی ہوئی چیزیں آپ کو کیسی لگتی ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یہ بہت اچھی بات ہے کہ خدا نے ہمیں زندگی دی ہے،‏ ہے نا؟‏ ہم چڑیوں کے چہچہانے کی آواز سُن سکتے ہیں۔‏ ہم رنگ‌برنگے پھول دیکھ سکتے ہیں۔‏ ہم مزےمزے کے کھانے کھا سکتے ہیں۔‏ یہ سب چیزیں خدا نے ہمیں دی ہیں۔‏

ہمیں اِن سب چیزوں کے لئے خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔‏ سب سے بڑھ کر ہمیں اِس بات کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ خدا نے ہمیں زندگی دی ہے۔‏ آپ کیسے دکھا سکتے ہیں کہ آپ خدا کے شکرگزار ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ خدا کی بات ماننے سے دکھا سکتے ہیں کہ آپ اُس کے شکرگزار ہیں۔‏ خدا کی باتیں بائبل میں لکھی ہیں۔‏ اِس لئے ہمیں وہ کام کرنے چاہئیں جو بائبل میں بتائے گئے ہیں۔‏ یوں ہم ظاہر کریں گے کہ ہم خدا سے محبت رکھتے ہیں۔‏

آپ مختلف طریقوں سے دکھا سکتے ہیں کہ آپ خدا کے شکرگزار ہیں۔‏ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ زبور ۱۳۹:‏۱۴ (‏زبور ۱۳۸:‏۱۴،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏؛‏ یوحنا ۴:‏۲۳،‏ ۲۴؛‏ ۱-‏یوحنا ۵:‏۲۱‏؛‏ اور مکاشفہ ۴:‏۱۱‏۔‏