مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۴

خدا کا نام کیا ہے؟‏

خدا کا نام کیا ہے؟‏

جب دو لوگ پہلی بار ملتے ہیں تو سب سے پہلے وہ ایک دوسرے سے کیا پوچھتے ہیں؟‏ کیا آپ کو پتہ ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ وہ ایک دوسرے کا نام پوچھتے ہیں۔‏ ہم سب کا ایک نام ہے۔‏ خدا نے پہلے انسان کا نام آدم رکھا۔‏ آدم کی بیوی کا نام حوا تھا۔‏

جانوروں کے بھی نام رکھے جاتے ہیں۔‏ اگر کوئی آپ کو کتا یا بلی یا چوزہ دے تو آپ اُس کا نام رکھیں گے،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ انسان ہر چیز کو نام دیتے ہیں۔‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ نام اہم ہوتے ہیں۔‏

رات کے وقت آسمان پر بہت سے ستارے ہوتے ہیں۔‏ کیا اُن کے بھی نام ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ خدا نے ہر ستارے کو ایک نام دیا ہے۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏خدا ستاروں کو گنتا ہے اور اُن سب کے نام رکھتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۴۷:‏۴‏۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ ہر ستارے کا ایک نام ہے؟‏

کیا آپ مجھے بتا سکتے ہیں کہ پوری کائنات کا مالک کون ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ خدا کائنات کا مالک ہے۔‏ کیا خدا کا ایک نام ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ خدا کا ایک نام ہے۔‏ ایک بار یسوع مسیح نے خدا سے یوں دُعا کی:‏ ”‏مَیں نے اپنے شاگردوں کو تیرا نام بتایا۔‏“‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۲۶‏)‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ خدا کا کیا نام ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ خدا ہمیں اپنا نام بتاتا ہے۔‏ وہ کہتا ہے:‏ ”‏یہوواہ مَیں ہوں۔‏ یہی میرا نام ہے۔‏“‏ اِس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏—‏یسعیاہ ۴۲:‏۸‏۔‏

کیا آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کا نام یاد رکھیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ جب لوگ آپ کا نام لے کر آپ سے بات کرتے ہیں تو آپ خوش ہوتے ہیں،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یہوواہ خدا بھی چاہتا ہے کہ لوگ اُس کا نام استعمال کریں۔‏ اِس لئے جب ہم خدا کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہمیں اُس کا نام استعمال کرنا چاہئے۔‏ جب عظیم اُستاد یسوع مسیح لوگوں سے بات کرتے تھے تو وہ اکثر خدا کا نام استعمال کرتے تھے۔‏ ایک بار یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏تمہیں یہوواہ اپنے خدا سے اپنے پورے دل سے محبت رکھنی چاہئے۔‏“‏—‏مرقس ۱۲:‏۳۰‏؛‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن۔‏

یسوع مسیح جانتے تھے کہ خدا کا نام بہت اہم ہے۔‏ اِس لئے اُنہوں نے اپنے شاگردوں کو سکھایا کہ اُنہیں بھی خدا کا نام لینا چاہئے۔‏ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ وہ دُعا میں باربار خدا کا نام استعمال کریں۔‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ سب انسان اُس کا نام جانیں۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے لوگوں کو خدا کا نام بتایا۔‏

بہت عرصہ پہلے خدا نے اپنے نبی موسیٰ کو اپنے نام کی اہمیت بتائی۔‏ موسیٰ اسرائیل کی قوم سے تھے۔‏ اسرائیل کی قوم کو بنی‌اسرائیل بھی کہا جاتا ہے۔‏ اُس وقت بنی‌اسرائیل مصر کے ملک میں رہتے تھے۔‏ مصر کے بادشاہ کو فرعون کہا جاتا تھا۔‏ بنی‌اسرائیل مصریوں کے غلام تھے۔‏ مصر کے لوگ اُن سے بہت بُرا سلوک کرتے تھے۔‏ ایک دن موسیٰ نے ایک اسرائیلی آدمی کی مدد کی۔‏ اِس پر فرعون کو بہت غصہ آیا۔‏ وہ موسیٰ کو مار ڈالنا چاہتا تھا۔‏ اِس لئے موسیٰ مصر سے بھاگ گئے۔‏

اِس کے بعد موسیٰ ملک مِدیان میں رہنے لگے۔‏ وہاں اُنہوں نے شادی کی اور اُن کے بچے ہوئے۔‏ موسیٰ چرواہے تھے اور بھیڑبکریاں پالتے تھے۔‏ ایک دن موسیٰ ایک پہاڑ کے نزدیک بھیڑبکریاں چرا رہے تھے۔‏ وہاں پر اُنہوں نے ایک عجیب بات دیکھی۔‏ ایک جھاڑی میں آگ لگی تھی۔‏ لیکن یہ جھاڑی جل کر راکھ نہیں ہو رہی تھی۔‏ یہ دیکھ کر موسیٰ بہت حیران ہوئے۔‏ وہ اِس جھاڑی کو قریب سے دیکھنے گئے۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ پھر کیا ہوا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ جلتی ہوئی جھاڑی میں سے یہ آواز آئی:‏ ”‏اَے موسیٰ!‏ اَے موسیٰ!‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ کس کی آواز تھی؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یہ خدا کی آواز تھی۔‏ پھر خدا نے موسیٰ سے کہا:‏ ”‏مَیں تجھے فرعون کے پاس بھیجتا ہوں کہ تُو میری قوم بنی‌اسرائیل کو مصر سے نکال لائے۔‏“‏ خدا نے وعدہ کِیا کہ وہ موسیٰ کی مدد کرے گا۔‏

جب موسیٰ جلتی ہوئی جھاڑی کے پاس گئے تو خدا نے اُن کو کون سی اہم بات بتائی؟‏

لیکن موسیٰ نے خدا سے کہا:‏ ”‏جب مَیں بنی‌اِسرائیل سے کہوں گا کہ خدا نے مجھے بھیجا ہے تو وہ مجھ سے پوچھیں گے کہ اُس کا نام کیا ہے؟‏ پھر مَیں اُن سے کیا کہوں گا؟‏“‏ خدا نے موسیٰ سے کہا:‏ ”‏تُو بنی‌اِسرائیل سے یہ کہنا کہ یہوواہ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا ہے اور اُس نے کہا ہے کہ میرا نام ہمیشہ تک یہوواہ رہے گا۔‏“‏ (‏خروج ۳:‏۱-‏۱۵‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کا نام ہمیشہ تک یہوواہ رہے گا۔‏ وہ کبھی اپنا نام نہیں بدلے گا۔‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ لوگ ہمیشہ تک اُس کو اِسی نام سے پکاریں۔‏

خدا نے بنی‌اسرائیل کی مدد کیسے کی؟‏

یہوواہ خدا کے کہنے پر موسیٰ مصر گئے۔‏ مصری لوگوں کا خیال تھا کہ یہوواہ ایک چھوٹا خدا ہے اور صرف بنی‌اسرائیل اُس کی عبادت کرتے ہیں۔‏ وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ یہوواہ زمین اور آسمان کا خدا ہے۔‏ اِس لئے یہوواہ خدا نے مصر کے بادشاہ سے کہا:‏ ”‏مَیں ایسے کام کروں گا جن سے میرا نام ساری دُنیا میں مشہور ہو جائے گا۔‏“‏ (‏خروج ۹:‏۱۶‏)‏ یہوواہ خدا نے ایک ایسا کام کِیا جس سے اُس کا نام مشہور ہوا۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کون سا کام تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

مَیں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ کون سا کام تھا۔‏ خدا نے موسیٰ کی مدد کی تاکہ وہ بنی‌اسرائیل کو مصر سے نکال لائیں۔‏ جب بنی‌اسرائیل مصر سے نکل رہے تھے تو وہ ایک سمندر کے کنارے پہنچے۔‏ اِس سمندر کا نام بحرِقلزم تھا۔‏ یہوواہ خدا نے سمندر کے پانی کے دو حصے کر دئے۔‏ یوں سمندر میں ایک خشک راستہ بن گیا۔‏ بنی‌اسرائیل اِس راستے سے سمندر کے پار چلے گئے۔‏ لیکن فرعون اور اُس کی فوج نے بنی‌اسرائیل کا پیچھا کِیا۔‏ جب فرعون اور اُس کی فوج سمندر کے بیچ میں پہنچی تو پانی پلٹ آیا۔‏ اور وہ سب ڈوب کر مر گئے۔‏

جلد ہی سب قوموں کو اِس بات کی خبر ہو گئی۔‏ ہم کیسے جانتے ہیں کہ سب قوموں کو اِس بات کی خبر ہو گئی تھی؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ مَیں آپ کو بتاتا ہوں۔‏ بنی‌اسرائیل کو مصر سے نکلے ۴۰ سال گزر چکے تھے۔‏ اب وہ ملک کنعان کے نزدیک پہنچ گئے تھے۔‏ خدا نے وعدہ کِیا تھا کہ وہ بنی‌اسرائیل کو ملک کنعان دے گا۔‏ دو اسرائیلی آدمی اِس ملک میں گئے۔‏ وہاں اُن کو ایک عورت ملی جس کا نام راحب تھا۔‏ راحب نے اُن آدمیوں سے کہا:‏ ”‏ہم نے سنا ہے کہ جب تُم مصر سے نکلے تو یہوواہ نے تمہارے آگے بحرِقلزم کے پانی کو سُکھا دیا۔‏“‏—‏یشوع ۲:‏۱۰‏۔‏

آج بھی بہت سے لوگ مصر کے لوگوں کی طرح ہیں۔‏ وہ یہ نہیں مانتے کہ یہوواہ زمین اور آسمان کا خدا ہے۔‏ اِس لئے یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسرے لوگوں کو اُس کے بارے میں بتائیں۔‏ یسوع مسیح نے لوگوں کو یہوواہ خدا کے بارے میں بتایا۔‏ یسوع مسیح نے یہ دُعا کی:‏ ”‏مَیں نے اُن کو تیرے نام کے بارے میں بتایا۔‏“‏—‏یوحنا ۱۷:‏۲۶‏۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو خدا کا نام بتایا۔‏ کیا آپ بائبل کھول کر دوسروں کو خدا کا نام دکھا سکتے ہیں؟‏

کیا آپ یسوع مسیح کی طرح بننا چاہتے ہیں؟‏ تو پھر دوسرے لوگوں کو بتائیں کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ کئی لوگوں کو یہ پتہ نہیں ہے کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ اِس لئے آپ اُن کو بائبل میں خدا کا نام دکھا سکتے ہیں۔‏ خدا کا نام زبور ۸۳:‏۱۸ میں لکھا ہے۔‏ آئیں،‏ ہم مل کر بائبل کھولتے ہیں اور اِس آیت کو پڑھتے ہیں۔‏ اِس میں لکھا ہے:‏ ”‏تاکہ وہ جان لیں کہ تُو ہی جس کا نام یہوواہ ہے تمام زمین پر بلندوبالا ہے۔‏“‏

ہم اِس آیت سے کیا سیکھتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم یہ سیکھتے ہیں کہ خدا کا نام سب ناموں سے زیادہ اہم ہے۔‏ یہوواہ پوری کائنات کا خدا ہے۔‏ اُس نے سب چیزیں بنائی ہیں۔‏ وہ یسوع مسیح کا باپ ہے۔‏ یاد ہے،‏ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ہمیں یہوواہ خدا سے اپنے پورے دل سے محبت کرنی چاہئے۔‏ کیا آپ یہوواہ خدا سے محبت کرتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ہم کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ ہم یہوواہ خدا سے محبت کرتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ پہلے تو ہمیں اُس کے بارے میں بہت سی باتیں سیکھنی چاہئیں۔‏ یوں ہم اُس کے دوست بن جائیں گے۔‏ ہمیں دوسرے لوگوں کو بھی خدا کا نام بتانا چاہئے۔‏ ہم اُن کو یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ خدا نے کتنی اچھی‌اچھی چیزیں بنائی ہیں اور اُس نے کون سے بڑےبڑے کام کئے ہیں۔‏ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو یہوواہ خدا بہت خوش ہوتا ہے۔‏ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسرے لوگوں کو اُس کے بارے میں بتائیں۔‏ کیا آپ بھی ایسا کریں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

جب ہم لوگوں کو خدا کے بارے میں بتاتے ہیں تو بہت سے لوگ ہماری بات نہیں سنتے ہیں۔‏ اِسی طرح جب یسوع مسیح لوگوں کو خدا کے بارے میں بتاتے تھے تو بہت سے لوگ اُن کی بات نہیں سنتے تھے۔‏ لیکن پھر بھی یسوع مسیح لوگوں کو خدا کے بارے میں بتاتے رہے۔‏ وہ چپ نہیں رہے۔‏

یسوع مسیح کی طرح ہمیں بھی لوگوں کو خدا کے بارے میں بتانا چاہئے۔‏ ہمیں چپ نہیں رہنا چاہئے۔‏ اِس طرح یہوواہ خدا کو پتہ چلے گا کہ ہم اُس سے محبت کرتے ہیں اور وہ بہت خوش ہوگا۔‏

بائبل میں باربار بتایا گیا ہے کہ خدا کا نام بہت اہم ہے۔‏ آئیں،‏ اِس سلسلے میں بائبل کی اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ یسعیاہ ۱۲:‏۲،‏ ۴،‏ ۵؛‏ یسعیاہ ۴۳:‏۱۱؛‏ متی ۶:‏۹؛‏ یوحنا ۱۷:‏۶‏؛‏ اور رومیوں ۱۰:‏۱۳‏۔‏