مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۶

عظیم اُستاد نے لوگوں کی خدمت کی

عظیم اُستاد نے لوگوں کی خدمت کی

جب کوئی آپ کے لئے ایک کام کرتا ہے تو کیا آپ کو اچھا لگتا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم سب کو بہت اچھا لگتا ہے جب کوئی ہمارے لئے کچھ کرتا ہے۔‏ عظیم اُستاد یسوع مسیح دوسروں کی خدمت کرتے تھے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں اِس لئے نہیں آیا کہ لوگ میری خدمت کریں بلکہ اِس لئے آیا ہوں کہ مَیں لوگوں کی خدمت کروں۔‏“‏—‏متی ۲۰:‏۲۸‏۔‏

یسوع مسیح کے شاگرد کس بات پر بحث کر رہے تھے؟‏

اگر ہم یسوع مسیح کی طرح بننا چاہتے ہیں تو ہمیں کیا کرنا چاہئے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہمیں دوسروں کی خدمت کرنی چاہئے اور اُن کی مدد کرنی چاہئے۔‏ لیکن بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ دوسروں سے بہتر ہیں۔‏ اِس لئے وہ دوسروں کی خدمت اور مدد نہیں کرنا چاہتے۔‏ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ اُن کی خدمت کریں۔‏ یسوع مسیح کے شاگرد بھی یہ سمجھتے تھے کہ وہ ایک دوسرے سے بہتر ہیں۔‏ اِس لئے وہ دوسرے شاگردوں کی خدمت نہیں کرنا چاہتے تھے۔‏

ایک دن یسوع مسیح اپنے شاگردوں کے ساتھ ایک شہر جا رہے تھے جس کا نام کفرنحوم تھا۔‏ یہ شہر گلیل کی جھیل کے کنارے تھا۔‏ جب یسوع مسیح اور اُن کے شاگرد اِس شہر میں پہنچے تو وہ ایک گھر میں گئے۔‏ پھر یسوع مسیح نے اُن سے پوچھا:‏ ”‏راستے میں تُم لوگ کس بات پر بحث کر رہے تھے؟‏“‏ شاگردوں نے یسوع مسیح کو جواب نہیں دیا کیونکہ وہ اِس بات پر بحث کر رہے تھے کہ اُن میں سب سے بہتر کون ہے؟‏—‏مرقس ۹:‏۳۳،‏ ۳۴‏۔‏

شاگردوں کو یہ نہیں سوچنا چاہئے تھا کہ وہ ایک دوسرے سے بہتر ہیں۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے اُن کو ایک اہم بات سکھائی۔‏ یاد ہے کہ پہلے باب میں ہم نے پڑھا تھا کہ یسوع مسیح نے ایک بچے کو اپنے شاگردوں کے سامنے کھڑا کِیا تھا۔‏ یسوع مسیح نے شاگردوں سے کہا تھا کہ اُن کو اِس بچے کی طرح بننا چاہئے۔‏ چھوٹے بچے خود کو دوسروں سے بہتر نہیں سمجھتے اور وہ خود کو دوسروں سے زیادہ اہم خیال نہیں کرتے۔‏ لیکن یسوع مسیح کے شاگردوں نے اِس بات کو یاد نہیں رکھا۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے اپنی موت سے پہلے اپنے شاگردوں کو پھر سے یہ سمجھایا کہ اُنہیں خود کو دوسروں سے بہتر نہیں سمجھنا چاہئے۔‏ یہ بات سمجھانے کے لئے یسوع مسیح نے ایک ایسا کام کِیا جو اُن کے شاگرد کبھی نہیں بھولے۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یسوع مسیح نے کیا کِیا تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع مسیح اور اُن کے شاگرد کھانا کھا رہے تھے۔‏ یسوع مسیح دسترخوان سے اُٹھے۔‏ اُنہوں نے ایک تولیہ لیا اور اپنی کمر پر باندھ لیا۔‏ پھر اُنہوں نے ایک برتن لیا اور اُس میں پانی ڈالا۔‏ شاید یسوع مسیح کے شاگرد یہ سوچ رہے تھے کہ ”‏یسوع مسیح ایسا کیوں کر رہے ہیں؟‏“‏ یسوع مسیح باری‌باری اپنے شاگردوں کے پاس گئے اور اُن کے پاؤں دھو کر تولیے سے صاف کئے۔‏ ذرا سوچیں:‏ اگر یسوع مسیح آپ کے پاؤں دھوتے تو آپ کو کیسا لگتا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو کون سی اہم بات سکھائی؟‏

شاگرد سوچ رہے تھے:‏ ”‏یسوع مسیح تو عظیم اُستاد ہیں۔‏ اُنہیں ہمارے پاؤں نہیں دھونے چاہئیں۔‏“‏ شاگردوں کو اِس بات پر شرمندگی ہو رہی تھی کہ یسوع مسیح اُن کے پاؤں دھو رہے ہیں۔‏ پطرس نے یسوع مسیح سے کہا:‏ ”‏میرے پاؤں نہ دھوئیں۔‏“‏ لیکن یسوع مسیح نے کہا کہ ”‏ایسا کرنا ضروری ہے۔‏“‏

آج‌کل ایک دوسرے کے پاؤں دھونے کا رواج نہیں ہے۔‏ لیکن جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو لوگ اپنے مہمانوں کے پاؤں دھوتے تھے۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ اِس کی کیا وجہ تھی؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح اور اُن کے شاگرد جس ملک میں رہتے تھے،‏ وہاں سڑکیں کچی تھیں اور لوگ چپل پہنتے تھے۔‏ جب لوگ پیدل چلتے تھے تو اُن کے پاؤں مٹی سے بھر جاتے تھے۔‏ اِس لئے جب کسی کے گھر کوئی مہمان آتا تھا تو مہمان کے پاؤں دھوئے جاتے تھے۔‏

لیکن یسوع مسیح کے شاگردوں میں سے کوئی بھی دوسروں کے پاؤں دھونے کے لئے تیار نہیں تھا۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے خود اُٹھ کر شاگردوں کے پاؤں دھوئے۔‏ اِس طرح یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو ایک بہت اہم بات سکھائی۔‏ شاگردوں کو یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت تھی۔‏ آج ہمیں بھی اِس اہم بات کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ یسوع مسیح نے شاگردوں کو کون سی اہم بات سکھائی؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ شاگردوں کے پاؤں دھونے کے بعد یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏کیا تُم جانتے ہو کہ مَیں نے تمہارے لئے کیا کِیا؟‏ تُم مجھے اُستاد اور خداوند کہتے ہو اور تُم ٹھیک کہتے ہو۔‏ جب مَیں نے خداوند اور اُستاد ہو کر تمہارے پاؤں دھوئے تو تمہیں بھی ایک دوسرے کے پاؤں دھونے چاہئیں۔‏“‏—‏یوحنا ۱۳:‏۲-‏۱۴‏۔‏

آپ دوسروں کی مدد کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏

یسوع مسیح چاہتے تھے کہ اُن کے شاگرد ایک دوسرے کی خدمت کریں۔‏ وہ یہ نہیں چاہتے تھے کہ اُن کے شاگرد صرف اپنے بارے میں سوچیں۔‏ وہ یہ بھی نہیں چاہتے تھے کہ اُن کے شاگرد سوچیں کہ وہ دوسروں سے بہتر ہیں اور اِس لئے دوسروں کو اُن کی خدمت کرنی چاہئے۔‏

یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو بڑی اچھی بات سکھائی تھی،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیا آپ عظیم اُستاد یسوع مسیح کی طرح دوسروں کی خدمت کریں گے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم سب دوسروں کے لئے کوئی نہ کوئی کام کر سکتے ہیں۔‏ اِس سے وہ خوش ہوں گے۔‏ اور یہوواہ خدا اور یسوع مسیح بھی ہم سے خوش ہوں گے۔‏

ایسے بہت سے موقعے ہوتے ہیں جب آپ دوسروں کی خدمت کر سکتے ہیں۔‏ ذرا سوچیں:‏ آپ اپنی امی کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏ آپ جانتے ہیں کہ آپ کی امی آپ کے لئے اور سارے گھر والوں کے لئے بہت سے کام کرتی ہیں۔‏ آپ اپنی امی کی مدد کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ اُن سے پوچھ سکتے ہیں:‏ ”‏امی،‏ مَیں کون سا کام کروں؟‏“‏

آپ دسترخوان بچھا سکتے ہیں یا میز لگا سکتے ہیں۔‏ کھانے کے بعد آپ برتن اُٹھا سکتے ہیں۔‏ کئی بچے ہر دن کچرا پھینکنے جاتے ہیں۔‏ اِس طرح کے کام کرنے سے آپ یسوع مسیح کی طرح دوسروں کی خدمت کریں گے۔‏

آپ اپنے چھوٹے بہن‌بھائیوں کی بھی خدمت کر سکتے ہیں۔‏ آپ کو یاد ہوگا کہ عظیم اُستاد یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کی خدمت کی تھی۔‏ جب آپ اپنے چھوٹے بہن‌بھائیوں کی خدمت کرتے ہیں تو آپ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کرتے ہیں۔‏ آپ اپنے چھوٹے بہن‌بھائیوں کی خدمت کرنے کے لئے کیا کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ اُن کو سکھا سکتے ہیں کہ وہ کھیلنے کے بعد اپنے کھلونوں کو واپس اُن کی جگہ پر رکھیں۔‏ آپ کپڑے اور جُوتے پہننے میں بھی اُن کی مدد کر سکتے ہیں۔‏ اور آپ اُن کو سکھا سکتے ہیں کہ وہ صبح اُٹھنے کے بعد اپنا بستر ٹھیک کریں۔‏ آپ کے خیال میں آپ اپنے چھوٹے بہن‌بھائیوں کی مدد کرنے کے لئے اَور کیا کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یسوع مسیح اپنے شاگردوں کے لئے بہت سے کام کرتے تھے۔‏ اِس لئے شاگرد اُن سے پیار کرتے تھے۔‏ جب آپ اپنے بہن‌بھائیوں کی خدمت کریں گے تو وہ بھی آپ سے پیار کریں گے۔‏

سکول میں بھی آپ دوسروں کی خدمت کر سکتے ہیں۔‏ آپ اپنے ساتھیوں اور اپنے اُستاد کی مدد کر سکتے ہیں۔‏ آپ بلیک‌بورڈ صاف کر سکتے ہیں۔‏ آپ کسی کے لئے دروازہ کھول سکتے ہیں۔‏ اور اگر کسی کی کتابیں گِر جائیں تو آپ اِنہیں اُٹھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔‏

جب ہم لوگوں کی مدد کرتے ہیں تو کبھی‌کبھار وہ ہمارا شکریہ ادا نہیں کرتے۔‏ کیا اِس وجہ سے ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ ”‏اب مَیں کبھی دوسروں کی مدد نہیں کروں گا“‏؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہمیں ہمیشہ دوسروں کی مدد کرنی چاہئے۔‏ جب یسوع مسیح دوسروں کی مدد کرتے تھے تو بہت سے لوگ اُن کا شکریہ ادا نہیں کرتے تھے۔‏ پھر بھی یسوع مسیح دوسروں کی مدد کرتے تھے۔‏

جب بھی ہمیں موقع ملے،‏ ہمیں دوسروں کی خدمت کرنی چاہئے۔‏ یوں ہم یسوع مسیح کی طرح بننے کی کوشش کریں گے۔‏

دوسروں کی مدد کرنا بہت اچھی بات ہے۔‏ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ امثال ۳:‏۲۷،‏ ۲۸؛‏ رومیوں ۱۵:‏۱،‏ ۲‏؛‏ اور گلتیوں ۶:‏۲‏۔‏