مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۴۱

یہوواہ خدا کو خوش کریں

یہوواہ خدا کو خوش کریں

آپ کے خیال میں کس بچے نے یہوواہ خدا کو سب سے زیادہ خوش کِیا ہوگا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اُس کے بیٹے یسوع مسیح نے۔‏ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے اپنے باپ یہوواہ خدا کو خوش کرنے کے لئے کیا کِیا؟‏ آئیں،‏ دیکھیں۔‏

جب یسوع چھوٹے تھے تو وہ یوسف اور مریم کے ساتھ شہر ناصرت میں رہتے تھے۔‏ اِس شہر سے یروشلیم جانے میں تین دن لگتے تھے۔‏ یروشلیم میں ہیکل تھی جہاں یہوواہ خدا کی عبادت ہوتی تھی۔‏ یسوع اور اُن کے گھروالے عیدِفسح منانے کے لئے ہر سال یروشلیم جاتے تھے۔‏ یسوع کو ہیکل جانا بہت اچھا لگتا تھا۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ہیکل میرے باپ کا گھر ہے۔‏“‏

جب یسوع ۱۲ سال کے تھے تو ایک خاص بات ہوئی۔‏ یسوع کے گھروالے عیدِفسح منانے کے بعد اپنے شہر واپس لوٹ رہے تھے۔‏ یوسف اور مریم نے سوچا کہ یسوع اُن کے رشتہ‌داروں یا دوستوں کے ساتھ ہیں۔‏ لیکن جب اُنہوں نے ایک دن کا سفر طے کر لیا تو اُنہیں پتہ چلا کہ یسوع کسی کے ساتھ نہیں ہیں۔‏ یوسف اور مریم بہت پریشان ہوئے اور یسوع کو ڈھونڈنے کے لئے یروشلیم واپس گئے۔‏ آپ کے خیال میں یسوع کہاں تھے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع ہیکل میں تھے۔‏ وہ مذہبی رہنماؤں کی باتوں کو بڑے دھیان سے سُن رہے تھے اور اُن سے سوال کر رہے تھے۔‏ جب مذہبی رہنماؤں نے یسوع سے سوال پوچھے تو یسوع نے بڑی سمجھ‌داری سے اُن کو جواب دئے۔‏ مذہبی رہنما یسوع کے جوابوں کو سُن کر بڑے حیران ہوئے۔‏ اِس موقعے پر یہوواہ خدا اپنے بیٹے سے بہت خوش ہوا ہوگا،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

جب یوسف اور مریم نے یسوع کو ڈھونڈ لیا تو وہ بہت خوش ہوئے۔‏ کیا یسوع اپنے امی‌ابو کے بغیر ڈر گئے تھے؟‏ نہیں۔‏ اُنہوں نے یوسف اور مریم سے کہا:‏ ”‏کیا آپ کو پتہ نہیں تھا کہ مَیں اپنے باپ کے گھر میں ہُوں گا؟‏“‏ یسوع ہیکل میں بڑے خوش تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ہیکل خدا کا گھر ہے۔‏

اِس کے بعد یسوع اپنے امی‌ابو کے ساتھ واپس ناصرت لوٹ گئے۔‏ آپ کے خیال میں کیا یسوع ہمیشہ اپنے والدین کا کہنا مانتے تھے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ بائبل میں لکھا ہے کہ یسوع ”‏اُن کے تابع رہے۔‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ اِس کا کیا مطلب ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اِس کا مطلب ہے کہ یسوع اپنے امی‌ابو کا کہنا مانتے تھے۔‏ جو کچھ اُن کے امی‌ابو اُن سے کہتے تھے،‏ یسوع وہی کرتے تھے۔‏ مثال کے طور پر اگر اُن کے امی‌ابو کہتے کہ ”‏جا کر پانی لاؤ“‏ تو وہ کنویں سے پانی لاتے۔‏—‏لوقا ۲:‏۴۱-‏۵۲‏۔‏

جب یسوع مسیح چھوٹے تھے تو اُنہوں نے یہوواہ خدا کو کیسے خوش کِیا؟‏

ذرا سوچیں:‏ یسوع نے کبھی غلطی نہیں کی کیونکہ وہ گُناہ سے پاک تھے۔‏ لیکن اُن کے والدین غلطیاں کرتے تھے کیونکہ وہ گُناہ‌گار تھے۔‏ پھر بھی یسوع اپنے امی‌ابو کا کہنا مانتے تھے۔‏ آپ کے خیال میں یہ دیکھ کر یہوواہ خدا نے کیسا محسوس کِیا ہوگا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ یہوواہ خدا اُن بچوں سے خوش ہوتا ہے جو اپنے امی‌ابو کا کہنا مانتے ہیں۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏اپنے ماں‌باپ کے فرمان‌بردار رہو۔‏“‏ (‏افسیوں ۶:‏۱‏)‏ اگر آپ اپنے امی‌ابو کا کہنا مانتے ہیں تو یہوواہ خدا آپ سے بھی خوش ہوگا۔‏

یہوواہ خدا کو خوش کرنے کا ایک اَور طریقہ یہ ہے کہ آپ دوسروں کو اُس کے بارے میں بتائیں۔‏ لیکن کئی لوگوں کا خیال ہے کہ یہ بڑوں کا کام ہے،‏ بچوں کا نہیں۔‏ ایک بار کچھ لڑکے خدا کی بڑائی کر رہے تھے لیکن لوگوں نے اُن کو روکنے کی کوشش کی۔‏ اِس پر یسوع مسیح نے اُن سے کہا:‏ ”‏کیا تُم نے خدا کے کلام میں نہیں پڑھا کہ خدا بچوں کے مُنہ سے اپنی حمد کروائے گا؟‏“‏ (‏متی ۲۱:‏۱۶‏)‏ اِس لئے اگر آپ چاہیں تو آپ بھی دوسروں کو یہوواہ خدا اور اُس کے بڑےبڑے کاموں کے بارے میں بتا سکتے ہیں۔‏ اِس سے یہوواہ خدا بہت خوش ہوگا۔‏

اگر ہم دوسروں کو خدا کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں تو پہلے ہمیں خود اُس کے بارے میں سیکھنا ہوگا۔‏ آپ کے خیال میں ہم خدا کے بارے میں کیسے سیکھ سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہم گھر میں بائبل پڑھ سکتے ہیں۔‏ ہم مذہبی اجلاسوں پر بھی جا سکتے ہیں جہاں خدا کے خادم مل کر اُس کے بارے میں سیکھتے ہیں۔‏ لیکن خدا کے سچے خادم کون ہیں؟‏ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ وہ خدا کے خادم ہیں۔‏ تو پھر آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ اصل میں خدا کے خادم کون ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ وہ خدا کے خادم ہیں،‏ وہ اپنے مذہبی اجلاسوں پر کیا کرتے ہیں۔‏ کیا وہ اپنے اجلاسوں پر واقعی بائبل کی تعلیم دیتے ہیں؟‏ کیا وہ بائبل کو پڑھتے ہیں اور اِس پر بات‌چیت کرتے ہیں؟‏ لیکن بائبل کو پڑھنا اِتنا اہم کیوں ہے؟‏ کیا آپ کو پتہ ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کیونکہ بائبل کو پڑھنے سے ہم جان سکتے ہیں کہ خدا کی مرضی کیا ہے۔‏ آپ کے خیال میں مذہبی اجلاسوں کا مقصد کیا ہوتا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اِن کا مقصد یہ ہے کہ ہم خدا کی مرضی کے بارے میں سیکھیں۔‏ لیکن اگر اِن اجلاسوں پر لوگ کہیں کہ خدا کے حکموں کو ماننا اہم نہیں ہے تو کیا وہ خدا کے سچے خادم ہیں؟‏ آپ کا کیا خیال ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

ذرا ایک اَور بات کے بارے میں سوچیں۔‏ بائبل میں لکھا ہے کہ خدا ”‏اپنے نام کی ایک اُمت بنائے گا۔‏“‏ (‏اعمال ۱۵:‏۱۴‏)‏ اِس کا مطلب ہے کہ خدا کے سچے خادم اُس کے نام سے کہلاتے ہیں۔‏ آپ جانتے ہیں کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ آپ لوگوں سے پوچھ سکتے ہیں کہ ”‏آپ کے خدا کا کیا نام ہے؟‏“‏ اگر وہ کہتے ہیں کہ اُن کے خدا کا نام یہوواہ ہے تو وہ خدا کے سچے خادم ہیں۔‏ خدا کے سچے خادم لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بھی بتاتے ہیں۔‏ اور وہ یہوواہ خدا کے حکموں پر عمل کرتے ہیں کیونکہ وہ اُس سے محبت رکھتے ہیں۔‏—‏۱-‏یوحنا ۵:‏۳‏۔‏

کیا آپ ایسے لوگوں کو جانتے ہیں جو یہ سب کام کرتے ہیں؟‏ تو پھر آپ کو اُن کے ساتھ مل کر خدا کی عبادت کرنی چاہئے۔‏ آپ کو اُن کے اجلاسوں پر جانا چاہئے اور وہاں جو باتیں بتائی جاتی ہیں،‏ اُن کو دھیان سے سننا چاہئے۔‏ اور جب اِن اجلاسوں پر سوال پوچھے جاتے ہیں تو آپ کو جواب دینے کی کوشش کرنی چاہئے۔‏ یاد ہے کہ جب یسوع خدا کے گھر میں تھے تو اُنہوں نے بھی یہی کِیا تھا۔‏ اگر آپ یہ سب کچھ کریں گے تو یہوواہ خدا آپ سے خوش ہوگا۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ بائبل میں اَور کن بچوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جنہوں نے یہوواہ خدا کو خوش کِیا تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آئیں،‏ مَیں آپ کو تیمتھیس کے بارے میں بتاتا ہوں۔‏ اُن کے ابو،‏ یہوواہ خدا کو نہیں مانتے تھے۔‏ لیکن تیمتھیس کی امی اور نانی یہوواہ خدا کو مانتی تھیں۔‏ اُن کی امی کا نام یونیکے تھا اور نانی کا نام لوئس تھا۔‏ تیمتھیس نے اِن دونوں سے یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھا تھا۔‏

حالانکہ تیمتھیس کے ابو یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے لیکن تیمتھیس کو کس بات کا شوق تھا؟‏

جب تیمتھیس تھوڑے سے بڑے ہو گئے تو پولس رسول اُن کے شہر آئے۔‏ پولس رسول نے دیکھا کہ تیمتھیس کو خدا کی خدمت کرنے کا بڑا شوق ہے۔‏ اِس لئے اُنہوں نے تیمتھیس سے کہا:‏ ”‏میرے ساتھ چلو اور دوسرے علاقوں میں بھی لوگوں کو خدا کا پیغام دو۔‏“‏ وہ دونوں بہت سے علاقوں میں گئے۔‏ وہ جہاں بھی جاتے،‏ لوگوں کو خدا کی بادشاہت اور یسوع مسیح کے بارے میں بتاتے۔‏—‏اعمال ۱۶:‏۱-‏۵؛‏ ۲-‏تیمتھیس ۱:‏۵؛‏ ۳:‏۱۴،‏ ۱۵‏۔‏

لیکن کیا صرف لڑکے خدا کو خوش کر سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ لڑکیاں بھی خدا کو خوش کر سکتی ہیں۔‏ بائبل میں ایک چھوٹی لڑکی کے بارے میں بتایا گیا ہے جو اسرائیل کی قوم سے تھی۔‏ جب بنی‌اسرائیل اور ارامی قوم میں جنگ ہوئی تو ارام کے فوجی اُس لڑکی کو پکڑ کر اپنے ملک لے گئے۔‏ اُنہوں نے اِس لڑکی کو فوج کے سردار نعمان کے گھر بھیج دیا جہاں وہ نعمان کی بیوی کی نوکرانی بن گئی۔‏

نعمان کو کوڑھ کی بیماری تھی۔‏ ڈاکٹر اُن کی بیماری کو دُور نہیں کر سکے تھے۔‏ اُس لڑکی نے خدا کے نبی الیشع کے بارے میں سنا تھا جو اسرائیل میں رہتے تھے۔‏ لڑکی کو یقین تھا کہ یہ نبی نعمان کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔‏ لیکن نعمان اور اُن کی بیوی یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے۔‏ اگر آپ اُس لڑکی کی جگہ ہوتے تو آپ کیا کرتے؟‏ کیا آپ نعمان اور اُن کی بیوی کو یہوواہ خدا کے نبی کے بارے میں بتاتے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

اِس لڑکی نے یہوواہ خدا کو کیسے خوش کِیا؟‏

اُس لڑکی نے نعمان کی بیوی سے کہا:‏ ”‏اسرائیل میں یہوواہ خدا کے ایک نبی ہیں۔‏ اگر میرے آقا اُن کے پاس جائیں گے تو وہ اُن کو ضرور ٹھیک کر دیں گے۔‏“‏ نعمان نے لڑکی کی بات مان لی اور وہ الیشع کے پاس گئے۔‏ جب نعمان نے الیشع کی ہدایت پر عمل کِیا تو اُن کی بیماری دُور ہو گئی۔‏ یہ دیکھ کر نعمان یہوواہ خدا کے خادم بن گئے۔‏—‏۲-‏سلاطین ۵:‏۱-‏۱۵‏۔‏

کیا آپ بھی لوگوں کو یہوواہ خدا کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ آپ کس کو بتا سکتے ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ جب آپ لوگوں کو یہوواہ خدا کے بارے میں بتائیں گے تو شروع میں شاید وہ آپ کی بات پر دھیان نہ دیں۔‏ لیکن جب آپ اُن کو یہوواہ خدا کے بڑےبڑے کاموں کے بارے میں بتائیں گے تو شاید وہ اَور سیکھنا چاہیں۔‏ یوں یہوواہ خدا بہت خوش ہوگا۔‏

بچے اور نوجوان خدا کی خدمت کیسے کر سکتے ہیں؟‏ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ زبور ۱۲۲:‏۱ (‏زبور ۱۲۱:‏۱،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏؛‏ زبور ۱۴۸:‏۱۲،‏ ۱۳؛‏ واعظ ۱۲:‏۱؛‏ ۱-‏تیمتھیس ۴:‏۱۲‏؛‏ اور عبرانیوں ۱۰:‏۲۳-‏۲۵‏۔‏