مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب نمبر ۴۷

ہمیں کیسے پتہ ہے کہ ہرمجِدّون کی جنگ ہونے والی ہے؟‏

ہمیں کیسے پتہ ہے کہ ہرمجِدّون کی جنگ ہونے والی ہے؟‏

کیا آپ کو پتہ ہے کہ نشانی کیا ہوتی ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ مَیں آپ کو اِس کی کچھ مثالیں دیتا ہوں۔‏ یاد ہے،‏ پچھلے باب میں ہم نے پڑھا تھا کہ دھنک یہوواہ خدا کے اِس وعدے کی نشانی ہے کہ پھر کبھی سب جان‌دار طوفان کے پانی سے ہلاک نہیں ہوں گے۔‏ ایک بار یسوع مسیح کے رسولوں نے اُن سے کہا:‏ ”‏آپ کے آنے اور دُنیا کے آخر ہونے کا نشان کیا ہوگا؟‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۳‏)‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ رسولوں نے یسوع مسیح سے یہ کیوں پوچھا۔‏

جیسا کہ ہم نے سیکھا تھا،‏ یسوع مسیح کو آسمان سے حکومت کرنی ہے۔‏ اور وہاں لوگ اُن کو دیکھ نہیں سکتے۔‏ پھر لوگوں کو کیسے پتہ چل سکتا ہے کہ یسوع مسیح آسمان پر بادشاہ بن گئے ہیں؟‏ اِس لئے یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو کچھ واقعات کے بارے میں بتایا جن کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ یسوع مسیح بادشاہ بن گئے ہیں۔‏

یسوع مسیح چاہتے تھے کہ اُن کے شاگرد اِن واقعات کے انتظار میں رہیں۔‏ اِس بات پر زور دینے کے لئے یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏انجیر کے درخت اور سب درختوں کو دیکھو۔‏ جونہی اُن میں کونپلیں نکلتی ہیں تُم دیکھ کرجان لیتے ہو کہ اب گرمی نزدیک ہے۔‏“‏ جب درختوں پر پتے نکلنے لگتے ہیں تو ہمیں پتہ چل جاتا ہے کہ گرمی کا موسم آنے والا ہے۔‏ اِسی طرح جب ہم دیکھتے ہیں کہ وہ سب واقعات ہو رہے ہیں جن کا ذکر یسوع مسیح نے کِیا تھا تو ہمیں پتہ چل جاتا ہے کہ ہرمجِدّون نزدیک ہے۔‏—‏لوقا ۲۱:‏۲۹،‏ ۳۰‏۔‏

یسوع مسیح نے شاگردوں کو انجیر کے درخت کے بارے میں کیوں بتایا؟‏

اِس صفحے پر اور اگلے صفحے پر کچھ تصویریں ہیں۔‏ اِن میں کچھ ایسے واقعات دکھائے گئے ہیں جن سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ یسوع مسیح خدا کی بادشاہت کے بادشاہ بن گئے ہیں۔‏ جلد ہی وہ دُنیا کی حکومتوں کو ٹکڑےٹکڑے کر دیں گے،‏ جیسا کہ ہم نے پچھلے باب میں سیکھا تھا۔‏

آئیں،‏ پچھلے دو صفحوں پر دی گئی تصویروں کو دیکھیں۔‏ اِن تصویروں میں جو واقعات دکھائے گئے ہیں،‏ آپ اُن کے بارے میں متی ۲۴:‏۶-‏۱۴ اور لوقا ۲۱:‏۹-‏۱۱ میں پڑھ سکتے ہیں۔‏ ہر تصویر کے ساتھ ایک نمبر دیا گیا ہے۔‏ یہی نمبر اُس پیراگراف کے ساتھ بھی ہے جس میں تصویر کے بارے میں بتایا گیا ہے۔‏ یسوع مسیح نے جن واقعات کے بارے میں بتایا تھا،‏ کیا یہ آج ہو رہے ہیں؟‏ آئیں،‏ دیکھیں۔‏

‏(‏۱)‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏تُم لڑائیاں اور لڑائیوں کی افواہ [‏یعنی خبر]‏ سنو گے۔‏ قوم پر قوم اور سلطنت پر سلطنت چڑھائی کرے گی۔‏“‏ کیا آپ نے بھی خبروں میں جنگوں کے بارے میں سنا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ دُنیا میں دو بہت بڑی جنگیں ہوئی تھیں جن کو عالمی جنگیں کہتے ہیں۔‏ پہلی عالمی جنگ ۱۹۱۴ء سے ۱۹۱۸ء تک ہوئی تھی اور دوسری عالمی جنگ ۱۹۳۹ء سے ۱۹۴۵ء تک ہوئی تھی۔‏ پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پوری دُنیا میں اِتنی زیادہ قومیں آپس میں لڑ رہی ہوں۔‏ آج‌کل بھی جگہ‌جگہ جنگیں ہو رہی ہیں۔‏ تقریباً ہر روز ٹی‌وی،‏ ریڈیو اور اخباروں میں جنگوں کی خبریں آتی ہیں۔‏

‏(‏۲)‏ یسوع مسیح نے یہ بھی کہا:‏ ”‏جگہ‌جگہ کال پڑیں گے۔‏“‏ آج بہت سے علاقوں میں کھانےپینے کے سامان کی کمی ہے اور اِس وجہ سے لوگوں کو بھوکا رہنا پڑتا ہے۔‏ اکثر وہ اِتنے کمزور ہو جاتے ہیں کہ وہ مر جاتے ہیں۔‏ ہر روز ہزاروں لوگ خوراک کی کمی کی وجہ سے مرتے ہیں۔‏

‏(‏۳)‏ یسوع مسیح نے آگے کہا:‏ ”‏جا بجا مری پڑے گی۔‏“‏ اِس کا مطلب ہے کہ جگہ‌جگہ وبائیں پھیلیں گی۔‏ کیا آپ جانتے ہیں کہ وبا کیا ہوتی ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ جب ایک بیماری بہت سے لوگوں کو لگتی ہے تو اِسے وبا کہتے ہیں۔‏ وبا کی وجہ سے بہت سے لوگ مرتے ہیں۔‏ سن ۱۹۱۸ میں فلو کی ایک ایسی وبا پھیلی تھی جس میں ایک سال کے اندراندر دو کروڑ لوگ مر گئے تھے۔‏ ہمارے زمانے میں اِس سے بھی زیادہ لوگ ایڈز کی بیماری کی وجہ سے مر رہے ہیں۔‏ ہر سال ہزاروں لوگ کینسر،‏ دل کی بیماریوں اور دوسری بیماریوں کی وجہ سے مر جاتے ہیں۔‏

‏(‏۴)‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏جگہ‌جگہ بھونچال آئیں گے۔‏“‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ بھونچال کیا ہوتا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ بھونچال،‏ زلزلے کو کہتے ہیں۔‏ جب زلزلہ آتا ہے تو زمین ہلنے لگتی ہے،‏ گھر گِر جاتے ہیں اور لوگ مر جاتے ہیں۔‏ سن ۱۹۱۴ سے دُنیا میں ہر سال بہت سے بڑےبڑے زلزلے آتے ہیں۔‏ کیا آپ کے علاقے میں کبھی زلزلہ آیا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

‏(‏۵)‏ یسوع مسیح نے یہ بھی کہا:‏ ”‏بےدینی بڑھ جائے گی۔‏“‏ اِس کا مطلب ہے کہ بُرائی بہت بڑھ جائے گی۔‏ اور واقعی آج‌کل لوگ بہت بُرے ہو گئے ہیں۔‏ وہ ایک دوسرے کو مارتےپیٹتے اور قتل کرتے ہیں۔‏ بہت سے لوگ قانون توڑتے ہیں اور چوریاں کرتے ہیں۔‏ پہلے کبھی پوری دُنیا میں اِتنے زیادہ بُرے لوگ نہیں تھے جتنے کہ آج ہیں۔‏

‏(‏۶)‏ یسوع مسیح نے ایک بہت ہی اہم کام کے بارے میں بھی بتایا جو ہمارے زمانے میں ہوگا۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏بادشاہی کی اِس خوش‌خبری کی مُنادی تمام دُنیا میں ہوگی تاکہ سب قوموں کے لئے گواہی ہو۔‏ تب خاتمہ ہوگا۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۱۴‏)‏ کیا آپ خدا کی بادشاہت کو اہم سمجھتے ہیں؟‏ تو پھر دوسروں کو یہ خوش‌خبری دیں کہ خدا کی بادشاہت زمین پر حکومت کرنے والی ہے۔‏ اِس طرح آپ اُس اہم کام میں حصہ لیں گے جس کے بارے میں یسوع مسیح نے بتایا تھا۔‏

شاید کچھ لوگ کہیں کہ ”‏یسوع مسیح نے جن واقعات کے بارے میں بتایا تھا،‏ وہ تو ہمیشہ سے ہو رہے ہیں۔‏ اِس میں کون سی بڑی بات ہے؟‏“‏ یہ سچ ہے۔‏ لیکن پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ یہ سب واقعات پوری دُنیا میں ایک ہی وقت میں ہو رہے ہوں۔‏ کیا آپ سمجھ گئے ہیں کہ جن واقعات کا ذکر یسوع مسیح نے کِیا تھا،‏ یہ کس زمانے کی نشانی ہیں؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اِن سب واقعات کو دیکھ کر ہمیں سمجھ جانا چاہئے کہ خدا اِس بُری دُنیا کو ختم کرنے والا ہے اور نئی دُنیا لانے والا ہے۔‏

جب یسوع مسیح نے اِن واقعات کا ذکر کِیا تو اُنہوں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏دُعا کرو کہ تُم کو سردیوں میں بھاگنا نہ پڑے۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۲۰‏)‏ آپ کے خیال میں یسوع مسیح نے یہ کیوں کہا تھا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

سردیوں میں طوفان آتے ہیں،‏ بارش ہوتی ہے اور برف پڑتی ہے۔‏ اِس لئے سفر کرنا مشکل اور خطرناک ہوتا ہے۔‏ فرض کریں کہ ایک آدمی کو پتہ ہے کہ اُس کے علاقے میں آفت آنے والی ہے۔‏ لیکن وہ اپنے کاموں میں مصروف رہتا ہے اور وہاں سے نہیں بھاگتا۔‏ اِتنے میں آفت اُس کے سر پر آ جاتی ہے۔‏ اب وہ اپنی جان بچانے کے لئے بھاگتا ہے۔‏ کیا وہ بچ سکتا ہے؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ اگر سردیوں کا موسم ہے تو اُس کے لئے بچنا مشکل ہوگا۔‏ شاید وہ راستے میں سردی سے مر جائے۔‏ یہ تو بڑے افسوس کی بات ہوگی،‏ ہے نا؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏

یسوع مسیح نے یہ کیوں کہا کہ ”‏دُعا کرو کہ تُم کو سردیوں میں بھاگنا نہ پڑے“‏؟‏

کیا آپ سمجھ گئے ہیں کہ یسوع مسیح نے کیوں کہا تھا کہ ”‏دُعا کرو کہ تُم کو سردیوں میں بھاگنا نہ پڑے“‏؟‏ .‏.‏.‏.‏.‏.‏ ہمیں پتہ ہے کہ ہرمجِدّون کی جنگ جلد ہونے والی ہے۔‏ اِس لئے ہمیں دیر نہیں کرنی چاہئے۔‏ اب یہ ثابت کرنے کا وقت ہے کہ ہمیں یہوواہ خدا سے پیار ہے۔‏ اِس لئے ہمیں ابھی سے ہی اُس کی خدمت کرنی چاہئے۔‏ اگر ہم اپنے کاموں میں مصروف رہیں گے تو ہم بھی اُن لوگوں کی طرح ہوں گے جو نوح کے زمانے میں کشتی میں نہیں گئے تھے۔‏

اگلے باب میں ہم دیکھیں گے کہ ہرمجِدّون کی جنگ کے بعد کیا ہوگا۔‏ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ خدا اُن لوگوں کو کیا انعام دے گا جو اُس سے محبت رکھتے ہیں اور اُس کی خدمت کرتے ہیں۔‏

ہمیں کیسے پتہ ہے کہ ہرمجِدّون کی جنگ جلد ہونے والی ہے؟‏ اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏ ۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵‏؛‏ اور ۲-‏پطرس ۳:‏۳،‏ ۴‏۔‏