مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مقرب فرشتہ میکائیل کون ہے؟‏

مقرب فرشتہ میکائیل کون ہے؟‏

مزید معلومات

مقرب فرشتہ میکائیل کون ہے؟‏

میکائیل نامی فرشتے کا ذکر پاک صحائف میں چند ہی آیتوں میں آتا ہے۔‏ مثال کے طور پر دانی‌ایل نبی کی کتاب میں اُس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اُس نے بُرے فرشتوں سے لڑائی کی تھی۔‏ یہوداہ کے خط کے مطابق اُس نے ابلیس سے بحث‌وتکرار کی۔‏ اور مکاشفہ کی کتاب میں اُسے شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں سے لڑتے بتایا جاتا ہے۔‏ لہٰذا،‏ جب بھی خدا کے کلام میں میکائیل کا ذکر آتا ہے تو وہ یہوواہ خدا کی حکمرانی کی حمایت اور اُس کے دُشمنوں کا مقابلہ کر رہا ہوتا ہے۔‏ اس لئے اُس کا نام بہت موزوں ہے کیونکہ ”‏میکائیل“‏ کا مطلب ہے:‏ ”‏خدا کے برابر کون ہے؟‏“‏ لیکن ہم میکائیل کی شناخت کیسے کر سکتے ہیں؟‏

اکثر ایک شخص کو مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔‏ مثال کے طور پر یعقوب کو اسرائیل بھی کہا جاتا تھا۔‏ اور پطرس رسول،‏ شمعون بھی کہلاتا تھا۔‏ (‏پیدایش ۴۹:‏۱،‏ ۲؛‏ متی ۱۰:‏۲‏)‏ اسی طرح خدا کے کلام سے ظاہر ہوتا ہے کہ میکائیل وہ نام ہے جو یسوع مسیح زمین پر آنے سے پہلے رکھتا تھا اور آسمان پر جانے کے بعد بھی وہ اسی نام سے کہلایا۔‏ آئیے ہم دیکھتے ہیں کہ پاک صحائف میں اس بات کے کون سے ثبوت ملتے ہیں۔‏

مقرب فرشتہ۔‏‏۔‏ خدا کے کلام میں میکائیل کو ”‏مقرب فرشتہ“‏ کہا گیا ہے۔‏ (‏یہوداہ ۹‏)‏ اس کا مطلب ہے کہ میکائیل فرشتوں کا سردار ہے۔‏ بائبل کے عبرانی اور یونانی متن میں اصطلاح ”‏مقرب فرشتہ“‏ ہمیشہ واحد میں استعمال ہوئی ہے،‏ اسے کبھی جمع میں استعمال نہیں کِیا گیا۔‏ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف ایک ہی ”‏مقرب فرشتہ“‏ ہے۔‏ اس کی شناخت ۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۱۶ میں یسوع مسیح سے کی گئی ہے۔‏ اس آیت میں لکھا ہے:‏ ”‏خداوند خود آسمان سے للکار اور مقرب فرشتہ کی آواز اور خدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئے گا۔‏“‏ غور کیجئے کہ اس آیت کے مطابق یسوع کی آواز مقرب فرشتہ کی آواز ہے۔‏ لہٰذا یسوع مسیح ہی مقرب فرشتہ میکائیل ہے۔‏

آسمانی فوجوں کا سپہ‌سالار۔‏‏۔‏ مکاشفہ ۱۲:‏۷ میں بتایا گیا ہے کہ ”‏میکاؔئیل اور اُس کے فرشتے اژدہا سے لڑنے کو نکلے اور اژدہا اور اُس کے فرشتے اُن سے لڑے۔‏“‏ اس آیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ میکائیل خدا کے وفادار فرشتوں کا سپہ‌سالار ہے۔‏ مکاشفہ ۱۹:‏۱۴-‏۱۶ میں یسوع مسیح کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ بھی آسمانی فوجوں کا سپہ‌سالار ہے۔‏ اس کے علاوہ پولس رسول نے بیان کِیا کہ ”‏خداوند یسوؔع اپنے قوی فرشتوں کے ساتھ“‏ ظاہر ہوگا۔‏ (‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۷‏)‏ غور کیجئے کہ یسوع اور میکائیل دونوں کے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ ”‏اپنے فرشتوں“‏ کے سردار ہیں۔‏ (‏متی ۱۳:‏۴۱؛‏ ۱۶:‏۲۷؛‏ ۲۴:‏۳۱؛‏ ۱-‏پطرس ۳:‏۲۲‏)‏ خدا کے کلام میں وفادار فرشتوں کے دو الگ لشکروں کا ذکر نہیں ہے۔‏ اگر میکائیل فرشتوں کا سردار ہے اور یسوع بھی ان کا سردار ہے تو ظاہری بات ہے کہ دونوں نام ایک ہی شخص کے ہوں گے۔‏ لہٰذا میکائیل وہ نام ہے جو یسوع مسیح کو آسمان پر دیا گیا ہے۔‏