مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 20

یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی ہماری پیشوائی کیسے کرتی ہے؟‏

یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی ہماری پیشوائی کیسے کرتی ہے؟‏

پہلی صدی عیسوی میں یروشلیم میں رسولوں اور بزرگوں کی جماعت

رسولوں اور بزرگوں کی جماعت کا خط کلیسیاؤں میں پڑھا گیا۔‏

پہلی صدی عیسوی میں یروشلیم میں ”‏رسولوں اور بزرگوں“‏ کی ایک جماعت تھی جو تمام ممسوح مسیحیوں کی پیشوائی کرتی تھی اور اہم معاملوں کے بارے میں فیصلہ کرتی تھی۔‏ (‏اعمال 15:‏2‏)‏ کسی معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے وہ اِس بات پر غور کرتے تھے کہ پاک صحیفوں میں اِس سلسلے میں کیا لکھا ہے۔‏ اِس کے بعد وہ خدا کی پاک روح کی رہنمائی کے مطابق فیصلہ کرتے تھے۔‏ (‏اعمال 15:‏25‏)‏ آج یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی بھی اِسی مثال پر عمل کرتی ہے۔‏

خدا اِسے اپنی مرضی پوری کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔‏ جو بھائی گورننگ باڈی کے رُکن ہیں،‏ وہ ایسے ممسوح مسیحی ہیں جو خدا کے کلام کا گہرا مطالعہ کرتے ہیں۔‏ وہ کلیسیاؤں کی پیشوائی کرنے اور پاک کلام کے اصولوں کے مطابق فیصلے کرنے میں بڑا تجربہ رکھتے ہیں۔‏ گورننگ باڈی ہر ہفتے جمع ہوتی ہے اور دُنیابھر میں یہوواہ کے گواہوں کی ضروریات پر غور کرتی ہے۔‏ پھر وہ پاک کلام سے کلیسیاؤں کو ہدایات مہیا کرتی ہے۔‏ پہلی صدی عیسوی کی طرح وہ اِن ہدایات کو خطوں اور سفری نگہبانوں کے ذریعے کلیسیاؤں تک پہنچاتی ہے۔‏ اِس کے نتیجے میں یہوواہ خدا کے سب خادم ایک جیسی تعلیم پاتے ہیں اور ایک جیسا کام کرتے ہیں۔‏ (‏اعمال 16:‏4،‏ 5‏)‏ گورننگ باڈی روحانی خوراک کو تیار کرنے کے کام کی نگرانی کرتی ہے اور بادشاہت کی مُنادی کے کام کو فروغ دیتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ گورننگ باڈی کی نگرانی میں ایسے بھائیوں کو بھی مقرر کِیا جاتا ہے جو ہماری تنظیم میں ذمہ‌داریاں سنبھالتے ہیں۔‏

وہ خدا کی پاک روح کی رہنمائی پر چلتی ہے۔‏ گورننگ باڈی مانتی ہے کہ یہوواہ خدا کائنات کا حاکم ہے اور یسوع مسیح کلیسیا کے سربراہ ہیں۔‏ اِس لئے وہ ہر معاملے میں یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کی رہنمائی حاصل کرتی ہے۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 11:‏3؛‏ افسیوں 5:‏23‏)‏ گورننگ باڈی کے رُکن خود کو خدا کے بندوں کے سربراہ نہیں سمجھتے۔‏ وہ باقی ممسوح مسیحیوں کی طرح ”‏میمنے [‏یعنی یسوع مسیح]‏ کے پیچھے پیچھے جاتے ہیں۔‏“‏ (‏مکاشفہ 14:‏4‏)‏ گورننگ باڈی اِس بات کے لئے بہت شکرگزار ہے کہ ہم اُس کے لئے دُعا کرتے ہیں۔‏

  • پہلی صدی عیسوی میں مسیحیوں کی پیشوائی کون کرتے تھے؟‏

  • آج‌کل یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کس طرح خدا کی رہنمائی حاصل کرتی ہے؟‏