مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق 6

داؤد کی بہادری

داؤد کی بہادری

جب آپ کو ڈر لگتا ہے تو آپ کیا کرتے ہیں؟‏—‏ شاید  آپ جلدی سے بھاگ کر اپنی امی یا ابو کے پاس چلے جاتے ہیں۔‏ لیکن کوئی اَور بھی ہے جو آپ کی مدد کر سکتا ہے۔‏ وہ سب سے زیادہ طاقت‌ور ہے۔‏ کیا آپ کو پتہ ہے کہ وہ کون ہے؟‏—‏ یہ یہوواہ خدا ہے۔‏ آئیں،‏ ایک لڑکے کی کہانی پڑھتے ہیں جسے پتہ تھا کہ یہوواہ خدا ہمیشہ اُس کی مدد کرے گا۔‏ اِس لیے وہ کسی سے نہیں ڈرتا تھا۔‏ اُس لڑکے کا نام داؤد تھا۔‏

جب داؤد ننھے بچے تھے تو اُن کے امی‌ابو نے اُن کو یہوواہ خدا کے بارے میں سکھایا اور یوں وہ یہوواہ خدا سے پیار کرنے لگے۔‏ داؤد کو پتہ تھا کہ یہوواہ خدا اُن کا دوست ہے اور وہ اُن کی مدد کرے گا۔‏ اِس لیے داؤد کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔‏ ایک دفعہ داؤد اپنی کچھ بھیڑوں کا دھیان رکھ رہے تھے۔‏ اچانک وہاں ایک ببر شیر آ گیا۔‏  وہ  ایک  بھیڑ کو اُٹھا کر لے گیا۔‏ جب داؤد نے یہ دیکھا تو پتہ ہے اُنہوں نے کیا کِیا؟‏ وہ شیر کے پیچھے بھاگے اور اُسے مار ڈالا۔‏ پھر ایک دفعہ ایک ریچھ نے داؤد کی ایک بھیڑ پر حملہ کر دیا۔‏ داؤد نے اُس ریچھ کو بھی مار ڈالا۔‏ لیکن ببر شیر اور ریچھ کو مارنے میں کس نے داؤد کی مدد کی؟‏—‏ یہوواہ خدا نے۔‏

ایک اَور بار بھی داؤد نے بڑی بہادری کا کام کِیا۔‏  اُس  وقت بنی‌اِسرائیل،‏ فلستیوں سے جنگ کر رہے تھے۔‏ فلستیوں کا ایک فوجی تھا جس کا  نام  جولیت تھا۔‏ وہ بہت لمبا اور طاقت‌ور تھا۔‏ وہ یہوواہ خدا اور اِسرائیلی فوجیوں کا بہت مذاق اُڑا رہا تھا۔‏ اُس نے اِسرائیلی فوجیوں سے کہا:‏ ”‏اگر ہمت ہے تو مجھ سے آ کر لڑو!‏“‏ لیکن سب اِسرائیلی فوجی اُس سے ڈرتے تھے۔‏ کوئی بھی اُس سے لڑنا نہیں چاہتا تھا۔‏ لیکن جب داؤد کو یہ بات پتہ چلی تو اُنہوں نے جولیت سے کہا:‏ ”‏مَیں تُم سے لڑوں گا۔‏ یہوواہ خدا میری مدد کرے گا اور مَیں تمہیں ہرا دوں گا۔‏“‏ داؤد بہت بہادر تھے نا؟‏—‏ وہ کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔‏ پتہ ہے پھر کیا ہوا؟‏

داؤد نے اپنی فلاخن لی اور پانچ چکنے پتھر لیے۔‏ پھر وہ جولیت  سے لڑنے گئے۔‏ جب جولیت نے دیکھا کہ داؤد کتنے چھوٹے ہیں تو وہ داؤد کا مذاق اُڑانے لگا۔‏ لیکن داؤد نے جولیت سے کہا:‏ ”‏تُم تلوار  لے کر مجھ سے لڑنے آئے ہو لیکن مَیں یہوواہ خدا کا نام لے کر تُم سے لڑنے آیا ہوں۔‏“‏ پھر داؤد نے اپنی فلاخن میں ایک پتھر ڈالا اور جولیت  کی  طرف بھاگے۔‏ اُنہوں نے پتھر کو زور سے جولیت کی طرف پھینکا۔‏  پتھر  سیدھا جولیت کے ماتھے پر لگا۔‏ جولیت زمین پر گِر گیا اور مر گیا۔‏ یہ دیکھ کر فلستی ڈر گئے اور وہاں سے بھاگ گئے۔‏ داؤد تو چھوٹے تھے،‏ پھر وہ اِتنے طاقت‌ور آدمی کو کیسے مار سکتے تھے؟‏—‏ یہوواہ خدا نے داؤد کی مدد کی تھی اور خدا جولیت سے بہت زیادہ طاقت‌ور تھا۔‏

داؤد کو پتہ تھا کہ یہوواہ خدا اُن کی مدد کرے گا اِس لیے وہ کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔‏

آپ نے داؤد کی کہانی سے کیا سیکھا؟‏—‏ یہوواہ  خدا  سب  سے طاقت‌ور ہے۔‏ وہ آپ کا دوست ہے۔‏ اِس لیے جب اگلی بار آپ کو ڈر لگے تو یاد رکھیں کہ یہوواہ خدا آپ کی مدد کرے گا۔‏ اِس طرح آپ بہادر بن جائیں گے۔‏

اپنی بائبل میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏