مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 2

پیدائش سے پہلے یسو‌ع کی تعظیم

پیدائش سے پہلے یسو‌ع کی تعظیم

لُو‌قا 1:‏34-‏56

  • مریم اپنی رشتےدار الیشبع سے ملنے گئیں

جبرائیل نے ابھی ابھی مریم کو بتایا تھا کہ اُن کا بیٹا ہو‌گا جس کا نام یسو‌ع رکھا جائے گا او‌ر و‌ہ ہمیشہ تک بادشاہ کے طو‌ر پر حکمرانی کرے گا۔ یہ سُن کر مریم نے کہا:‏ ”‏یہ کیسے ہو سکتا ہے جبکہ میری تو ابھی شادی بھی نہیں ہو‌ئی؟“‏—‏لُو‌قا 1:‏34‏۔‏

جبرائیل نے اُنہیں جو‌اب دیا:‏ ”‏آپ پر پاک رو‌ح نازل ہو‌گی او‌ر خدا تعالیٰ کی قدرت سایہ کرے گی۔ اِس و‌جہ سے و‌ہ بچہ خدا کا بیٹا او‌ر مُقدس کہلائے گا۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏35‏۔‏

پھر جبرائیل نے مریم کو اپنی بات کا یقین دِلانے کے لیے کہا:‏ ”‏دیکھیں!‏ آپ کی رشتےدار الیشبع جن کو بانجھ کہا جاتا ہے، و‌ہ بھی اِتنے بڑھاپے میں حاملہ ہیں۔ ابھی اُن کا چھٹا مہینہ چل رہا ہے او‌ر اُن کا بیٹا ہو‌گا کیو‌نکہ ممکن نہیں کہ خدا کی کو‌ئی بات پو‌ری نہ ہو۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏36، 37‏۔‏

اِس پر مریم نے جبرائیل کی بات کا یقین کر لیا او‌ر کہا:‏ ”‏دیکھیں!‏ مَیں یہو‌و‌اہ کی بندی ہو‌ں۔ جیسا آپ نے کہا، و‌یسا ہی ہو۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏38‏۔‏

جب جبرائیل چلے گئے تو مریم اپنی رشتےدار الیشبع او‌ر اُن کے شو‌ہر زکریاہ سے ملنے کے لیے یہو‌دیہ کے پہاڑی علاقے میں گئیں جو یرو‌شلیم کے نزدیک تھا۔ ناصرت سے و‌ہاں تک پہنچنے کے لیے مریم کو تین سے چار دن کا سفر طے کرنا پڑا۔‏

آخرکار مریم، زکریاہ کے گھر پہنچ گئیں۔ جب و‌ہ گھر میں داخل ہو‌ئیں تو اُنہو‌ں نے اپنی رشتےدار الیشبع کو سلام کِیا۔ اِس پر الیشبع پاک رو‌ح سے معمو‌ر ہو گئیں او‌ر اُنہو‌ں نے مریم سے کہا:‏ ”‏آپ سب عو‌رتو‌ں سے زیادہ برکت و‌الی ہیں او‌ر آپ کے پیٹ کا پھل بھی بڑا برکت و‌الا ہے!‏ یہ کتنا بڑا اعزاز ہے کہ میرے مالک کی ماں مجھ سے ملنے آئی ہے!‏ کیو‌نکہ دیکھیں!‏ جو‌نہی آپ کی آو‌از میرے کانو‌ں میں پڑی، بچہ خو‌شی کے مارے میرے پیٹ میں اُچھل پڑا۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏42-‏44‏۔‏

یہ سُن کر مریم کا دل شکرگزاری سے بھر گیا او‌ر اُنہو‌ں نے کہا:‏ ”‏مَیں یہو‌و‌اہ کی بڑائی کرتی ہو‌ں!‏ خدا میرا نجات‌دہندہ ہے۔ اُس کی و‌جہ سے میرا دل خو‌شی سے بھرا ہے کیو‌نکہ اُس نے اپنی بندی کی ادنیٰ حالت پر تو‌جہ دی ہے۔ دیکھیں!‏ اب سے سب پُشتیں مجھے بابرکت کہیں گی کیو‌نکہ قدرت و‌الے نے میرے لیے بڑے بڑے کام کیے ہیں۔“‏ حالانکہ مریم کو اِتنا بڑا شرف ملا لیکن اُنہو‌ں نے اپنی بڑائی کرنے کی بجائے خدا کی بڑائی کی او‌ر کہا:‏ ”‏اُس کا نام پاک ہے او‌ر و‌ہ پُشت در پُشت اُن پر رحم کرتا آیا ہے جو اُس کا خو‌ف رکھتے ہیں۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏46-‏50‏۔‏

مریم نے خدا کی بڑائی میں یہ بھی کہا:‏ ”‏اُس نے اپنے بازو سے زبردست کام کیے ہیں۔ اُس نے اُن لو‌گو‌ں کو تتربتر کر دیا ہے جن کے منصو‌بو‌ں سے ظاہر ہو‌تا ہے کہ اُن کے دل میں غرو‌ر بھرا ہے۔ اُس نے حاکمو‌ں کے تخت اُلٹ دیے ہیں او‌ر ادنیٰ لو‌گو‌ں کو بلند کِیا ہے۔ اُس نے بھو‌کے لو‌گو‌ں کو اچھی چیزو‌ں سے سیر کر دیا ہے او‌ر امیرو‌ں کو خالی ہاتھ بھیج دیا ہے۔ و‌ہ اپنے خادم اِسرائیل کی مدد کو آیا ہے کیو‌نکہ اُسے یاد ہے کہ اُس نے ہمارے باپ‌دادا سے و‌عدہ کِیا تھا کہ و‌ہ ابراہام او‌ر اُن کی نسل پر ہمیشہ رحم کرے گا۔“‏—‏لُو‌قا 1:‏51-‏55‏۔‏

مریم تقریباً تین مہینے الیشبع کے ہاں رہیں جن کے حمل کے آخری مہینے چل رہے تھے۔ بِلاشُبہ مریم نے اُن کا کافی ہاتھ بٹایا ہو‌گا۔ یہ کتنی خو‌شی کی بات تھی کہ یہ دو نیک عو‌رتیں جو خدا کی مدد سے حاملہ تھیں، زندگی کے اِس اہم مو‌ڑ پر ایک ساتھ و‌قت گزار سکیں!‏

کیا آپ نے غو‌ر کِیا کہ پیدائش سے پہلے یسو‌ع کی کتنی تعظیم کی گئی؟ الیشبع نے اُنہیں ”‏میرے مالک“‏ کہا او‌ر جب مریم اُن کے گھر آئیں تو اُن کے پیٹ میں بچہ ”‏خو‌شی کے مارے .‏ .‏ .‏ اُچھل پڑا۔“‏ لیکن بعد میں کچھ لو‌گو‌ں نے مریم او‌ر اُن کے ہو‌نے و‌الے بچے کے ساتھ فرق سلو‌ک کِیا۔ اِس کے بارے میں آپ آگے جا کر پڑھیں گے۔‏