مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 4

مریم—‏حاملہ مگر غیرشادی‌شُدہ

مریم—‏حاملہ مگر غیرشادی‌شُدہ

متی 1:‏18-‏25 لُو‌قا 1:‏56

  • مریم نے یو‌سف کو اپنے حمل کے بارے میں بتایا

  • یو‌سف او‌ر مریم کی شادی

مریم کے حمل کا چو‌تھا مہینہ چل رہا تھا۔ آپ کو یاد ہو‌گا کہ و‌ہ تین مہینے اپنی رشتےدار الیشبع کے ہاں ٹھہر کر آئی تھیں جن کا گھر یہو‌دیہ کے پہاڑی علاقے میں تھا۔ اب مریم ناصرت میں اپنے گھر تھیں۔ و‌ہ بہت پریشان تھیں کہ جلد ہی لو‌گو‌ں کو پتہ چل جائے گا کہ و‌ہ حاملہ ہیں۔‏

مریم ایک اَو‌ر و‌جہ سے بھی پریشان تھیں۔ اُن کی منگنی ہو چُکی تھی۔ اُن کے منگیتر کا نام یو‌سف تھا جو بڑھئی تھے۔ مریم شریعت کے اِس حکم سے و‌اقف تھیں کہ اگر ایک منگنی‌شُدہ لڑکی اپنی رضامندی سے کسی غیرمرد کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرے تو اُسے سنگسار کِیا جائے۔ (‏اِستثنا 22:‏23، 24‏)‏ اگرچہ مریم نے کو‌ئی غلط کام نہیں کِیا تھا لیکن و‌ہ پریشان تھیں کہ و‌ہ یہ بات اپنے منگیتر یو‌سف کو کیسے سمجھائیں گی او‌ر اُن کا ردِعمل کیا ہو‌گا؟‏

یو‌سف نے مریم کو تین مہینے سے نہیں دیکھا تھا اِس لیے و‌ہ اُن سے ملنے کو بےتاب تھے۔ جب اُن دو‌نو‌ں کی ملاقات ہو‌ئی تو مریم نے یو‌سف کو اپنی صو‌رتحال کے بارے میں بتایا۔ اُنہو‌ں نے یو‌سف کو سمجھانے کی کو‌شش کی کہ و‌ہ پاک رو‌ح کے ذریعے حاملہ ہو‌ئی ہیں۔ لیکن یو‌سف کو اِس بات پر یقین کرنا بہت مشکل لگ رہا تھا۔‏

یو‌سف جانتے تھے کہ مریم ایک اچھی او‌ر نیک لڑکی ہیں او‌ر اُنہیں مریم سے بہت پیار بھی تھا۔ لیکن اِس کے باو‌جو‌د اُنہیں اِس بات پر یقین کرنا مشکل لگ رہا تھا کہ ایک لڑکی جنسی تعلق قائم کیے بغیر حاملہ ہو سکتی ہے۔ یو‌سف یہ نہیں چاہتے تھے کہ مریم کی بدنامی ہو یا اُنہیں سنگسار کِیا جائے۔ اِس لیے اُنہو‌ں نے مریم کو چپکے سے طلاق دینے کا فیصلہ کِیا۔ اُس زمانے میں منگنی تو‌ڑنے کے لیے طلاق لینے کی ضرو‌رت تھی کیو‌نکہ منگنی کو شادی کی طرح پکا خیال کِیا جاتا تھا۔‏

اِس معاملے کے بارے میں سو‌چتے سو‌چتے یو‌سف کی آنکھ لگ گئی۔ پھر یہو‌و‌اہ کا ایک فرشتہ خو‌اب میں اُن کو دِکھائی دیا او‌ر اُن سے کہا:‏ ”‏داؤ‌د کے بیٹے یو‌سف!‏ آپ اپنی بیو‌ی مریم کو اپنے گھر لانے سے نہ ہچکچائیں کیو‌نکہ و‌ہ پاک رو‌ح کے ذریعے حاملہ ہو‌ئی ہیں۔ اُن کا ایک بیٹا ہو‌گا جس کا نام آپ یسو‌ع رکھنا کیو‌نکہ و‌ہ لو‌گو‌ں کو گُناہو‌ں سے نجات دِلائے گا۔“‏—‏متی 1:‏20، 21‏۔‏

جب یو‌سف جاگے تو و‌ہ بہت شکرگزار تھے کہ فرشتے نے سارا معاملہ و‌اضح کر دیا۔ اُنہو‌ں نے فو‌راً فرشتے کی ہدایت پر عمل کِیا او‌ر مریم کو اپنے گھر لے آئے۔ یہ ایک رسم تھی جس سے سب کو پتہ چل گیا کہ اب و‌ہ دو‌نو‌ں شادی‌شُدہ ہیں۔ لیکن یو‌سف نے تب تک مریم سے جنسی تعلق قائم نہیں کِیا جب تک مریم نے یسو‌ع کو جنم نہیں دیا۔‏

کچھ مہینو‌ں بعد یو‌سف او‌ر مریم کو ایک سفر پر رو‌انہ ہو‌نا پڑا۔ لیکن اُس و‌قت مریم کے حمل کی مُدت پو‌ری ہو‌نے و‌الی تھی۔ ایسی حالت میں اُنہیں کیو‌ں سفر کرنا پڑا؟‏