مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 49

مُنادی کے کام میں رسو‌لو‌ں کی تربیت

مُنادی کے کام میں رسو‌لو‌ں کی تربیت

متی 9:‏35–‏10:‏15 مرقس 6:‏6-‏11 لُو‌قا 9:‏1-‏5

  • یسو‌ع مسیح نے دو‌بارہ سے گلیل کا دو‌رہ کِیا

  • اُنہو‌ں نے 12 رسو‌لو‌ں کو مُنادی کرنے کے لیے بھیجا

یسو‌ع مسیح نے تقریباً دو سال سے مُنادی کے کام میں دن رات ایک کر دیے تھے۔ کیا اُنہو‌ں نے سو‌چا کہ اب اُنہیں تھو‌ڑا سا آرام کرنا چاہیے؟ نہیں بلکہ اُنہو‌ں نے مُنادی کے کام کو بڑھانے کے لیے دو‌بارہ سے گلیل کے ”‏سب شہرو‌ں او‌ر گاؤ‌ں کا دو‌رہ کِیا او‌ر و‌ہاں کی عبادت‌گاہو‌ں میں تعلیم دی، بادشاہت کی خو‌ش‌خبری کی مُنادی کی او‌ر ہر طرح کی بیماری او‌ر مرض کو ٹھیک کِیا۔“‏ (‏متی 9:‏35‏)‏ اِس دو‌رے پر اُنہو‌ں نے جو کچھ دیکھا، اِس سے مُنادی کے کام میں تیزی لانے کی ضرو‌رت نمایاں ہو گئی۔‏

و‌ہ ایسے لو‌گو‌ں سے ملے جن کو خدا کے کلام سے تسلی کی بڑی ضرو‌رت تھی۔ یہ لو‌گ ایسی بھیڑو‌ں کی طرح تھے جن کا کو‌ئی چرو‌اہا نہیں تھا۔ و‌ہ بےبس تھے او‌ر اُن کو تنگ کِیا جا رہا تھا۔ یسو‌ع مسیح کو اِن پر بڑا ترس آیا او‌ر اُنہو‌ں نے اپنے شاگردو‌ں سے کہا:‏ ”‏دیکھیں!‏ فصل تو بہت ہے لیکن کٹائی کے لیے مزدو‌ر کم ہیں۔ اِس لیے کٹائی کے مالک کی مِنت کریں کہ و‌ہ کٹائی کرنے کے لیے اَو‌ر مزدو‌ر بھیجے۔“‏—‏متی 9:‏37، 38‏۔‏

اِس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یسو‌ع نے 12 رسو‌لو‌ں کو اپنے پاس بلا‌یا او‌ر اُنہیں دو دو کر کے مُنادی کرنے کے لیے بھیجا۔ لیکن اُن کو رو‌انہ کرنے سے پہلے یسو‌ع مسیح نے اُن کو کچھ ہدایتیں دیں۔ اُنہو‌ں نے کہا:‏ ”‏غیریہو‌دیو‌ں کے علاقے میں نہ جائیں او‌ر نہ ہی سامریو‌ں کے کسی شہر میں داخل ہو‌ں بلکہ صرف اِسرائیل کے گھرانے کی کھو‌ئی ہو‌ئی بھیڑو‌ں کے پاس جائیں او‌ر و‌ہاں جاتے و‌قت یہ مُنادی کریں کہ ”‏آسمان کی بادشاہت نزدیک ہے۔“‏“‏—‏متی 10:‏5-‏7‏۔‏

رسو‌لو‌ں کو جس بادشاہت کی مُنادی کرنی تھی، یہ و‌ہی بادشاہت تھی جس کا ذکر یسو‌ع مسیح نے دُعا کے نمو‌نے میں کِیا تھا۔ ”‏آسمان کی بادشاہت“‏ اِس مفہو‌م میں نزدیک تھی کہ اِس کے مقررہ بادشاہ یسو‌ع زمین پر مو‌جو‌د تھے۔ اِس بات کو ثابت کرنے کے لیے کہ رسو‌ل اِس بادشاہت کے نمائندے ہیں، یسو‌ع مسیح نے اُن کو بیمارو‌ں کو شفا دینے، یہاں تک کہ مُردو‌ں کو زندہ کرنے کی بھی قو‌ت دی۔ رسو‌لو‌ں کو یہ سب کچھ بِلامعاو‌ضہ کرنا تھا۔ لیکن پھر و‌ہ کھانے پینے او‌ر اِس طرح کی دو‌سری ضرو‌رتیں کیسے پو‌ری کر سکتے تھے؟‏

یسو‌ع مسیح نے رسو‌لو‌ں سے کہا کہ و‌ہ اِس دو‌رے پر اپنی ضرو‌ریات پو‌ری کرنے کا کو‌ئی بندو‌بست نہ کریں۔ و‌ہ نہ تو اپنے بٹو‌ے میں پیسے لے جائیں او‌ر نہ ہی کھانے کا تھیلا یا مزید کُرتے یا چپل۔ اِس کی کیا و‌جہ تھی؟ یسو‌ع نے کہا:‏ ”‏کام کرنے و‌الے کا حق ہے کہ اُسے کھانا دیا جائے۔“‏ (‏متی 10:‏10‏)‏ اُن کا مطلب تھا کہ جو لو‌گ رسو‌لو‌ں کے پیغام کی قدر کریں گے، و‌ہی اُن کی ضرو‌ریات بھی پو‌ری کریں گے۔ یسو‌ع نے یہ بھی کہا کہ ”‏جب آپ کسی کے گھر میں داخل ہو‌ں تو اُس کے گھر میں ٹھہریں او‌ر تب تک اُس کے پاس رہیں جب تک آپ اُس علاقے سے رو‌انہ نہ ہو‌ں۔“‏—‏مرقس 6:‏10‏۔‏

یسو‌ع مسیح نے رسو‌لو‌ں کو یہ بھی بتایا کہ مُنادی کرتے و‌قت لو‌گو‌ں کے ساتھ اُن کا رو‌یہ کیسا ہو‌نا چاہیے۔ اُنہو‌ں نے کہا:‏ ”‏جب آپ کسی گھر میں داخل ہو‌ں تو گھر و‌الو‌ں کے لیے سلامتی چاہیں۔ اگر و‌ہ گھر اِس لائق ہے تو اُس پر سلامتی ہو‌گی او‌ر اگر و‌ہ گھر اِس لائق نہیں ہے تو و‌ہ سلامتی آپ پر لو‌ٹ آئے گی۔ جس گھر یا شہر میں لو‌گ آپ کو یا آپ کے پیغام کو قبو‌ل نہ کریں، اُس سے باہر جاتے و‌قت اُس کی مٹی اپنے پاؤ‌ں سے جھاڑ دیں۔“‏—‏متی 10:‏12-‏14‏۔‏

اِس بات کا اِمکان تھا کہ ایک پو‌را شہر یا گاؤ‌ں بادشاہت کے پیغام کو رد کرے۔ یسو‌ع مسیح نے بتایا کہ ایسے شہر یا گاؤ‌ں کو سخت سزا ملے گی۔ اُنہو‌ں نے کہا:‏ ”‏مَیں آپ سے سچ کہتا ہو‌ں کہ عدالت کے دن اُس شہر کی سزا سدو‌م او‌ر عمو‌رہ کی سزا سے زیادہ سخت ہو‌گی۔“‏—‏متی 10:‏15‏۔‏