مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 16

یسوع مسیح نے زمین پر کیا کچھ کِیا؟‏

یسوع مسیح نے زمین پر کیا کچھ کِیا؟‏

بہت سے لوگ جب یسوع مسیح کے بارے میں سنتے ہیں تو اُن کے ذہن میں یا تو ایک بچے کی تصویر بنتی ہے یا ایک مرتے ہوئے شخص کی یا پھر ایک دانش‌مند نبی کی۔ لیکن جب ہم یسوع کی زندگی کے اُس وقت پر غور کرتے ہیں جو اُنہوں نے زمین پر گزارا تو ہمیں اُن کے بارے میں اَور بھی بہت کچھ پتہ چلتا ہے۔ اِس سبق میں ہم کچھ خاص کاموں پر غور کریں گے جو یسوع مسیح نے کیے اور دیکھیں گے کہ اِن سے ہمیں کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔‏

1‏.‏ یسوع مسیح نے جو کام کیے، اُن میں سب سے اہم کون سا تھا؟‏

یسوع مسیح نے جو کچھ کِیا، اُن میں سب سے اہم کام یہ تھا کہ اُنہوں نے ‏”‏خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری“‏ سنائی۔ (‏لُوقا 4:‏43 کو پڑھیں۔)‏ اُنہوں نے یہ خوش‌خبری سنائی کہ خدا ایک بادشاہت یا حکومت قائم کرے گا جو اِنسانوں کے سارے مسئلے حل کر دے گی۔‏ a یسوع مسیح نے لوگوں کو یہ تسلی‌بخش پیغام سنانے کے لیے ساڑھے تین سال تک سخت محنت کی۔—‏متی 9:‏35‏۔‏

2‏.‏ یسوع مسیح نے معجزے کیوں کیے؟‏

بائبل میں بہت سے ‏”‏حیرت‌انگیز کاموں، نشانیوں اور معجزوں“‏ کا ذکر کِیا گیا ہے ‏”‏جو خدا نے [‏یسوع]‏ کے ذریعے کیے۔“‏ (‏اعمال 2:‏22‏)‏ خدا نے یسوع کو طاقت دی جس کے ذریعے اُنہوں نے طوفان کو روک دیا، ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا، بیماروں کو ٹھیک کِیا، یہاں تک کہ مُردوں کو بھی زندہ کِیا۔ (‏متی 8:‏23-‏27؛‏ 14:‏15-‏21؛‏ مرقس 6:‏56؛‏ لُوقا 7:‏11-‏17‏)‏ یسوع کے معجزوں سے یہ ثابت ہو گیا کہ اُنہیں خدا نے بھیجا ہے۔ اُن معجزوں سے یہ بھی ثابت ہوا کہ یہوواہ خدا کے پاس ہمارے تمام مسئلوں کو حل کرنے کی طاقت ہے۔‏

3.‏ ہم یسوع مسیح کی زندگی سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

یسوع مسیح نے ہر صورتحال میں یہوواہ خدا کا کہنا مانا۔ (‏یوحنا 8:‏29 کو پڑھیں۔)‏ اُنہوں نے سخت مخالفت کے باوجود مرتے دم تک اپنے باپ کی مرضی پر عمل کِیا۔ اُنہوں نے ثابت کِیا کہ اِنسان مشکل حالات میں بھی خدا کی خدمت کر سکتے ہیں۔ اِس طرح اُنہوں نے ‏’‏ہمارے لیے مثال چھوڑی تاکہ ہم اُن کے نقشِ‌قدم پر چلیں۔‘‏‏—‏1-‏پطرس 2:‏21‏۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

جانیں کہ یسوع نے خوش‌خبری کیسے سنائی اور معجزے کیسے کیے۔‏

4.‏ یسوع مسیح نے خوش‌خبری سنائی

یسوع مسیح کچے راستوں پر سینکڑوں میل پیدل چلے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو خوش‌خبری سنا سکیں۔ لُوقا 8:‏1 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • کیا یسوع مسیح نے صرف اُن لوگوں کو خوش‌خبری سنائی جو اُن کی باتیں سننے کے لیے اُن کے پاس آتے تھے؟‏

  • یسوع مسیح نے لوگوں کو خوش‌خبری سنانے کے لیے کیا کِیا؟‏

خدا نے پہلے سے بتا دیا تھا کہ مسیح لوگوں کو خوش‌خبری سنائے گا۔ یسعیاہ 61:‏1، 2 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • یسوع مسیح نے اِس پیش‌گوئی کو کیسے پورا کِیا؟‏

  • آپ کے خیال میں کیا آج‌کل لوگوں کو یہ خوش‌خبری سننے کی ضرورت ہے؟‏

5.‏ یسوع مسیح نے لوگوں کو سنہری باتیں سکھائیں

خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری سنانے کے علاوہ یسوع مسیح نے لوگوں کو ایسی باتیں سکھائیں جن پر عمل کرنے سے اُنہیں بہت فائدہ ہو سکتا تھا۔ ایسی کچھ باتیں اُن کے مشہور پہاڑی وعظ میں ملتی ہیں۔ متی 6:‏14،‏ 34 اور 7:‏12 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • یسوع مسیح نے اِن آیتوں میں کون سے فائدہ‌مند مشورے دیے؟‏

  • آپ کے خیال میں کیا اِن مشوروں پر عمل کرنے سے ہمیں آج بھی فائدہ ہو سکتا ہے؟‏

6.‏ یسوع مسیح نے معجزے کیے

یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو بہت سے معجزے کرنے کی طاقت دی۔ ایسے ہی ایک معجزے کے بارے میں جاننے کے لیے مرقس 5:‏25-‏34 کو پڑھیں یا ویڈیو چلائیں‏۔‏ پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • ویڈیو میں جس بیمار عورت کو دِکھایا گیا ہے، اُسے کس بات کا یقین تھا؟‏

  • آپ کو اِس معجزے کے بارے میں کون سی بات اچھی لگی ہے؟‏

یوحنا 5:‏36 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • یسوع مسیح کے معجزوں سے اُن کے بارے میں کیا ”‏گواہی“‏ ملی؟‏

کیا آپ جانتے ہیں؟‏

یسوع مسیح کی زندگی کے زیادہ‌تر واقعات چار اناجیل میں لکھے ہیں یعنی متی، مرقس، لُوقا اور یوحنا میں۔ ہر اِنجیل میں یسوع مسیح کے بارے میں تھوڑی فرق تفصیل بتائی گئی ہے۔ جب ہم اِن ساری تفصیلات پر غور کرتے ہیں تو ہمارے سامنے یسوع مسیح کی زندگی کی بڑی خوب‌صورت تصویر آتی ہے۔‏

  • متی

    متی نے اپنی اِنجیل سب سے پہلے لکھی۔ اُنہوں نے یسوع مسیح کی تعلیمات پر توجہ دِلائی، خاص طور پر اُن باتوں پر جو یسوع نے خدا کی بادشاہت کے بارے میں سکھائیں۔‏

  • مرقس

    مرقس نے سب سے چھوٹی اِنجیل لکھی۔ اُنہوں نے ایک کے بعد ایک زبردست واقعات درج کیے۔‏

  • لُوقا

    لُوقا نے خاص طور پر اِس بات پر توجہ دِلائی کہ یسوع مسیح کی نظر میں دُعا کرنا کتنا اہم تھا اور وہ عورتوں سے کس طرح پیش آتے تھے۔‏

  • یوحنا

    یوحنا نے بہت سے ایسے واقعات لکھے جن میں یسوع مسیح نے اپنے قریبی دوستوں اور دوسرے لوگوں سے بات‌چیت کی۔ یوں اُنہوں نے واضح کِیا کہ یسوع مسیح کی شخصیت کیسی تھی۔‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏یسوع مسیح صرف ایک نبی تھے۔“‏

  • آپ کا کیا خیال ہے؟‏

خلاصہ

یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت کی خوش‌خبری سنائی، معجزے کیے اور ہر صورتحال میں یہوواہ خدا کا کہنا مانا۔‏

دُہرائی

  • یسوع مسیح نے زمین پر جو کام کیے، اُن میں سب سے اہم کون سا تھا؟‏

  • یسوع مسیح کے معجزوں سے کیا ثابت ہوا؟‏

  • یسوع مسیح نے کون سی سنہری باتیں سکھائیں؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

اِس مضمون میں پڑھیں کہ یسوع مسیح نے کس موضوع پر سب سے زیادہ بات کی۔‏

‏”‏خدا کی بادشاہت یسوع کی نظر میں اِتنی اہم کیوں تھی؟“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ ہم اِس بات پر کیوں یقین رکھ سکتے ہیں کہ یسوع مسیح نے سچ میں معجزے کیے تھے۔‏

‏”‏یسوع کے معجزوں سے ہم کیا سیکھ سکتے ہیں؟“‏ (‏مینارِنگہبانی،‏ 15 جولائی 2004ء)‏

اِس مضمون میں پڑھیں کہ جب ایک آدمی نے سیکھا کہ یسوع مسیح لوگوں سے کتنا پیار کرتے تھے تو اُس کی زندگی کیسے بدل گئی۔‏

‏”‏میری زندگی مجھ ہی سے شروع اور مجھ ہی پر ختم ہوتی تھی“‏ (‏‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مضمون)‏

جانیں کہ یسوع مسیح کی زندگی کے واقعات کس ترتیب سے پیش آئے۔‏

‏”‏یسوع کی زندگی کے اہم واقعات“‏ (‏کتابِ‌مُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ،‏ حصہ 4)‏

a سبق نمبر 31-‏33 میں خدا کی بادشاہت کے بارے میں تفصیل سے بات کی جائے گی۔‏