مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 39

خدا کی نظر میں خون کی اہمیت

خدا کی نظر میں خون کی اہمیت

خون ہمارے جسم کا ایک لازمی حصہ ہے جس کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔ یہوواہ خدا نے ہمیں بنایا ہے۔ اِس لیے اُسے حق ہے کہ وہ ہمیں بتائے کہ ہمیں خون کو کیسے اِستعمال کرنا چاہیے۔ خدا نے بائبل میں خون کے بارے میں کیا بتایا ہے؟ کیا ہمیں ایسی چیزیں کھانی چاہئیں جن میں خون ملا ہو یا کیا ہمیں خون لگوانا چاہیے؟ آپ اِس حوالے سے صحیح فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏

1.‏ یہوواہ خون کو کیسا خیال کرتا ہے؟‏

پُرانے زمانے میں خدا نے اپنے بندوں سے کہا:‏ ‏”‏جسم کی جان [‏یا زندگی]‏ .‏ .‏ .‏ اُس کا خون ہے۔“‏ (‏احبار 17:‏14‏)‏ یہوواہ کی نظر میں خون زندگی کی علامت ہے۔ زندگی خدا کی طرف سے ایک پاک نعمت ہے۔ اِس لیے خون بھی ایک پاک چیز ہے۔‏

2.‏ خدا نے خون کے حوالے سے کیا حکم دیا ہے؟‏

پُرانے زمانے میں خدا نے اپنے بندوں کو حکم دیا کہ وہ خون نہ کھائیں۔ (‏پیدایش 9:‏4 اور احبار 17:‏10 کو پڑھیں۔)‏اور جب مسیحی کلیسیا بنی تو خدا نے گورننگ باڈی کے ذریعے پھر سے اپنے بندوں کو یہ حکم دیا کہ وہ ‏”‏خون .‏ .‏ .‏ سے گریز کریں۔“‏‏—‏اعمال 15:‏28، 29 کو پڑھیں۔‏

خون سے گریز کرنے کا کیا مطلب ہے؟ اگر ایک ڈاکٹر کسی شخص سے کہتا ہے کہ وہ شراب سے گریز کرے تو ظاہر سی بات ہے کہ وہ شخص شراب نہیں پیئے گا۔ لیکن کیا اُسے ایسی چیزیں کھانی چاہئیں جن میں شراب ملی ہو یا کیا اُسے شراب کی بوتل لگوانی چاہیے؟ بے‌شک اُسے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ خون سے گریز کرنے کا بھی یہی مطلب ہے کہ ہمیں خون نہیں پینا چاہیے، ایسا گوشت نہیں کھانا چاہیے جس سے خون نہ نکالا گیا ہو اور کوئی ایسی چیز نہیں کھانی چاہیے جس میں خون ملایا گیا ہو۔‏

لیکن کیا ہمیں ایسے علاج کروانے چاہئیں جن میں خون اِستعمال ہوتا ہے؟ کچھ علاج ایسے ہوتے ہیں جن میں خون کے حوالے سے خدا کے حکم کی صاف صاف خلاف‌ورزی ہوتی ہے، مثلاً خون یا اِس کے چار بنیادی حصے یعنی سُرخ خلیے،سفید خلیے، پلیٹ‌لیٹس یا پلازمہ لگوانے سے۔ کبھی کبھار یہ واضح نہیں ہوتا کہ فلاں علاج سے خدا کا حکم ٹوٹ رہا ہے یا نہیں۔ مثال کے طور پر کچھ علاج ایسے ہوتے ہیں جن میں خون کے چار بنیادی حصوں میں سے کسی ایک کے اجزا اِستعمال کیے جاتے ہیں۔ کچھ صورتوں میں کسی شخص کے علاج کے دوران اُس کا اپنا خون اِستعمال کِیا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں ایک شخص کو خود یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ کیا کرے گا۔‏ a‏—‏گلتیوں 6:‏5‏۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

جانیں کہ آپ یہ فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں کہ آپ کون سا علاج کروائیں گے اور کون سا نہیں۔‏

3.‏ علاج کے سلسلے میں ایسے فیصلے کریں جن سے یہوواہ خدا خوش ہو

آپ علاج کے سلسلے میں خدا کی مرضی کے مطابق فیصلے کیسے کر سکتے ہیں؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس بارے میں بات‌چیت کریں کہ نیچے دیے گئے نکتوں پر کام کرنا کیوں ضروری ہے:‏

  • یہوواہ سے دُعا کریں کہ وہ آپ کو دانش‌مندی دے۔—‏یعقوب 1:‏5‏۔‏

  • بائبل میں دیے گئے اصول ڈھونڈیں اور دیکھیں کہ آپ اِن پر کیسے عمل کر سکتے ہیں۔—‏امثال 13:‏16‏۔‏

  • پتہ لگائیں کہ آ پ کے علاقے میں علاج کے کون سے طریقے دستیاب ہیں۔‏

  • غور کریں کہ کن طریقوں سے علاج کرانا بالکل غلط ہوگا۔‏

  • اِس بات کا یقین کر لیں کہ آپ جو بھی فیصلہ کریں، اُس سے آپ کا ضمیر صاف رہے۔—‏اعمال 24:‏16‏۔‏ b

  • یاد رکھیں کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں آپ کو خود اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ اِس معاملے میں نہ تو آپ کے شوہر یا بیوی کو، نہ کلیسیا کے کسی بزرگ کو اور نہ آپ کو بائبل کورس کرانے والے شخص کو آپ کے لیے فیصلہ کرنا چاہیے۔—‏رومیوں 14:‏12‏۔‏

  • اپنے فیصلے کو لکھ لیں۔‏

4.‏ یہوواہ کے گواہ اچھے علاج کرواتے ہیں

یہ سچ ہے کہ ہم خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے خون نہیں لگواتے۔ لیکن خون لگوائے بغیر بھی کامیابی سے علاج کروائے جا سکتے ہیں۔‏ویڈیو چلائیں‏۔‏

طِطُس 3:‏2 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • ہمیں ڈاکٹروں کے ساتھ احترام اور نرمی سے بات کیوں کرنی چاہیے؟‏

مسیحی یہ نہیں لے سکتے

مسیحی خود فیصلہ کر سکتے ہیں

‏(‏1)‏ پلازمہ

پلازمہ سے لیے گئے اجزا

‏(‏2)‏ سفید خلیے

سفید خلیوں سے لیے گئے اجزا

‏(‏3)‏ پلیٹ‌لیٹس

پلیٹ‌لیٹس سے لیے گئے اجزا

‏(‏4)‏ سُرخ خلیے

سُرخ خلیوں سے لیے گئے اجزا

 5.‏ جب علاج میں خون کے اجزا اِستعمال کیے جاتے ہیں

خون کے چار بنیادی حصے ہیں یعنی سُرخ خلیے، سفید خلیے، پلیٹ‌لیٹس اور پلازمہ۔ اِن حصوں کے بھی بہت سے چھوٹے چھوٹے حصے ہوتے ہیں جنہیں خون کے اجزا کہا جاتا ہے۔‏ c اِن میں سے کچھ اجزا کو ایسی دوائیوں میں اِستعمال کِیا جاتا ہے جو بیماریوں سے لڑنے اور خون روکنے میں مدد کرتی ہیں۔‏

جب علاج میں خون کے اجزا اِستعمال کرنے کی بات آتی ہے تو ہر مسیحی کو خود اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنا چاہیے۔ شاید کچھ مسیحی ایسے علاج نہ کروائیں جن میں خون کے اجزا اِستعمال کیے جاتے ہیں جبکہ شاید کچھ مسیحیوں کا ضمیر اُنہیں ایسے علاج کروانے کی اِجازت دے۔‏

اِس حوالے سے فیصلہ کرتے وقت اِس سوال پر غور کریں:‏

  • مَیں ڈاکٹر کو یہ کیسے بتاؤں گا کہ مَیں نے خون کے فلاں اجزا لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کیوں کِیا ہے؟‏

شاید کوئی شخص پوچھے:‏ ”‏خون لگوانے میں کیا حرج ہے؟“‏

  • آپ کا کیا خیال ہے؟‏

خلاصہ

یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم خون کو پاک خیال کریں۔‏

دُہرائی

  • یہوواہ خدا خون کو پاک کیوں خیال کرتا ہے؟‏

  • ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ خدا نے خون سے گریز کرنے کا جو حکم دیا ہے، اُس میں خون نہ لگوانا بھی شامل ہے؟‏

  • آپ یہ فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں کہ آپ فلاں علاج کروائیں گے یا نہیں؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

ایسے علاج جن میں آپ کا اپنا خون اِستعمال کِیا جاتا ہے، اُن کے حوالے سے فیصلہ کرنے سے پہلے آپ کو کن باتوں پر غور کرنا چاہیے؟‏

‏”‏سوالات از قارئین“‏ (‏مینارِنگہبانی،‏ 15 اکتوبر 2000ء)‏

ایسے علاج جن میں خون کے چار بنیادی حصوں کے اجزا اِستعمال کیے جاتے ہیں، اُن کے حوالے سے فیصلہ کرنے سے پہلے آپ کو کن باتوں پر غور کرنا چاہیے؟‏

‏”‏سوالات از قارئین“‏ (‏مینارِنگہبانی،‏ 15 جون 2004ء)‏

ایک ڈاکٹر کو یہ یقین کیسے ہوا کہ خون کے حوالے سے یہوواہ خدا کی تعلیم بالکل صحیح ہے؟‏

‏”‏مَیں نے خون کے بارے میں خدا کا نظریہ اپنایا“‏ (‏‏”‏جاگو!‏“‏کا مضمون)‏

جانیں کہ ہسپتال رابطہ کمیٹی میں کام کرنے والے بزرگ بہن بھائیوں کی مدد کیسے کرتے ہیں۔‏

یہوواہ بیماروں کو سنبھالتا ہے (‏23:‏10)‏

a سبق نمبر 35 ”‏ہم اچھے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں؟“‏ کو دیکھیں۔‏

b  نکتہ نمبر 5 ”‏جب علاج میں خون کے اجزا اِستعمال کیے جاتے ہیں؛“‏ اور کتاب کے آخر میں نکتہ نمبر 3 ”‏ایسے علاج جن میں خون اِستعمال کِیا جاتا ہے“‏ اور ‏”‏ہماری بادشاہتی خدمتگزاری،“‏ نومبر 2006ء، صفحہ نمبر 3-‏6 کو دیکھیں۔‏

c کچھ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ خون کے چار بنیادی حصے بھی خون کے اجزا ہی ہیں۔ اِس لیے شاید آپ کو ڈاکٹر کو یہ بتانا پڑے کہ آپ نہ تو خون لیں گے اور نہ ہی سُرخ خلیے، سفید خلیے، پلیٹ‌لیٹس اور پلازمہ۔‏