مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق نمبر 54

‏”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کیا کام کرتا ہے؟‏

‏”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کیا کام کرتا ہے؟‏

یسوع مسیح کلیسیا کے سربراہ ہیں۔ (‏اِفسیوں 5:‏23‏)‏ وہ آسمان پر ہیں لیکن وہ ایک ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کے ذریعے زمین پر اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ (‏متی 24:‏45 کو پڑھیں۔)‏ یہ سچ ہے کہ وفادار اور سمجھ‌دار غلام کو یسوع مسیح کی طرف سے ایک اہم ذمے‌داری ملی ہے اور اُس کے پاس کسی حد تک اِختیار ہے۔ لیکن پھر بھی وہ یسوع مسیح کا غلام ہے اور یسوع مسیح کے بھائیوں کی خدمت کرتا ہے۔ وفادار اور سمجھ‌دار غلام کون ہے اور یہ ہماری دیکھ‌بھال کیسے کرتا ہے؟‏

1.‏ ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کون ہے؟‏

یہوواہ خدا ہمیشہ سے ہی ایک آدمی یا آدمیوں کے ایک چھوٹے سے گروہ کے ذریعے اپنے بندوں کی رہنمائی کرتا آیا ہے۔ (‏ملاکی 2:‏7؛‏ عبرانیوں 1:‏1‏)‏ یسوع مسیح کی موت کے بعد یروشلیم میں رسولوں اور بزرگوں نے اِس ذمے‌داری کو انجام دیا۔ (‏اعمال 15:‏2‏)‏ اِسی طرح آج بزرگوں کا ایک چھوٹا سا گروہ یعنی یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی خدا کے بندوں کو روحانی کھانا فراہم کرتی ہے اور مُنادی کے کام کی پیشوائی کرتی ہے۔ گورننگ باڈی وہ ‏”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ ہے ‏”‏جسے [‏یسوع مسیح نے]‏ .‏ .‏ .‏ مقرر کِیا ہے۔“‏ (‏متی 24:‏45 کا پہلا حصہ)‏ گورننگ باڈی کے سبھی رُکن پاک روح سے مسح‌شُدہ ہیں اور یہ اُمید رکھتے ہیں کہ جب زمین پر اُن کی زندگی ختم ہو جائے گی تو وہ آسمان پر یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گے۔‏

2.‏ وفادار غلام کون سا روحانی کھانا فراہم کرتا ہے؟‏

یسوع مسیح نے کہا تھا کہ وفادار غلام اپنے ہم‌ایمانوں کو ‏”‏صحیح وقت پر کھانا“‏ دے گا۔ (‏متی 24:‏45 کا دوسرا حصہ)‏ جس طرح جسمانی کھانا ہمیں طاقت دیتا اور تندرست رکھتا ہے اُسی طرح روحانی کھانا یعنی خدا کے کلام سے ملنے والی ہدایتیں ہمیں طاقت دیتی ہیں۔ اِس طرح ہم یہوواہ خدا کے وفادار رہ پاتے ہیں اور وہ کام کر پاتے ہیں جو یسوع مسیح نے ہمیں دیا ہے۔ (‏1-‏تیمُتھیُس 4:‏6‏)‏ ہمیں یہ کھانا اِجلاسوں، اِجتماعوں اور بائبل سے تیار کی گئی کتابوں، رسالوں اور ویڈیوز کے ذریعے ملتا ہے۔ اِن کے ذریعے ہم یہ سمجھ پاتے ہیں کہ خدا ہم سے کیا چاہتا ہے اور ہم اُس کے ساتھ اپنی دوستی کیسے مضبوط کر سکتے ہیں۔‏

موضوع کی گہرائی میں جائیں

جانیں کہ ہمیں ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ یعنی گورننگ باڈی کی ضرورت کیوں ہے۔‏

گورننگ باڈی پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کو روحانی کھانا، ہدایتیں اور مدد فراہم کرتی ہے۔‏

3.‏ یہوواہ خدا کے بندوں کو منظم ہونا چاہیے

یسوع مسیح کی رہنمائی میں گورننگ باڈی پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کے کام کو منظم کرتی ہے۔ یسوع مسیح نے پہلی صدی عیسوی میں بھی اپنے پیروکاروں کی اِسی طرح سے رہنمائی کی تھی۔ ویڈیو چلائیں‏۔‏

پہلا کُرنتھیوں 14:‏33،‏ 40 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • اِن آیتوں سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ اُس کے بندے منظم ہوں؟‏

4.‏ وفادار غلام مُنادی کے کام کی پیشوائی کرتا ہے

مُنادی کا کام وہ سب سے اہم کام تھا جو اِبتدائی مسیحیوں نے کِیا تھا۔ اعمال 8:‏14،‏ 25 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • پہلی صدی عیسوی میں مُنادی کے کام کی پیشوائی کس نے کی؟‏

  • جب پطرس اور یوحنا کو دوسرے رسولوں کی طرف سے ایک ہدایت ملی تو اُنہوں نے کیا کِیا؟‏

مُنادی کا کام وہ سب سے اہم کام ہے جس کی گورننگ باڈی پیشوائی کرتی ہے۔ ویڈیو چلائیں‏۔‏

یسوع مسیح نے بتایا کہ مُنادی کا کام کتنا اہم ہے۔ مرقس 13:‏10 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • گورننگ باڈی کی نظر میں مُنادی کا کام اِتنا ضروری کیوں ہے؟‏

  • مُنادی کے کام کو منظم کرنے کے لیے ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کی ضرورت کیوں ہے؟‏

5.‏ وفادار غلام خدا کے بندوں کو ہدایتیں دیتا ہے

گورننگ باڈی پوری دُنیا میں مسیحیوں کو ہدایتیں دیتی ہے۔ گورننگ باڈی یہ فیصلہ کیسے کرتی ہے کہ اُسے کیا ہدایت دینی ہے؟ غور کریں کہ پہلی صدی عیسوی میں گورننگ باڈی نے یہ فیصلہ کیسے کِیا کہ اُسے کیا ہدایت دینی ہے۔ اعمال 15:‏1، 2 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • پہلی صدی عیسوی میں کس معاملے پر کچھ مسیحیوں کے درمیان اِختلاف پیدا ہو گیا؟‏

  • اُس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پولُس، برنباس اور دوسرے بھائیوں نے کس سے مدد مانگی؟‏

اعمال 15:‏12-‏18،‏ 23-‏29 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • پہلی صدی عیسوی میں گورننگ باڈی نے فیصلہ کرنے سے پہلے خدا کی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے کیا کِیا؟—‏12‏، 15 اور 28 آیت کو دیکھیں۔‏

اعمال 15:‏30، 31 اور 16:‏4، 5 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر بات‌چیت کریں:‏

  • پہلی صدی عیسوی میں مسیحیوں نے گورننگ باڈی کی طرف سے ہدایت ملنے پر کیا کِیا؟‏

  • اُن مسیحیوں کی فرمانبرداری کا کیا نتیجہ نکلا؟‏

دوسرا تیمُتھیُس 3:‏16 اور یعقوب 1:‏5 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر بات‌چیت کریں:‏

  • آج گورننگ باڈی فیصلے کرتے وقت کہاں سے رہنمائی حاصل کرتی ہے؟‏

کچھ لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏اگر آپ گورننگ باڈی کی بات مانتے ہیں تو آپ اِنسانوں کے پیچھے چل رہے ہوتے ہیں۔“‏

  • آپ اِس بات پر یقین کیوں رکھتے ہیں کہ یسوع مسیح ہی گورننگ باڈی کی رہنمائی کر رہے ہیں؟‏

خلاصہ

گورننگ باڈی وہ ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام ہے“‏ جسے یسوع مسیح نے مقرر کِیا ہے۔ گورننگ باڈی پوری دُنیا میں مسیحیوں کو ہدایتیں اور روحانی کھانا دیتی ہے۔‏

دُہرائی

  • ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کو کس نے مقرر کِیا ہے؟‏

  • گورننگ باڈی ہماری دیکھ‌بھال کیسے کرتی ہے؟‏

  • کیا آپ کو یقین ہے کہ گورننگ باڈی ہی ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ ہے؟‏

اب یہ کرنا ہے:‏

مزید جانیں

اِس مضمون میں پڑھیں کہ گورننگ باڈی منظم طریقے سے کام کیسے کرتی ہے۔‏

‏”‏یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کیا ہے؟“‏ (‏ویب‌سائٹ پر مضمون)‏

اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ گورننگ باڈی اِس بات کو یقینی کیسے بناتی ہے کہ ہمیں ایسا روحانی کھانا ملے جو قابلِ‌بھروسا ہو۔‏

ہم آپ تک درست معلومات کیسے پہنچاتے ہیں؟‏ (‏18:‏17)‏

گورننگ باڈی اُس کام کو کیسا خیال کرتی ہے جو یسوع مسیح نے اُنہیں دیا ہے؟‏

ایک بہت بڑا اعزاز (‏04:‏7)‏

ہمارے اِجلاسوں اور اِجتماعوں سے کیسے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا گورننگ باڈی کی رہنمائی کر رہا ہے؟‏

یہوواہ اپنے بندوں کو تعلیم دے رہا ہے (‏39:‏9)‏