مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

تعارف

تعارف

کتاب ‏”‏زندگی گزارنے کے لیے پاک کلام کے اصول“‏ کی مدد سے ہم بائبل کی کوئی ایسی آیت یا اِس میں لکھا کوئی ایسا واقعہ آسانی سے ڈھونڈ سکتے ہیں جو کسی مشکل سے نمٹنے میں ہمارے کام آ سکتا ہے۔ اِس کتاب میں آپ ایسی آیتیں بھی ڈھونڈ سکتے ہیں جن کی مدد سے آپ دوسروں کا حوصلہ بڑھا سکتے ہیں اور ایسے فیصلے کرنے میں اُن کی مدد کر سکتے ہیں جن سے یہوواہ کی بڑائی ہو۔ اِس کے لیے آپ کو صرف موضوع چُننا ہوگا۔ ہر موضوع کے ساتھ سوال دیے گئے ہیں اور بائبل کے کسی واقعے کے بارے میں تھوڑی بہت معلومات دی گئی ہے۔ (‏بکس ”‏ کتاب کو اِستعمال کرنے کا طریقہ‏“‏ کو دیکھیں۔)‏ اِس کتاب میں آپ پاک کلام کی ایسی آیتیں تلاش کر پائیں گے جن میں فائدہ‌مند مشورے، ہدایتیں اور تسلی دی گئی ہے۔ اِس میں آپ کو بائبل سے ایسے فائدہ‌مند اصول بھی ملیں گے جنہیں آپ دوسروں کا حوصلہ بڑھانے، مشکلوں سے نمٹنے اور دوسروں کو تسلی اور مشورے دینے کے لیے اِستعمال کر سکیں گے۔‏

بے‌شک اِس کتاب میں ایک موضوع کے ساتھ جو آیتیں دی گئی ہے، اُن کے علاوہ اُس موضوع کے بارے میں اَور بھی بہت سی آیتیں ہو سکتی ہیں۔ لیکن آپ اُس موضوع پر تحقیق کرنے کے لیے اِس کتاب سے شروعات کر سکتے ہیں۔ (‏اَمثا 2:‏1-‏6‏)‏ کسی آیت کے بارے میں اَور زیادہ جاننے کے لیے کتاب ‏”‏یہوواہ کے گواہوں کے لئے مطالعے کے حوالے“‏ میں ”‏آیتوں کی وضاحت“‏ کو دیکھیں۔ اِس سے آپ دیکھ پائیں گے کہ ایک آیت کے بارے میں کس کتاب یا رسالے میں بتایا گیا ہے۔ اور حال ہی میں شائع ہونے والی کسی کتاب یا رسالے سے آپ جان پائیں گے کہ فلاں آیت کے بارے میں ہماری تنظیم نے حال ہی میں کون سی وضاحت کی ہے۔‏

دُعا ہے کہ کتاب ‏”‏زندگی گزارنے کے لیے پاک کلام کے اصول“‏ کی مدد سے آپ پاک کلام میں چھپی دانش‌مندی، علم اور سمجھ کے خزانوں کو تلاش کر پائیں۔ جیسے جیسے آپ اِس کتاب کو اِستعمال کریں گے، آپ کا اِس بات پر یقین بڑھنے لگے گا کہ ”‏خدا کا کلام زندہ اور مؤثر ہے۔“‏—‏عبر 4:‏12‏۔‏