مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ایک اہم پیدائش

ایک اہم پیدائش

ایک اہم پیدائش

‏’‏آج تمہارے لئے ایک منجّی پیدا ہوا ہے یعنی مسیح۔‏‘‏ —‏لوقا ۲:‏۱۱‏۔‏

تقریباً دو ہزار سال پہلے کی بات ہے۔‏ شہر بیت‌لحم میں ایک عورت ایک بچے کو جنم دیتی ہے۔‏ اُسی رات کئی چرواہے میدان میں گلّہ‌بانی کر رہے ہیں۔‏ اچانک ہی اُنکو بہت سے فرشتے دکھائی دیتے ہیں۔‏ یہ فرشتے بلند آواز میں گانے لگتے ہیں:‏ ”‏عالمِ‌بالا پر خدا کی تمجید ہو اور زمین پر ان آدمیوں میں جن سے وہ راضی ہے صلح۔‏“‏ (‏لوقا ۲:‏۸-‏۱۵‏)‏ ان چرواہوں کے علاوہ کم ہی لوگوں نے اِس پیدائش کی اہمیت کو سمجھا تھا۔‏

فرشتوں کے کہنے پر چرواہے مریم اور اُس کے شوہر یوسف کو بیت‌لحم کے ایک اصطبل میں پاتے ہیں۔‏ وہ دیکھتے ہیں کہ مریم نے اپنے بیٹے کو چرنی میں لٹایا ہوا ہے۔‏ اُس ننھے بچے کا نام یسوع رکھا گیا۔‏ (‏لوقا ۱:‏۳۱؛‏ ۲:‏۱۲‏)‏ اس واقعے کو دو ہزار سال ہو چکے ہیں۔‏ ہو سکتا ہے کہ یسوع کی پیدائش کی یہ کہانی دُنیا کی اَور کسی کہانی سے زیادہ دہرائی گئی ہے۔‏ اب نوعِ‌انسان کا ایک تہائی حصہ یسوع مسیح کا پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔‏

سپین ایک ایسا ملک ہے جہاں کیتھولک مذہب کے رسومات بڑے جوش سے منائے جاتے ہیں۔‏ وہاں کے لوگ یسوع کی پیدائش کی یادگار کو بھی طرح طرح کے طریقوں سے مناتے ہیں۔‏

ملک سپین میں کرسمس کے رسومات

تیرھویں صدی سے ہسپانوی لوگ کرسمس منانے کیلئے اُس واقعے کے منظر تیار کرتے ہیں جب چرواہے یسوع کی پیدائش کے بعد اُسے اصطبل میں دیکھنے کیلئے گئے۔‏ کئی خاندان اُس چرنی کے چھوٹے نمونے تیار کرتے ہیں جس میں یسوع کو رکھا گیا تھا۔‏ اِسکے علاوہ یوسف،‏ مریم،‏ یسوع اور تین بادشاہوں کے مٹی کے چھوٹے چھوٹے مجسّمے بھی اِستعمال کئے جاتے ہیں۔‏ کرسمس کے وقت کئی شہروں کے مرکز میں یسوع کی پیدائش کے ایسے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جن میں مٹی کے مجسّمے اکثر انسان جتنے بڑے ہوتے ہیں۔‏ اِس رواج کو ملک اٹلی کے فرانسس نامی ایک پادری نے شروع کِیا تھا۔‏ وہ چاہتا تھا کہ لوگ یسوع کی پیدائش کی کہانی پر زیادہ توجہ دیں۔‏ بعد میں کیتھولک راہبوں نے اِس رواج کو سپین اور دوسرے ملکوں میں بھی شروع کر دیا۔‏

سپین میں کرسمس کے تہوار پر ۳ بادشاہوں کو بہت اہم کردار دیا جاتا ہے۔‏ لوگ مانتے ہیں کہ یہ بادشاہ یسوع کو تحفے دینے کیلئے آئے تھے۔‏ اسلئے جنوری کی ۶ تاریخ کو لوگ ان بادشاہوں کے روپ میں بچوں کو تحفے دیتے ہیں۔‏ اِس دن کو ”‏بادشاہوں کا دن“‏ کہا جاتا ہے۔‏ لیکن انجیل کے مطابق یہ بادشاہ نہیں بلکہ دراصل مجوسی یعنی نجومی تھے۔‏ * انجیل میں یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ کتنے مجوسی یسوع کو دیکھنے گئے تھے۔‏ اِسکے علاوہ جب مجوسی یسوع کو دیکھ آئے تھے تو بادشاہ ہیرودیس نے بیت‌لحم کے اُن تمام لڑکوں کو مروا ڈالا ”‏جو دو دو برس کے یا اُس سے چھوٹے تھے۔‏“‏ اِس سے ہم نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ مجوسی یسوع کی پیدائش کے کافی عرصہ بعد اُسے دیکھنے کیلئے گئے تھے۔‏—‏متی ۲:‏۱۱،‏ ۱۶‏۔‏

بارھویں صدی سے لے کر آج تک سپین کے کچھ شہروں میں یسوع کی پیدائش کے متعلق ڈرامے پیش کئے جاتے ہیں۔‏ اِن میں چرواہوں اور تین بادشاہوں کے کردار بھی شامل کئے جاتے ہیں۔‏ آجکل جنوری ۵ کو سپین کے بہتیرے شہروں میں ایک پریڈ ہوتا ہے۔‏ اِس پریڈ میں تین آدمی بادشاہ کا کردار ادا کرتے ہوئے سجی ہوئی گاڑیوں میں بیٹھ کر لوگوں میں مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔‏ کرسمس کے وقت لوگ خاص گیت گاتے ہیں اَور اپنے گھروں کو بھی سجاتے ہیں جس سے یہ تہوار زیادہ رنگین بن جاتا ہے۔‏

سپین کے بہتیرے خاندان دسمبر کی ۲۴ تاریخ کی شام پر خاص قسم کا کھانا کھاتے ہیں۔‏ اِس خاص کھانے میں بادام اور شہد کی مٹھائیاں،‏ میوے،‏ گوشت اور مچھلی جیسی غذائیات بھی شامل ہوتی ہیں۔‏ پورا خاندان اِس موقعے کیلئے جمع ہونے کی پوری پوری کوشش کرتا ہے۔‏ جنوری کی ۶ تاریخ پر ایک اَور رسم منائی جاتی ہے۔‏ اِس دن پر کلچہ جیسا ایک کیک کھایا جاتا ہے۔‏ اِس میں ایک ننھی سی گڑیا چھپائی جاتی ہے۔‏ اِس کیک کو ”‏بادشاہوں کا کیک“‏ کہتے ہیں۔‏ رومی سلطنت کے زمانے میں بھی ایسا ہی ایک رواج ہوتا تھا۔‏ تب اگر ایک غلام کو اپنے کیک میں وہ گڑیا مل جاتی تو وہ ایک دن کیلئے بادشاہ کی طرح مزے اُڑا سکتا تھا۔‏

خوشیاں!‏

مختلف علاقوں کے تہواروں میں سے کرسمس دُنیا کا سب سے مشہور تہوار ہے۔‏ ایک انسائیکلوپیڈیا بیان کرتی ہے:‏ ”‏لاکھوں مسیحیوں اَور غیرمسیحیوں کیلئے یہ سال کا سب سے مصروف وقت ہونے کیساتھ ساتھ سب سے زیادہ خوشیوں کا وقت بھی ہوتا ہے۔‏“‏ کیا ایسا تہوار منانا ہمارے لئے مناسب ہے؟‏

یہ سچ ہے کہ یسوع کی پیدائش انسانی تاریخ کا ایک بہت ہی اہم واقعہ تھا۔‏ فرشتوں نے کہا تھا کہ یہ واقعہ ’‏ان آدمیوں میں جن سے خدا راضی ہے صلح‘‏ کا باعث ہوگا۔‏ اِس سے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ اِس واقعے کی کتنی اہمیت ہے۔‏

سپین کا ایک صحافی بیان کرتا ہے:‏ ”‏پہلی صدی کے مسیحی یسوع کی پیدائش کا تہوار نہیں مناتے تھے۔‏“‏ اگر ایسا ہے تو کرسمس کا تہوار کیسے شروع ہوا؟‏ یسوع کی پیدائش اور اُسکی زندگی کو یاد کرنے کا سب سے اچھا طریقہ کیا ہے؟‏ اگلے مضمون میں آپکو اِن سوالات کے جواب ملیں گے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 8 پاک صحائف پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏فارسی،‏ مادی اور کسدی معاشرے میں مجوسی‌طبقہ جادو،‏ علمِ‌نجوم اور طب کو فروغ دیتا تھا۔‏“‏ قرونِ‌وسطیٰ کے وقت تک یسوع کو تحفے دینے والے مجوسیوں کو سینٹ یعنی ولی قرار دیا گیا تھا۔‏ کہا جاتا ہے کہ اِنہیں جرمنی کے ایک چرچ میں دفنایا گیا تھا۔‏