مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مرقس نے ہمت نہ ہاری

مرقس نے ہمت نہ ہاری

اپنے بچوں کے ساتھ مل کر پڑھیں

مرقس نے ہمت نہ ہاری

بائبل میں یسوع مسیح کی زندگی کے بارے میں چار اناجیل درج ہیں۔‏ اِن میں سے ایک انجیل کو مرقس نے لکھا تھا۔‏ مرقس کی انجیل بائبل کی سب سے چھوٹی اور آسان کتاب ہے۔‏ مرقس کون تھا؟‏ آپ کے خیال میں کیا وہ یسوع کو جانتا تھا؟‏—‏ * آئیں دیکھیں کہ مرقس کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایک مسیحی کے طور پر اُس نے کبھی ہمت کیوں نہ ہاری۔‏

بائبل میں مرقس کا بنام ذکر پہلی مرتبہ اُس وقت ملتا ہے جب اگرپا بادشاہ نے پطرس رسول کو قید میں ڈلوایا۔‏ ایک رات جب فرشتے نے پطرس کو قید سے چھڑایا تو وہ فوراً مرقس کی ماں مریم کے گھر گیا جو یروشلیم میں رہتی تھی۔‏ پطرس کو یسوع مسیح کے ۳۳ عیسوی کی عیدِفسح پر قتل کئے جانے کے تقریباً دس سال بعد رِہا کرایا گیا تھا۔‏—‏اعمال ۱۲:‏۱-‏۵،‏ ۱۱-‏۱۷‏۔‏

کیا آپ جانتے ہیں کہ پطرس مریم کے گھر کیوں گیا تھا؟‏ غالباً وہ اُس کے خاندان کے افراد سے واقف تھا اور یہ بھی جانتا تھا کہ یسوع کے شاگرد پرستش کے لئے مریم کے گھر میں جمع ہوتے ہیں۔‏ مرقس کا خالہ‌زاد بھائی برنباس کافی عرصے سے یسوع کا شاگرد تھا۔‏ شاید برنباس ۳۳ عیسوی کی عیدِپنتِکُست پر شاگرد بنا تھا۔‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ برنباس نے ۳۳ عیسوی کی عیدِپنتِکُست پر اپنا کھیت بیچ کر نئے شاگردوں کی مدد کی تھی۔‏ شاید یہی وجہ تھی کہ یسوع برنباس،‏ اُس کی خالہ مریم اور اُس کے بیٹے مرقس کو جانتا تھا۔‏—‏اعمال ۴:‏۳۶،‏ ۳۷؛‏ کلسیوں ۴:‏۱۰‏۔‏

مرقس نے اپنی انجیل میں لکھا کہ جس رات یسوع کو گرفتار کِیا گیا،‏ وہاں ایک نوجوان ”‏اپنے بدن پر“‏ چادر اوڑھے ہوئے تھا۔‏ اُس نے مزید لکھا کہ جب دُشمنوں نے یسوع کو پکڑ لیا تو وہ نوجوان وہاں سے بھاگ گیا۔‏ آپ کے خیال میں وہ نوجوان کون ہو سکتا ہے؟‏ غالباً وہ مرقس ہی تھا!‏ کیونکہ مرقس ۱۴:‏۵۱،‏ ۵۲ میں بیان کِیا گیا ہے کہ جب یسوع کے گرفتار کئے جانے کے بعد اُس کے شاگرد اُسے چھوڑ کر چلے گئے تو ایک نوجوان جلدی سے چادر اوڑھ کر اُس کے پیچھے ہو لیا۔‏ یقیناً یہاں مصنف کا اشارہ اپنی طرف ہی تھا۔‏

بیشک مرقس کو خدا کے خادموں کے ساتھ کام کرنے اور اُس کے مقصد سے متعلق اہم واقعات کے بارے میں گواہی دینے کے بہت سے موقعے ملے۔‏ جب ۳۳ عیسوی میں عیدِپنتِکُست کے موقع پر رُوح‌اُلقدس نازل ہوئی تو شاید مرقس بھی وہاں موجود تھا۔‏ اِس کے علاوہ،‏ وہ پطرس اور خدا کے دیگر وفادار خادموں کے ساتھ گہری رفاقت رکھتا تھا۔‏ مرقس کی اپنے خالہ‌زاد بھائی برنباس سے بھی دوستی تھی۔‏ جب یسوع ساؤل کو رویا میں دکھائی دیا تو اِس واقعہ کے کوئی تین سال بعد برنباس نے ساؤل کی ملاقات پطرس سے کرائی تھی۔‏ کچھ سال بعد برنباس کو ساؤل کی تلاش میں ترسس بھیجا گیا۔‏—‏اعمال ۹:‏۱-‏۱۵،‏ ۲۷؛‏ ۱۱:‏۲۲-‏۲۶؛‏ ۱۲:‏۲۵؛‏ گلتیوں ۱:‏۱۸،‏ ۱۹‏۔‏

سن ۴۷ عیسوی میں برنباس اور ساؤل کو مشنری خدمت کے لئے چُنا گیا۔‏ اُنہوں نے مرقس کو بھی اپنے ساتھ لے لیا مگر کسی وجہ سے مرقس اُنہیں چھوڑ کر واپس یروشلیم میں اپنے گھر آ گیا۔‏ ساؤل جوکہ اپنے رومی نام پولس سے مشہور ہو گیا تھا اِس بات سے بہت ناراض ہوا۔‏ اُس نے مرقس کی اِس غلطی کو نظرانداز نہ کِیا۔‏—‏اعمال ۱۳:‏۱-‏۳،‏ ۹،‏ ۱۳‏۔‏

پولس اور برنباس نے مشنری دورے سے لوٹنے کے بعد کلیسیا کو منادی میں پیش آنے والے شاندار تجربات سنائے۔‏ (‏اعمال ۱۴:‏۲۴-‏۲۸‏)‏ چند ماہ بعد اُنہوں نے دوبارہ اُن علاقوں میں نئے شاگردوں سے ملنے کا منصوبہ بنایا جہاں اُنہوں نے منادی کی تھی۔‏ برنباس اِس کام کے لئے مرقس کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اِس کے بارے میں پولس کی کیا رائے تھی؟‏ پولس نے مرقس کو اپنے ساتھ لے جانا ’‏مناسب نہ سمجھا‘‏ کیونکہ وہ اِس سے پہلے بھی اُنہیں چھوڑ کر گھر واپس آ گیا تھا۔‏ اِس کے بعد جوکچھ ہوا اُس کی وجہ سے مرقس یقیناً بےحوصلہ ہوا ہوگا!‏

پولس اور برنباس میں ”‏سخت تکرار ہوئی“‏ اور وہ دونوں جُدا ہو گئے۔‏ برنباس نے مرقس کو ساتھ لیا اور کُپرس میں منادی کرنے کے لئے چلا گیا۔‏ جبکہ پولس نے سیلاس کو چُنا اور نئے شاگردوں سے ملنے کو گیا۔‏ پولس اور برنباس کے درمیان ہونے والی تکرار کی وجہ سے مرقس کو بہت دُکھ پہنچا ہوگا!‏—‏اعمال ۱۵:‏۳۶-‏۴۱‏۔‏

ہم اِس بات سے واقف نہیں ہیں کہ پہلے مرقس کیوں گھر لوٹ آیا تھا۔‏ غالباً اُس کے پاس اِس کی کوئی جائز وجہ ہوگی۔‏ معاملہ خواہ کچھ بھی تھا برنباس کو یقین تھا کہ مرقس دوبارہ اپنی خدمت کو نہیں چھوڑے گا۔‏ برنباس کی بات بالکل دُرست تھی۔‏ مرقس نے کبھی ہمت نہ ہاری!‏ اِس کے بعد مرقس نے اپنے گھر سے بہت دُور بابل میں پطرس کے ساتھ مشنری خدمت انجام دی۔‏ بابل کے شہر سے سلام‌ومحبت بھیجتے وقت پطرس نے کہا:‏ ”‏میرا بیٹا مرقسؔ تمہیں سلام“‏ کہتا ہے۔‏—‏۱-‏پطرس ۵:‏۱۳‏۔‏

پطرس اور مرقس بہت مضبوط روحانی رشتہ رکھتے تھے!‏ مرقس کی انجیل کو پڑھنے سے بھی ہمیں اِس بات کا ثبوت ملتا ہے۔‏ پطرس نے یسوع مسیح کی خدمتگزاری کے دوران جوکچھ دیکھا تھا وہ اُس نے مرقس کو بتایا اور اُس نے اِن باتوں کو اپنی انجیل میں تحریر کِیا۔‏ اِس بات کے ثبوت کے لئے گلیل کی جھیل کے طوفان کے بارے میں بائبل میں درج بیانات پر غور کریں۔‏ مرقس اِس واقعے کے بارے میں کچھ اضافی معلومات فراہم کرتا ہے جن پر پطرس نے ایک ماہی‌گیر کے طور پر غور کِیا ہوگا۔‏ مثال کے طور پر،‏ یسوع کشتی میں کہاں اور کس چیز پر سو رہا تھا؟‏ آئیں متی ۸:‏۲۴؛‏ مرقس ۴:‏۳۷،‏ ۳۸ اور لوقا ۸:‏۲۳ میں درج بیانات کو پڑھیں اور اِن کا موازنہ کریں۔‏

اِس کے بعد جب پولس روم میں قید تھا تو اُس نے مرقس کی وفاداری کی بہت تعریف کی۔‏ (‏کلسیوں ۴:‏۱۰،‏ ۱۱‏)‏ جب پولس دوبارہ وہاں قید تھا تو اُس نے تیمتھیس کو لکھا کہ مرقس کو اپنے ساتھ لے کر آ کیونکہ ”‏خدمت کے لئے وہ میرے کام کا ہے۔‏“‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۴:‏۱۱‏)‏ واقعی،‏ مرقس نے خدا کی خدمت کرنے کے شرف سے بہت فائدہ اُٹھایا کیونکہ اُس نے کبھی ہمت نہ ہاری!‏

سوالات:‏

○ مرقس کہاں رہتا تھا،‏ اور آپ یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ یسوع اُسے جانتا تھا؟‏

○ خاص طور پر کس نے مرقس کی مدد اور حوصلہ‌افزائی کی؟‏

○ کونسی بات مرقس کے لئے ہمت ہارنے کا سبب بن سکتی تھی؟‏

○ ہم یہ کیسے جانتے ہیں کہ آخرکار مرقس نے پولس کی پسندیدگی حاصل کر لی؟‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 اگر آپ اِس مضمون کو کسی بچے کے ساتھ پڑھ رہے ہیں تو پیراگراف میں دیا گیا یہ نشان آپ کو یاددہانی کراتا ہے کہ تھوڑا رُکیں اور بچے کی حوصلہ‌افزائی کریں کہ وہ اپنے خیالات کا اظہار کرے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویر]‏

یہ نوجوان کون ہو سکتا ہے؟‏ اُس کے ساتھ کیا ہوا،‏ اور کیوں؟‏

‏[‏صفحہ ۱۷ پر تصویر]‏

ہمت نہ ہارنے کی وجہ سے مرقس کو کونسی برکات حاصل ہوئیں؟‏