مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بعض کے لئے حکمرانی جبکہ بہتیروں کے لئے برکات

بعض کے لئے حکمرانی جبکہ بہتیروں کے لئے برکات

بعض کے لئے حکمرانی جبکہ بہتیروں کے لئے برکات

رسولوں کے زمانے سے لے کر آج تک خدا وفادار مسیحیوں کی ایک مخصوص تعداد کو اپنے لےپالک بیٹوں کے طور پر چن رہا ہے۔‏ لےپالک بن جانے پر یہ مسیحی نئے سرے سے پیدا ہوتے ہیں۔‏ اِن چنے ہوئے خادموں کے نئے سرے سے پیدا ہونے کا مقصد اِنہیں آسمان میں حکمرانی کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۲:‏۱۲‏)‏ اِن حکمرانوں کو آسمانی زندگی کے لئے مُردوں میں سے زندہ کِیا جاتا ہے۔‏ (‏رومیوں ۶:‏۳-‏۵‏)‏ وہ مسیح کے ساتھ آسمان سے ”‏زمین پر بادشاہی“‏ کریں گے۔‏—‏مکاشفہ ۵:‏۱۱؛‏ ۱۱:‏۱۵‏۔‏

تاہم،‏ خدا کا کلام نئے سرے سے پیدا ہونے والے اشخاص کے علاوہ ایسے لوگوں کے بارے میں بھی بیان کرتا ہے جو ہمیشہ کی زندگی حاصل کریں گے۔‏ بائبل کے عبرانی اور یونانی صحائف (‏جنہیں اکثر پُرانا اور نیا عہدنامہ کہا جاتا ہے)‏ واضح کرتے ہیں کہ خدا کا مقصد ہے کہ وہ لوگوں کے دو گروہوں کو بچائے۔‏ اِن میں سے ایک گروہ چھوٹا ہے جو آسمان پر حکمرانی کرے گا اور دوسرا گروہ بہت بڑا ہے جو زمین پر رعایا کے طور پر رہے گا۔‏ غور کریں کہ یوحنا رسول نے نئے سرے سے پیدا ہونے والے تمام ساتھی مسیحیوں کو کیا لکھا۔‏ اُس نے یسوع مسیح کے بارے میں بیان کِیا:‏ ”‏وہی ہمارے گناہوں کا کفارہ ہے اور نہ صرف ہمارے [‏چھوٹے گروہ]‏ ہی گناہوں کا بلکہ تمام دُنیا[‏بڑے گروہ]‏ کے گناہوں کا بھی۔‏“‏—‏۱-‏یوحنا ۲:‏۲‏۔‏

اِسی طرح پولس رسول نے تحریر کِیا:‏ ”‏مخلوقات [‏بڑا گروہ]‏ کمال آرزو سے خدا کے بیٹوں [‏چھوٹے گروہ]‏ کے ظاہر ہونے کی راہ دیکھتی ہے۔‏“‏ (‏رومیوں ۸:‏۱۹-‏۲۱‏)‏ یوحنا رسول اور پولس رسول کے اِن الفاظ کا کیا مطلب ہے؟‏ اِن کا مطلب یہ ہے کہ نئے سرے سے پیدا ہونے والے آسمانی حکومت کا حصہ بنیں گے اور اِس حکومت کی رعایا یعنی زمین پر رہنے والے بےشمار لوگوں کو ابدی فوائد پہنچائیں گے۔‏ اِس لئے یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو اِس طرح دُعا کرنا سکھایا:‏ ”‏تیری بادشاہی آئے۔‏ تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔‏“‏—‏متی ۶:‏۱۰‏۔‏

عبرانی صحائف میں بھی بچائے جانے والے دو گروہوں کا ذکر کِیا گیا ہے۔‏ ذرا غور کریں کہ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کے بارے میں ابرہام سے کیا کہا:‏ ”‏تیری نسل [‏چھوٹے گروہ]‏ کے وسیلہ سے زمین کی سب قومیں [‏بڑا گروہ]‏ برکت پائیں گی۔‏“‏ (‏پیدایش ۲۲:‏۱۸‏)‏ جی‌ہاں،‏ ابرہام کی ”‏نسل“‏ کے وسیلہ سے سب قوموں کو برکت حاصل کرنے کا موقع ملنا تھا۔‏

وہ ”‏نسل“‏ کون ہے؟‏ اِس نسل میں یسوع مسیح اور نئے سرے سے پیدا ہونے والے خدا کے لےپالک بیٹے شامل ہیں۔‏ پولس رسول نے بیان کِیا:‏ ”‏اگر تم مسیح کے ہو تو ابرؔہام کی نسل .‏ .‏ .‏ ہو۔‏“‏ (‏گلتیوں ۳:‏۱۶،‏ ۲۹‏)‏ اِس ”‏نسل“‏ کے وسیلہ سے تمام قوموں کے لوگوں کو کونسی برکات حاصل ہونی تھیں؟‏ اُنہیں خدا کی خوشنودی اور زمین پر فردوس میں ہمیشہ کی زندگی حاصل ہونی تھی۔‏ زبور نویس داؤد نے لکھا:‏ ”‏صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔‏“‏—‏زبور ۳۷:‏۲۹؛‏ یسعیاہ ۴۵:‏۱۸؛‏ مکاشفہ ۲۱:‏۱-‏۵‏۔‏

پس بعض کو آسمان میں حکمرانی کرنے کا شرف حاصل ہوگا جبکہ دیگر اِس حکمرانی کے تحت زمین پر ہمیشہ کی زندگی اور اِس سے وابستہ برکات حاصل کریں گے۔‏ دُعا ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان بھی خدا کی بادشاہت سے ابدی فوائد حاصل کرنے والے لوگوں میں شامل ہوں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۲ پر تصویر]‏

لاکھوں لوگ زمین پر ہمیشہ کی زندگی حاصل کریں گے۔‏ کیا آپ بھی اُن میں شامل ہوں گے؟‏