مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

نمبر ۳ یسوع مسیح کے بارے میں سچائی سیکھیں

نمبر ۳ یسوع مسیح کے بارے میں سچائی سیکھیں

نمبر ۳ یسوع مسیح کے بارے میں سچائی سیکھیں

‏”‏خدا نے دُنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے ہلاک نہ ہو بلکہ ہمیشہ کی زندگی پائے۔‏“‏—‏یوحنا ۳:‏۱۶‏۔‏

مضبوط ایمان رکھنے کے سلسلے میں رکاوٹ کیا ہے؟‏ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ یسوع مسیح کا کبھی کوئی وجود ہی نہیں تھا۔‏ دیگر لوگ یہ مانتے ہیں کہ اُس کا وجود تھا لیکن وہ محض ایک عام انسان تھا جو کافی عرصہ پہلے وفات پا چکا ہے۔‏

آپ اِس رکاوٹ پر کیسے قابو پا سکتے ہیں؟‏ یسوع مسیح کے شاگرد نتن‌ایل کی مثال کی نقل کریں۔‏ * اُس کے دوست فلپس نے اُسے بتایا کہ اُسے مسیحا مل گیا جو ”‏یوؔسف کا بیٹا یسوؔع ناصری ہے۔‏“‏ لیکن نتن‌ایل نے فلپس کی بات پر فوراً یقین نہیں کِیا اور اُس سے کہا:‏ ”‏کیا ناؔصرۃ سے کوئی اچھی چیز نکل سکتی ہے؟‏“‏ پھربھی جب فلپس نے اُس سے کہا کہ ”‏چل کر دیکھ لے“‏ تو وہ اُس کے ساتھ گیا۔‏ (‏یوحنا ۱:‏۴۳-‏۵۱‏)‏ یسوع مسیح کے بارے میں شہادتوں کے متعلق خود تحقیق کرنا آپ کے لئے بھی فائدہ‌مند ثابت ہوگا۔‏ آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

یسوع مسیح کے وجود کے بارے میں تاریخی شہادتوں پر تحقیق کریں۔‏ یوسیفس اور تستُس پہلی صدی کے دو تاریخ‌دان تھے۔‏ اگرچہ وہ مسیحی نہیں تھے توبھی وہ اِس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یسوع مسیح کا وجود تھا۔‏ یہ بیان کرتے ہوئے کہ نیرو نے ۶۴ عیسوی میں روم میں لگنے والی آگ کے لئے مسیحیوں پر الزام لگایا،‏ تستُس نے لکھا:‏ ”‏نیرو نے ایک گروہ پر آگ لگانے کا الزام لگایا جو مسیحی کہلاتا تھا۔‏ اِس گروہ کی تعلیمات اور کاموں کی وجہ سے رومی اُن سے نفرت کرتے تھے۔‏ لہٰذا،‏ اُنہوں نے مسیحیوں کو شدید اذیت کا نشانہ بنایا۔‏ مسیحی دراصل مسیح کے ماننے والے لوگ تھے جسے تبریس کے دَورِحکومت میں ہمارے ایک حاکم پنطس پیلاطُس کے ہاتھوں سزائےموت دی گئی تھی۔‏“‏

یسوع مسیح اور ابتدائی مسیحیوں کے بارے میں پہلی اور دوسری صدی کے تاریخ‌دانوں کے حوالہ‌جات کے سلسلے میں انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا کے ۲۰۰۲ کے ایڈیشن میں بیان کِیا گیا:‏ ”‏یہ حوالے ثابت کرتے ہیں کہ قدیم وقتوں میں مسیحیت کے مخالفین نے بھی یسوع کے وجود پر کبھی شک نہیں کِیا تھا۔‏ دراصل یسوع مسیح کے وجود پر اعتراض ۱۸ ویں صدی کے آخر پر،‏ ۱۹ ویں صدی کے دوران اور ۲۰ ویں صدی کے آغاز پر اُٹھایا گیا لیکن اِن اعتراضات کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں تھی۔‏“‏ سن ۲۰۰۲ میں ایک امریکی اخبار ‏(‏دی وال سٹریٹ جرنل)‏ کے اداریے میں بیان کِیا گیا:‏ ”‏خدا کے وجود سے انکار کرنے والے چند لوگوں کے سوا بیشتر عالم یہ مانتے ہیں کہ یسوع ناصری ایک تاریخی شخصیت ہے۔‏“‏

یسوع مسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی شہادت پر غور کریں۔‏ جب یسوع کے مخالفین نے اُسے گرفتار کِیا تو اُس کے قریبی ساتھی اُسے چھوڑ کر بھاگ گئے اور پطرس نے اُس کا انکار کِیا۔‏ (‏متی ۲۶:‏۵۵،‏ ۵۶،‏ ۶۹-‏۷۵‏)‏ یسوع کی گرفتاری کے بعد اُس کے پیروکار پراگندہ ہو گئے۔‏ (‏متی ۲۶:‏۳۱‏)‏ مگر پھر اچانک وہ جوش سے بھر گئے۔‏ پطرس اور یوحنا نے دلیری سے اُن لوگوں کا سامنا کِیا جو یسوع کی موت کے ذمہ‌دار تھے۔‏ یسوع کے شاگرد اِس قدر سرگرم ہو گئے کہ اُنہوں نے رومی سلطنت میں اُس کی تعلیمات پھیلا دیں۔‏ اپنے ایمان پر قائم رہنے کے لئے وہ موت کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار تھے۔‏

وہ اچانک جوش سے کیوں بھر گئے؟‏ پولس رسول نے بیان کِیا کہ یسوع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد ”‏کیفاؔ [‏پطرس]‏ کو اور اُس کے بعد اُن بارہ کو دکھائی دیا۔‏“‏ اُس نے مزید لکھا:‏ ”‏پھر پانچ سو سے زیادہ بھائیوں کو ایک ساتھ دکھائی دیا۔‏“‏ اِن میں سے زیادہ‌تر اُس وقت زندہ تھے جب پولس رسول نے یہ الفاظ قلمبند کئے۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۳-‏۷‏)‏ یسوع پر تنقید کرنے والے اُس کے جی اُٹھنے کے بارے میں ایک یا دو گواہوں کی شہادت کو تو رد کر سکتے ہیں لیکن پانچ سو سے زائد لوگوں کی گواہی اِس بات کا ثبوت ہے کہ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا۔‏—‏لوقا ۲۴:‏۱-‏۱۱‏۔‏

یسوع کے بارے میں سچائی سیکھنے کا فائدہ کیا ہے؟‏ یسوع پر ایمان رکھنے والے اور اُس کی فرمانبرداری کرنے والے لوگ اپنے گُناہوں کی معافی حاصل کر سکتے اور صاف ضمیر رکھ سکتے ہیں۔‏ (‏مرقس ۲:‏۵-‏۱۲؛‏ ۱-‏تیمتھیس ۱:‏۱۹؛‏ ۱-‏پطرس ۳:‏۱۶-‏۲۲‏)‏ اگر وہ مر بھی جاتے ہیں تو یسوع مسیح اُن سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ اُنہیں ”‏آخری دن“‏ پھر زندہ کرے گا۔‏—‏یوحنا ۶:‏۴۰‏۔‏

مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب ۴ ”‏یسوع مسیح کون ہے؟‏“‏ اور باب ۵ ”‏فدیہ—‏خدا کی طرف سے ایک بیش‌قیمت تحفہ“‏ کو دیکھیں۔‏ *

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 متی،‏ مرقس اور لوقا کی انجیل میں نتن‌ایل کا ذکر برتلمائی کے نام سے کِیا گیا ہے۔‏

^ پیراگراف 10 یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ۔‏

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویر]‏

نتن‌ایل کی طرح یسوع مسیح کے بارے میں شہادتوں کی تحقیق کریں