مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

۱ .‏ خدا سے مدد مانگیں

۱ .‏ خدا سے مدد مانگیں

آپ بائبل کو سمجھنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟‏

۱ .‏ خدا سے مدد مانگیں

اٹلی میں رہنے والی نین‌فا بیان کرتی ہے:‏ ”‏ایک وقت ایسا تھا جب مَیں سونے سے پہلے بائبل پڑھا کرتی تھی۔‏ مَیں نے ایسا کرنا اِس لئے شروع کِیا تھا کیونکہ مَیں جانتی تھی کہ یہ خدا کا کلام ہے۔‏ اگرچہ مجھے کتابیں پڑھنے کا کوئی خاص شوق نہیں تھا توبھی مَیں یہ جاننا چاہتی تھی کہ خدا نے بائبل میں کیا کچھ قلمبند کرایا ہے۔‏ لہٰذا،‏ مَیں نے پوری بائبل کو پڑھنے کا عزم کِیا۔‏ شروع میں تو مجھے ایسا کرنا آسان لگا لیکن جیسےجیسے مَیں آگے پڑھتی گئی مجھے اِسے سمجھنا مشکل لگا۔‏ اِس لئے مَیں نے بائبل پڑھنا چھوڑ دی۔‏“‏

کیا آپ کے ساتھ بھی ایسا تجربہ ہوا ہے؟‏ بہت سے لوگوں کے ساتھ ایسا ہوا ہے۔‏ تاہم،‏ جیسا کہ ہم نے پچھلے مضمون میں دیکھا تھا،‏ بائبل کا مصنف یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کے کلام کو سمجھیں۔‏ مگر آپ اِسے سمجھنے کے قابل کیسے ہو سکتے ہیں؟‏ سب سے پہلے آپ کو اِس کے مصنف سے مدد مانگنے کی ضرورت ہے۔‏

یسوع مسیح کے رسولوں کو ”‏اَن‌پڑھ اور ناواقف“‏ خیال کِیا گیا کیونکہ اُنہوں نے یہودی ربیوں سے مذہبی تعلیم نہیں پائی تھی۔‏ (‏اعمال ۴:‏۱۳‏)‏ تاہم،‏ یسوع مسیح نے اُنہیں یقین دلایا کہ وہ خدا کے کلام کو سمجھ سکتے ہیں۔‏ مگر کیسے؟‏ اُس نے کہا:‏ ”‏مددگار یعنی روحُ‌القدس جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا وہی تمہیں سب باتیں سکھائے گا اور جو کچھ میں نے تُم سے کہا ہے وہ سب تمہیں یاد دلائے گا۔‏“‏ (‏یوحنا ۱۴:‏۲۶‏)‏ خدا نے اپنی پاک رُوح یا قوت کو زمین اور اِس پر موجود تمام جانداروں کو بنانے کے لئے استعمال کِیا تھا۔‏ (‏پیدایش ۱:‏۲‏)‏ یہوواہ خدا نے اِس قوت کے ذریعے ۴۰ آدمیوں کو بائبل میں اُس کے خیالات قلمبند کرنے کے لئے الہام بخشا۔‏ (‏۲-‏پطرس ۱:‏۲۰،‏ ۲۱‏)‏ آج بھی یہی پاک رُوح بائبل کو سمجھنے کی خواہش رکھنے والے لوگوں کی مدد کرتی ہے۔‏

آپ خدا کی پاک رُوح کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟‏ آپ کو ایمان سے مانگنے کی ضرورت ہے۔‏ اِس کے لئے مستقل‌مزاجی درکار ہے۔‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏مانگتے رہو گے تو تمہیں دیا جائے گا۔‏“‏ (‏لوقا ۱۱:‏۹‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ اُس نے مزید کہا:‏ ”‏جب تُم .‏ .‏ .‏ اپنے بچوں کو اچھی چیزیں دینا جانتے ہو تو آسمانی باپ اپنے مانگنے والوں کو روحُ‌القدس کیوں نہ دے گا؟‏“‏ (‏لوقا ۱۱:‏۱۳‏)‏ جی‌ہاں،‏ یہوواہ خدا خوشی سے اُن لوگوں کو اپنی پاک رُوح عطا کرتا ہے جو خلوص‌دلی سے اِس کے لئے درخواست کرتے ہیں۔‏ یہ پاک رُوح ہزاروں سال پہلے قلمبند کئے جانے والے الہامی بیانات کو سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔‏ نیز،‏ یہ رُوح آپ کو بائبل میں درج مؤثر پیغام کے مطابق زندگی بسر کرنے کے لئے حکمت بخش سکتی ہے۔‏—‏عبرانیوں ۴:‏۱۲؛‏ یعقوب ۱:‏۵،‏ ۶‏۔‏

پس جب بھی آپ بائبل پڑھنے کے لئے بیٹھتے ہیں تو خدا سے دُعا کریں کہ وہ اپنے کلام کو سمجھنے کے لئے آپ کو اپنی پاک رُوح کی مدد عطا کرے۔‏