مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا کی خدمت میں مشغول اور خوش رہیں

خدا کی خدمت میں مشغول اور خوش رہیں

خدا کی خدمت میں مشغول اور خوش رہیں

یہوواہ کے خادموں کے طور پر ہماری زندگی بہت مصروف ہے۔‏ ہمیں ملازمت کے علاوہ اپنی خاندانی اور روحانی ذمہ‌داریاں بھی پوری کرنی پڑتی ہیں۔‏ اِس کی وجہ سے بعض‌اوقات ہم بہت زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں۔‏ کبھی‌کبھار تو ہم اپنے سارے کام نہ کر پانے کی وجہ سے مایوس ہو جاتے ہیں۔‏ لیکن یاد رکھیں کہ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ہم خوش رہیں۔‏ (‏زبور ۱۰۰:‏۲‏)‏ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم اپنی زندگی میں وقت کو دانشمندی سے کیسے استعمال کر سکتے ہیں تاکہ ہم ”‏[‏یہوواہ]‏ کی شادمانی“‏ میں قائم رہیں؟‏—‏نحم ۸:‏۱۰‏۔‏

اِس مشکل دَور میں رہتے ہوئے ہمیں ہر روز مختلف طرح کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏ اِس لئے ہمیں اپنے وقت کو دانشمندی سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔‏ لہٰذا،‏ پولس رسول کی یہ نصیحت بہت موزوں ہے:‏ ”‏غور سے دیکھو کہ کس طرح چلتے ہو۔‏ نادانوں کی طرح نہیں بلکہ داناؤں کی مانند چلو۔‏ اور وقت کو غنیمت جانو کیونکہ دن بُرے ہیں۔‏“‏—‏افس ۵:‏۱۵،‏ ۱۶‏۔‏

ہم پولس رسول کی اِس دانشمندانہ نصیحت پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟‏ ہم بائبل کی پڑھائی،‏ مُنادی،‏ خاندان کی دیکھ‌بھال،‏ ملازمت اور دیگر ضروری کاموں کے لئے وقت کیسے نکال سکتے ہیں؟‏

آپ کو یاد ہو گا کہ جب آپ نے اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کی اور بپتسمہ لیا تو آپ کتنے خوش ہوئے تھے؟‏ یہ خوشی آپ کو یہوواہ خدا اور اُس کے مقاصد کا علم حاصل کرنے کی وجہ سے ملی تھی۔‏ سچ ہے کہ اِس علم اور خوشی کو حاصل کرنے کے لئے آپ نے کئی مہینے تک بڑی لگن سے بائبل کا مطالعہ کِیا تھا۔‏ لیکن یہ آپ کے لئے بہت فائدہ‌مند ثابت ہوا کیونکہ اِس سے آپ کی زندگی بدل گئی تھی۔‏

اپنی خوشی قائم رکھنے کے لئے آپ کو بائبل کا مطالعہ کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔‏ اگر آپ بائبل پڑھنے کے لئے مشکل سے وقت نکال پاتے ہیں تو اپنے معمول کا جائزہ لیں۔‏ ہر روز بائبل کو پڑھنے اور اُس پر غور کرنے کے لئے کچھ وقت نکالنے سے یہوواہ کی قربت حاصل کرنے میں آپ کی مدد ہو گی۔‏ ایسا کرنے سے یقیناً آپ خوش رہیں گے۔‏

ہم میں سے بیشتر کے پاس یہ موقع ہوتا ہے کہ اپنے روزمرّہ کاموں سے زیادہ وقت نکال کر اُسے خدا کی خدمت میں استعمال کر سکیں۔‏ خود سے پوچھیں:‏ ’‏مَیں اخبار اور رسالے پڑھنے،‏ ٹی‌وی دیکھنے،‏ گانے سننے یا ایسے دیگر کاموں میں کتنا وقت صرف کرتا ہوں؟‏‘‏ ایسے کام ہمارے لئے خوشی کا باعث ہو سکتے ہیں لیکن ہمیں اِن میں اتنا مگن نہیں ہو جانا چاہئے کہ ہمارے پاس خدا کی خدمت کے لئے وقت ہی نہ بچے۔‏ (‏۱-‏تیم ۴:‏۸‏)‏ اگر آپ اپنے وقت کا دانشمندی سے استعمال نہیں کر رہے تو اپنے معمول کا جائزہ لیں اور اِس میں ردوبدل کریں۔‏

اِس سلسلے میں آئیں ایک تجربے پر غور کریں۔‏ ایڈم تین بچوں کا باپ اور کلیسیا میں ایک بزرگ ہے۔‏ وہ بیان کرتا ہے:‏ ”‏مَیں سادہ زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہوں۔‏ لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ مَیں تفریح کو پسند نہیں کرتا بلکہ مَیں صرف ایسی تفریح میں حصہ لیتا ہوں جس میں زیادہ وقت خرچ نہیں ہوتا۔‏“‏

جب ہم اپنے فیصلوں کے اچھے نتائج پر غور کرتے ہیں تو ہماری خوشی بڑھ جاتی ہے اور اپنی سوچ کو مثبت رکھنے میں ہماری مدد ہوتی ہے۔‏ مورس کی مثال پر غور کریں جو تین بچوں کا باپ اور ایک بزرگ ہے۔‏ وہ بیان کرتا ہے:‏ ”‏بائبل کا مطالعہ کرنے سے مَیں مستقبل کے بارے میں پُراُمید ہوں۔‏ پھربھی مجھے مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔‏ لیکن مجھے یقین ہے کہ یہوواہ میرے ساتھ ہے اِس لئے مَیں ایک اچھے مستقبل کا منتظر ہوں۔‏“‏

جیساکہ مورس کی مثال سے ظاہر ہوتا ہے صرف مثبت سوچ رکھنے سے سارے مسئلے حل نہیں ہوتے۔‏ لیکن ایسی سوچ زندگی کی مشکلات سے بہتر طور پر نپٹنے اور خوش رہنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔‏ بائبل بیان کرتی ہے:‏ ”‏مصیبت‌زدہ کے تمام ایّام بُرے ہیں پر خوش‌دل ہمیشہ جشن کرتا ہے۔‏“‏ (‏امثا ۱۵:‏۱۵‏)‏ اُس محبت پر بھی غور کریں جو یہوواہ خدا نے آپ کے لئے ظاہر کی ہے۔‏ اِس سے آپ کے دل میں اُس کے لئے محبت پیدا ہوگی اور آپ کی خوشی بڑھے گی۔‏—‏متی ۲۲:‏۳۷‏۔‏

جب ایک خاندان یہوواہ خدا کی خدمت کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیتا ہے تو اُس کی خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔‏ خاندان میں مسیحی خوبیاں ظاہر کرنے سے اختلافات کم کرنا اور آپس کے تعلقات کو بہتر بنانا آسان ہو جاتا ہے۔‏ اِس طرح گھر کا ماحول خوشگوار ہو جاتا ہے اور سب لوگ مل‌جُل کر رہتے ہیں۔‏—‏زبور ۱۳۳:‏۱‏۔‏

خاندان کے طور پر خدا کی خدمت میں حصہ لینا بھی خوشی کو دوبالا کر دیتا ہے۔‏ مورس بیان کرتا ہے:‏ ”‏میرے لئے وہ وقت بہت قیمتی ہے جو مَیں اپنے خاندان کے ساتھ گزارتا ہوں۔‏ میری بیوی میرا بڑا ساتھ دیتی ہے۔‏ جب مَیں مُنادی کے لئے یا دوسری کلیسیاؤں میں تقریر دینے کے لئے یاپھر کنونشن سے پہلے سٹیڈیم کی صفائی کے لئے جاتا ہوں تو وہ میرے ساتھ جاتی ہے۔‏ اِس سے مجھے بڑی حوصلہ‌افزائی ملتی ہے۔‏“‏

خدا کا کلام مسیحیوں کو اپنے خاندان کی روزمرّہ ضروریات پوری کرنے کی تاکید کرتا ہے۔‏ (‏۱-‏تیم ۵:‏۸‏)‏ لیکن اگر آپ کی ملازمت آپ کا بہت سا وقت اور توانائی لے لیتی ہے تو آپ خدا کی خدمت میں اپنی خوشی کھو سکتے ہیں۔‏ اگر ایسا ہے تو یہوواہ خدا سے دُعا کریں۔‏ (‏زبور ۵۵:‏۲۲‏)‏ بعض اشخاص نے یہ نتیجہ اخذ کِیا ہے کہ خدا کی خدمت کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دینے کے لئے اُنہیں اپنے لئے کوئی دوسری ملازمت تلاش کرنی چاہئے۔‏ شاید ایک مسیحی کو اپنی ملازمت سے بہت زیادہ مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں لیکن اِس کے لئے اُسے بہت زیادہ وقت صرف کرنا پڑتا ہے۔‏ تاہم،‏ اُسے محض مالی فائدے کی خاطر خدا کی خدمت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔‏—‏امثا ۲۲:‏۳‏۔‏

اگر آپ کوئی ملازمت کر رہے ہیں یاپھر کوئی ملازمت کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو اِس کے فوائد اور نقصانات پر غور کریں۔‏ بِلاشُبہ،‏ ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ وہ اپنے کام سے لطف اُٹھائے اور اچھی تنخواہ حاصل کرے۔‏ لیکن خود سے پوچھیں کہ کیا آپ اپنی موجودہ ملازمت کے ساتھ‌ساتھ اپنے خاندان کی رُوحانی ضروریات بھی پوری کر پاتے ہیں؟‏ ملازمت کے سلسلے میں تمام فوائد اور نقصانات پر غور کرنے کے بعد ایسے فیصلے کریں جن سے آپ یہوواہ کی خدمت کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دے سکیں گے۔‏

اگر آپ کے لئے اپنی ملازمت کی وجہ سے خدا کی خدمت میں ترقی کرنا مشکل ہے تو شاید آپ کوئی اَور ملازمت تلاش کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔‏ بہتیرے مسیحیوں نے اِس سلسلے میں کافی تبدیلیاں کی ہیں تاکہ وہ روحانی کاموں کے لئے وقت نکال سکیں۔‏ پولینڈ میں رہنے والا ایک بھائی بیان کرتا ہے:‏ ”‏مَیں ایک کمپنی میں کام کرتا تھا جہاں مجھے اکثر کام کے سلسلے میں باہر جانا پڑتا تھا۔‏ اِس کی وجہ سے مجھے روحانی کاموں اور اپنے خاندان کے لئے وقت نہیں ملتا تھا۔‏ لہٰذا،‏ مَیں نے یہ ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کِیا۔‏“‏ اب وہ ایک ایسی ملازمت کر رہا ہے جس میں اُس کو کم وقت صرف کرنا پڑتا ہے۔‏

دوسروں کی مدد کرنے سے خوشی حاصل کریں

یسوع مسیح نے کہا کہ ”‏دینا لینے سے مبارک ہے۔‏“‏ (‏اعما ۲۰:‏۳۵‏)‏ مسیحی مختلف طریقوں سے اِس اُصول پر عمل کر سکتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ کسی سے مسکرا کر ملنا اور ہاتھ ملانا یاپھر مسیحی ذمہ‌داریوں کو پورا کرنے کے لئے اُس کا شکریہ ادا کرنا۔‏ ایسا کرنے سے آپ کو اور اُسے دونوں کو خوشی ملے گی۔‏

پولس رسول نے ساتھی مسیحیوں کی حوصلہ‌افزائی کی:‏ ”‏کم‌ہمتوں کو دلاسا دو۔‏ کمزوروں کو سنبھالو۔‏“‏ (‏۱-‏تھس ۵:‏۱۴‏)‏ کم‌ہمت اشخاص شاید یہ محسوس کریں کہ وہ اپنی طاقت سے مسائل کو حل نہیں کر سکتے۔‏ کیا آپ ایسے بہن‌بھائیوں کی مدد کر سکتے ہیں؟‏ اگر آپ دیکھتے ہیں کہ آپ کا کوئی بہن یا بھائی یہوواہ کی خدمت میں اپنی خوشی کھو رہا ہے تو اُس کی حوصلہ‌افزائی کریں۔‏ اِس سے آپ کی بھی حوصلہ‌افزائی ہوگی۔‏ یہ سچ ہے کہ بعض مسائل کا حل انسان کے پاس نہیں ہوتا۔‏ مگر آپ اُس کے لئے ہمدردی دکھا سکتے اور یہوواہ پر بھروسا رکھنے میں اُس کی مدد کر سکتے ہیں۔‏ کیونکہ یہوواہ پر بھروسا رکھنے والے کبھی مایوس نہیں ہوتے۔‏—‏زبور ۲۷:‏۱۰؛‏ یسع ۵۹:‏۱‏۔‏

آپ ایک اَور طریقے سے بھی ایسے بہن‌بھائیوں کی مدد کر سکتے ہیں جو یہوواہ کی خدمت میں اپنی خوشی کھو بیٹھے ہیں۔‏ یہ طریقہ اُنہیں اپنے ساتھ مُنادی کرنے کی دعوت دینا ہے۔‏ جب یسوع مسیح نے اپنے ۷۰ شاگردوں کو مُنادی کرنے کے لئے بھیجا تو اُس نے اُنہیں ”‏دو دو“‏ کرکے بھیجا تھا۔‏ (‏لو ۱۰:‏۱‏)‏ اِس کا مقصد یہ تھا کہ وہ ایک‌دوسرے کے لئے مدد اور حوصلہ‌افزائی کا باعث بنیں۔‏ آجکل ہم بھی دوسروں کو اپنے ساتھ مُنادی میں لے جانے سے اُنہیں تقویت دے سکتے ہیں۔‏

اگرچہ زندگی مشکلات سے بھری پڑی ہے توبھی پولس رسول ہمیں نصیحت کرتا ہے:‏ ”‏خداوند میں ہر وقت خوش رہو۔‏ پھر کہتا ہوں کہ خوش رہو۔‏“‏ (‏فل ۴:‏۴‏)‏ چونکہ آپ یہوواہ خدا سے محبت رکھتے،‏ اُس کی فرمانبرداری کرتے اور سرگرمی سے مُنادی کرتے ہیں اِس لئے آپ کی زندگی بامقصد ہے۔‏ اِس سے آپ کو بہت زیادہ خوشی حاصل ہوتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ،‏ یہوواہ خدا مشکلات اور مسائل سے نپٹنے میں بھی آپ کی مدد کرتا ہے۔‏—‏روم ۲:‏۶،‏ ۷‏۔‏

ہمارا ایمان ہے کہ یہوواہ کی نئی دُنیا بہت قریب ہے۔‏ اِس نئی دُنیا میں ہمیں بہت زیادہ برکات اور خوشیاں ملیں گی!‏ (‏زبور ۳۷:‏۳۴‏)‏ مگر ہم نہ صرف آنے والی برکات پر بلکہ اُن برکات پر غور کرنے سے بھی خوشی حاصل کر سکتے ہیں جو یہوواہ نے ہمیں اِس وقت عطا کی ہیں۔‏ یوں ہم ”‏خوشی سے [‏یہوواہ]‏ کی عبادت“‏ کر پائیں گے۔‏—‏زبور ۱۰۰:‏۲‏۔‏

‏[‏صفحہ ۳۰ پر ڈائیگرام]‏

‏(‏تصویر کے لئے چھپے ہوئے صفحے کو دیکھیں)‏

خوش رہنے کے لئے اپنے وقت کو دانشمندی سے استعمال کریں

تفریح

خاندان کی دیکھ‌بھال

ملازمت

مسیحی اجلاس

بائبل کی پڑھائی

مُنادی

‏[‏صفحہ ۳۲ پر تصویریں]‏

کیا آپ خوشی حاصل کرنے کے لئے دوسروں کی مدد کر سکتے ہیں؟‏