مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ہمیں یسوع مسیح کی موت کو یاد رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہئے؟‏

ہمیں یسوع مسیح کی موت کو یاد رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہئے؟‏

پاک صحیفوں کی تعلیم

ہمیں یسوع مسیح کی موت کو یاد رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہئے؟‏

اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔‏ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔‏

۱.‏ ہمیں یسوع مسیح کی موت کو یاد رکھنے کے لئے کیا کرنا چاہئے؟‏

یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو حکم دیا تھا کہ وہ اُن کی موت کو یاد رکھیں۔‏ اُنہوں نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ وہ اُن کی یاد میں ایک تقریب منائیں جس میں وہ روٹی کھائیں اور سُرخ مے پئیں۔‏ روٹی یسوع مسیح کے بدن کی علامت ہے اور مے اُن کے خون کی علامت ہے۔‏‏—‏لوقا ۲۲:‏۱۹،‏ ۲۰ کو پڑھیں۔‏

یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کے ساتھ آخری کھانے میں جو روٹی استعمال کی،‏ اُس میں خمیر نہیں تھا۔‏ پاک کلام میں لفظ خمیر اکثر گُناہ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‏ اِس لئے بےخمیری روٹی یسوع مسیح کے بےعیب بدن کی بالکل صحیح علامت تھی۔‏ موسیٰ کی شریعت کے مطابق جانوروں کو قربان کِیا جاتا تھا۔‏ لیکن جب یسوع مسیح نے اپنا بدن قربان کر دیا تو پھر جانوروں کو قربان کرنے کی ضرورت نہ رہی۔‏ (‏عبرانیوں ۱۰:‏۵،‏ ۹،‏ ۱۰‏)‏ سُرخ مے یسوع مسیح کے قیمتی خون کی علامت تھی جو اُنہوں نے اِس لئے بہایا تاکہ ہم گُناہوں کی معافی حاصل کر سکیں۔‏‏—‏۱-‏پطرس ۱:‏۱۹؛‏ ۲:‏۲۴؛‏ ۳:‏۱۸ کو پڑھیں۔‏

۲.‏ ہمیں یسوع مسیح کی یادگاری تقریب کب منانی چاہئے؟‏

یسوع مسیح کی موت اُسی دن پر ہوئی تھی جس پر یہودی لوگ فسح کی عید مناتے تھے۔‏ یہ عید یہودی مہینے نیسان کی ۱۴ تاریخ کو منائی جاتی تھی۔‏ یہودیوں کا دن سورج کے غروب ہونے سے شروع ہوتا تھا۔‏ اپنی موت سے ایک شام پہلے یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کے ساتھ عیدِفسح منائی اور اُن کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔‏ اِس کے بعد اُنہوں نے ایک نئی تقریب قائم کی اور یہ حکم دیا کہ یہ تقریب اُن کی یاد میں منائی جائے۔‏‏—‏لوقا ۲۲:‏۱۴،‏ ۱۵ کو پڑھیں۔‏

آج بھی یسوع مسیح کے سچے پیروکار اُن کی یاد میں یہ تقریب مناتے ہیں۔‏ اِس تقریب میں وہ یسوع مسیح کی قربانی کو یاد کرتے ہیں جو اُنہوں نے تمام انسانوں کو گُناہ اور موت سے رِہائی دِلانے کے لئے دی تھی۔‏ جس طرح عیدِفسح سال میں ایک بار منائی جاتی تھی اُسی طرح یسوع مسیح کی یادگاری تقریب بھی سال میں ایک ہی بار منائی جاتی ہے۔‏ یہ تقریب ۱۴ نیسان کو سورج غروب ہونے کے بعد منائی جاتی ہے۔‏—‏خروج ۱۲:‏۵-‏۷،‏ ۱۳،‏ ۱۷؛‏ یوحنا ۱:‏۲۹ کو پڑھیں۔‏

۳.‏ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر کس کو روٹی کھانی اور مے پینی چاہئے؟‏

جب یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو مے پیش کی تو اُنہوں نے کہا:‏ ”‏یہ پیالہ .‏.‏.‏ نیا عہد ہے۔‏“‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۱:‏۲۵‏)‏ اِس نئے عہد کے آنے سے وہ عہد ختم ہو گیا جو خدا نے موسیٰ کے ذریعے بنی‌اسرائیل سے باندھا تھا۔‏ یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا تھا کہ اگر بنی‌اسرائیل اُس کے حکموں کو مانیں گے تو وہ اُس کی خاص قوم ٹھہریں گے۔‏ (‏خروج ۱۹:‏۵،‏ ۶‏)‏ لیکن بنی‌اسرائیل،‏ یہوواہ خدا کے فرمانبردار نہ رہے اِس لئے خدا نے ایک نیا عہد قائم کِیا۔‏‏—‏یرمیاہ ۳۱:‏۳۱ کو پڑھیں۔‏

یہ نیا عہد صرف ایک لاکھ ۴۴ ہزار لوگوں کے ساتھ باندھا گیا ہے۔‏ لیکن اِن کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو یہ موقع ملے گا کہ وہ زمین پر ہمیشہ تک زندہ رہیں۔‏ جن لوگوں کے ساتھ نیا عہد باندھا گیا ہے،‏ اُن میں سے کچھ ہی ابھی زمین پر موجود ہیں۔‏ صرف اِنہی لوگوں کو یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر روٹی کھانی اور مے پینی چاہئے۔‏‏—‏لوقا ۱۲:‏۳۲؛‏ مکاشفہ ۱۴:‏۱،‏ ۳ کو پڑھیں۔‏

۴.‏ یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر جانے سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟‏

یہوواہ خدا نے ہمارے گُناہوں کی معافی کے لئے اپنے بیٹے کو قربان کِیا۔‏ یوں اُس نے ہمارے لئے بڑی محبت ظاہر کی۔‏ جب ہم یادگاری تقریب پر جاتے ہیں تو اِس محبت کے لئے ہماری قدر اَور بھی بڑھ جاتی ہے۔‏ اِس تقریب میں حاضر ہونے سے ہمیں یہ سوچنے کا موقع ملتا ہے کہ یسوع مسیح کی قربانی ہمارے لئے کیا اہمیت رکھتی ہے۔‏ ہمیں اِس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ہم یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کی محبت کے لئے شکرگزاری کیسے ظاہر کر سکتے ہیں۔‏‏—‏یوحنا ۳:‏۱۶؛‏ ۲-‏کرنتھیوں ۵:‏۱۴،‏ ۱۵ کو پڑھیں۔‏

مزید معلومات کے لئے اِس کتاب کے صفحہ ۲۰۶-‏۲۰۸ کو دیکھیں۔‏