مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏’‏تیری جان جھک کر مجھ پر نظر کرے گی‘‏

‏’‏تیری جان جھک کر مجھ پر نظر کرے گی‘‏

خدا کے نزدیک جائیں

‏’‏تیری جان جھک کر مجھ پر نظر کرے گی‘‏

فروتنی ایک ایسی خوبی ہے جو سب کو بھاتی ہے۔‏ ہم عام طور پر فروتن لوگوں سے دوستی کرنا پسند کرتے ہیں۔‏ لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج‌کل یہ خوبی بہت ہی کم لوگوں میں نظر آتی ہے۔‏ خاص طور پر اُن لوگوں میں تو یہ مشکل سے ہی دِکھائی دیتی ہے جن کے پاس کوئی اختیار ہو۔‏ یہوواہ خدا سب سے زیادہ قدرت اور اختیار کا مالک ہے۔‏ کیا اُس میں فروتنی کی صفت پائی جاتی ہے؟‏ آئیں،‏ اِس سلسلے میں یرمیاہ نبی کے الفاظ پر غور کریں۔‏ اُنہوں نے لکھا:‏ ”‏بےشک تیری جان مجھے یاد کرے گی اور جھک کر مجھ پر نظر کرے گی۔‏ مَیں اِس بات کو یاد رکھوں گا۔‏ اِس لئے مَیں تیری مدد کا منتظر رہوں گا۔‏“‏—‏نوحہ ۳:‏۲۰،‏ ۲۱‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن۔‏

یرمیاہ نبی نے نوحہ کی کتاب اُس وقت لکھی جب بنی‌اسرائیل بہت ہی کٹھن دَور سے گزر رہے تھے۔‏ ابھی تھوڑا عرصہ پہلے ہی یرمیاہ نبی نے دیکھا تھا کہ اُن کے شہر یروشلیم کو بابل کی فوجوں نے تباہ کر دیا تھا۔‏ یرمیاہ نبی کے دُکھ کی کوئی انتہا نہیں تھی۔‏ لیکن وہ جانتے تھے کہ دراصل خدا نے بنی‌اسرائیل کو اُن کے گُناہوں کی سزا دی ہے۔‏ کیا یرمیاہ نبی بالکل نااُمید ہو گئے تھے؟‏ کیا وہ یہ سوچتے تھے کہ یہوواہ خدا نہایت بلندوبالا ہستی ہونے کی وجہ سے اُن لوگوں کی فریاد نہیں سنے گا جنہوں نے توبہ کر لی ہے؟‏ ذرا یرمیاہ نبی کے الفاظ کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ وہ اپنی قوم کی طرف سے یہوواہ خدا سے کیا کہتے ہیں۔‏

بہت سے لوگ مایوسی کے عالم میں تھے لیکن یرمیاہ نبی کا دل اُمید سے بھرا ہوا تھا۔‏ اُنہوں نے یہوواہ خدا کو پکار کر کہا:‏ ”‏بےشک تیری جان * [‏یعنی خود یہوواہ خدا]‏ مجھے یاد کرے گی اور جھک کر مجھ پر نظر کرے گی۔‏“‏ (‏آیت ۲۰)‏ یرمیاہ نبی کو یقین تھا کہ یہوواہ خدا اُنہیں نہیں بھولے گا اور نہ ہی وہ اُن لوگوں کو بھولے گا جنہوں نے اپنے گُناہوں سے توبہ کر لی ہے۔‏ لیکن قادرِمطلق خدا اِن لوگوں کے لئے کیا کرے گا؟‏—‏مکاشفہ ۱۵:‏۳‏۔‏

یرمیاہ نبی کو پورا اعتماد تھا کہ یہوواہ خدا ”‏جھک کر“‏ اُن لوگوں پر نظر کرے گا جو اپنے گُناہوں پر پشیمان ہیں۔‏ وہ ”‏بلندوبالا“‏ ہونے کے باوجود جھک کر اپنے بندوں کو بُری حالت سے نکال لے گا اور اُنہیں پھر سے اپنی قربت میں لے آئے گا۔‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ یہوواہ خدا نہایت مہربان اور شفیق ہے۔‏ (‏زبور ۸۳:‏۱۸‏)‏ یرمیاہ نبی کو پوری اُمید تھی کہ یہوواہ خدا اپنے بندوں کی مدد کرے گا۔‏ اور اِسی اُمید نے اُن کے دُکھی دل کو تسلی بخشی تھی۔‏ اُن کا عزم تھا کہ وہ اُس وقت کے منتظر رہیں گے جب خدا اپنے بندوں کو چھڑا لے گا۔‏—‏آیت ۲۱۔‏

ہم نوحہ ۳:‏۲۰،‏ ۲۱ سے یہوواہ خدا کے بارے میں دو باتیں سیکھتے ہیں۔‏ پہلی بات یہ ہے کہ یہوواہ خدا فروتن ہے۔‏ حالانکہ وہ بےانتہا ”‏قدرت“‏ کا مالک ہے پھر بھی جب ہم مایوسی کی حالت میں ہوتے ہیں تو وہ جھک کر ہمیں اِس سے نکالنے کو تیار رہتا ہے۔‏ (‏ایوب ۳۷:‏۲۳؛‏ زبور ۱۱۳:‏۵-‏۷‏)‏ اِس سے واقعی ہمیں بہت تسلی ملتی ہے۔‏ دوسری بات یہ ہے کہ یہوواہ خدا رحم‌دل ہے۔‏ وہ اُن لوگوں کو ”‏معاف کرنے کو تیار“‏ رہتا ہے جو اپنے گُناہوں سے توبہ کرتے ہیں اور اُنہیں یہ موقع دیتا ہے کہ وہ پھر سے اُس کے دوست بن جائیں۔‏ (‏زبور ۸۶:‏۵‏)‏ فروتنی اور رحم‌دلی میں چولی‌دامن کا ساتھ ہے۔‏

خوشی کی بات ہے کہ یہوواہ خدا انسانی حکمرانوں کی طرح مغرور اور بےحس نہیں ہے۔‏ کیا آپ یہوواہ خدا کے بارے میں مزید سیکھنا چاہتے ہیں جو نہایت فروتن ہے اور جو ”‏جھک کر“‏ اپنے بندوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کے لئے تیار رہتا ہے؟‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 5 پُرانے یہودی عالموں نے اِس آیت میں اصطلاح ”‏تیری جان“‏ کی بجائے ”‏میری جان“‏ استعمال کی۔‏ یوں اُنہوں نے یہ تاثر دیا کہ یرمیاہ نبی اپنے بارے میں بات کر رہے ہیں۔‏ اُن کا خیال تھا کہ لفظ جان خدا کے لئے استعمال کرنے سے خدا کی بےادبی ہوگی کیونکہ پاک صحیفوں میں یہ لفظ زمینی مخلوق کے لئے استعمال کِیا گیا ہے۔‏ لیکن بائبل میں خدا کے لئے اکثر ایسے الفاظ استعمال کئے گئے ہیں جو عموماً انسانوں کے لئے کئے جاتے ہیں تاکہ ہم اُسے بہتر طور پر جان سکیں۔‏ بائبل میں لفظ جان،‏ زندگی یا پوری ہستی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‏ اِس لئے جب یرمیاہ نبی نے کہا کہ ”‏تیری جان مجھے یاد کرے گی“‏ تو وہ دراصل یہ کہہ رہے تھے کہ ”‏تو“‏ یعنی یہوواہ خدا مجھے یاد کرے گا۔‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر عبارت]‏

جب ہم مایوسی کی حالت میں ہوتے ہیں تو خدا جھک کر ہمیں اِس سے نکالنے کو تیار رہتا ہے۔‏