مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بادشاہت کے شہری ہونے کے اعزاز کی قدر کریں

بادشاہت کے شہری ہونے کے اعزاز کی قدر کریں

بادشاہت کے شہری ہونے کے اعزاز کی قدر کریں

‏”‏تمہارا چال‌چلن .‏ .‏ .‏ خوشخبری کے موافق رہے۔‏“‏—‏فل ۱:‏۲۷‏۔‏

آپ اِن سوالوں کے کیا جواب دیں گے؟‏

بادشاہت کے شہری بننے کا موقع کن کو دیا جاتا ہے؟‏

بادشاہت کے شہری بننے کی شرائط کیا ہیں اور اِن پر پورا اُترنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟‏

بادشاہت کے شہری کیسے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ خدا کے قوانین سے محبت کرتے ہیں؟‏

۱،‏ ۲.‏ پولس رسول کی ہدایت فلپی میں رہنے والے مسیحیوں کے لئے خاص معنی کیوں رکھتی تھی؟‏

پولس رسول نے فلپی کی کلیسیا کو ہدایت کی کہ ”‏تمہارا چال‌چلن .‏ .‏ .‏ خوشخبری کے موافق رہے۔‏“‏ ‏(‏فلپیوں ۱:‏۲۷ کو پڑھیں۔‏)‏ اِس آیت میں جس یونانی لفظ کا ترجمہ چال‌چلن کِیا گیا ہے،‏ وہ ایسے کاموں کی طرف اشارہ کرتا ہے جن کی توقع ایک حکومت اپنے شہریوں سے کرتی ہے۔‏ پولس رسول کی ہدایت فلپی میں رہنے والے مسیحیوں کے لئے خاص معنی رکھتی تھی کیونکہ فلپی اُن شہروں میں سے ایک تھا جن کے رہنے والوں کو رومی شہریت دی گئی تھی۔‏ فلپی کے لوگوں کے لئے رومی شہریت حاصل کرنا بڑے اعزاز کی بات تھی۔‏ رومی شہری ہونے کی وجہ سے اُنہیں وہ حقوق حاصل تھے جو اُس وقت بہت ہی کم لوگوں کے پاس تھے۔‏

۲ لیکن فلپی میں رہنے والے مسیحیوں کے پاس اِس سے بھی بڑا اعزاز تھا۔‏ پولس رسول نے اِن ممسوح مسیحیوں کو بتایا کہ اُن کا ”‏وطن آسمان پر ہے۔‏“‏ (‏فل ۳:‏۲۰‏)‏ وہ کسی انسانی حکومت کے نہیں بلکہ خدا کی حکومت کے شہری تھے۔‏ اِس لئے اُنہیں ایسے فائدے حاصل تھے جو کوئی اَور حکومت اُنہیں نہیں دے سکتی تھی۔‏—‏افس ۲:‏۱۹-‏۲۲‏۔‏

۳.‏ ‏(‏الف)‏ بادشاہت کے شہری بننے کا موقع کن کو دیا جاتا ہے؟‏ (‏ب)‏ اِس مضمون میں ہم کن باتوں پر غور کریں گے؟‏

۳ اپنا ’‏چال‌چلن خوشخبری کے موافق رکھنے‘‏ کی ہدایت ممسوح مسیحیوں کو دی گئی تھی۔‏ (‏فل ۳:‏۲۰‏)‏ لیکن اُن مسیحیوں کو بھی اِس ہدایت پر عمل کرنا چاہئے جو بادشاہت کی رعایا بنیں گے۔‏ اِس کی وجہ یہ ہے کہ تمام مسیحی ایک ہی بادشاہ یہوواہ خدا کی خدمت کرتے ہیں اور اُن سب سے ایک جیسی شرائط پر پورا اُترنے کی توقع کی جاتی ہے۔‏ (‏افس ۴:‏۴-‏۶‏)‏ آج‌کل بہت سے لوگ کسی امیر ملک کی شہریت حاصل کرنے کے لئے کئی جتن کرتے ہیں۔‏ تو پھر خدا کی بادشاہت کے شہری بننے کا جو موقع ہمیں دیا گیا ہے،‏ ہمیں اُس کی کتنی زیادہ قدر کرنی چاہئے۔‏ آئیں،‏ غور کریں کہ ایک ملک کے شہری بننے کی شرائط اور خدا کی بادشاہت کے شہری بننے کی شرائط کیسے ملتی‌جلتی ہیں۔‏ ایسا کرنے سے ہم بادشاہت کے شہری ہونے کے اعزاز کی اَور بھی زیادہ قدر کریں گے۔‏ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ اگر ہم یہ اعزاز کھونا نہیں چاہتے تو ہمیں کون‌سے تین کام کرنے چاہئیں۔‏

شہریت حاصل کرنے کی شرائط

۴.‏ پاک زبان کیا ہے اور اِسے بولنے سے کیا مراد ہے؟‏

۴ زبان:‏ بعض ملکوں کی شہریت حاصل کرنے کے لئے اُن ملکوں کی زبان سیکھنا لازمی ہوتا ہے۔‏ شہریت مل جانے کے بعد بھی لوگ کئی سال تک نئی زبان میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔‏ شاید وہ اُس زبان کی گرامر کو تو جلدی سیکھ لیں لیکن الفاظ کو صحیح طرح بولنے میں اُنہیں کافی وقت لگ سکتا ہے۔‏ اِسی طرح خدا کی بادشاہت کی شہریت حاصل کرنے کے لئے وہ زبان سیکھنا لازمی ہے جو خدا ہمیں سکھاتا ہے۔‏ صفنیاہ نبی نے بتایا کہ خدا اپنے بندوں کے ’‏ہونٹ پاک کر دے گا۔‏‘‏ ‏(‏صفنیاہ ۳:‏۹ کو پڑھیں۔‏)‏ جس عبرانی اصطلاح کا ترجمہ ہونٹ پاک کر دوں گا کِیا گیا ہے،‏ وہ پاک زبان کی طرف اشارہ کرتی ہے۔‏ پاک زبان کیا ہے؟‏ یہ زبان یہوواہ خدا اور اُس کے مقصد کے بارے میں سچائیوں پر مبنی ہے۔‏ اور یہ سچائیاں پاک کلام میں درج ہیں۔‏ پاک زبان بولنے سے کیا مراد ہے؟‏ اِس کا مطلب ہے کہ ہم اپنی زندگی خدا کے قوانین اور اصولوں کے مطابق گزاریں۔‏ شاید بادشاہت کے شہری پاک کلام کی بنیادی تعلیم کو تو جلدی سیکھ لیں اور بپتسمہ لے لیں۔‏ لیکن اُنہیں بپتسمہ لینے کے بعد بھی پاک زبان کو اچھی طرح بولنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔‏ اِس کے لئے ضروری ہے کہ وہ خدا کے کلام سے جو بھی باتیں سیکھیں،‏ اُن پر عمل کریں۔‏

۵.‏ ہمیں یہوواہ خدا کی تنظیم کی تاریخ کے بارے میں کیوں جاننا چاہئے؟‏

۵ تاریخ:‏ بعض ملکوں کی شہریت حاصل کرنے کے لئے اُن ملکوں کی تاریخ کے بارے میں کچھ علم حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے۔‏ اِسی طرح خدا کی بادشاہت کی شہریت حاصل کرنے کے لئے اِس بادشاہت کے بارے میں علم حاصل کرنا لازمی ہے۔‏ اِس سلسلے میں قورح کے بیٹوں کی مثال پر غور کریں جو اسرائیل میں خدا کے گھر میں خدمت کرتے تھے۔‏ اُنہیں یروشلیم سے اور خدا کے گھر سے بڑی محبت تھی۔‏ وہ بڑے شوق سے اِس شہر کی تاریخ کے بارے میں بات کرتے تھے۔‏ لیکن اِس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ یروشلیم بہت خوبصورت تھا بلکہ اِس کی وجہ یہ تھی کہ وہ ”‏بڑے بادشاہ“‏ یعنی یہوواہ خدا کا شہر تھا۔‏ اِس شہر میں لوگ یہوواہ خدا کی عبادت کرتے تھے اور اُس کی شریعت کے بارے میں سیکھتے تھے۔‏ یہوواہ خدا نے یروشلیم کے لوگوں کے لئے بڑی شفقت دِکھائی تھی۔‏ ‏(‏زبور ۴۸:‏۱،‏ ۲،‏ ۹،‏ ۱۲،‏ ۱۳ کو پڑھیں۔‏)‏ جس طرح قورح کے بیٹے یروشلیم کی تاریخ کے بارے میں جاننے کا شوق رکھتے تھے اُسی طرح کیا ہم بھی یہوواہ خدا کی تنظیم کی تاریخ کے بارے میں جاننے کا شوق رکھتے ہیں؟‏ کیا ہم دوسروں کو اِس کے بارے میں بتاتے ہیں؟‏ جتنا زیادہ ہم یہوواہ خدا کی تنظیم کے بارے میں سیکھتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ خدا اِس کی رہنمائی کیسے کرتا ہے اُتنا ہی خدا کی بادشاہت پر ہمارا اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔‏ یوں ہمارے دل میں یہ خواہش بڑھتی ہے کہ ہم دوسروں کو خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سنائیں۔‏—‏یرم ۹:‏۲۴؛‏ لو ۴:‏۴۳‏۔‏

۶.‏ یہ کیوں مناسب ہے کہ ہم خدا کی بادشاہت کے قانون کے بارے میں جانیں اور اِس پر عمل کریں؟‏

۶ قانون:‏ ہر ملک کے شہریوں کے لئے یہ لازمی ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کے قانون کے بارے میں جانیں۔‏ اِسی طرح بادشاہت کی شہریت حاصل کرنے کے لئے یہوواہ خدا کے قوانین اور اصولوں کو جاننا لازمی ہے۔‏ (‏یسع ۲:‏۳؛‏ یوح ۱۵:‏۱۰؛‏ ۱-‏یوح ۵:‏۳‏)‏ انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین میں اکثر نقص ہوتا ہے۔‏ لیکن ”‏[‏یہوواہ]‏ کی شریعت کامل ہے۔‏“‏ (‏زبور ۱۹:‏۷‏)‏ کیا ہمیں ہر روز خدا کے کلام کو پڑھنے اور اُس کے قوانین کے بارے میں جاننے سے خوشی ملتی ہے؟‏ (‏زبور ۱:‏۱،‏ ۲‏)‏ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا ہم سب کی ذاتی ذمہ‌داری ہے۔‏ ہم اِسے کسی اَور کے کندھوں پر نہیں ڈال سکتے۔‏

خدا کے قوانین سے محبت کریں

۷.‏ بادشاہت کے شہری خدا کے قوانین کو کیوں مانتے ہیں؟‏

۷ اگر ہم بادشاہت کی شہریت کھونا نہیں چاہتے تو ہمیں نہ صرف خدا کے قوانین کو جاننا چاہئے بلکہ اُن سے محبت بھی کرنی چاہئے۔‏ آج‌کل بہت سے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اپنی حکومت کے قوانین کو مانتے ہیں۔‏ لیکن جب اُن کے آس‌پاس کوئی نہیں ہوتا تو وہ اکثر ایسے قوانین کو توڑ دیتے ہیں جو اُنہیں مشکل لگتے ہیں۔‏ اِس طرح کے لوگ ’‏آدمیوں کو خوش کرنے والے‘‏ ہوتے ہیں۔‏ (‏کل ۳:‏۲۲‏)‏ بادشاہت کے شہری یہوواہ خدا کے قوانین کو اِس لئے مانتے ہیں کیونکہ وہ اُس سے محبت کرتے ہیں۔‏ وہ اُس وقت بھی خوشی سے خدا کے قوانین پر عمل کرتے ہیں جب کوئی اُن کے آس‌پاس نہیں ہوتا۔‏—‏یسع ۳۳:‏۲۲؛‏ لوقا ۱۰:‏۲۷ کو پڑھیں۔‏

۸،‏ ۹.‏ آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ آپ واقعی خدا کے قوانین سے محبت کرتے ہیں؟‏

۸ آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ آپ واقعی خدا کے قوانین سے محبت کرتے ہیں؟‏ ذرا سوچیں کہ جب آپ کو کسی ایسے معاملے میں نصیحت کی جاتی ہے جو آپ کے خیال میں ذاتی پسند کا معاملہ ہے تو آپ کیسا ردِعمل دِکھاتے؟‏ مثال کے طور پر شاید آپ کو آپ کے لباس کے سلسلے میں کوئی نصیحت کی جاتی ہے۔‏ جب آپ بادشاہت کے شہری نہیں بنے تھے تو شاید آپ لباس سلیقے سے نہیں پہنتے تھے یا پھر آپ کا لباس حیادار نہیں ہوتا تھا۔‏ لیکن جب آپ کے دل میں یہوواہ خدا کے لئے محبت بڑھی تو آپ مناسب لباس پہننے لگے۔‏ (‏۱-‏تیم ۲:‏۹،‏ ۱۰؛‏ ۱-‏پطر ۳:‏۳،‏ ۴‏)‏ شاید آپ سوچتے ہیں کہ جس طرح کا لباس آپ اب پہنتے ہیں،‏ اُس میں کوئی خرابی نہیں۔‏ لیکن اگر کوئی بزرگ آپ کو بتاتا ہے کہ آپ کے لباس کی وجہ سے کلیسیا کے کچھ بہن‌بھائیوں کو ٹھوکر لگتی ہے تو آپ کیسا ردِعمل ظاہر کرتے ہیں؟‏ کیا آپ اپنی صفائیاں پیش کرتے ہیں،‏ غصے میں آ جاتے ہیں یا پھر اپنے لباس میں کسی طرح کی تبدیلی لانے سے انکار کر دیتے ہیں؟‏ بادشاہت کے شہریوں کے لئے ایک اہم شرط یہ ہے کہ وہ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کریں۔‏ (‏۱-‏پطر ۲:‏۲۱‏)‏ یسوع مسیح نے جو مثال قائم کی،‏ اُس کے بارے میں پولس رسول نے لکھا:‏ ”‏ہم میں ہر شخص اپنے پڑوسی کو اُس کی بہتری کے واسطے خوش کرے تاکہ اُس کی ترقی ہو۔‏ کیونکہ مسیح نے بھی اپنی خوشی نہیں کی۔‏“‏ (‏روم ۱۵:‏۲،‏ ۳‏)‏ کلیسیا میں امن اور صلح کو قائم رکھنے کی خاطر ایک مسیحی ایسے کاموں سے گریز کرے گا جن سے دوسروں کو ٹھوکر لگ سکتی ہے۔‏—‏روم ۱۴:‏۱۹-‏۲۱‏۔‏

۹ جنسی تعلقات اور ازدواجی بندھن کے متعلق آپ جو نظریہ رکھتے ہیں،‏ اُس سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آپ خدا کے قوانین سے محبت رکھتے ہیں یا نہیں۔‏ جو لوگ خدا کی بادشاہت کے شہری نہیں،‏ وہ شاید ہم‌جنس‌پرستی کو بُرا نہیں سمجھتے۔‏ وہ شاید سوچتے ہیں کہ گندی تصویریں دیکھنے اور زناکاری کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔‏ اُن کا خیال ہے کہ طلاق لینا یا دینا ذاتی معاملہ ہے۔‏ لیکن بادشاہت کے شہری جان گئے ہیں کہ ایسے کاموں سے ہمیشہ نقصان ہی ہوتا ہے۔‏ بادشاہت کے شہری بننے سے پہلے وہ شاید خود بھی ایسے غلط کام کرتے تھے لیکن اب وہ جان گئے ہیں کہ جنسی تعلقات اور ازدواجی بندھن یہوواہ خدا کی طرف سے نعمت ہیں۔‏ وہ یہوواہ خدا کے قوانین سے محبت کرتے ہیں۔‏ وہ مانتے ہیں کہ جو لوگ جنسی تعلقات کے سلسلے میں خدا کے قوانین کو توڑتے ہیں وہ اُس کی بادشاہت کے شہری نہیں بن سکتے۔‏ (‏۱-‏کر ۶:‏۹-‏۱۱‏)‏ لیکن وہ اِس بات سے بھی واقف ہیں کہ اُن کا دل حیلہ‌باز ہے جو اُنہیں غلط کام کرنے پر اُکسا سکتا ہے۔‏ (‏یرم ۱۷:‏۹‏)‏ اِس لئے وہ یہوواہ خدا کی تنظیم کے شکرگزار ہیں جو اُنہیں مختلف معاملات کے بارے میں ہدایات دیتی ہے۔‏ اِن ہدایات پر عمل کرنے سے وہ خدا کے قوانین کی پابندی کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔‏

خدا کی تنظیم کی ہدایات پر عمل کریں

۱۰،‏ ۱۱.‏ ‏(‏الف)‏ یہوواہ خدا کی تنظیم ہمیں کن خطروں سے خبردار کرتی ہے؟‏ (‏ب)‏ یہوواہ خدا کی تنظیم جو ہدایات دیتی ہے،‏ آپ اُن کے لئے کیسے قدر ظاہر کرتے ہیں؟‏

۱۰ بعض ملکوں میں حکومتیں اپنے شہریوں کو کچھ کھانوں اور دوائیوں کے نقصان‌دہ اثرات کے بارے میں خبردار کرتی ہیں۔‏ ظاہر ہے کہ سب دوائیاں اور کھانے نقصان‌دہ نہیں ہوتے۔‏ لیکن اگر کسی دوائی یا کھانے سے کوئی بُرا اثر ہو سکتا ہے تو حکومت شہریوں کو بچانے کے لئے اُنہیں ضروری ہدایات دیتی ہے۔‏ شہریوں کو اِس طرح کے خطروں سے خبردار کرنا حکومت کی ذمہ‌داری ہے۔‏ اِسی طرح خدا کی حکومت بھی اپنے شہریوں کو ایسے خطروں سے خبردار کرتی ہے جن کی وجہ سے وہ خدا کی قربت کھو سکتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر آج‌کل بہت سے لوگ انٹرنیٹ کو اپنے گھر والوں اور دوستوں سے رابطہ رکھنے کے لئے،‏ تفریح کرنے کے لئے یا پھر مختلف معلومات حاصل کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔‏ خدا کی تنظیم بھی بادشاہت کے کام کو فروغ دینے کے لئے انٹرنیٹ استعمال کرتی ہے۔‏ لیکن بہت ساری سائٹس ایسی ہیں جنہیں دیکھنا ہمارے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔‏ مثال کے طور پر بعض سائٹس پر گندی تصویریں ہوتی ہیں جنہیں دیکھنے سے ایک شخص میں غلط خواہشات پیدا ہو سکتی ہیں۔‏ دیانت‌دار اور عقل‌مند نوکر کئی سالوں سے ہمیں خبردار کر رہا ہے کہ ہمیں ایسی سائٹس سے گریز کرنا چاہئے۔‏ ہم یہوواہ خدا کی تنظیم کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہمیں خطروں سے خبردار کرتی ہے۔‏

۱۱ آج‌کل انٹرنیٹ کی دُنیا میں ایک نئی قسم کی ویب‌سائٹس بہت زیادہ مقبول ہیں۔‏ اِنہیں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کہا جاتا ہے۔‏ اگر اِن ویب‌سائٹس کو احتیاط سے استعمال کِیا جائے تو اِن سے کچھ فائدہ ہو سکتا ہے۔‏ لیکن اِن کے بہت سے نقصان بھی ہیں۔‏ اِن کے ذریعے ہماری دوستی ایسے لوگوں سے ہو سکتی ہے جو ہم پر بُرا اثر ڈال سکتے ہیں۔‏ (‏۱-‏کر ۱۵:‏۳۳‏)‏ اِسی لئے یہوواہ خدا کی تنظیم ہمیں ایسی سائٹس کو استعمال کرنے کے سلسلے میں ہدایات دیتی ہے۔‏ کیا آپ نے اُن تمام مضامین کو پڑھا ہے جو دیانت‌دار نوکر نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب‌سائٹس کے بارے میں حال ہی میں شائع کئے ہیں؟‏ اگر آپ ایسی ہدایات کو پڑھے بغیر اِن سائٹس کو استعمال کرتے ہیں تو یہ بالکل ایسے ہی ہوگا جیسے آپ ہدایات پڑھے بغیر کوئی تیز دوائی کھا لیتے ہیں۔‏ *

۱۲.‏ دیانت‌دار نوکر کی ہدایات کو نظر انداز کرنا بےوقوفی کیوں ہے؟‏

۱۲ جو مسیحی دیانت‌دار نوکر کی ہدایات پر عمل نہیں کرتے،‏ وہ نہ صرف خود نقصان اُٹھاتے ہیں بلکہ اپنے گھر والوں اور دوستوں کے لئے بھی نقصان کا باعث بنتے ہیں۔‏ بعض مسیحی گندی تصویریں دیکھنے کی عادت میں پڑ گئے ہیں اور بعض حرام‌کاری کر بیٹھے ہیں۔‏ وہ شاید یہ سوچتے ہیں کہ یہوواہ خدا اُنہیں نہیں دیکھ رہا۔‏ یہ سوچنا بڑی بےوقوفی کی بات ہوگی کہ ہم یہوواہ خدا سے چھپ سکتے ہیں۔‏ (‏امثا۱۵:‏۳؛‏ عبرانیوں ۴:‏۱۳ کو پڑھیں۔‏)‏ یہوواہ خدا ایسے لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہے اور اِس کام کے لئے وہ کلیسیا کے بزرگوں کو استعمال کرتا ہے۔‏ (‏گل ۶:‏۱‏)‏ جس طرح ملک کا قانون توڑنے والوں کی شہریت ختم ہو سکتی ہے اُسی طرح وہ مسیحی بھی بادشاہت کی شہریت سے محروم ہو سکتے ہیں جو یہوواہ خدا کا قانون توڑنے سے باز نہیں آتے۔‏ * (‏۱-‏کر ۵:‏۱۱-‏۱۳‏)‏ مگر یہوواہ خدا بہت رحم‌دل ہے۔‏ جو لوگ توبہ کرتے ہیں اور اپنے بُرے کاموں کو چھوڑ دیتے ہیں،‏ وہ اُنہیں معاف کر دیتا ہے۔‏ یوں وہ پھر سے یہوواہ خدا کی قربت میں آ جاتے ہیں اور بادشاہت کی شہریت سے محروم نہیں ہوتے۔‏ (‏۲-‏کر ۲:‏۵-‏۸‏)‏ ایسے شفیق بادشاہ کی خدمت کرنا ہمارے لئے کتنے بڑے اعزاز کی بات ہے!‏

تعلیم‌وتربیت کی قدر کریں

۱۳.‏ بادشاہت کے شہری یہ کیسے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ تعلیم کی قدر کرتے ہیں؟‏

۱۳ بعض حکومتیں اپنے شہریوں کو تعلیم‌وتربیت دینے کے لئے بہت کام کرتی ہیں۔‏ وہ ایسے سکول کھولتی ہیں جن میں شہریوں کو پڑھنے لکھنے کے علاوہ ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں۔‏ بادشاہت کے شہری اِس اِنتظام کی قدر کرتے ہیں اور ایسے سکولوں میں پڑھنالکھنا سیکھتے ہیں تاکہ وہ اپنی زندگی کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔‏ لیکن وہ خدا کی طرف سے ملنے والی تعلیم کی اَور بھی زیادہ قدر کرتے ہیں۔‏ یہوواہ خدا اپنی تنظیم کے ذریعے ہماری حوصلہ‌افزائی کرتا ہے کہ ہم پڑھنالکھنا سیکھیں۔‏ وہ والدین کی حوصلہ‌افزائی کرتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ پاک کلام پر مبنی کتابیں اور رسالے وغیرہ پڑھیں۔‏ دیانت‌دار نوکر مینارِنگہبانی اور جاگو!‏ کے شماروں میں بائبل پر مبنی بہت سی اہم معلومات شائع کرتا ہے۔‏ اگر آپ ہر روز اِن رسالوں کے ایک یا دو صفحے بھی پڑھیں تو آپ اِن تمام رسالوں کو پڑھ سکیں گے جن کے ذریعے یہوواہ خدا آپ کو تعلیم دے رہا ہے۔‏

۱۴.‏ ‏(‏الف)‏ ہمیں کون‌سی تربیت دی جاتی ہے؟‏ (‏ب)‏ خاندانی عبادت کے سلسلے میں آپ نے کن تجاویز پر عمل کِیا ہے؟‏

۱۴ ہر ہفتے بادشاہت کے شہری اپنی‌اپنی کلیسیاؤں میں خدا سے تعلیم‌وتربیت حاصل کرتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر مسیحی خدمتی سکول کو شروع ہوئے ۶۰ سے زیادہ سال ہو گئے ہیں۔‏ اِس سکول سے بہت سے مسیحیوں نے تربیت حاصل کی ہے تاکہ وہ دوسروں کو مؤثر طریقے سے پاک کلام کی تعلیم دے سکیں۔‏ کیا آپ نے اِس سکول میں اپنا نام لکھوایا ہے؟‏ اِس کے علاوہ دیانت‌دار نوکر اِس بات پر زور دیتا ہے کہ ہمیں ہر ہفتے اپنی خاندانی عبادت کرنی چاہئے۔‏ اِس سے گھر کے سارے افراد کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔‏ کیا آپ نے اُن تجاویز پر عمل کِیا ہے جو یہوواہ خدا کی تنظیم نے خاندانی عبادت کو مؤثر بنانے کے سلسلے میں شائع کی ہیں؟‏ *

۱۵.‏ ہمارے لئے ایک بہت بڑا اعزاز کون‌سا ہے؟‏

۱۵ بعض اوقات ایک حکومت کے شہری کسی سیاسی جماعت کے لئے ووٹ اِکٹھے کرنے گھرگھر جاتے ہیں۔‏ اِسی طرح بادشاہت کے شہری گھرگھر جا کر لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتاتے ہیں۔‏ اِس مقصد کے لئے ہم رسالہ مینارِنگہبانی تقسیم کرتے ہیں جو یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے۔‏ جیسا کہ پچھلے مضمون میں بتایا گیا تھا کہ یہ رسالہ دُنیا میں سب سے زیادہ تقسیم ہونے والا رسالہ ہے۔‏ دوسروں کو خدا کی بادشاہت کا پیغام سنانا ہمارے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔‏ کیا آپ دل‌وجان سے بادشاہت کی خوشخبری سناتے میں؟‏—‏متی ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏۔‏

۱۶.‏ آپ یہ کیسے ثابت کر سکتے ہیں کہ آپ بادشاہت کے اچھے شہری ہیں؟‏

۱۶ وہ وقت آنے والا ہے جب پوری زمین پر صرف خدا کی بادشاہت کی حکمرانی ہوگی۔‏ اِس بادشاہت کے قوانین کا اثر ہماری زندگی کے ہر پہلو پر ہوگا۔‏ کیا آپ اُس وقت بھی خدا کی بادشاہت کے اچھے شہری ہوں گے؟‏ اِس بات کو ثابت کرنے کا وقت اب ہے۔‏ آپ اپنی زندگی میں ’‏جو کچھ بھی کریں سب خدا کے جلال کے لئے کریں۔‏‘‏ اِس طرح آپ یہ ظاہر کریں گے کہ آپ بادشاہت کے اچھے شہری ہیں۔‏—‏۱-‏کر ۱۰:‏۳۱‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 14 یکم اگست ۲۰۱۱ء کے مینارِنگہبانی کے صفحہ ۳۰،‏ ۳۱ اور جنوری ۲۰۱۱ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے صفحہ ۳-‏۶ کو دیکھیں۔‏

‏[‏مطالعے کے سوالات]‏

‏[‏صفحہ ۲۱ پر عبارت]‏

یہوواہ خدا کی تنظیم انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کے سلسلے میں جو ہدایات دیتی ہے،‏ کیا آپ اُن پر عمل کرتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۱۹ پر تصویر]‏

جس طرح قورح کے بیٹے یروشلیم کی تاریخ کے بارے میں جاننے کا شوق رکھتے تھے اُسی طرح کیا ہم بھی خدا کی تنظیم کی تاریخ کے متعلق جاننے کا شوق رکھتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۲۲ پر تصویر]‏

خاندانی عبادت بادشاہت کے اچھے شہری بننے میں آپ اور آپ کے گھر والوں کی مدد کر سکتی ہے۔‏