مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ‌بیتی

ہماری تکلیفوں بھری زندگی کو مقصد مل گیا

ہماری تکلیفوں بھری زندگی کو مقصد مل گیا

یہ ۱۹۵۸ء کی بات ہے کہ ہمارے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا۔‏ ہم نے اُس کا نام گیری رکھا۔‏ گیری کی پیدائش کے فوراً بعد ہی مجھے احساس ہو گیا کہ اُسے کوئی نہ کوئی مسئلہ ہے۔‏ لیکن ڈاکٹروں کو اُس کی بیماری کا پتہ لگانے میں دس مہینے لگ گئے۔‏ اور لندن کے کچھ ماہر ڈاکٹروں نے کہیں پانچ سال بعد جا کر اُس کی بیماری کی تصدیق کی۔‏ گیری کی پیدائش کے نو سال بعد ہماری ایک بیٹی پیدا ہوئی۔‏ اُس کا نام ہم نے لوئس رکھا۔‏ مجھے یہ دیکھ کر بڑا دُکھ ہوا کہ لوئس میں بھی اُسی بیماری کی علامتیں نظر آ رہی تھیں جو گیری کو ہے۔‏ لیکن لوئس میں یہ علامتیں زیادہ شدید تھیں۔‏

ڈاکٹروں نے مجھے بتایا کہ ”‏آپ کے دونوں بچوں کو ایک پیدائشی بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں۔‏“‏ * اُس وقت لوگ اِس بیماری کے متعلق زیادہ نہیں جانتے تھے۔‏ اِس بیماری کی وجہ سے ایک شخص کی نظر بہت کمزور ہو سکتی ہے اور وہ آہستہ‌آہستہ اندھا ہو سکتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ موٹاپا،‏ ہاتھ اور پاؤں میں پانچ سے زیادہ اُنگلیاں،‏ سُست نشوونما،‏ ذیابیطس،‏ جوڑوں اور گردوں کے مسائل اِس بیماری کی عام علامتیں ہیں۔‏ اِس لئے دونوں بچوں کو پالناپوسنا میرے لئے بڑا مشکل تھا۔‏ یہ بیماری اِتنی عام نہیں ہے۔‏ ایک تحقیق کے مطابق برطانیہ میں ہر ایک لاکھ ۲۵ ہزار لوگوں میں سے صرف ایک شخص کو یہ بیماری ہوتی ہے۔‏ البتہ بہت سے لوگوں میں اِس کی تھوڑی بہت علامتیں نظر آتی ہیں۔‏

یہوواہ خدا ہماری پناہ ہے

میری شادی کے تھوڑے ہی عرصے بعد میری ملاقات یہوواہ کی ایک گواہ سے ہوئی۔‏ مَیں فوراً سمجھ گئی کہ یہوواہ کے گواہوں کی تعلیم سچی ہے۔‏ لیکن میرے شوہر کو اُن کی تعلیم میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔‏ میرے شوہر کے کام کی وجہ سے ہم اکثر گھر شفٹ کرتے رہتے ہیں۔‏ اِس لئے مَیں اجلاسوں میں نہیں جا پاتی تھی۔‏ مگر مَیں بائبل پڑھتی تھی اور یہوواہ خدا سے دُعا کرتی تھی۔‏ مجھے پاک کلام میں یہ بات پڑھ کر بہت تسلی ملی کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ مظلوموں کے لئے پناہ،‏ اور مصیبت کے ایّام میں قلعہ ہے۔‏ جو تیرا نام جانتے ہیں،‏ تجھ پر اعتماد رکھیں گے،‏ کیونکہ تو نے اَے [‏یہوواہ]‏،‏ اپنے طالبوں کو کبھی ترک نہیں کِیا۔‏“‏—‏زبور ۹:‏۹،‏ ۱۰‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

گیری کی نظر بہت ہی کمزور تھی اِس لئے جب وہ چھ سال کا تھا تو ہم نے اُسے ایک بورڈنگ سکول میں بھیج دیا جہاں معذور بچوں کو پڑھایا جاتا تھا۔‏ گیری اکثر اپنے مسئلوں کے بارے میں میرے ساتھ فون پر بات کرتا تھا اور مَیں بائبل کے ذریعے اُس کی مدد کرتی تھی تاکہ وہ اپنے مسئلوں سے نپٹ سکے۔‏ لوئس کی پیدائش کے بعد مجھے خود بھی ایک بیماری ہو گئی۔‏ اِس بیماری کی وجہ سے میرے پٹھے نہایت کمزور ہو گئے اور جسم میں شدید درد رہنے لگا۔‏ گیری ۱۶ سال کی عمر میں گھر واپس آ گیا۔‏ اُس کی نظر تو اب نہ ہونے کے برابر تھی۔‏ اِس لئے سن ۱۹۷۵ء میں ڈاکٹروں نے اُسے اندھا قرار دے دیا۔‏ پھر ۱۹۷۷ء میں ہم پر ایک اَور مصیبت آن پڑی،‏ میرا شوہر ہم سب کو چھوڑ کر چلا گیا۔‏

گیری کے گھر واپس آنے کے بعد ہم باقاعدگی سے اجلاسوں میں جانے لگے اور مُنادی کے کام میں حصہ لینے لگے۔‏ مَیں نے ۱۹۷۴ء میں بپتسمہ لے لیا۔‏ گیری اب جوان ہو رہا تھا۔‏ اِس لئے اب اُس میں جو جذباتی اور جسمانی تبدیلیاں ہو رہی تھیں،‏ اُنہیں سمجھنے کے لئے اُسے کسی کی مدد کی ضرورت تھی۔‏ کلیسیا کے ایک بزرگ نے اِس سلسلے میں اُس کی بڑی مدد کی۔‏ مَیں اُس بزرگ کی بہت شکر گزار ہوں۔‏ دوسرے یہوواہ کے گواہ بھی گھریلو کام‌کاج میں ہمارا ہاتھ بٹاتے تھے۔‏ پھر ایک سرکاری ادارے نے پانچ یہوواہ کے گواہوں کو ہماری دیکھ‌بھال کرنے کے لئے مقرر کر دیا۔‏ اِن گواہوں کو اِس کام کا کچھ معاوضہ ملتا ہے۔‏ ہمیں بڑی خوشی ہے کہ اِس مشکل گھڑی میں یہوواہ خدا ہماری پناہ بنا۔‏

گیری روحانی لحاظ سے بڑھتا گیا اور ۱۹۸۲ء میں اُس نے بپتسمہ لے لیا۔‏ اُس کی خواہش تھی کہ وہ مددگار پہل‌کار بنے۔‏ مَیں نے اِس کام میں اُس کا ساتھ دیا اور ہم دونوں کئی سال تک مددگار پہل‌کاروں کے طور پر خدمت کرتے رہے۔‏ کچھ عرصے بعد حلقے کے نگہبان نے گیری سے کہا:‏ ”‏آپ کُل‌وقتی خدمت کیوں شروع نہیں کرتے؟‏“‏ اِس بات سے گیری کو ترغیب ملی کہ وہ مُنادی کے کام میں اَور زیادہ حصہ لے۔‏ وہ ۱۹۹۰ء میں پہل‌کار بن گیا۔‏

گیری کے دونوں کولہے تبدیل کئے گئے ہیں۔‏ اُس کے کولہے کا پہلا آپریشن ۱۹۹۹ء میں اور دوسرا ۲۰۰۸ء میں ہوا۔‏ لیکن لوئس کی حالت گیری سے زیادہ سنگین ہے۔‏ وہ پیدائشی نابینا ہے۔‏ اُس کی پیدائش کے بعد جب مَیں نے اُس کے ایک پاؤں پر چھ اُنگلیاں دیکھیں تو مَیں سمجھ گئی کہ اِسے بھی وہی بیماری ہے جو اِس کے بھائی کو ہے۔‏ لوئس کے کئی معائنوں کے بعد پتہ چلا کہ اِس بیماری نے اُس کے بہت سے اندرونی اعضا کو بھی بُری طرح متاثر کِیا ہے۔‏ اُس کے کئی آپریشن ہو چکے ہیں۔‏ پانچ آپریشن تو صرف گردوں کے ہی ہوئے ہیں۔‏ اور گیری کی طرح لوئس بھی ذیابیطس کی مریض ہے۔‏

لوئس کو معلوم ہے کہ آپریشن کے دوران کچھ ایسی پیچیدگیاں آ سکتی ہیں جن کی وجہ سے ڈاکٹر شاید اُسے خون لگا دیں۔‏ اِس لئے وہ پہلے ہی سے سرجن اور بےہوش کرنے والے ڈاکٹر کو بتا دیتی ہے کہ وہ خون کیوں نہیں لے گی۔‏ ڈاکٹر اُس کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور وہ اُن کی محنت کی قدر کرتی ہے۔‏

ہماری زندگی بامقصد ہے

ہم اپنے گھر میں بائبل کا مطالعہ کرنے میں خاصا وقت صرف کرتے ہیں۔‏ پہلے مَیں گیری اور لوئس کو کئی گھنٹے تک بائبل یا دوسری کتابیں اور رسالے پڑھ کر سناتی تھی۔‏ لیکن اب ہم سی‌ڈیز،‏ ڈی‌وی‌ڈیز اور اپنی ویب‌سائٹ www.pr418.com پر دی گئی ریکارڈنگز سنتے ہیں۔‏ یوں ہم اجلاسوں کے لئے اچھی تیاری کرتے ہیں اور اِن میں حصہ لیتے ہیں۔‏

ہم خدا کے کلام سے سچی تعلیم حاصل کرکے بہت ہی خوش ہیں۔‏ یہ تعلیم ہمارے لئے کسی خزانے سے کم نہیں۔‏

گیری اجلاسوں میں جو جواب دیتا ہے،‏ بعض اوقات وہ اُس نے پہلے ہی سے یاد کئے ہوتے ہیں۔‏ جب مسیحی خدمتی سکول میں اُس کی تقریر آتی ہے تو وہ زبانی رَٹ کر تقریر پیش نہیں کرتا۔‏ گیری کو ۱۹۹۵ء میں کلیسیا میں خادم مقرر کِیا گیا۔‏ وہ اجلاس میں آنے والوں کا خوشی‌خوشی استقبال کرتا ہے اور ساؤنڈ سسٹم چلانے والے بھائیوں کی مدد کرتا ہے۔‏

جوڑوں کی بیماری کی وجہ سے گیری کو مُنادی کے کام میں جانے کے لئے ویل‌چیئر استعمال کرنی پڑتی ہے۔‏ جو بہن یا بھائی اُس کے ساتھ کام کرتا ہے،‏ وہ اُس کی ویل‌چیئر کو دھکا لگاتا ہے۔‏ گیری ایک شخص کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کر رہا ہے اور اِس کام میں ایک بھائی اُس کی مدد کرتا ہے۔‏ اب یہ شخص اجلاسوں میں آ رہا ہے۔‏ گیری نے یہوواہ کی ایک گواہ کی مدد بھی کی ہے جو ۲۵ سال سے اجلاسوں میں نہیں آ رہی تھی۔‏ اِس گواہ نے بھی اجلاسوں میں آنا شروع کر دیا ہے۔‏

لوئس نے نو سال کی عمر میں اپنی نانی سے سویٹر بُننا سیکھا۔‏ اور پھر مَیں نے اور ایک اَور بہن نے اُسے کڑھائی کرنا سکھایا۔‏ لوئس کو یہ دونوں کام بہت پسند ہیں۔‏ وہ اکثر کلیسیا کے بچوں اور عمررسیدہ بہن‌بھائیوں کے لئے رنگین کمبل بنتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ وہ طرح‌طرح کے کارڈ بناتی ہے جن پر وہ خوب‌صورت تصویریں چپکاتی ہے۔‏ لوئس جن لوگوں کو یہ کارڈ دیتی ہے،‏ وہ اِنہیں بہت پسند کرتے ہیں۔‏ لوئس نے تیرہ چودہ سال کی عمر میں ٹائپنگ بھی سیکھ لی۔‏ اِس کا فائدہ یہ ہے کہ اب وہ ای‌میل کے ذریعے اپنے دوستوں کے ساتھ رابطہ رکھ سکتی ہے۔‏ لوئس نے ۱۷ سال کی عمر میں بپتسمہ لیا۔‏ جب بھی خاص پرچے بانٹنے کی کوئی مہم آتی ہے تو ہم تینوں مدد گار پہل‌کاروں کے طور پر خدمت کرتے ہیں۔‏ گیری اور لوئس کچھ ایسی آیتیں یاد کر لیتے ہیں جن میں نئی دُنیا کا ذکر کِیا گیا ہے۔‏ وہ اِن آیتوں کو مُنادی کے کام میں استعمال کرتے ہیں اور اِس بات پر اپنے ایمان کا اِظہار کرتے ہیں کہ نئی دُنیا میں ”‏اندھوں کی آنکھیں وا کی جائیں گی“‏ اور وہاں ”‏کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔‏“‏—‏یسع ۳۳:‏۲۴؛‏ ۳۵:‏۵‏۔‏

ہم خدا کے کلام سے سچی تعلیم حاصل کرکے بہت ہی خوش ہیں۔‏ یہ تعلیم ہمارے لئے کسی خزانے سے کم نہیں۔‏ ہم کلیسیا کے بہن‌بھائیوں کے دل سے شکر گزار ہیں کیونکہ اگر وہ ہمارا ساتھ نہ دیں تو ہمارے لئے بہت سے کام کرنا مشکل ہو جائے۔‏ یہ یہوواہ خدا ہی کا کرم ہے کہ ہماری تکلیفوں سے بھری زندگی کو بھی ایک حقیقی مقصد مل گیا ہے۔‏

^ پیراگراف 5 اِس بیماری کا نام لارنس مون بیڈی سینڈروم ہے۔‏ یہ اُن لوگوں کو لگتی ہے جن کے ماں اور باپ دونوں میں اِس بیماری کا جین ہوتا ہے۔‏