مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یہوواہ ہر روز میرا بوجھ اُٹھاتا ہے

یہوواہ ہر روز میرا بوجھ اُٹھاتا ہے

مَیں ایک سنگین بیماری کی وجہ سے کئی تکلیفوں کا سامنا کر رہی ہوں۔‏ لیکن میرے آسمانی باپ یہوواہ نے مجھے ہمیشہ سنبھالا ہے۔‏ اُسی کی مہربانی ہے کہ مَیں تقریباً ۲۵ سال سے ایک پہل‌کار کے طور پر خدمت کر رہی ہوں۔‏ یہ میرے لئے واقعی بڑی خوشی کی بات ہے۔‏

مَیں ۱۹۵۶ء میں پیدا ہوئی۔‏ پیدائشی طور پر میری ریڑھ کی ہڈی میں خلا تھا۔‏ اور اِس کی وجہ سے میری ریڑھ کی ہڈی سے گزرنے والی نسوں کو بہت نقصان ہوا۔‏ اِس سے مجھے نہ صرف چلنے پھرنے میں بہت دقت ہوتی ہے بلکہ مَیں اَور بھی بہت سی تکلیفوں سے دوچار ہوں۔‏

میری پیدائش سے کچھ عرصہ پہلے یہوواہ کے گواہ ہمارے گھر آتے تھے اور میرے امی‌ابو کو بائبل سے تعلیم دیتے تھے۔‏ ہم ملک نمیبیا کے ایک قصبے میں رہتے تھے جس کا نام اوساکوس ہے۔‏ اُس وقت وہاں یہوواہ کے گواہوں کی کوئی کلیسیا نہیں تھی۔‏ لہٰذا ہم اپنے گھر میں ہی اُن تمام معلومات پر غور کرتے تھے جو شیڈول کے مطابق اِجلاسوں میں پیش کی جاتی تھیں۔‏ میرے جسم میں ایک نقص کی وجہ سے مجھے پیشاب کرنے میں دقت ہوتی تھی۔‏ اِس لئے جب مَیں سات سال کی ہوئی تو میرا ایک آپریشن ہوا جس کے ذریعے ایک مصنوعی راستہ بنایا گیا تاکہ مَیں پیشاب کر سکوں۔‏ جب مَیں ۱۴ سال کی ہوئی تو مجھے مرگی کے دورے بھی پڑنے لگے۔‏ ہمارے گھر کے قریب کوئی سکول نہیں تھا اور میری حالت ایسی تھی کہ مجھے زیادہ دیر تک اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا تھا۔‏ اِس لئے مَیں اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکی۔‏

لیکن مَیں نے اِرادہ کر لیا تھا کہ مَیں خدا کے ساتھ اپنی دوستی کو مضبوط بناؤں گی۔‏ اُس وقت میری مادری زبان افریقانز میں یہوواہ کے گواہوں کی زیادہ کتابیں اور رسالے دستیاب نہیں تھے۔‏ اِس لئے مَیں نے انگریزی زبان سیکھی تاکہ مَیں ہماری زیادہ کتابیں اور رسالے پڑھ سکوں۔‏ کچھ عرصے بعد مَیں مبشر بن گئی اور ۱۹ سال کی عمر میں بپتسمہ لے لیا۔‏ اگلے چار سال کے دوران میری صحت اَور خراب رہنے لگی اور مَیں کچھ نفسیاتی مسائل میں بھی مبتلا ہو گئی۔‏ ہمارا قصبہ بہت چھوٹا تھا اور سب لوگ ایک دوسرے کو بڑی اچھی طرح جانتے تھے۔‏ اِس لئے میں لوگوں کے ڈر کی وجہ سے مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ نہیں لیتی تھی۔‏

جب مَیں بائیس تیئیس سال کی تھی تو ہم جنوبی افریقہ چلے گئے۔‏ وہاں ہمیں پہلی بار کسی کلیسیا کے ساتھ خدمت کرنے کا موقع ملا۔‏ مَیں بہت خوش تھی۔‏ مگر پھر میرا ایک اَور آپریشن ہوا۔‏ میرے جسم میں ایک اَور مصنوعی راستہ بنایا گیا تاکہ مَیں پاخانہ کر سکوں۔‏

کچھ عرصے بعد حلقے کے ایک نگہبان نے پہل‌کاروں کے طور پر خدمت کرنے کے بارے میں ایک تقریر پیش کی۔‏ اُس کی باتیں میرے دل کو چُھو گئیں۔‏ مَیں جانتی تھی کہ میری خراب صحت کی وجہ سے پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنا میرے لئے آسان نہیں ہوگا۔‏ لیکن یہوواہ خدا نے اب تک مجھے ہر مشکل میں سنبھالا تھا۔‏ اِس لئے مَیں نے پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنے کے لئے درخواست دے دی۔‏ مگر میری صحت کی وجہ سے بزرگ میری درخواست منظور کرنے پر راضی نہیں تھے۔‏

پھر بھی مَیں نے فیصلہ کر لیا کہ مَیں پوری لگن سے مُنادی کا کام کروں گی۔‏ اپنی امی اور دوسرے بہن‌بھائیوں کی مدد سے مَیں نے اگلے چھ مہینے تک مُنادی کے کام میں اُتنے گھنٹے صرف کئے جتنے پہل‌کار کرتے ہیں۔‏ اِس سے ظاہر ہو گیا کہ مَیں نے پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنے کا پکا عزم کر لیا ہے۔‏ اور مَیں اپنی بیماری کے باوجود یہ خدمت کر سکتی ہوں۔‏ مَیں نے دوبارہ درخواست ڈالی جسے منظور کر لیا گیا۔‏ یکم ستمبر ۱۹۸۸ء سے مَیں پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنے لگی۔‏

اِس خدمت کو جاری رکھنے میں یہوواہ خدا نے میری بڑی مدد کی ہے۔‏ اپنے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے مَیں دوسروں کو سچائی سکھانے میں مگن رہتی ہوں۔‏ یوں مَیں مایوسی کا شکار ہونے سے بچ گئی ہوں اور یہوواہ خدا کے ساتھ میری دوستی اَور زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔‏ مَیں نے کئی لوگوں کی مدد کی ہے تاکہ وہ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کریں اور بپتسمہ لیں۔‏ یہ واقعی میرے لئے بڑی خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔‏

میری بیماری نے آج بھی مجھ پر بوجھ ڈالا ہوا ہے۔‏ لیکن یہوواہ ہر روز میرا بوجھ اُٹھاتا ہے۔‏ (‏زبور ۶۸:‏۱۹‏)‏ اُسی کی رحمت سے مَیں نہ صرف اپنی تکلیفوں کا مقابلہ کرتی ہیں بلکہ زندگی کا لطف بھی اُٹھاتی ہوں۔‏