مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع:‏ اِنسان خدا سے دُوری کیوں محسوس کرتے ہیں؟‏

سچائی آپ کو آزاد کر سکتی ہے

سچائی آپ کو آزاد کر سکتی ہے

ایک دن یسوع مسیح یروشلیم میں لوگوں کو یہوواہ خدا کے بارے میں سکھا رہے تھے اور جھوٹے مذہبی رہنماؤں کی ریاکاری کا پردہ فاش کر رہے تھے۔‏ (‏یوحنا 8:‏12-‏30‏)‏ اِس موقعے پر یسوع مسیح نے جو کچھ کہا،‏ اُس سے ہم سیکھتے ہیں کہ ہم خدا کے بارے میں اُن تعلیمات کا جائزہ کیسے لے سکتے ہیں جو آج‌کل بہت عام ہیں۔‏ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏اگر تُم میرے کلام پر قائم رہو گے تو حقیقت میں میرے شاگرد ٹھہرو گے اور سچائی سے واقف ہوگے اور سچائی تُم کو آزاد کرے گی۔‏“‏—‏یوحنا 8:‏31،‏ 32‏۔‏

غور کریں کہ یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏میرے کلام پر قائم رہو۔‏“‏ یہ ہمارے لئے ایک معیار ہے جس کی بِنا پر ہم پرکھ سکتے ہیں کہ آیا ایک عقیدہ ”‏سچائی“‏ پر مبنی ہے یا نہیں۔‏ جب آپ خدا کے بارے میں کوئی بات سنتے ہیں تو خود سے پوچھیں:‏ ”‏کیا یہ بات یسوع مسیح کی تعلیمات اور پاک کلام کی دیگر آیتوں کے مطابق ہے؟‏“‏ ہمیں اُن لوگوں کی طرح بننا چاہئے جو یسوع مسیح کے شاگرد پولُس کی باتیں سننے کے بعد ”‏روزبروز کتابِ‌مُقدس میں تحقیق کرتے تھے کہ آیا یہ باتیں [‏جو وہ سیکھ رہے تھے]‏ اِسی طرح ہیں۔‏“‏—‏اعمال 17:‏11‏۔‏

مارکو،‏ روزا اور رےمونڈ جن کا پہلے مضمون میں ذکر ہوا ہے،‏ اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے اپنے عقیدوں کا جائزہ لیا۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ جو کچھ اُنہوں نے سیکھا،‏ اُس کے بارے میں وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔‏

مارکو:‏ ‏”‏جس یہوواہ کے گواہ کے ساتھ مَیں اور میری بیوی پاک کلام کا مطالعہ کر رہے تھے،‏ اُس نے ہمارے ہر سوال کا جواب پاک کلام سے دیا۔‏ یوں ہم یہوواہ خدا سے محبت کرنے لگے۔‏ اِس کے ساتھ‌ساتھ ہمارا ازدواجی بندھن بھی اَور مضبوط ہو گیا۔‏“‏

روزا:‏ ‏”‏شروع شروع میں مجھے لگا کہ بائبل ایک ایسی کتاب ہے جس میں اِنسانوں نے اپنی طرف سے بتایا ہے کہ خدا کیسی ہستی ہے۔‏ لیکن پھر آہستہ‌آہستہ مَیں نے دیکھا کہ بائبل میں میرے ہر سوال کا جواب دیا گیا ہے۔‏ اب یہوواہ خدا میرے لئے ایک حقیقی ہستی بن گیا ہے اور مَیں اُس پر پورا بھروسا رکھ سکتی ہوں۔‏“‏

رےمونڈ:‏ ‏”‏مَیں خدا کو جاننا چاہتی تھی اور اِس سلسلے میں مَیں نے اُس سے دُعا کی۔‏ اِس کے کچھ عرصے بعد مَیں نے اور میرے شوہر نے پاک کلام کا مطالعہ کرنا شروع کِیا۔‏ آخرکار ہم نے یہوواہ خدا کے بارے میں سچائی سیکھ لی۔‏ جب ہم نے یہوواہ خدا کی خوبیوں کے بارے میں سیکھا تو ہماری خوشی کی اِنتہا نہ رہی!‏“‏

بائبل صرف اُن جھوٹوں کا پردہ فاش نہیں کرتی جو خدا کے بارے میں پھیلا‌ئے گئے ہیں بلکہ یہ خدا کی شان‌دار خوبیوں کے بارے میں بھی بتاتی ہے۔‏ یہ اُس کا کلام ہے اور ہماری مدد کرتی ہے تاکہ ہم ”‏اُن باتوں کو جانیں جو خدا نے ہمیں عنایت کی ہیں“‏ یعنی وہ باتیں جو خدا اور اُس کے وعدوں کے بارے میں ہیں۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 2:‏12‏)‏ کیوں نہ آپ خود بائبل سے خدا،‏ اُس کی مرضی اور اُس کے وعدوں کے بارے میں کچھ اہم سوالوں کے جواب حاصل کریں؟‏ اِس کے لئے ہماری ویب‌سائٹ www.pr418.com /ur کو دیکھیں۔‏ آپ اِس ویب‌سائٹ پر یا کسی یہوواہ کے گواہ سے درخواست کر سکتے ہیں کہ وہ آپ کے ساتھ پاک کلام کا مطالعہ کرے۔‏ ہمیں پورا یقین ہے کہ پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے آپ کے لئے خدا سے محبت کرنا آسان ہو جائے گا۔‏