مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

جاپان کے لیے ایک خاص تحفہ

جاپان کے لیے ایک خاص تحفہ

جاپان کے شہر ناگویا میں 28 اپریل 2013ء کو ایک خاص اِجلاس منعقد ہوا۔‏ اِس اِجلاس میں گورننگ باڈی کے رُکن انتھونی موریس نے ایک ایسا اِعلان کِیا جس سے حاضرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔‏ یہ اِعلان جاپانی زبان میں شائع ہونے والی ایک نئی کتاب کے بارے میں تھا جس کا عنوان ہے:‏ بائبل—‏متی کی اِنجیل۔‏ اِس اِجلاس کو 2 لاکھ 10 ہزار سے زیادہ لوگوں نے سنا جن میں سے کچھ تو اِسی اِجلاس پر حاضر تھے اور کچھ ویڈیو کے ذریعے اِس تقریر کو دیکھ رہے تھے۔‏ یہ سبھی لوگ اِس اِعلان پر دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔‏

اِس نئی کتاب کو جاپانی زبان میں موجود نیو ورلڈ ٹرانسلیشن بائبل سے لے کر چھاپا گیا ہے۔‏ لیکن 128 صفحوں پر مشتمل یہ ایڈیشن بہت ہی منفرد ہے۔‏ بھائی موریس نے بتایا کہ یہ کتاب جاپانی لوگوں کو گواہی دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔‏ اِس کتاب کی خصوصیات کیا ہیں؟‏ اِسے کیوں تیار کِیا گیا ہے؟‏ اور لوگوں نے اِس کے لیے کیسا ردِعمل دِکھایا ہے؟‏

اِس کتاب کی خصوصیات کیا ہیں؟‏

بہت سے بہن بھائی کتاب متی کی اِنجیل کے ڈیزائن کو دیکھ کر بہت حیران ہوئے۔‏ جاپانی زبان میں لفظوں کو دو طرح سے لکھا جا سکتا ہے،‏ اُوپر سے نیچے کی طرف اور بائیں سے دائیں طرف۔‏ بہت سی جاپانی مطبوعات میں جن میں ہماری کتابیں اور رسالے بھی شامل ہے،‏ لفظوں کو بائیں سے دائیں لکھا جاتا ہے۔‏ لیکن اِس نئی کتاب میں لفظوں کو اُوپر سے نیچے لکھا گیا ہے جیسا کہ عموماً جاپانی اخباروں اور ادبی کتابوں میں دیکھنے میں آتا ہے۔‏ بہت سے جاپانیوں کا خیال ہے کہ اِس طرز کی لکھائی کو پڑھنا زیادہ آسان ہے۔‏ اِس کے علاوہ اِس نئی کتاب میں اُن عبارتوں کو آیتوں کی ذیلی سُرخی بنا دیا گیا ہے جو جاپانی زبان میں نیو ورلڈ ٹرانسلیشن کے صفحے کے اُوپر ہیں۔‏ اِس سے پڑھنے والے اہم نکتوں کو آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔‏

جاپان کے بہن بھائیوں کے ہاتھ میں جیسے ہی یہ کتاب آئی،‏ اُنہوں نے اِسے پڑھنا شروع کر دیا۔‏ ایک بہن جس کی عمر 80 کے لگ بھگ ہے،‏ اُس نے کہا:‏ ”‏مَیں نے بائبل میں متی کی اِنجیل کو پہلے بھی کئی دفعہ پڑھا ہے۔‏ لیکن اِس نئی کتاب میں اُوپر سے نیچے کی لکھائی اور ذیلی سُرخیوں کی وجہ سے اب مَیں یسوع مسیح کے پہاڑی وعظ کو اَور اچھی طرح سے سمجھ گئی ہوں۔‏“‏ ایک جوان بہن نے لکھا:‏ ”‏جب مجھے کتاب متی کی اِنجیل ملی تو مَیں نے پوری کتاب کو ایک ہی بار پڑھ ڈالا۔‏ مَیں بائیں سے دائیں طرز کی لکھائی پڑھنے کی عادی ہوں لیکن بہت سے جاپانی اُوپر سے نیچے کی لکھائی پڑھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔‏“‏

اِسے کیوں تیار کِیا گیا ہے؟‏

یہ کتاب جاپانی لوگوں کو گواہی دینے کے لیے اِتنی مؤثر کیوں ہے؟‏ حالانکہ بہت سے جاپانی لوگ بائبل کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے لیکن وہ اِسے پڑھنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔‏ یہاں بہت سے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بائبل کو پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‏ لیکن اِس نئی کتاب کے ذریعے اب اُن کے پاس موقع ہے کہ وہ بائبل کے ایک حصے کو پڑھ سکیں۔‏

پوری بائبل میں سے متی کی اِنجیل کا ہی اِنتخاب کیوں کِیا گیا؟‏ جب جاپانی لوگ لفظ بائبل سنتے ہیں تو زیادہ‌تر کے ذہن میں یسوع مسیح کا خیال آتا ہے۔‏ متی کی اِنجیل کو اِس لیے چنا گیا ہے کیونکہ اِس میں یسوع مسیح کا نسب‌نامہ،‏ پیدائش،‏ اُن کا پہاڑی وعظ اور آخری زمانے کے بارے میں اُن کی پیش‌گوئیاں درج ہیں۔‏ یہ ایسے موضوعات ہیں جن میں بہت سے جاپانیوں کو دلچسپی ہے۔‏

جب مبشروں کو یہ کتاب ملی تو وہ فوراً اِسے گھر گھر مُنادی اور دوبارہ ملاقات میں اِستعمال کرنے لگے۔‏ ایک بہن نے لکھا:‏ ”‏اب میرے پاس اپنے علاقے کے لوگوں کو خدا کا کلام پیش کرنے کا زیادہ موقع ہے۔‏ جب خاص اِجلاس پر مجھے یہ کتاب ملی تھی تو مَیں نے اُسی دوپہر کو اِس کی ایک کاپی کسی کو پیش کر دی تھی۔‏“‏

لوگوں نے اِس کے لیے کیسا ردِعمل دِکھایا ہے؟‏

مبشر کتاب متی کی اِنجیل کو کیسے پیش کرتے ہیں؟‏ جاپان میں بہت سے لوگ عام بول‌چال میں یہ اِصطلاحیں اِستعمال کرتے ہیں:‏ ”‏تنگ دروازہ،‏“‏ ”‏اپنے موتی سؤروں کے آگے نہ ڈالو“‏ اور ”‏کل کے لئے فکر نہ کرو۔‏“‏ (‏متی 6:‏34؛‏ 7:‏6،‏ 13‏)‏ جب مبشر لوگوں کو بتاتے ہیں کہ یہ اِصطلاحیں دراصل یسوع مسیح نے کہی تھیں تو وہ بہت حیران ہوتے ہیں۔‏ کتاب متی کی اِنجیل میں اِن اِصطلاحوں کو دیکھ کر بہت سے لوگ کہتے ہیں:‏ ”‏میری شروع سے ہی یہ خواہش تھی کہ مَیں کم سے کم ایک دفعہ بائبل ضرور پڑھوں۔‏“‏

جب مبشروں نے ایسے لوگوں سے دوبارہ ملاقات کی جنہوں نے کتاب متی کی اِنجیل کو قبول کِیا تھا تو اِن میں سے بہت سے لوگوں نے بتایا کہ اُنہوں نے فوراً ہی اِس کے کچھ ابواب کو پڑھا اور کچھ نے تو پوری ہی کتاب پڑھ ڈالی۔‏ ایک آدمی جو تقریباً 60 سال کا ہے،‏ اُس نے ایک مبشر سے کہا:‏ ”‏مَیں نے اِسے کئی بار پڑھا اور مجھے بہت تسلی ملی۔‏ مہربانی سے مجھے بائبل کے بارے میں اَور سکھائیں۔‏“‏

کتاب متی کی اِنجیل کو عوامی جگہوں پر گواہی دیتے وقت بھی لوگوں کو پیش کِیا جاتا ہے۔‏ جب ایک بہن اِس طریقے سے گواہی دے رہی تھی تو اُس نے ایک جوان عورت کو یہ کتاب پیش کی اور ساتھ ہی اُسے اپنا ای‌میل ایڈریس بھی دیا۔‏ ایک گھنٹے بعد اُس عورت نے بہن کو ای‌میل بھیجی جس میں اُس نے لکھا کہ اُس نے کتاب کا کچھ حصہ پڑھا ہے اور وہ اَور سیکھنا چاہتی ہے۔‏ ایک ہفتے بعد اِس عورت نے ایک گواہ کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا شروع کر دیا اور جلد ہی اِجلاسوں پر بھی آنے لگی۔‏

کتاب بائبل—‏متی کی اِنجیل کی 16 لاکھ سے زیادہ کاپیاں جاپان کی کلیسیاؤں کو اِرسال کی گئی ہیں۔‏ اور ہر مہینے بہن بھائی اِس کی ہزاروں کاپیاں لوگوں کو پیش کرتے ہیں۔‏ اِس کتاب کے ناشرین نے اِس کے پیش‌لفظ میں اپنے احساسات یوں بیان کیے ہیں:‏ ”‏ہمیں پوری اُمید ہے کہ بائبل کے اِس حصے کو پڑھنے کے بعد آپ بائبل کے بارے میں اَور سیکھنا چاہیں گے۔‏“‏