مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مُنادی کے عالم‌گیر کام میں یہوواہ کی رہنمائی

مُنادی کے عالم‌گیر کام میں یہوواہ کی رہنمائی

‏”‏مَیں ہی [‏یہوواہ]‏ تیرا خدا ہوں جو تجھے مفید تعلیم دیتا ہوں اور تجھے اُس راہ میں جس میں تجھے جانا ہے لے چلتا ہوں۔‏“‏—‏یسع 48:‏17‏۔‏

1.‏ بائبل سٹوڈنٹس کو مُنادی کے کام میں کن مشکلوں کا سامنا کرنا پڑا؟‏

تقریباً 130 سال پہلے جب بائبل سٹوڈنٹس * نے مُنادی کا کام شروع کِیا تو اُنہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‏ پہلی صدی کے مسیحیوں کی طرح اُن کی تعداد بھی بہت کم تھی اور وہ بھی ایک ایسا پیغام سنا رہے تھے جسے بہت سے لوگوں نے پسند نہیں کِیا۔‏ اِس کے علاوہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ بائبل سٹوڈنٹس زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں۔‏ بعد میں جب شیطان کو زمین پر گِرایا گیا تو اُن کو اُس کے ”‏قہر“‏ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔‏ (‏مکا 12:‏12‏)‏ اُس وقت ’‏آخری زمانے‘‏ کا آغاز ہوا اور اُنہیں ’‏بُرے دنوں‘‏ کا سامنا کرنا پڑا۔‏—‏2-‏تیم 3:‏1‏۔‏

2.‏ ہمارے زمانے میں یہوواہ خدا نے مُنادی کے کام کو فروغ دینے کے لیے کیا کِیا ہے؟‏

2 یہوواہ خدا کا مقصد تھا کہ اُس کے بندے پوری زمین پر خوش‌خبری پھیلا دیں۔‏ کوئی بھی خدا کو اُس کا یہ مقصد پورا کرنے سے نہیں روک سکا۔‏ جس طرح یہوواہ خدا نے بنی‌اِسرائیل کو بابلیوں سے رہائی دِلائی تھی اُسی طرح اُس نے جدید زمانے میں بھی اپنے خادموں کو ”‏بڑے بابل“‏ یعنی جھوٹے مذہب سے رہائی دِلائی ہے۔‏ (‏مکا 18:‏1-‏4‏)‏ یہوواہ خدا ہمیں ایسی تعلیم دے رہا ہے جس سے ہمیں فائدہ ہوتا ہے اور وہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ امن اور صلح سے رہنا سکھا رہا  ہے۔‏ اِس کے علاوہ وہ ہمیں دوسروں کو تعلیم دینے کی تربیت بھی دے رہا ہے۔‏ ‏(‏یسعیاہ 48:‏16-‏18 کو پڑھیں۔‏)‏ سچ ہے کہ یہوواہ خدا مُنادی کے کام میں ہماری رہنمائی کر رہا ہے لیکن اِس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اِس کام کو فروغ دینے کے لیے دُنیا کے حالات کو ہمیشہ بدل دیتا ہے۔‏ بِلاشُبہ آج دُنیا میں کچھ ایسی تبدیلیاں ہوئی ہیں جن کی وجہ سے ہمارے لیے مُنادی کا کام کرنا زیادہ آسان ہو گیا ہے۔‏ لیکن شیطان کی دُنیا میں رہتے ہوئے ہمیں مخالفت اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔‏ ہم صرف یہوواہ خدا کی مدد سے ہی مُنادی کے کام کو جاری رکھ سکتے ہیں۔‏—‏یسع 41:‏13؛‏ 1-‏یوح 5:‏19‏۔‏

3.‏ دانی‌ایل نبی کی پیش‌گوئی کیسے پوری ہوئی ہے؟‏

3 یہوواہ خدا نے دانی‌ایل نبی کے ذریعے پیش‌گوئی کی کہ آخری زمانے میں بہت سے لوگ بائبل کی سچائیوں کو سمجھیں گے۔‏ ‏(‏دانی‌ایل 12:‏4 کو پڑھیں۔‏)‏ آخری زمانہ شروع ہونے سے کچھ عرصہ پہلے یہوواہ خدا نے بائبل سٹوڈنٹس کی مدد کی تاکہ وہ بائبل کی بنیادی سچائیوں کو سمجھیں اور جھوٹے عقیدوں کو رد کریں۔‏ آج وہ اپنے بندوں کے ذریعے پوری دُنیا میں بائبل کی سچائیوں کو پھیلا رہا ہے۔‏ واقعی آج ہم اپنی آنکھوں سے دانی‌ایل کی پیش‌گوئی کو پورا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔‏ تقریباً 80 لاکھ لوگوں نے بائبل کی سچائیوں کو اپنایا ہے اور وہ پوری دُنیا میں لوگوں کو اِن کے بارے میں تعلیم دے رہے ہیں۔‏ لیکن کن باتوں کی وجہ سے آج پوری دُنیا میں خوش‌خبری پھیلانے کے کام کو فروغ مل رہا ہے؟‏

بائبل کا ترجمہ

4.‏ اُنیسویں صدی میں بائبل کا ترجمہ کتنی زبانوں میں کِیا گیا؟‏

4 آج بہت سے لوگوں کے پاس بائبل ہے اور یہ بات  خوش‌خبری سنانے میں ہمارے بہت کام آئی ہے۔‏ لیکن ایک ایسا وقت بھی تھا جب بہت ہی کم لوگوں کے پاس بائبل ہوتی تھی۔‏ دراصل کئی صدیوں سے پادری لوگوں کو بائبل پڑھنے سے منع کرتے رہے۔‏ وہ اکثر اُن لوگوں پر اذیت ڈھاتے جو بائبل پڑھتے۔‏ اُنہوں نے تو بائبل کا ترجمہ کرنے والوں میں سے بعض کو موت کے گھاٹ تک اُتار دیا۔‏ لیکن اُنیسویں صدی کے دوران بعض اِداروں نے پوری بائبل یا پھر اِس کے کچھ حصوں کا ترجمہ تقریباً 400 زبانوں میں کِیا۔‏ اِس صدی کے آخر تک بہت سے لوگوں کے پاس بائبل تھی لیکن وہ اِس کی تعلیم کو اچھی طرح سے نہیں سمجھ سکے۔‏

5.‏ یہوواہ کے گواہوں نے بائبل کے ترجمے کے حوالے سے کیا کام کِیا ہے؟‏

5 بائبل سٹوڈنٹس جانتے تھے کہ مُنادی کرنا اُن کی ذمےداری ہے اِس لیے وہ پوری لگن سے لوگوں کو بائبل کی تعلیم دیتے رہے۔‏ شروع شروع میں تو وہ بائبل کے اُنہی ترجموں کو اِستعمال کرتے تھے جو اُن کے زمانے میں دستیاب تھے اور وہ لوگوں کو بھی یہی بائبل پڑھنے کو دیتے تھے۔‏ لیکن 1950ء میں اُنہوں نے نیو ورلڈ ٹرانسلیشن آف دی ہولی سکرپچرز شائع کی۔‏ اب یہ پوری بائبل یا اِس کے کچھ حصے 120 سے زیادہ زبانوں میں دستیاب ہیں۔‏ 2013ء میں انگریزی زبان میں نیو ورلڈ ٹرانسلیشن کا نیا ایڈیشن شائع ہوا۔‏ اِس ایڈیشن کو سمجھنا اور اِس کا ترجمہ کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہے۔‏ واقعی جب ہم بائبل کا ایسا ترجمہ اِستعمال کرتے ہیں جسے لوگ آسانی سے سمجھ سکیں تو ہمارے لیے بائبل کی سچائیاں سکھانا بھی آسان ہو جاتا ہے۔‏

پُرامن حالات

6‏،‏ 7.‏ ‏(‏الف)‏ پچھلے 100 سال میں کتنی جنگیں ہوئی ہیں؟‏ (‏ب)‏ بعض ملکوں میں پُرامن حالات ہونے کی وجہ سے مُنادی کے کام پر کیا اثر ہوا؟‏

6 پچھلے 100 سال کے دوران بہت سی جنگیں لڑیں گئیں جن میں دو عالمی جنگیں بھی شامل تھیں۔‏ اِن جنگوں میں کروڑوں لوگوں کی جانیں گئیں۔‏ لیکن کیا 20ویں اور 21ویں صدی صرف جنگ کی داستان تھیں؟‏ 1942ء میں دوسری عالمی جنگ اپنے زوروں پر تھی لیکن غور کریں کہ یہوواہ کے گواہوں کے کام کی نگرانی کرنے والے بھائی ناتھن نار نے ایک تقریر میں کیا کہا۔‏ اِس تقریر کا عنوان تھا:‏ ”‏امن—‏کیا یہ قائم رہے گا؟‏“‏ اِس میں اُنہوں نے مکاشفہ 17 باب میں درج پیش‌گوئی کی وضاحت کی اور یہ بتایا کہ اِس جنگ کے فوراً بعد ہرمجِدّون کی جنگ شروع نہیں ہوگی بلکہ امن کا دَور آئے گا۔‏—‏مکا 17:‏3،‏ 11‏۔‏

7 دوسری عالمی جنگ کے بعد دُنیا میں امن تو قائم ہوا لیکن ہر جگہ نہیں۔‏ ایک تحقیق کے مطابق 1946ء سے 2013ء تک 331 جنگیں لڑی گئیں جن میں کروڑوں لوگ مارے گئے۔‏ لیکن اِن سالوں میں بہت سے ملکوں میں امن کی فضا بھی تھی جس سے یہوواہ کے خادموں نے فائدہ اُٹھاتے ہوئے خوش‌خبری پھیلائی۔‏ اِس سے کیا نتیجہ نکلا؟‏ 1944ء میں پوری دُنیا میں 1 لاکھ 10 ہزار سے بھی تھوڑے یہوواہ کے گواہ تھے لیکن آج تقریباً 80 لاکھ ہیں۔‏ ‏(‏یسعیاہ 60:‏22 کو پڑھیں۔‏)‏ کیا ہمارا دل اُس وقت شکرگزاری سے نہیں بھر جاتا جب ہم پُرامن حالات میں خوش‌خبری سنا سکتے ہیں؟‏

سفر کی سہولیات میں بہتری

8‏،‏ 9.‏ آج سفر کرنا پہلے سے زیادہ آسان کیوں ہو گیا ہے اور یہ بات خوش‌خبری پھیلانے میں ہمارے کیسے کام آئی ہے؟‏

8 جب ریاستہائے متحدہ امریکہ میں یہوواہ کے خادموں  نے مُنادی کا کام شروع کِیا تو اُس وقت سفر کرنا اِتنا آسان نہیں تھا۔‏ رسالہ دی واچ‌ٹاور کے شائع ہونے کے 21 سال بعد یعنی 1900ء میں امریکہ میں صرف 8000 کے قریب گاڑیاں تھیں اور بہت ہی کم اچھی سڑکیں تھیں۔‏ لیکن آج پوری دُنیا میں 1 ارب 50 کروڑ سے زیادہ گاڑیاں ہیں اور زیادہ‌تر ملکوں میں بہت سی اچھی سڑکیں ہیں۔‏ اِن سڑکوں اور گاڑیوں کے ذریعے ہم دُوردراز علاقوں میں بھی خوش‌خبری کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔‏ لیکن اگر ہم ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں سفر کی اِتنی سہولیات میسر نہیں ہیں تو بھی ہم شاگرد بنانے کی پوری کوشش کرتے ہیں،‏ پھر چاہے اِس کے لیے ہمیں دُور تک پیدل ہی سفر کیوں نہ کرنا پڑے۔‏—‏متی 28:‏19،‏ 20‏۔‏

9 خوش‌خبری کو پھیلانے میں صرف گاڑیاں ہی ہمارے کام نہیں آئی ہیں۔‏ ہم ٹرکوں،‏ بحری جہازوں اور ریل گاڑیوں کے ذریعے اپنی کتابیں اور رسالے کچھ ہی ہفتوں کے اندر اندر دُوردراز علاقوں میں پہنچا سکتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ حلقے کے نگہبان،‏ برانچ کی کمیٹی کے رُکن اور مشنری ہوائی جہازوں کے ذریعے اِجتماعات پر تقریر دینے یا کلیسیاؤں کی مدد کرنے کے لیے آسانی سے جا سکتے ہیں۔‏ گورننگ باڈی کے ارکان اور ہمارے مرکزی دفتر میں کام کرنے والے دیگر بھائی بھی ہوائی جہازوں کے ذریعے بہت سے ملکوں میں بہن بھائیوں کی حوصلہ‌افزائی کرنے اور اُنہیں تربیت دینے کے لیے جاتے ہیں۔‏ سفر کرنے کی اِن جدید سہولیات کی وجہ سے خدا کے بندوں کا آپس میں اِتحاد مضبوط ہوتا ہے۔‏—‏زبور 133:‏1-‏3‏۔‏

انگریزی زبان اور ترجمے کا کام

10.‏ یہ کیوں کہا جا سکتا ہے کہ انگریزی ایک بین‌الاقوامی زبان ہے؟‏

10 پہلی صدی میں رومی سلطنت میں بہت سے لوگ یونانی بولتے تھے۔‏ کیا آج کوئی ایسی زبان ہے جو دُنیا کے بہت سے ملکوں میں بولی جاتی ہے؟‏ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ انگریزی زبان ہے۔‏ کتاب انگریزی—‏ایک عالمی زبان ‏(‏انگریزی میں دستیاب)‏ میں لکھا ہے:‏ ”‏دُنیا کی تقریباً 25 فیصد آبادی انگریزی زبان بول سکتی یا سمجھ سکتی ہے۔‏“‏ کسی بھی اَور زبان کی نسبت انگریزی دُنیا بھر میں سب سے زیادہ سیکھی جانے والی زبان ہے کیونکہ یہ کاروبار،‏ سیاست،‏ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں عام اِستعمال کی جاتی ہے۔‏

11.‏ انگریزی زبان نے سچی عبادت کو فروغ دینے میں کیا کردار ادا کِیا ہے؟‏

11 انگریزی زبان نے سچی عبادت کو فروغ دینے  میں  بہت  اہم کردار ادا کِیا ہے۔‏ مثال کے طور پر ماضی میں ہماری کتابیں اور رسالے پہلے انگریزی میں چھاپے جاتے تھے اور بعد میں چند زبانوں میں دستیاب ہوتے تھے۔‏ یہ بہت فائدہ‌مند ثابت ہوا کیونکہ اُس وقت بہت سے لوگ انگریزی پڑھ سکتے تھے۔‏ انگریزی یہوواہ کے گواہوں کے مرکزی دفتر کی باضابطہ زبان ہے۔‏ ریاست نیو یارک کے شہر پیٹرسن میں یہوواہ کے گواہوں کے تعلیمی مرکز میں جو سکول منعقد ہوتے ہیں،‏ وہ انگریزی زبان میں ہوتے ہیں۔‏

12.‏ ہماری کتابوں اور رسالوں کا کتنی زبانوں میں ترجمہ ہو رہا ہے اور یہ کیسے ممکن ہوا؟‏

12 چونکہ ہمیں سب قوموں کو بادشاہت کی خوش‌خبری سنانے کا اعزاز ملا ہے اِس لیے ہم اپنی کتابوں اور رسالوں کا تقریباً 700 زبانوں میں ترجمہ کرتے ہیں۔‏ ایسا کرنے میں جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی ہمارے بہت کام آئی ہے۔‏ ہم نے MEPS نامی ایک کمپیوٹر پروگرام بنایا ہے جس کے ذریعے ہم سینکڑوں زبانوں میں مضامین ٹائپ کر سکتے ہیں اور چھپائی کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔‏ ترجمے کے کام کی وجہ سے پوری دُنیا میں بادشاہت کے پیغام اور ہمارے اِتحاد کو فروغ ملا ہے۔‏ لیکن ہم ایک دوسرے کے ساتھ خاص طور پر اِس لیے متحد ہیں کیونکہ ہم سب کے ”‏ہونٹ پاک“‏ ہیں یعنی ہم پاک زبان بولتے ہیں۔‏ یہ زبان بائبل کی سچائیوں پر مبنی ہے۔‏‏—‏صفنیاہ 3:‏9 کو پڑھیں۔‏

قانون اور عدالتی فیصلے

13‏،‏ 14.‏ آج‌کل بہت سے مسیحیوں کو قانون اور عدالتوں کے فیصلے سے کیسے فائدہ ہوا ہے؟‏

13 جیسا کہ ہم نے پچھلے مضمون میں دیکھا رومی سلطنت میں نافذ قانون سے پہلی صدی کے مسیحیوں کو بہت فائدہ ہوا۔‏ آج‌کل بھی بہت سے ملکوں میں ایسے قانون بنے ہیں جن سے مسیحیوں کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔‏ مثال کے طور پر ریاستہائے متحدہ امریکہ کے قانون کے مطابق ایک شخص کو مذہب کا اِنتخاب کرنے،‏ اپنے مذہب کے بارے میں بات کرنے اور اپنے مذہب کے ارکان کے ساتھ مل کر عبادت کرنے کا حق ہے۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ یہاں کے بہن بھائی آزادی سے اِجلاسوں پر جا سکتے اور مُنادی کا کام کر سکتے ہیں۔‏ چونکہ ہمارا مرکزی دفتر امریکہ میں ہے اِس لیے وہ آزادی سے مُنادی کے عالم‌گیر کام کی نگرانی کر سکتا ہے۔‏ لیکن یہاں بھی خدا کی عبادت کے حوالے سے اپنے بعض حقوق کو ”‏قانونی حیثیت“‏ دینے کے لیے ہمیں عدالت کا رُخ کرنا پڑا۔‏ (‏فل 1:‏7‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن‏)‏ جب بھی عدالتوں نے مُنادی کے کام کے سلسلے میں ہمارے خلاف فیصلہ سنایا تو ہم نے اِس سے بڑی عدالت میں اپیل کی اور یہاں اکثر ہمارے حق میں فیصلہ سنایا گیا۔‏

14 کچھ اَور ملکوں کی عدالتوں نے بھی ہمیں خدا کی عبادت کرنے اور مُنادی کرنے کی آزادی دی ہے۔‏ سچ ہے کہ بعض ملکوں میں ہم کچھ مُقدمے ہار گئے لیکن ہم نے بین‌الاقوامی عدالت میں اپیل کی۔‏ مثال کے طور پر جون 2014ء تک ہم نے اِنسانی حقوق کی یورپی عدالت میں 57 مُقدمے جیتے۔‏ اِس عدالت میں کیے گئے فیصلے یورپ کے زیادہ‌تر ملکوں میں لاگو ہوتے ہیں۔‏ حالانکہ ’‏قومیں ہم سے عداوت رکھتی ہیں‘‏ لیکن بہت سے ملکوں کی عدالتوں نے ہمیں اپنے مذہب پر چلنے کی آزادی دی ہے۔‏—‏متی 24:‏9‏۔‏

ایجادات کا بھرپور اِستعمال

ہم پوری دُنیا کے لوگوں کے لیے بائبل پر مبنی کتابیں اور رسالے تیار کرتے ہیں۔‏

15.‏ چھپائی کے طریقوں میں کیا بہتری آئی ہے اور اِس سے مُنادی کے کام کو کیسے فروغ ملا ہے؟‏

15 چھپائی کے جدید طریقوں کی وجہ سے پوری دُنیا میں مُنادی کے کام کو بہت فروغ ملا ہے۔‏ 1450ء میں یوہانز گوٹنبرگ نے چھپائی کی ایک مشین ایجاد کی۔‏ صدیوں تک لوگ چھپائی کے لیے یوہانز گوٹنبرگ کے ایجاد کیے ہوئے طریقے کو اِستعمال کرتے رہے۔‏ لیکن پچھلے 200 سال میں چھپائی کی مشینوں میں بہت بہتری لائی گئی ہے۔‏ یہ مشینیں پہلے کی مشینوں کی نسبت بڑی ہیں اور تیزی سے کام کرتی ہیں۔‏ اِس سے کام کا معیار اَور اچھا ہوا ہے۔‏ اِس کے علاوہ کاغذ بنانا اور کتابوں کی جِلدسازی پہلے سے زیادہ سستی ہو گئی ہے۔‏ اِن تبدیلیوں کی وجہ سے کتابوں اور رسالوں کو بنانے کے ہمارے کام پر کیا اثر ہوا ہے؟‏ 1879ء میں واچ‌ٹاور کا پہلا شمارہ صرف انگریزی زبان میں شائع ہوا تھا۔‏ اِس کی صرف 6000 کاپیاں چھاپی گئی تھیں اور اِس میں کوئی تصویر بھی نہیں تھی۔‏ مگر آج مینارِنگہبانی 200 سے زیادہ زبانوں میں چھاپا جاتا ہے اور ہر شمارے کی 5 کروڑ سے زیادہ کاپیاں چھاپی جاتی ہیں۔‏ اِس میں بہت سی خوب‌صورت اور رنگین تصویریں بھی ہوتی ہیں۔‏

16.‏ کن ایجادات کی وجہ سے پوری دُنیا میں مُنادی کے کام کو فروغ ملا ہے؟‏ (‏اِس مضمون کی پہلی تصویر کو دیکھیں۔‏)‏

16 پچھلے 200 سال میں ایسی چیزیں ایجاد ہوئی ہیں جنہیں  خدا کے خادموں نے خوش‌خبری پھیلانے میں بھرپور اِستعمال کِیا ہے۔‏ ابھی تک ہم نے گاڑیوں،‏ ریل گاڑیوں اور ہوائی جہازوں کا ذکر کِیا ہے لیکن سائیکل،‏ ٹائپ رائٹر،‏ بریل لکھنے کے لیے آلات،‏ ٹیلیگراف،‏ ٹیلیفون،‏ کیمرہ،‏ آڈیو اور ویڈیو ریکاڈرز،‏ ریڈیو،‏ ٹیلیویژن،‏ فلمیں،‏ کمپیوٹر اور اِنٹرنیٹ بھی خوش‌خبری پھیلانے میں بہت کام آئے ہیں۔‏ یسعیاہ نبی کی پیش‌گوئی کے مطابق خدا کے بندے واقعی ’‏قوموں کا دودھ پی‘‏ رہے ہیں یعنی وہ قوموں کے وسائل سے بھرپور فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔‏ مثال کے طور پر وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہت سی زبانوں میں بائبل اور اِس پر مبنی کتابیں اور رسالے شائع کر رہے ہیں۔‏‏—‏یسعیاہ 60:‏16 کو پڑھیں۔‏

17.‏ ‏(‏الف)‏ جس طرح سے مُنادی کا کام فروغ پا رہا ہے،‏ اُس سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟‏ (‏ب)‏ یہوواہ خدا نے ہمیں اپنے ساتھ کام کرنے کا موقع کیوں دیا ہے؟‏

17 یہ بات صاف واضح ہے کہ خدا مُنادی کے کام میں  ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔‏ سچ ہے کہ یہوواہ خدا کو اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے ہماری مدد کی ضرورت نہیں ہے۔‏ لیکن پھر بھی ہمارے شفیق آسمانی باپ نے ہمیں ’‏اپنے ساتھ کام کرنے‘‏ کا شرف عطا کِیا ہے۔‏ یوں اُس نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم اُس کے لیے اور اپنے پڑوسی کے لیے محبت ظاہر کریں۔‏ (‏1-‏کر 3:‏9؛‏ مر 12:‏28-‏31‏)‏ ہم بہت شکر گزار ہیں کہ یہوواہ خدا مُنادی کے عالم‌گیر کام میں ہماری مدد کر رہا ہے۔‏ لہٰذا یہ عزم کریں کہ آپ بادشاہت کا پیغام سنانے کے ہر موقعے سے پورا فائدہ اُٹھائیں گے۔‏

^ پیراگراف 1 سن 1931ء میں بائبل سٹوڈنٹس نے نام یہوواہ کے گواہ اِختیار کر لیا۔‏—‏یسع 43:‏10‏۔‏