مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کرنا—‏کیا یہ آج بھی بہترین راہ ہے؟‏

‏”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کرنا—‏کیا یہ آج بھی بہترین راہ ہے؟‏

‏”‏مجھے کلیسیا میں کوئی جیون ساتھی نہیں مل رہا۔‏ مجھے ڈر ہے کہ کہیں مَیں بڑھاپا تنہا نہ گزاروں۔‏“‏

‏”‏کلیسیا سے باہر کچھ مرد بہت ہی مہربان،‏ باادب اور اچھے ہیں۔‏ وہ میرے مذہب کے خلاف نہیں ہیں اور کلیسیا کے کئی بھائیوں سے زیادہ دلکش ہیں۔‏“‏

یہوواہ خدا کے کچھ خادم شاید جیون ساتھی کی تلاش کے سلسلے میں اِسی طرح محسوس کریں حالانکہ وہ ”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کرنے کے حکم سے اچھی طرح واقف ہیں۔‏ (‏1-‏کر 7:‏39‏)‏ تو پھر وہ ایسے احساسات کیوں رکھتے ہیں؟‏

بعض کو اِس حکم پر عمل کرنا مشکل کیوں لگتا ہے؟‏

شاید کچھ بہنیں یہ کہیں کہ آج‌کل اِس حکم پر عمل کرنا اِس لیے مشکل ہے کیونکہ عموماً بھائیوں کی نسبت بہنوں کی تعداد زیادہ ہے۔‏ کچھ ملکوں میں واقعی ایسا ہے۔‏ مثال کے طور پر کوریا میں غیرشادی‌شُدہ گواہوں میں سے 57 فیصد بہنیں اور 43 فیصد بھائی ہیں۔‏ اور کولمبیا میں گواہوں میں سے 66 فیصد بہنیں اور 34 فیصد بھائی ہیں۔‏

کچھ ملکوں میں ایک مشکل یہ بھی ہے کہ ایسے والدین جو یہوواہ کے گواہ نہیں ہیں،‏ بہت زیادہ جہیز مانگتے ہیں۔‏ اِس لیے غریب بہن بھائیوں کے لیے شادی کرنا اُن کے بس کی بات نہیں۔‏ اِس وجہ سے ایک جوان مسیحی کو شاید لگے کہ ”‏خداوند میں“‏ شادی ہونے کا اِمکان بہت کم ہے۔‏ وہ شاید سوچے کہ ”‏کیا کبھی کلیسیا سے میرے لیے کوئی مناسب رشتہ آئے گا؟‏“‏

یہوواہ خدا پر بھروسا کرنا لازمی ہے

اگر آپ کبھی ایسا سوچتے ہیں تو یاد رکھیں کہ یہوواہ خدا آپ کے حالات سے واقف ہے۔‏ وہ جانتا ہے کہ آپ اِس حکم کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں۔‏—‏2-‏توا 6:‏29،‏ 30‏۔‏

پھر بھی یہوواہ خدا نے اپنے کلام میں ہمیں صرف خداوند میں شادی کرنے کا حکم دیا۔‏ اِس کی وجہ کیا ہے؟‏ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کے بندوں کے لیے کیا بھلا ہے۔‏ وہ اپنے خادموں کو نہ صرف اُس تکلیف سے بچانا چاہتا ہے جو غلط فیصلے کرنے سے ہوتی ہے بلکہ وہ اُنہیں خوش بھی دیکھنا چاہتا ہے۔‏ نحمیاہ کے زمانے میں بہت سے یہودیوں نے غیرقوم عورتوں سے شادی کی جو یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتی تھیں۔‏ نحمیاہ نے سلیمان بادشاہ کی بُری مثال کا ذکر کِیا۔‏ اُنہوں نے کہا کہ اگرچہ سلیمان ”‏اپنے خدا کا پیارا تھا .‏ .‏ .‏ تو بھی اجنبی عورتوں نے اُسے بھی گُناہ میں پھنسایا۔‏“‏ (‏نحم 13:‏23-‏26‏)‏ آج بھی یہوواہ خدا اِس لیے اپنے بندوں کو صرف خداوند میں شادی کرنے کا حکم دیتا ہے کیونکہ وہ ہماری بہتری چاہتا ہے۔‏ (‏زبور 19:‏7-‏10؛‏ یسع 48:‏17،‏ 18‏)‏ سچے مسیحی اِس بات کے لیے شکرگزار ہیں کہ یہوواہ خدا اُن کی فکر رکھتا ہے۔‏ وہ اُس کی رہنمائی پر بھروسا کرتے ہیں کیونکہ وہ یہوواہ خدا کو کائنات کا اعلیٰ حاکم مانتے ہیں اور اِس لیے وہ اُس کے حکموں پر عمل کرتے ہیں۔‏—‏امثا 1:‏5‏۔‏

یقیناً آپ ایک ایسے شخص کے ساتھ ”‏ناہموار جُوئے میں“‏ جتنا نہیں چاہیں گے جو آپ کو خدا سے دُور کر سکتا ہے۔‏ (‏2-‏کر 6:‏14‏)‏ بہت سے ایسے مسیحی ہیں جنہوں نے خدا کی اِس ہدایت پر عمل کِیا ہے اور وہ جان گئے کہ اِس میں اُن کی بھلائی ہے۔‏ لیکن کچھ بہن بھائیوں نے اِس ہدایت کو نظرانداز کر دیا۔‏

آج بھی بہترین راہ

مارگریٹ * نامی ایک بہن جو آسٹریلیا میں رہتی ہیں،‏ وہ ایک ایسے مرد سے پیار کرنے لگیں جو یہوواہ کا گواہ نہیں ہے۔‏ وہ کہتی ہیں:‏ ”‏اُس کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے مَیں اکثر اِجلاسوں پر نہیں گئی۔‏ جلد ہی مَیں یہوواہ خدا سے دُور ہو گئی۔‏“‏ اِنڈیا کی رہنے والی رتنا ایک ایسے ہم‌جماعت کو اپنا دل دے بیٹھی جو بائبل کا مطالعہ کر رہا تھا۔‏ لیکن بعد میں پتہ چلا کہ یہ لڑکا صرف اِس لیے بائبل کا مطالعہ کر رہا تھا کیونکہ وہ رتنا سے شادی کرنا چاہتا تھا۔‏ آخرکار رتنا نے سچائی چھوڑ دی اور شادی کرنے کے لیے ایک دوسرا مذہب اِختیار کر لیا۔‏

ایک اَور مثال کیمرون میں رہنے والی نڈینگے کی ہے۔‏ اُنہوں نے 19 سال کی عمر میں شادی کی۔‏ شادی سے پہلے اُن کے منگیتر نے وعدہ کِیا تھا کہ اُنہیں اپنے مذہب پر عمل کرنے کی پوری آزادی ہوگی۔‏ لیکن شادی کے دو ہفتے بعد اُس نے نڈینگے کو اِجلاسوں پر جانے سے منع کر دیا۔‏ نڈینگے کہتی ہیں:‏ ”‏مَیں اُداس ہو گئی اور سارا وقت روتی تھی۔‏ مجھے لگا کہ میری زندگی میرے اِختیار میں نہیں ہے۔‏ مَیں بہت پچھتائی۔‏“‏

سچ ہے کہ ہر غیرایمان جیون ساتھی ظالم اور سخت‌مزاج ثابت نہیں ہوتا۔‏ لیکن ذرا سوچیں کہ اگر آپ ایک ایسے شخص سے شادی کریں گے جو یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتا تو آپ کے آسمانی باپ کے ساتھ آپ کی دوستی پر کیا اثر ہوگا؟‏ یہ جان کر آپ کو کیسا لگے گا کہ آپ نے اُس ہدایت کو نظرانداز کر دیا جو خدا نے آپ کی بھلائی کے لیے دی تھی؟‏ اور یہ بھی سوچیں کہ خدا آپ کے فیصلے کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہے؟‏—‏امثا 1:‏33‏۔‏

پوری دُنیا میں بہت سے بہن بھائی اِس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کرنا واقعی بہترین راہ ہے۔‏ غیرشادی‌شُدہ مسیحیوں کا پکا عزم ہے کہ وہ خدا کا دل شاد کرنے کے لیے صرف خدا کی تنظیم میں جیون ساتھی کو تلاش کریں گے۔‏ ذرا جاپان میں رہنے والی میچی‌کو کی مثال پر غور کریں۔‏ جب وہ غیرشادی‌شُدہ تھیں تو اُن کے رشتےداروں نے اُنہیں کلیسیا سے باہر شادی کرنے پر منانے کی کوشش کی۔‏ اِس دباؤ کا سامنا کرنے کے علاوہ اُنہوں نے دیکھا کہ اُن کی کچھ سہیلیوں کو کلیسیا میں جیون ساتھی ملے۔‏ وہ کہتی ہیں:‏ ”‏مَیں اپنے آپ کو یاد دِلاتی تھی کہ یہوواہ ”‏خوش‌دل خدا“‏ ہے اِس لیے ہم ہر حالت میں خوش رہ سکتے ہیں،‏ چاہے ہم شادی‌شُدہ ہیں یا نہیں۔‏ مَیں اِس بات پر بھی پکا یقین رکھتی ہوں کہ خدا ہماری خواہشات کو پورا کرے گا۔‏ لہٰذا اگر ہمیں کوئی جیون ساتھی نہیں مل رہا ہے حالانکہ ہم شادی کرنا چاہتے ہیں تو غیرشادی‌شُدہ رہنا فی‌الحال ہمارے لیے بہتر ہے۔‏“‏ (‏1-‏تیم 1:‏11‏،‏ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن‏)‏ میچی‌کو اِس بات پر بہت خوش ہیں کہ اُنہوں نے کلیسیا سے باہر شادی نہیں کی کیونکہ کچھ سال بعد اُن کی شادی ایک بہت اچھے بھائی سے ہوئی۔‏

بہت سے بھائیوں نے بھی اُس وقت تک اِنتظار کِیا جب تک اُنہیں کوئی مناسب جیون ساتھی نہ ملا۔‏ بِل جو آسٹریلیا میں رہتے ہیں،‏ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کبھی کبھی اُنہیں ایسی عورتیں اچھی لگیں جو یہوواہ کی گواہ نہیں تھیں۔‏ لیکن اُنہوں نے ایسی عورتوں سے کبھی دوستی کرنے کے لیے قدم نہیں بڑھایا۔‏ اِس کی وجہ کیا تھی؟‏ وہ ”‏بےایمانوں کے ساتھ ناہموار جُوئے میں“‏ جتنے کی طرف پہلا قدم بھی نہیں اُٹھانا چاہتے تھے۔‏ کئی بار ایسا بھی ہوا کہ اُنہوں نے کسی بہن کو پسند کِیا لیکن بات نہیں بنی۔‏ بِل نے 30 سال تک اِنتظار کِیا لیکن آخرکار اُن کی شادی ایک ایسی بہن سے ہوئی جس کے ساتھ اُن کی بڑی ہم‌آہنگی ہے۔‏ بِل کہتے ہیں:‏ ”‏مجھے اِنتظار کرنے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔‏ مجھے بڑی خوشی ہے کہ ہم مُنادی کا کام مل کر کرتے ہیں،‏ بائبل کا مطالعہ مل کر کرتے ہیں اور خدا کی عبادت بھی مل کر کرتے ہیں۔‏ مجھے میری بیوی کے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ بھی یہوواہ کی عبادت کرتے ہیں۔‏ اور ہم دونوں بائبل کے اصولوں پر عمل کرتے ہیں جس سے ہماری شادی کا بندھن مضبوط ہوتا ہے۔‏“‏

غیرشادی‌شُدہ زندگی کا بہترین اِستعمال

اگر آپ کو ابھی تک یہوواہ خدا کی تنظیم میں کوئی مناسب جیون ساتھی نہیں ملا تو یقیناً آپ نے اِس معاملے کو یہوواہ خدا کے ہاتھ میں چھوڑ دیا ہوگا۔‏ لیکن اِس دوران آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ اپنی خوشی نہ کھو بیٹھیں؟‏ آپ اِس بات پر غور کر سکتے ہیں کہ اب تک آپ کی شادی کیوں نہیں ہوئی۔‏ اگر آپ نے اِس لیے شادی نہیں کی کیونکہ آپ بائبل کے حکم پر عمل کرنا چاہتے ہیں تو آپ واقعی قابلِ‌تعریف ہیں۔‏ اِس بات کا یقین رکھیں کہ یہوواہ خدا اِس بات سے بہت خوش ہے کہ آپ نے اُس کے حکم پر عمل کرنے کی ٹھان لی ہے۔‏ (‏1-‏سمو 15:‏22؛‏ امثا 27:‏11‏)‏ آپ آئندہ بھی ”‏اپنے دل کا حال اُس کے سامنے کھول“‏ سکتے ہیں۔‏ (‏زبور 62:‏8‏)‏ جب آپ دل سے اور باقاعدگی سے دُعا کریں گے تو آپ کی دُعائیں اَور پُرمعنی بن جائیں گی۔‏ اگر آپ احساسِ‌تنہائی اور دوسروں کے دباؤ کے باوجود اپنے عزم پر ڈٹے رہتے ہیں تو یہوواہ خدا کے ساتھ آپ کی دوستی اَور مضبوط ہوتی جائے گی۔‏ اِس بات پر پورا بھروسا رکھیں کہ کائنات کا حاکمِ‌اعلیٰ اپنے سب بندوں کی فکر رکھتا ہے اور وہ آپ کو بھی بہت بیش‌قیمت خیال کرتا ہے۔‏ اُسے آپ کی ضروریات اور خواہشات کا پورا احساس ہے۔‏ اُس نے اپنے کسی بندے سے یہ وعدہ نہیں کِیا کہ وہ اُن کو جیون ساتھی دے گا۔‏ لیکن اگر آپ کو واقعی ایک جیون ساتھی کی ضرورت ہے تو خدا جانتا ہے کہ آپ کی اِس خواہش کو پورا کرنے کا بہترین وقت کب ہے۔‏—‏زبور 145:‏16؛‏ متی 6:‏32‏۔‏

بعض اوقات آپ شاید داؤد کی طرح محسوس کریں جنہوں نے کہا:‏ ”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ جلد مجھے جواب دے۔‏ میری روح گُداز ہو چلی۔‏ اپنا چہرہ مجھ سے نہ چھپا۔‏“‏ (‏زبور 143:‏5-‏7،‏ 10‏)‏ جب آپ ایسا محسوس کرتے ہیں تو صبر سے کام لیں تاکہ آپ کا آسمانی باپ آپ کو دِکھا سکے کہ آپ کے لیے اُس کی مرضی کیا ہے۔‏ آپ خدا کی مرضی کیسے جان سکتے ہیں؟‏ اُس کا کلام پڑھنے کے لیے وقت نکالیں اور اِس پر سوچ بچار بھی کریں۔‏ ایسا کرنے سے آپ کو خدا کے حکموں کے بارے میں معلوم ہوگا اور آپ دیکھ سکیں گے کہ ماضی میں اُس نے اپنے بندوں کی مدد کیسے کی۔‏ یوں آپ کا یہ یقین اَور مضبوط ہو جائے گا کہ خدا کے حکموں پر عمل کرنا ہی بہترین راہ ہے۔‏

غیرشادی‌شُدہ مسیحی،‏ کلیسیا میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں،‏ مثلاً والدین اور بچوں کی مدد کرنے سے۔‏

آپ اَور کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ کی غیرشادی‌شُدہ زندگی خوش‌گوار گزرے اور آپ اِس کا بہترین اِستعمال کریں؟‏ آپ اپنی زندگی کے اِن سالوں کو خدا کی بندگی کرنے،‏ نیک نامی حاصل کرنے،‏ فراخ‌دل،‏ محنتی اور روحانی طور پر پُختہ بننے اور دوسروں کی نظروں میں دلکش بننے کے لیے اِستعمال کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ایسی خوبیاں ہیں جو مستقبل میں خوش‌گوار ازدواجی زندگی گزارنے میں آپ کے بہت کام آئیں گی۔‏ (‏پید 24:‏16-‏21؛‏ روت 1:‏16،‏ 17؛‏ 2:‏6،‏ 7،‏ 11؛‏ امثا 31:‏10-‏27‏)‏ مُنادی کے کام میں اور کلیسیا کی دوسری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے سے خدا کی بادشاہت کو اپنی زندگی میں پہلا درجہ دیں۔‏ ایسا کرنے سے آپ کی حفاظت ہوگی۔‏ بِل جن کا پہلے ذکر کِیا گیا ہے،‏ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏جن سالوں کے دوران مَیں جیون ساتھی کی تلاش میں رہا،‏ وہ بہت تیزی سے گزر گئے کیونکہ مَیں نے اپنا وقت پہل‌کار کے طور پر صرف کِیا۔‏“‏

واقعی ”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کرنا آج بھی بہترین راہ ہے۔‏ اِس حکم پر عمل کرنے سے ہم ظاہر کرتے ہیں کہ ہم یہوواہ خدا کو اپنا حاکم مانتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ ہمیں ابدی خوشی حاصل ہوگی۔‏ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏مبارک ہے وہ آدمی جو [‏یہوواہ]‏ سے ڈرتا ہے اور اُس کے حکموں میں خوب مسرور رہتا ہے۔‏ مال‌ودولت اُس کے گھر میں ہے اور اُس کی صداقت ابد تک قائم ہے۔‏“‏ (‏زبور 112:‏1،‏ 3‏)‏ لہٰذا اپنے اِس عزم پر قائم رہیں کہ آپ ”‏صرف خداوند میں“‏ شادی کریں گے۔‏

^ پیراگراف 13 اِس مضمون میں کچھ فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔‏