مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یادوں کے ذخیرے سے

‏”‏کیفےٹیریا میں محبت کی فضا تھی“‏

‏”‏کیفےٹیریا میں محبت کی فضا تھی“‏

ہمیں اپنے اِجتماعوں سے بڑی خوشی ملتی ہے کیونکہ اِن کے ذریعے یہوواہ خدا ہمیں روحانی خوراک دیتا ہے۔‏ جب خدا کے بندے ایسی روحانی ضیافتوں پر جمع ہوتے ہیں تو مل بیٹھ کر کھانا کھانے سے بھی اُن کی خوشی بڑھتی ہے۔‏

ستمبر 1919ء میں بائبل سٹوڈنٹس نے سیڈر پوائنٹ اوہائیو،‏ ریاستہائےمتحدہ امریکہ میں آٹھ روزہ اِجتماع منعقد کِیا۔‏ اِس اِجتماع پر دوسرے علاقوں سے آنے والے بہن بھائیوں کے ٹھہرنے اور کھانے پینے کا اِنتظام ہوٹلوں میں کِیا گیا تھا۔‏ لیکن جتنے لوگوں کے آنے کی توقع تھی،‏ اُس سے بھی کئی ہزار لوگ زیادہ آ گئے۔‏ اِتنے زیادہ رش کو دیکھ کر ہوٹل کے بہت سارے ویٹر نوکری چھوڑ کر چلے گئے۔‏ یہ دیکھ کر ہوٹل کے کیفےٹیریا کا مینیجر بوکھلا گیا اور پوچھنے لگا کہ آیا اِجتماع پر آنے والے کچھ نوجوان کھانا تقسیم کرنے میں ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔‏ بہت سے نوجوان اُس کی مدد کرنے کو تیار ہو گئے۔‏ اِن نوجوانوں میں سے ایک بہن سیڈی گرین تھیں۔‏ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏اِس سے پہلے مَیں نے کبھی ویٹر کے طور پر کام نہیں کِیا تھا۔‏ لیکن ہمیں اِس کام میں بڑا مزہ آیا۔‏“‏

سیرا لیون،‏ 1982ء

اِس کے کئی سال بعد تک ہر اِجتماع پر کیفےٹیریا کا اِنتظام کِیا جاتا تھا اور بہت سے رضاکار خوشی سے اپنے بہن بھائیوں کی خدمت کرنے میں حصہ لیتے تھے۔‏ کیفےٹیریا میں کام کے دوران بہت سے نوجوانوں کو اپنے ہم‌ایمانوں کے ساتھ بات‌چیت کرنے سے یہ ترغیب ملی کہ وہ بھی خدا کی اَور زیادہ خدمت کرنے کا منصوبہ بنائیں۔‏ بہن گلےڈیز بولٹن نے 1937ء کے ایک اِجتماع پر کیفےٹیریا میں کام کِیا۔‏ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏مَیں مختلف علاقوں سے آنے والے بہن بھائیوں سے ملی اور اُن کے ساتھ بات‌چیت کے دوران مجھے پتہ چلا کہ وہ اپنے مسائل سے کیسے نپٹ رہے ہیں۔‏ اُس وقت پہلی بار میرے دل میں پہل‌کار بننے کی خواہش پیدا ہوئی۔‏“‏

اِجتماع پر آنے والی ایک بہن بیولا کووے نے کہا:‏ ”‏رضاکاروں کی محنت اور لگن کی وجہ سے ہی کیفےٹیریا میں کام اِتنی خوش‌اسلوبی سے چلتا ہے۔‏“‏ البتہ اِس کام کو سنبھالنا اِتنا آسان نہیں تھا۔‏ 1969ء میں لاس اینجلس کے ایک سٹیڈیم میں ایک اَور اِجتماع منعقد ہوا۔‏ جب بھائی انجیلو مانیرا اِجتماع سے پہلے وہاں پہنچے تو اُنہیں پتہ چلا کہ اُنہیں کیفےٹیریا کا اِنتظام سنبھالنے کی ذمےداری دی گئی ہے۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏یہ سنتے ہی میرے ہوش اُڑ گئے۔‏“‏ یہاں کیفےٹیریا کے باورچی‌خانے تک گیس پہنچانے کے لیے 400 میٹر لمبی پائپ لائن بچھانے کی ضرورت تھی۔‏

فرینکفرٹ،‏ جرمنی،‏ 1951ء

1982ء میں سیرا لیون میں ہونے والے اِجتماع پر رضاکاروں نے پہلے بڑی محنت سے کچھ کھیتوں کو صاف کِیا اور پھر ایک کیفےٹیریا بنایا۔‏ 1951ء میں فرینکفرٹ،‏ جرمنی میں ہمارے بھائیوں نے کوئلے سے چلنے والا انجن کرائے پر لیا جس کی بھاپ سے 40 بڑی کڑاہیوں میں کھانا پکایا گیا۔‏ پھر ایک گھنٹے میں 30 ہزار لوگوں کو کھانا کھلایا گیا۔‏ برتن دھونے کے شعبے میں 576 بہن بھائی کام کر رہے تھے۔‏ اِن رضاکاروں کا بوجھ کم کرنے کے لیے اِجتماع پر آنے والے بہن بھائی چھریاں اور کانٹے اپنے ساتھ لائے۔‏ میانمار میں ایک اِجتماع پر کھانا پکانے والوں نے کھانے میں مرچیں کم ڈالیں تاکہ دوسرے ملکوں سے آنے والے بہن بھائی بھی کھانا کھا سکیں۔‏

‏”‏یہ تو کھڑے ہو کر کھانا کھاتے ہیں“‏

ایک بہن جس کا نام عینی ہے،‏ وہ 1950ء میں ریاستہائےمتحدہ میں ہونے والے ایک اِجتماع پر گئیں۔‏ وہاں اُنہیں تپتی دھوپ میں کیفےٹیریا کے سامنے لگی لمبی قطار میں کھڑا ہونا پڑا۔‏ لیکن یہ اِنتظار کا وقت اُن کے لیے بڑا فائدہ‌مند ثابت ہوا۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اِس قطار میں دو بہنیں کھڑی تھیں جو یورپ سے ایک کشتی کے ذریعے اِس اِجتماع کے لیے آئی تھیں۔‏ مَیں اُن کی باتیں سننے میں کھو گئی۔‏“‏ دونوں بہنیں ایک دوسرے کو بتا رہی تھیں کہ یہوواہ خدا نے اِس اِجتماع پر آنے کے لیے اُن کی کیسے مدد کی ہے۔‏ عینی نے بتایا:‏ ”‏وہ دونوں بہنیں سب سے زیادہ خوش نظر آ رہی تھیں۔‏ اُنہیں اِس بات کی ذرا بھی پرواہ نہیں تھی کہ اُنہیں گرمی میں قطار میں کھڑے ہو کر اِنتظار کرنا پڑ رہا ہے۔‏“‏

سیول،‏ کوریا،‏ 1963ء

بڑے اِجتماعوں پر اکثر بڑے بڑے خیموں کو کیفےٹیریا کے طور پر اِستعمال کِیا جاتا تھا۔‏ اِن میں اُونچے میز لگائے جاتے تھے تاکہ بہن بھائی کھڑے ہو کر جلدی جلدی کھانا کھاتے جائیں اور دوسروں کے لیے جگہ بنتی جائے۔‏ کھانے کے مختصر سے وقفے کے دوران ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلانے کا یہی آسان حل تھا۔‏ ایک شخص جو یہوواہ کا گواہ نہیں تھا،‏ اُس نے کہا:‏ ”‏یہ تو بڑے عجیب لوگ ہیں۔‏ یہ تو کھڑے ہو کر کھانا کھاتے ہیں۔‏“‏

فوجی اور سرکاری افسر بھی یہ دیکھ کر بڑے متاثر ہوئے کہ ہمارے اِجتماعوں پر کیفےٹیریا کتنے منظم طریقے سے چلتے ہیں۔‏ امریکہ کے کچھ فوجی افسروں نے یانکی سٹیڈیم،‏ نیویارک میں ہمارے ایک اِجتماع پر کیفےٹیریا کا اِنتظام دیکھنے کے بعد برطانیہ کے میجر فوکنر سے کہا کہ وہ بھی یہوواہ کے گواہوں کے اِجتماع پر جا کر کیفےٹیریا کے اِنتظام کو دیکھیں۔‏ لہٰذا میجر اور اُن کی بیوی 1955ء میں اِنگلینڈ میں ہونے والے ایک اِجتماع پر آئے۔‏ میجر نے کہا:‏ ”‏کیفےٹیریا میں محبت کی فضا تھی۔‏“‏

کئی سالوں تک رضاکار بہن بھائی اِجتماع پر آنے والوں کو صحت‌بخش اور سستا کھانا خوشی سے فراہم کرتے رہے۔‏ لیکن اِس کے لیے اُنہیں کئی کئی گھنٹے کام کرنا پڑتا تھا اور وہ اِجتماع کی کچھ یا ساری تقریریں بھی نہیں سُن پاتے تھے۔‏ اِسی لیے 1975ء کے بعد سے اِجتماعوں پر کھانا فراہم کرنے کے اِنتظامات کو کافی حد تک کم کر دیا گیا۔‏ پھر 1995ء کے شروع میں یہ ہدایت دی گئی کہ اِجتماع پر آنے والے اپنا کھانا ساتھ لے کر آئیں۔‏ یوں زیادہ سے زیادہ بہن بھائیوں کو موقع ملا کہ وہ ساری تقریروں اور ایک دوسرے کے ساتھ بات‌چیت سے لطف اُٹھا سکیں۔‏ *

یہوواہ خدا اُن رضاکاروں کی بڑی قدر کرتا ہے جنہوں نے بیتے سالوں میں اپنے بہن بھائیوں کو کھانا فراہم کرنے میں محنت کی تھی۔‏ ایسے بعض رضاکار آج بھی اُس خوش‌گوار وقت کو یاد کرتے ہیں جو اُنہوں نے کیفےٹیریا میں کام کرنے میں صرف کِیا تھا۔‏ حالانکہ ہمارے اِجتماعوں پر کیفےٹیریا کا اِنتظام تو ختم ہو گیا ہے مگر محبت کی فضا آج بھی قائم ہے۔‏—‏یوحنا 13:‏34،‏ 35‏۔‏

^ پیراگراف 12 ابھی بھی ہمارے اِجتماعوں میں ایسے شعبے ہوتے ہیں جن میں رضاکاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔‏