مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع:‏ مشکل وقت میں تسلی پائیں

ہم سب کو تسلی کی ضرورت ہے

ہم سب کو تسلی کی ضرورت ہے

کیا آپ کو بچپن کا کوئی ایسا واقعہ یاد ہے جب آپ کھیلتے کھیلتے  گِر  گئے  تھے؟‏  شاید آپ کے ہاتھ یا گھٹنے پر چوٹ لگ گئی تھی اور آپ رو رہے تھے۔‏ اُس وقت آپ کی امی نے کیا کِیا تھا؟‏ یقیناً اُنہوں نے آپ کو پیار کِیا ہوگا اور گلے لگایا ہوگا۔‏ پھر اُنہوں نے آپ کا زخم صاف کِیا ہوگا اور اِس پر پٹی باندھی ہوگی۔‏ اُن کے پیار بھرے لفظوں سے آپ کو  بہت  تسلی ملی ہوگی۔‏ بےشک زندگی کے اُس دَور میں تسلی بڑی آسانی سے مل جاتی ہے۔‏

لیکن جیسے جیسے ہم بڑے ہوتے جاتے ہیں،‏ زندگی مشکل ہوتی جاتی ہے۔‏ ہمیں بڑے بڑے مسئلوں کا سامنا ہوتا ہے اور تسلی ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔‏ اُس وقت ہمارے مسئلے پٹی باندھنے یا ماں کے گلے لگانے سے حل نہیں ہوتے۔‏ آئیں،‏ زندگی میں آنے والی کچھ مشکلوں پر بات کریں۔‏

  • شاید آپ کی نوکری چلی گئی ہے جس کی وجہ سے آپ کو سخت  پریشانی  کا  سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‏ خولیان کو ایسی ہی صورتحال سے گزرنا پڑا۔‏ جب اُن کی نوکری چلی گئی تو وہ بےحد پریشان ہو گئے اور سوچنے لگے کہ ”‏مَیں اپنے گھر والوں کی ضرورتیں کیسے پوری کروں گا؟‏ مَیں نے اُس کمپنی میں اِتنے سال محنت کی اور اب اُنہیں لگتا ہے کہ مَیں کسی کام کا نہیں ہوں۔‏“‏

  • شاید آپ کی شادی ٹوٹ گئی ہے جس کی وجہ سے آپ بہت دُکھی ہیں۔‏ راکیل کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔‏ وہ کہتی ہیں:‏ ”‏18 مہینے پہلے میرے شوہر اچانک مجھے چھوڑ کر چلے گئے۔‏ میری زندگی غم کے اندھیرے میں ڈوب گئی اور مجھے لگا کہ میرا دل ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا ہے۔‏ مَیں جذباتی طور پر بالکل ٹوٹ چُکی تھی۔‏ مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ مَیں کیا کروں۔‏“‏

  • شاید آپ کو کوئی ایسی بیماری ہے جو ٹھیک نہیں ہو سکتی۔‏ ہو سکتا ہے کہ آپ بھی کبھی کبھار خدا کے بندے ایوب کی طرح محسوس کرتے ہوں جنہوں نے کہا کہ ”‏مجھے اپنی جان سے نفرت ہے۔‏ مَیں .‏ .‏ .‏ زندہ رہنا نہیں چاہتا۔‏“‏ (‏ایوب 7:‏16‏)‏ لوئس جن کی عمر 80 سال سے اُوپر ہے،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ مَیں بس موت کا اِنتظار کر رہا ہوں۔‏“‏

  • شاید آپ کا کوئی عزیز موت کی وجہ سے آپ سے بچھڑ گیا ہے اور آپ  کو  تسلی کی ضرورت ہے۔‏ رابرٹ کہتے ہیں:‏ ”‏جب مجھے پتہ چلا کہ ہوائی جہاز کے حادثے میں میرے بیٹے کی موت ہو گئی ہے تو شروع میں تو مجھے یقین ہی نہیں آیا۔‏ لیکن پھر مجھ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔‏ مجھے ایسا لگا جیسے کسی نے میرے دل میں ایک لمبی تلوار گھونپ دی ہے۔‏“‏—‏لُوقا 2:‏35‏۔‏

رابرٹ،‏ لوئس،‏ راکیل اور خولیان کو اِن کٹھن حالات میں بھی تسلی ملی۔‏ لیکن اُنہیں یہ تسلی کس کی طرف سے ملی؟‏ خدا کی طرف سے جو لامحدود قدرت کا مالک ہے۔‏ خدا تسلی کیسے دیتا ہے؟‏ کیا وہ آپ کو بھی ضرورت کے وقت تسلی دے گا؟‏