مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع:‏ مشکل وقت میں تسلی پائیں

خدا تسلی کیسے دیتا ہے؟‏

خدا تسلی کیسے دیتا ہے؟‏

خدا کے بندے پولُس نے کہا کہ یہوواہ * ”‏ہر طرح کی تسلی کا خدا ہے۔‏ وہ ہماری سب مصیبتوں میں ہم کو تسلی دیتا ہے۔‏“‏ (‏2-‏کُرنتھیوں 1:‏3،‏ 4‏،‏ اُردو ریوائزڈ ورشن‏)‏ پاک کلام کی اِن آیتوں سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی بھی ایسا شخص نہیں جس کی خدا مدد نہ کر سکے اور کوئی بھی ایسی پریشانی نہیں جس میں خدا تسلی نہ دے سکے۔‏

لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ خدا ہمیں تسلی دے تو ہمیں بھی کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‏ ایک ڈاکٹر مریض کی اُسی صورت میں مدد کر پاتا ہے جب مریض اُس کے پاس جاتا ہے۔‏ اِس لیے پاک کلام میں نصیحت کی گئی ہے کہ ”‏خدا کے قریب جائیں تو وہ آپ کے قریب آئے گا۔‏“‏—‏یعقوب 4:‏8‏۔‏

ہم یہ یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ خدا ہمارے قریب آئے گا؟‏ اِس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ خدا اپنے پاک کلام میں بار بار یہ کہتا ہے کہ وہ ہماری مدد کرنا چاہتا ہے۔‏  ‏(‏اِس مضمون کے ساتھ دیے گئے بکس کو دیکھیں۔‏)‏ دوسری وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا نے ماضی میں بھی اپنے بندوں کو تسلی دی اور وہ ہمارے زمانے میں بھی ایسا کر رہا ہے۔‏

جیسے آج‌کل بہت سے لوگ مشکل وقت میں خدا سے مدد مانگتے ہیں ویسے ہی بادشاہ داؤد نے بھی کِیا تھا۔‏ ایک بار اُنہوں نے یہوواہ خدا سے اِلتجا کی:‏ ”‏جب مَیں تجھ سے فریاد کروں .‏ .‏ .‏ تو میری مِنت کی آواز کو سُن لے۔‏“‏ کیا خدا نے اُن کی دُعا کا جواب دیا؟‏ جی ہاں۔‏ داؤد نے کہا:‏ ”‏مجھے مدد ملی ہے۔‏ اِسی لئے میرا دل نہایت شادمان ہے۔‏“‏—‏زبور 28:‏2،‏ 7‏۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو تسلی کیسے دی؟‏

خدا چاہتا تھا کہ یسوع مسیح لوگوں کو تسلی دینے میں اہم کردار ادا کریں۔‏ خدا نے یسوع مسیح کو جو ذمےداریاں سونپیں،‏ اُن میں سے ایک ذمےداری یہ تھی کہ وہ ”‏شکستہ دلوں کو تسلی“‏ دیں اور ”‏غمگینوں کو دِلاسا“‏ دیں۔‏ (‏یسعیاہ 61:‏1،‏ 2‏)‏ اور واقعی یسوع مسیح کو اُن لوگوں سے بہت پیار تھا ’‏جو محنت‌مشقت کرتے تھے اور بوجھ تلے دبے تھے۔‏‘‏—‏متی 11:‏28-‏30‏۔‏

یسوع مسیح نے مختلف طریقوں سے لوگوں کو تسلی دی،‏ مثلاً اُنہوں نے لوگوں کو اچھے مشورے دیے،‏ اُن کے ساتھ مہربانی سے پیش آئے اور کچھ موقعوں پر تو اُنہیں شفا بھی دی۔‏ ایک مرتبہ ایک کوڑھی نے اُن سے اِلتجا کی:‏ ”‏اگر آپ چاہیں تو مجھے ٹھیک کر سکتے ہیں۔‏“‏ یسوع مسیح کو اُس کوڑھی پر ترس آیا اور اُنہوں نے اُس سے کہا:‏ ”‏مَیں آپ کو ٹھیک کرنا چاہتا ہوں۔‏ تندرست ہو جائیں۔‏“‏ (‏مرقس 1:‏40،‏ 41‏)‏ اور وہ کوڑھی ٹھیک ہو گیا۔‏

آج یسوع مسیح لوگوں کو تسلی دینے کے لیے زمین پر موجود نہیں ہیں۔‏ لیکن یہوواہ جو  ”‏ہر طرح کی تسلی کا خدا ہے،‏“‏ اُن لوگوں کی مدد کر رہا ہے جو کسی مشکل میں ہیں۔‏ (‏2-‏کُرنتھیوں 1:‏3‏،‏ اُردو ریوائزڈ ورشن‏)‏ آئیں،‏ چار ایسے طریقوں پر غور کریں جن کے ذریعے خدا ہمیں تسلی دیتا ہے۔‏

  • پاک کلام۔‏ ‏”‏جتنی بھی باتیں پہلے لکھی گئیں،‏ وہ ہماری ہدایت کے لیے لکھی گئیں تاکہ ہم صحیفوں سے تسلی پا کر اور ثابت‌قدم رہ کر اُمید حاصل کر سکیں۔‏“‏—‏رومیوں 15:‏4‏۔‏

  • پاک روح۔‏ یسوع مسیح کی موت کے بعد اُن کے پیروکاروں کو تسلی  کی  سخت ضرورت تھی۔‏ پاک کلام سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ اُس وقت خدا نے اپنی پاک روح کے ذریعے اُن کا حوصلہ بڑھایا۔‏ (‏اعمال 9:‏31‏)‏ پاک روح دراصل خدا کی قوت ہے۔‏ اور اِس کی بدولت وہ کسی بھی شخص کو تسلی دے سکتا ہے،‏ چاہے وہ شخص کتنی ہی بڑی مشکل کا سامنا کیوں نہ کر رہا ہو۔‏

  • دُعا۔‏ پاک کلام میں ہمیں نصیحت کی گئی ہے:‏ ”‏کسی بات پر پریشان نہ ہوں بلکہ .‏ .‏ .‏ اپنی درخواستیں خدا کے سامنے پیش کریں۔‏ پھر خدا آپ کو وہ اِطمینان دے گا جو سمجھ سے باہر ہے اور یہ اِطمینان مسیح یسوع کے ذریعے آپ کے دل اور سوچ کو محفوظ رکھے گا۔‏“‏—‏فِلپّیوں 4:‏6،‏ 7‏۔‏

  • ہم‌ایمان۔‏ جب ہم کسی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہوتے ہیں تو ہمارے ہم‌ایمان ہمارے سچے دوست ثابت ہوتے ہیں اور ہمیں تسلی دیتے ہیں۔‏ خدا کے بندے پولُس نے کہا کہ جب وہ ”‏تکلیفوں اور مصیبتوں کا سامنا“‏ کر رہے تھے تو اُنہیں اپنے ہم‌ایمانوں کی وجہ سے ”‏بڑی تسلی“‏ ملی۔‏—‏کُلسّیوں 4:‏11؛‏ 1-‏تھسلُنیکیوں 3:‏7‏۔‏

شاید آپ کے ذہن میں یہ سوال آ رہا ہو کہ خدا اِن طریقوں سے اِنسانوں کو تسلی کیسے دیتا ہے؟‏ اِس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے آئیں،‏ کچھ ایسے لوگوں کے بیانات پر غور کریں جو اُن مشکلات سے گزرے ہیں جن کا پچھلے مضمون میں ذکر کِیا گیا ہے۔‏ اُن لوگوں کی طرح آپ بھی یہ دیکھ سکتے ہیں کہ خدا اپنا یہ وعدہ آج بھی پورا کر رہا ہے:‏ ”‏جس طرح ماں اپنے بیٹے کو دِلاسا دیتی ہے اُسی طرح مَیں تُم کو دِلاسا دوں گا۔‏“‏—‏یسعیاہ 66:‏13‏۔‏

^ پیراگراف 3 یہوواہ پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔‏