مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع:‏ مشکل وقت میں تسلی پائیں

خدا ہر طرح کی مشکل میں تسلی دے سکتا ہے

خدا ہر طرح کی مشکل میں تسلی دے سکتا ہے

زندگی میں طرح طرح کی مشکلیں آتی ہیں۔‏ اِس مضمون میں ہم ساری مشکلوں کا ذکر تو نہیں کر سکتے لیکن آئیں،‏ اُن چار مشکلوں پر بات کریں جن کا پہلے مضمون میں ذکر ہوا تھا۔‏ غور کریں کہ اُن لوگوں کو خدا کی طرف سے تسلی کیسے ملی جنہیں فرق فرق مشکلوں کا سامنا تھا۔‏

بےروزگاری

سائمن * کہتے ہیں:‏ ”‏ہم دونوں میاں بیوی کی نوکری ایک ساتھ چُھوٹ گئی۔‏ دو سال تک ہمیں اپنے خاندان کی مدد اور اُن پیسوں پر گزارہ کرنا پڑا جو ہمیں چھوٹی موٹی نوکریاں کر کے مل جاتے تھے۔‏ اِس وجہ سے میری بیوی،‏ پرِسلہ مایوسی کا شکار ہو گئی اور مجھے لگنے لگا کہ مَیں کسی کام کا نہیں ہوں۔‏

اِس مشکل وقت کے دوران مجھے زبور 55:‏22 سے بڑی تسلی ملی۔‏  اِس  زبور  کو  لکھنے والے کی طرح مَیں نے بھی اپنا بوجھ یہوواہ خدا پر ڈال دیا اور مَیں نے دیکھا کہ اُس نے واقعی مجھے سنبھالا۔‏ پرِسلہ،‏ یسوع مسیح کی اُس بات کو یاد رکھنے کی کوشش کرتی تھی جو متی 6:‏34 میں لکھی ہے کہ ”‏کبھی اگلے دن کی فکر نہ کریں کیونکہ اگلے دن کے اپنے مسئلے ہوں گے۔‏“‏ اب میرے پاس نوکری ہے لیکن پھر بھی ہم متی 6:‏20-‏22 میں لکھی ہوئی یسوع مسیح کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں اور اپنی زندگی کو سادہ رکھتے ہیں۔‏ اِس سب کی وجہ سے ہم یہوواہ خدا اور ایک دوسرے کے زیادہ قریب آ گئے ہیں۔‏“‏

جوناتھن نے کہا:‏ ”‏ہمارا ایک چھوٹا سا کاروبار تھا۔‏ لیکن جب وہ ٹھپ ہو گیا تو مَیں مستقبل کے بارے میں بہت پریشان رہنے لگا۔‏ معاشی بحران کی وجہ سے ہماری 20 سال کی محنت ضائع ہو گئی۔‏ پیسوں کی وجہ سے میرے اور میری بیوی کے درمیان جھگڑے ہونے لگے۔‏ ہم نے تو خریداری کے لیے کریڈٹ کارڈ اِستعمال کرنا بھی چھوڑ دیا کیونکہ ہمیں ڈر تھا کہ کریڈٹ کارڈ والی کمپنی اِس کی اِجازت نہیں دے گی۔‏

لیکن خدا کے کلام اور اُس کی پاک روح کی مدد سے ہم اچھے فیصلے کرنے کے قابل ہوئے۔‏ مَیں نے سوچ لیا کہ مجھے جو بھی کام ملے گا،‏ مَیں کروں گا۔‏ ہم نے سارے غیرضروری خرچے بھی ختم کر دیے۔‏ ہمارے ہم‌ایمانوں نے بھی ہماری بڑی مدد کی جو ہماری طرح یہوواہ کے گواہ ہیں۔‏ اُنہوں نے اُس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا اور ہمارا حوصلہ بڑھایا۔‏“‏

شادی‌شُدہ زندگی کی ناکامی

راکیل نے کہا:‏ ”‏جب میرے شوہر اچانک مجھے چھوڑ کر چلے گئے  تو  مجھے  بےحد  دُکھ ہوا اور بہت غصہ بھی آیا۔‏ مَیں ہر وقت افسردہ رہنے لگی۔‏ لیکن جب مَیں خدا کے قریب گئی تو مجھے بڑی تسلی ملی۔‏ مَیں ہر روز خدا سے دُعا کرتی تھی جس سے میرے دل کو بڑا اِطمینان ملتا تھا۔‏ مجھے ایسا لگتا تھا کہ خدا میرے ٹوٹے ہوئے دل کو دوبارہ جوڑ رہا ہے۔‏

خدا کے پاک کلام کی مدد سے مَیں غصے اور نفرت کو اپنے دل سے نکالنے کے قابل ہوئی۔‏ مَیں نے پولُس رسول کی اُس بات پر عمل کرنے کی کوشش کی جو رومیوں 12:‏21 میں لکھی ہے کہ ”‏بُرائی کو اپنے اُوپر غالب نہ آنے دیں بلکہ اچھائی سے بُرائی پر غالب آئیں۔‏“‏

‏”‏کبھی کبھار ہمیں کچھ چیزیں کھونی پڑتی ہیں۔‏ .‏ .‏ .‏ اب مَیں نے اپنی زندگی کے لیے نئے منصوبے بنا لیے ہیں۔‏“‏—‏راکیل۔‏

ایک دوست نے مجھے سمجھایا کہ مجھے زندگی میں آگے بڑھنا چاہیے۔‏ اُس نے مجھے واعظ 3:‏6 دِکھائی اور بڑی نرمی سے بتایا کہ کبھی کبھار ہمیں کچھ چیزیں کھونی پڑتی ہیں۔‏ اِس بات کو تسلیم کرنا تھوڑا مشکل تھا لیکن مجھے اِسی بات کو سمجھنے کی ضرورت تھی۔‏ اب مَیں نے اپنی زندگی کے لیے نئے منصوبے بنا لیے ہیں۔‏“‏

الزبتھ کہتی ہیں:‏ ”‏جب آپ کی شادی ٹوٹ جاتی ہے تو آپ کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔‏ جب میری شادی ٹوٹی تو میری ایک دوست نے مجھے بہت سہارا دیا۔‏ وہ میرے ساتھ روتی تھی،‏ مجھے تسلی دیتی تھی اور مجھے دھتکارنے کی بجائے یہ احساس دِلاتی تھی کہ وہ مجھ سے پیار کرتی ہے۔‏ مجھے پورا یقین ہے کہ یہوواہ خدا نے اُس کے ذریعے میرے دل پر لگے زخموں کو بھرا ہے۔‏“‏

بیماری اور بڑھاپا

‏”‏مَیں یہوواہ خدا سے دُعا کرتا رہتا ہوں۔‏ اور دُعا کے بعد مجھے ایسا لگتا ہے کہ اُس کی پاک روح مجھے طاقت دے رہی ہے۔‏“‏—‏لوئس۔‏

لوئس کو جن کا پہلے مضمون میں ذکر کِیا گیا ہے،‏ دل کی بیماری ہے۔‏ وہ دو موقعوں پر مرتے مرتے بچے۔‏ اُنہیں دن میں 16 گھنٹے آکسیجن لگانی پڑتی ہے۔‏ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏مَیں یہوواہ خدا سے دُعا کرتا رہتا ہوں۔‏ اور دُعا کے بعد مجھے ایسا لگتا ہے کہ اُس کی پاک روح مجھے طاقت دے رہی ہے۔‏ دُعا سے مجھے زندہ رہنے کا حوصلہ ملتا ہے۔‏ مجھے خدا پر پورا بھروسا ہے اور یہ یقین ہے کہ وہ میری فکر کرتا ہے۔‏“‏

پیٹرا نے جن کی عمر 80 سال سے زیادہ ہے،‏ کہا:‏ ”‏مَیں  بہت  کچھ  کرنا  چاہتی  ہوں لیکن کر نہیں پاتی۔‏ میرے لیے یہ ماننا بہت مشکل ہے کہ میری طاقت دن بہ دن کم ہوتی جا رہی ہے۔‏ مَیں بہت تھک جاتی ہوں اور مجھے دوائیوں کے سہارے چلنا پڑتا ہے۔‏ مَیں اکثر یاد کرتی ہوں کہ یسوع مسیح نے ایک مشکل سے گزرتے وقت خدا سے دُعا کی تھی کہ اگر ممکن ہو تو اُن کی مشکل ہٹ جائے۔‏ لیکن یہوواہ خدا نے اُنہیں طاقت دی کہ وہ اِس مشکل سے گزر سکیں۔‏ وہ مجھے بھی طاقت دیتا ہے۔‏ مَیں ہر روز دُعا کرتی ہوں کیونکہ دُعا ہی میری سب سے اہم دوا ہے۔‏ مجھے خدا سے بات کرنے کے بعد بہت سکون ملتا ہے۔‏“‏—‏متی 26:‏39‏۔‏

خولیان تقریباً 30 سال سے ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس میں اِنسان کے پٹھے نہایت کمزور ہو جاتے ہیں۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏پہلے مَیں ایک بڑے اچھے عہدے پر کام کرتا تھا اور اپنے دفتر میں اپنی کُرسی پر بیٹھتا تھا مگر اب مَیں ویل‌چیئر تک محدود ہو گیا ہوں۔‏ لیکن میری زندگی بےکار نہیں ہے کیونکہ مَیں نے اِسے دوسروں کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔‏ جب ہم دوسروں کی مدد کرتے ہیں تو ہماری تکلیف کم ہو جاتی ہے اور یہوواہ خدا اپنے وعدے کے مطابق ضرورت کے وقت ہمیں طاقت دیتا ہے۔‏ پولُس رسول کی طرح مَیں بھی یہ کہہ سکتا ہوں:‏ ”‏جو مجھے طاقت دیتا ہے،‏ اُس کے ذریعے مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔‏“‏“‏—‏فِلپّیوں 4:‏13‏۔‏

کسی عزیز کی موت

انٹونیو بتاتے ہیں کہ ”‏جب میرے ابو ایک ٹریفک حادثے میں  فوت  ہو  گئے  تو  شروع میں مجھے بالکل یقین نہیں آیا۔‏ اُن کا تو کوئی قصور نہیں تھا،‏ وہ تو بس پیدل چل رہے تھے۔‏ لیکن مَیں اِس نااِنصافی کے حوالے سے کچھ نہیں کر سکتا تھا۔‏ وہ مرنے سے پہلے پانچ دن تک کومے میں رہے۔‏ مَیں اپنی امی کے سامنے اپنے آنسو کسی نہ کسی طرح روک لیتا تھا لیکن جب مَیں اکیلا ہوتا تھا تو مَیں پھوٹ پھوٹ کر روتا تھا۔‏ مَیں یہ سوچتا رہتا تھا کہ آخر ایسا کیوں ہوا۔‏

مَیں اُن تکلیف‌دہ دنوں میں یہوواہ خدا سے دُعا کرتا رہتا تھا کہ وہ میری مدد کرے اور مجھے تسلی دے تاکہ مَیں خود کو سنبھال سکوں۔‏ اور آہستہ آہستہ مجھے تسلی ملتی گئی۔‏ مَیں نے پاک کلام کی اِس بات کو یاد رکھا کہ حادثہ ہم میں سے کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔‏ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ مُردوں کو زندہ کرے گا اور خدا جھوٹ نہیں بول سکتا۔‏ اِس لیے مجھے پورا یقین ہے کہ مَیں اپنے ابو کو دوبارہ دیکھوں گا۔‏“‏—‏واعظ 9:‏11؛‏ یوحنا 11:‏25؛‏ طِطُس 1:‏2‏۔‏

‏”‏جہاز کے حادثے نے ہمارا بیٹا ہم سے چھین لیا لیکن ہمارے پاس اُس خوش‌گوار وقت کی یادیں ہیں جو ہم نے اُس کے ساتھ گزارا تھا۔‏“‏—‏رابرٹ۔‏

رابرٹ جن کا پہلے مضمون میں ذکر ہو چُکا ہے،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏یہوواہ خدا سے دُعا کرنے کی وجہ سے مجھے اور میری بیوی کو وہ اِطمینان ملا جس کا ذکر فِلپّیوں 4:‏6،‏ 7 میں کِیا گیا ہے۔‏ اِسی اِطمینان کی بدولت ہم میڈیا والوں کو یہ بتانے کے قابل ہوئے کہ یہوواہ کے گواہوں کے طور پر ہمیں اُمید ہے کہ مُردے زندہ ہوں گے۔‏ جہاز کے حادثے نے ہمارا بیٹا ہم سے چھین لیا لیکن ہمارے پاس اُس خوش‌گوار وقت کی یادیں ہیں جو ہم نے اُس کے ساتھ گزارا تھا۔‏ اور ہم کوشش کرتے ہیں کہ اُن یادوں کے بارے میں سوچیں۔‏

ہمارے ہم‌ایمانوں نے ہمیں بتایا کہ اُنہوں نے ٹی‌وی پر دیکھا تھا  کہ  ہم  بڑے پُرسکون انداز میں مُردوں کے زندہ ہونے کے بارے میں بات کر رہے تھے۔‏ اِس پر ہم نے اُن سے کہا کہ یہ سب اُن ڈھیروں دُعاؤں کی وجہ سے ممکن ہوا جو ہمارے لیے کی جا رہی تھیں۔‏ ہمارے ہم‌ایمانوں نے ہمیں تسلی دینے کے لیے بےشمار پیغامات بھیجے اور مجھے پکا یقین ہے کہ یہوواہ خدا نے اُن کے پیغامات کے ذریعے ہمارا حوصلہ بڑھایا۔‏“‏

اِن سب لوگوں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ خدا اُن تمام لوگوں کو تسلی دے سکتا ہے جو فرق فرق مشکلوں کا سامنا کر رہے ہیں۔‏ کیا وہ آپ کو بھی تسلی دے سکتا ہے؟‏ جی ہاں،‏ خدا آپ کو بھی تسلی دے سکتا ہے،‏ چاہے آپ کسی بھی مشکل سے گزر رہے ہوں۔‏ * اِس لیے یہوواہ سے مدد مانگیں جو ”‏ہر طرح کی تسلی کا خدا ہے۔‏“‏—‏2-‏کُرنتھیوں 1:‏3‏،‏ اُردو ریوائزڈ ورشن۔‏

^ پیراگراف 5 اِس مضمون میں کچھ فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 23 اگر آپ خدا کے قریب جانا اور اُس سے تسلی پانا چاہتے ہیں تو اپنے علاقے کے یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں یا اُن کے کسی قریبی دفتر کو لکھیں۔‏