مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

قارئین کے سوال

قارئین کے سوال

ہیکل کی پولیس میں کون شامل تھے اور اُن کی کیا ذمےداریاں تھیں؟‏

لاوی کے قبیلے کے جو مرد کاہنوں کے طور پر خدمت انجام نہیں دیتے تھے،‏ وہ دیگر کام کرتے تھے۔‏ اِن میں سے ایک کام اُس کام کے جیسا تھا جو آج پولیس کرتی ہے۔‏ ہیکل کی پولیس میں کام کرنے والے سپاہی ہیکل کے نگران کے ماتحت ہوتے تھے۔‏ ایک یہودی مصنف فِلو نے اِن سپاہیوں کی ذمےداریوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا:‏ ”‏اِن میں سے کچھ [‏لاوی]‏ ہیکل کے اُن دروازوں پر دربانوں کے طور پر کام کرتے تھے جہاں سے لوگ داخل ہوتے تھے؛‏ کچھ کو [‏ہیکل کے]‏ اندر مُقدس مقام کے سامنے تعینات کِیا جاتا تھا تاکہ کوئی غیرمتعلقہ شخص غلطی سے بھی وہاں نہ جائے۔‏ اور کچھ سپاہی باری باری ہیکل میں گشت کرتے تھے اور یہ گشت 24 گھنٹے ہوتی تھی۔‏“‏

ہیکل کی پولیس عدالتِ‌عظمیٰ کے حکم کی پابند ہوتی تھی۔‏ اور رومی حکومت نے صرف اِنہی کو ہتھیار رکھنے کی اِجازت دی ہوئی تھی۔‏

جب یسوع کو گِرفتار کِیا گیا تو اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ ”‏مَیں ہر دن ہیکل میں بیٹھ کر تعلیم دیتا تھا لیکن وہاں تو آپ نے مجھے گِرفتار نہیں کِیا۔‏“‏ (‏متی 26:‏55‏)‏ عالم یوآخیم یریمیاس نے یسوع کی اِس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہیکل کی کوئی پولیس نہ ہوتی تو یسوع یہ بات نہ کہتے۔‏ اِسی عالم کا خیال ہے کہ اِس سے پہلے بھی جو لوگ یسوع کو گِرفتار کرنے آئے تھے،‏ وہ ہیکل کی پولیس ہی تھی۔‏ (‏یوح 7:‏32،‏ 45،‏ 46‏)‏ بعد میں عدالتِ‌عظمیٰ نے ہیکل کے نگران اور اُس کے سپاہیوں کو بھیجا تاکہ وہ یسوع کے شاگردوں کو عدالتِ‌عظمیٰ کے سامنے پیش کریں۔‏ غالباً ہیکل کی پولیس نے ہی پولُس رسول کو بھی گھسیٹ کر ہیکل سے باہر نکالا تھا۔‏—‏اعما 4:‏1-‏3؛‏ 5:‏17-‏27؛‏ 21:‏27-‏30‏۔‏