مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ‌بیتی

‏”‏ہم حاضر ہیں،‏ ہمیں بھیجیں!‏“‏

‏”‏ہم حاضر ہیں،‏ ہمیں بھیجیں!‏“‏

کیا آپ یہوواہ کی اَور زیادہ خدمت کرنے کے لیے کسی ایسے علاقے یا کسی ایسے ملک میں منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں جہاں مبشروں کی زیادہ ضرورت ہے؟‏ اگر ایسا ہے تو آپ بھائی جیک اور میری‌لین کے تجربے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔‏

جیک اور میری‌لین 1988ء سے مل کر کُل‌وقتی طور پر یہوواہ کی خدمت کر رہے ہیں۔‏ وہ ہر طرح کے حالات میں خود کو ڈھالنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔‏ اُنہوں نے گواڈیلوپ اور فرانسیسی گیانا میں بہت سی مختلف جگہوں پر یہوواہ کی خدمت کی ہے۔‏ اب اِن دونوں علاقوں کی نگرانی فرانس کی برانچ کرتی ہے۔‏ آئیں،‏ جیک اور میری‌لین سے کچھ سوال پوچھتے ہیں۔‏

کس چیز نے آپ کو کُل‌وقتی طور پر یہوواہ کی خدمت کرنے کی ترغیب دی؟‏

میری‌لین:‏ میری پرورش گواڈیلوپ میں ہوئی۔‏ مَیں اکثر سارا سارا دن اپنی امی کے ساتھ مُنادی کرتی تھی۔‏ میری امی بڑے جوش سے یہوواہ کی خدمت کرتی تھیں۔‏ مَیں لوگوں سے بڑی محبت کرتی تھی اِس لیے جیسے ہی مَیں نے 1985ء میں سکول کی تعلیم مکمل کی،‏ مَیں نے پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنی شروع کر دی۔‏

جیک:‏ جب مَیں نوجوان تھا تو میرا زیادہ‌تر وقت ایسے بہن بھائیوں کے ساتھ گزرتا تھا جو کُل‌وقتی طور پر یہوواہ کی خدمت کر رہے تھے۔‏ مَیں سکول کی چھٹیوں کے دوران مددگار پہل‌کار کے طور پر خدمت کرتا تھا۔‏ ہفتے اور اِتوار کو ہم پہل‌کار بہن بھائیوں کے ساتھ مُنادی کرنے کے لیے بس پر اُن کے علاقے میں جاتے تھے۔‏ ہم سارا دن مُنادی کرتے اور پھر ساحلِ‌سمندر پر گھومنے جاتے تھے۔‏ وہ دن بڑے ہی اچھے تھے۔‏

سن 1988ء میں مَیں نے میری‌لین سے شادی کر لی۔‏ شادی کے بعد مَیں نے سوچا کہ ہم پر اِتنی ذمےداریاں نہیں ہیں تو کیوں نہ ہم یہوواہ کی اَور زیادہ خدمت کریں۔‏ مَیں نے میری‌لین کے ساتھ مل کر پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنی شروع کر دی۔‏ ایک سال بعد ہمیں پہل‌کاروں کے لیے سکول میں جانے کا موقع ملا۔‏ اِس کے بعد ہمیں خصوصی پہل‌کار مقرر کِیا گیا۔‏گواڈیلوپ میں ہم نے مختلف جگہوں پر خدمت کی اور اِس دوران ہمیں بہت سے اچھے تجربے ہوئے۔‏ پھر ہمیں فرانسیسی گیانا میں خدمت کرنے کے لیے بھیجا گیا۔‏

پچھلے کچھ سالوں کے دوران آپ کو فرق فرق جگہوں پر خدمت کرنے کے لیے کہا گیا۔‏ کس چیز نے نئے حالات اور ماحول کے مطابق ڈھلنے میں آپ کی مدد کی؟‏

میری‌لین:‏ فرانسیسی گیانا کے بیت‌ایل میں خدمت کرنے والے بھائی جانتے تھے کہ ہماری پسندیدہ آیت یسعیاہ 6:‏8 ہے۔‏ اِس لیے جب وہ ہمیں فون کرتے تھے تو اکثر ہم سے پوچھتے تھے:‏”‏کیا آپ کو اپنی پسندیدہ آیت یاد ہے؟‏“‏ اور اِس سے ہم سمجھ جاتے کہ ہمیں کسی نئی جگہ خدمت کرنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔‏ اور ہم کہتے:‏ ”‏ہم حاضر ہیں،‏ ہمیں بھیجیں!‏“‏

جب ہم کسی نئی جگہ پر خدمت کرنے جاتے ہیں تو ہم اِس کا موازنہ پُرانی جگہ سے نہیں کرتے۔‏ اگر ہم ایسا کریں تو شاید ہم نئی جگہ پر خوشی سے خدمت نہ کر پائیں۔‏ اِس کے علاوہ جب ہم کسی نئی جگہ جاتے ہیں تو وہاں کے بہن بھائیوں سے دوستی کرنے میں پہل کرتے ہیں۔‏

جیک:‏ ماضی میں کچھ بہن بھائی چاہتے تھے کہ ہم اُنہیں چھوڑ کر نہ جائیں اِس لیے اُنہوں نے پوری کوشش کی کہ ہم کسی دوسری جگہ منتقل نہ ہوں۔‏ لیکن جب ہم گواڈیلوپ سے جا رہے تھے تو ایک بھائی نے ہمیں یسوع کے وہ الفاظ یاد دِلائے جو متی 13:‏38 میں لکھے ہیں:‏ ”‏کھیت دُنیا ہے۔‏“‏ اِس لیے جب ہمیں کسی نئی جگہ پر خدمت کرنے کے لیے بھیجا جاتا ہے تو ہم یہ یاد رکھتے ہیں کہ ہم ایک ہی کھیت میں فرق جگہ پر خدمت کر رہے ہیں۔‏ ہم یاد رکھتے ہیں کہ ہمیں جس بھی علاقے میں بھیجا جاتا ہے،‏ وہاں کے لوگوں کو خوش‌خبری سننے کی ضرورت ہوتی ہے۔‏

جب ہم کسی نئے علاقے میں خدمت کرنے کے لیے جاتے ہیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ فرق حالات کے باوجود وہاں لوگ گزر بسر کرنے کے قابل ہیں۔‏ اِس لیے ہم بھی وہاں کے مقامی لوگوں کا رہن‌سہن اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ وہاں کے کھانے فرق ہو سکتے ہیں لیکن ہم وہی کھاتے پیتے ہیں جو وہاں کے لوگ کھاتے پیتے ہیں۔‏ ساتھ ہی ساتھ ہم اپنی صحت کے حوالے سے احتیاط بھی برتتے ہیں۔‏ ہمیں جب بھی کسی نئی جگہ بھیجا جاتا ہے تو ہم اِس کے بارے میں مثبت رویہ اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔‏

میری‌لین:‏ ہم مقامی بہن بھائیوں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔‏ جب ہم فرانسیسی گیانا پہنچے تو تھوڑی دیر بعد بڑی تیز بارش ہوئی۔‏ ہم نے سوچا کہ ہمیں مُنادی میں جانے کے لیے بارش کے رُکنے کا اِنتظار کرنا پڑے گا۔‏ لیکن پھر ایک بہن نے کہا:‏ ”‏چلیں،‏ مُنادی کرنے کے لیے؟‏“‏ مَیں نے حیران ہو کر اُس سے پوچھا:‏ ”‏لیکن کیسے؟‏“‏ اُس نے کہا:‏ ”‏ہم اپنی اپنی چھتری لے لیتے ہیں اور سائیکلوں پر مُنادی کرنے چلتے ہیں۔‏“‏ یوں مَیں نے سیکھا کہ مَیں چھتری پکڑ کر سائیکل کیسے چلا سکتی ہوں۔‏ اگر مَیں اُس وقت یہ نہ سیکھتی تو شاید مَیں کبھی بھی بارشوں کے موسم میں مُنادی نہ کر پاتی۔‏

آپ کو تقریباً 15 فرق فرق جگہوں پر خدمت کرنے کے لیے بھیجا گیا۔‏ کیا آپ اُن بہن بھائیوں کو کچھ مشورے دینا چاہیں گے جو کسی نئی جگہ منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں؟‏

میری‌لین:‏ یہ سچ ہے کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا آسان نہیں ہوتا۔‏ پھر بھی یہ بہت اہم ہے کہ ہم ایک پُرسکون گھر ڈھونڈیں جہاں ہم مُنادی کے بعد آ کر آرام کر سکیں۔‏

جیک:‏ ہم جب بھی نئے علاقے میں منتقل ہوتے ہیں تو مَیں عموماً اپنے گھر میں نیا رنگ کرتا ہوں۔‏ اگر برانچ کے بھائیوں کو پتہ ہوتا ہے کہ ہم اُس علاقے میں زیادہ عرصہ نہیں رہیں گے تو وہ کبھی کبھار مجھے کہتے ہیں:‏ ”‏جیک،‏ اِس بار گھر کو رنگ کرنے کا تکلف نہ کرنا۔‏“‏

میری‌لین سامان پیک کرنے میں بڑی ماہر ہو گئی ہیں۔‏ وہ سارا سامان ڈبوں میں ڈالتی ہیں اور اُن پر لیبل لگاتی ہیں جیسے باتھ روم،‏ بیڈروم اور کچن وغیرہ۔‏ اِس لیے جب ہم نئے گھر جاتے ہیں تو ہم اِن ڈبوں کو اِن کی صحیح جگہ پر رکھ پاتے ہیں۔‏ میری‌لین ایک فہرست بناتی ہیں کہ ہر ڈبے میں کون کون سی چیزیں ہیں۔‏ یوں ہم اپنی ضرورت کی چیز جلدی ڈھونڈ پاتے ہیں۔‏

میری‌لین:‏ چونکہ ہم نے منظم طریقے سے کام کرنا سیکھ لیا ہے اِس لیے ہم نئے علاقے میں جلدی مُنادی کا کام شروع کر نے کے قابل ہوتے ہیں۔‏

آپ اپنے وقت کو کیسے اِستعمال کر تے ہیں تاکہ آپ ”‏اچھی طرح سے خدا کی خدمت انجام“‏ دے سکیں؟‏—‏2-‏تیم 4:‏5‏۔‏

میری‌لین:‏ پیر کو ہم آرام کرتے ہیں اور اِجلاسوں کی تیاری کرتے ہیں۔‏ اور پھر منگل سے ہم مُنادی کے کام میں حصہ لیتے ہیں۔‏

جیک:‏ حالانکہ ہمیں ہر مہینے مُنادی کے کام میں مخصوص گھنٹے صرف کرنے پڑتے ہیں لیکن ہم اِس پر حد سے زیادہ نہیں سوچتے۔‏ مُنادی کا کام ہماری زندگی کا مرکز بن گیا ہے۔‏ گھر سے نکلنے سے لے کر گھر واپس آنے تک ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اُن سب لوگوں سے بات کریں جن سے ہم ملتے ہیں۔‏

میری‌لین:‏ مثال کے طور پر جب ہم پکنک وغیرہ پر جاتے ہیں تو مَیں ہمیشہ اپنے ساتھ پرچے لے جاتی ہوں۔‏ کچھ لوگ ہمارے پاس آتے ہیں اور ہم سے ہماری کتابیں اور رسالے مانگتے ہیں حالانکہ ہم نے اُنہیں یہ نہیں بتایا ہوتا کہ ہم یہوواہ کے گواہ ہیں۔‏ ہم اِس بات کا بڑا خیال رکھتے ہیں کہ ہم کیسا لباس پہنتے ہیں اور دوسروں سے کیسے پیش آتے ہیں کیونکہ لوگ ایسی باتوں پر توجہ دیتے ہیں۔‏

جیک:‏ ہم اپنے پڑوسیوں سے اچھی طرح پیش آنے سے بھی اُنہیں گواہی دیتے ہیں۔‏ مَیں اپنے گھر کے سامنے سے کاغذ اُٹھاتا ہوں،‏ کوڑا دان خالی کرتا ہوں اور اپنے گھر کے گِرد موجود باغیچے سے پتے وغیرہ صاف کرتا ہوں۔‏ ہمارے پڑوسی یہ سب دیکھتے ہیں اور کبھی کبھار ہم سے کہتے ہیں کہ ”‏کیا آپ مجھے ایک بائبل دے سکتے ہیں؟‏“‏

آپ نے اکثر دُوردراز علاقوں کا سفر کِیا ہے۔‏ کیا آپ اِن میں سے کسی یادگار سفر کا ذکر کرنا چاہیں گے؟‏

جیک:‏ گیانا میں کچھ علاقوں تک پہنچنا بہت مشکل ہوتا ہے۔‏ اکثر ہمیں ٹوٹی‌پھوٹی سڑکوں پر ایک ہفتے میں 600 کلومیٹر (‏370 میل)‏ تک سفر کرنا پڑتا ہے۔‏ ایمزون جنگل کے ایک گاؤں کا سفر بڑا یادگار رہا تھا۔‏ اِس گاؤں تک پہنچنے کے لیے ہمیں کئی گھنٹوں تک جیپ اور موٹر والی کشتی پر سفر کرنا پڑا۔‏ وہاں رہنے والے زیادہ‌تر لوگ سونے کی کانوں میں کام کرتے تھے۔‏ اِن میں سے بعض نے ہماری مطبوعات کے لیے شکرگزاری ظاہر کرنے کے لیے عطیے کے طور پر سونے کے چھوٹے چھوٹے ڈھیلے دیے۔‏ شام کو ہم نے لوگوں کو ہماری تنظیم کی ایک ویڈیو دِکھانے کا بندوبست کِیا اور بہت سے مقامی لوگ اِسے دیکھنے آئے۔‏

میری‌لین:‏ حال ہی میں جیک کو کیموپی نامی ایک گاؤں میں مسیح کی یادگاری تقریب پر تقریر کرنے کے لیے کہا گیا۔‏ وہاں جانے کے لیے ہم نے ایک دریا میں چار گھنٹے موٹر والی کشتی پر سفر کِیا۔‏ یہ بہت ہی یادگار سفر تھا۔‏

جیک:‏ اُس دریا میں بعض جگہوں پر چٹانیں تھیں۔‏ جب دریا میں پانی کی سطح کم ہو جاتی تھی اور یہ چٹانوں سے ٹکراتا تھا تو بڑی بڑی لہریں اُٹھتی تھیں۔‏ وہ واقعی ایک حیران‌کُن نظارہ تھا۔‏ اُن لہروں پر کشتی چلانا خطرے سے خالی نہیں تھا۔‏ اِس لیے ایک مانجھی کو اِن لہروں میں کشتی چلانے کے لیے بڑی مہارت کی ضرورت ہوتی تھی۔‏ حالانکہ اُس گاؤں میں صرف چھ یہوواہ کے گواہ تھے لیکن پھر بھی تقریباً 50 لوگ یادگاری تقریب پر حاضر ہوئے۔‏ واقعی ہمارا یہ سفر بڑا کامیاب رہا!‏

میری‌لین:‏ اِس طرح کے حوصلہ‌افزا تجربات اُن نوجوانوں کو بھی ہو سکتے ہیں جو یہوواہ کی اَور زیادہ خدمت کرنا چاہتے ہیں۔‏ اگر آپ اِس طرح کے حالات میں یہوواہ پر بھروسا کرتے ہیں تو آپ کا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔‏ ہم نے کئی بار اِس بات کا تجربہ کِیا ہے کہ یہوواہ نے کیسے کیسے ہماری مدد کی ہے۔‏

آپ نے کئی زبانیں سیکھی ہیں۔‏ کیا آپ کے لیے یہ زبانیں سیکھنا آسان تھا؟‏

جیک:‏ بالکل بھی نہیں۔‏ مَیں نے یہ زبانیں اِس لیے سیکھیں کیونکہ ایسا کرنا ضروری تھا۔‏ مثال کے طور پر مَیں نے ابھی سرانانٹونگو * زبان میں تلاوت بھی نہیں کی تھی کہ مجھے اِس زبان میں ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کے مطالعے کی پیشوائی کرنی پڑی۔‏ بعد میں مَیں نے ایک بھائی سے پوچھا کہ کیا اُن کو میری کوئی سمجھ آئی۔‏ اُس نے جواب دیا:‏ ”‏کچھ لفظ تو بالکل سمجھ نہیں آئے لیکن آپ نے بہت اچھا کِیا۔‏“‏ زبان سیکھنے کے حوالے سے بچوں نے میری بہت مدد کی۔‏ مَیں جب بھی کوئی غلط لفظ بولتا تو بڑے کچھ نہیں کہتے تھے مگر بچے میری درستی کرتے تھے۔‏ مَیں نے بچوں سے بہت کچھ سیکھا۔‏

میری‌لین:‏ ایک علاقے میں مَیں تین زبانوں میں بائبل کورس کراتی تھی یعنی فرانسیسی،‏ پُرتگالی اور سرانانٹونگو۔‏ ایک بہن نے مجھے مشورہ دیا کہ جو زبان مجھے سب سے مشکل لگتی ہے،‏ اُس میں مَیں سب سے پہلے بائبل کورس کراؤں۔‏ اور جو زبان بولنا مجھے آسان لگتا ہے،‏ اُس میں سب سے آخر میں۔‏ جلد ہی مَیں سمجھ گئی کہ اُس بہن کا مشورہ کتنا اچھا تھا۔‏

ایک دن مَیں نے دو لوگوں کو بائبل کورس کرانا تھا،‏ ایک کو سرانانٹونگو زبان میں اور دوسرے کو پُرتگالی زبان میں۔‏ جب مَیں نے دوسری عورت کو بائبل کورس کرانا شروع کِیا تو میرے ساتھ والی بہن نے کہا:‏ ”‏میری‌لین،‏ مجھے لگتا ہے کہ کچھ گڑبڑ ہے۔‏“‏ مجھے احساس ہوا کہ مَیں پُرتگالی بولنے والی عورت سے سرانانٹونگو زبان میں بات کر رہی تھی۔‏

آپ نے جن بہن بھائیوں کے ساتھ خدمت کی ہے،‏ وہ آپ سے بہت پیار کرتے ہیں۔‏ آپ اِن بہن بھائیوں کے ساتھ گہری دوستی کیسے کر پائے؟‏

جیک:‏ امثال 11:‏25 میں لکھا ہے:‏ ”‏فیاض دل موٹا ہو جائے گا۔‏“‏ ہم کبھی بھی بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزارنے اور اُن کے لیے کچھ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔‏ کنگڈم ہال کی مرمت اور دیکھ‌بھال کے حوالے کچھ بھائیوں نے مجھ سے کہا:‏ ”‏آپ یہ کام مبشروں کو کرنے دیں۔‏“‏ مَیں نے کہا کہ ”‏مَیں بھی تو ایک مبشر ہوں۔‏ اگر کوئی کام ہے تو مجھے بھی وہ کرنا چاہیے۔‏“‏ یہ سچ ہے کہ ہمیں اپنے لیے اور اپنے جیون ساتھی کے لیے وقت نکالنے کی ضرور ت ہوتی ہے۔‏ لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اِس وجہ سے دوسروں کی مدد کرنے سے پیچھے نہ ہٹیں۔‏

میری‌لین:‏ ہم اپنے بہن بھائیوں کو قریب سے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ یوں ہم جان پاتے ہیں کہ اُن کو کب کب مدد کی ضرورت ہے۔‏ مثال کے طور پر شاید کسی بہن بھائی کو بچوں کو سنبھالنے یا اُنہیں سکول سے لانے کے حوالے سے مدد کی ضرورت ہو۔‏ ایسی صورت میں ہم اُن کی مدد کرنے کے لیے اپنے معمول میں ردوبدل کر تے ہیں۔‏ ضرورت کے وقت اُن کی مدد کے لیے تیار رہنے سے ہم اُن کے قریبی دوست بن جاتے ہیں۔‏

آپ کو ایسے علاقوں میں خدمت کرنے سے کون سی برکتیں ملی ہیں جہاں مبشروں کی زیادہ ضرورت ہے؟‏

جیک:‏ کُل‌وقتی طور پر یہوواہ کی خدمت کرنے سے ہمیں بہت سی برکتیں ملی ہیں۔‏اکثر ہمیں یہوواہ کی بنائی ہوئی چیزوں کو قریب سے دیکھنے اور اِن سے لطف اُٹھانے کا موقع ملتا ہے۔‏ ہمیں مشکلات کا سامنا تو ہوا لیکن ہم مطمئن رہے کیونکہ ہم جانتے تھے کہ چاہے ہم کہیں پر بھی ہوں،‏ ہمارے بہن بھائی ہمارے ساتھ ہیں۔‏

جوانی میں مجھے فرانسیسی گیانا میں فوج میں بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے قید میں ڈال دیا گیا۔‏ مَیں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن مجھے ایک مشنری کے طور پر وہاں واپس جانے کا موقع ملے گا۔‏ اور مَیں ایک مذہبی خادم کے طور پر جیل میں جا کر قیدیوں سے مل پاؤں گا۔‏ واقعی یہوواہ نے ہمیں بڑی فیاضی سے برکتوں سے نوازا ہے۔‏

میری‌لین:‏ دوسروں کی مدد کرنے کے لیے اپنا وقت اور توانائی اِستعمال کرنے سے مجھے سب سے زیادہ خوشی ملی ہے۔‏ واقعی یہوواہ کی خدمت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔‏ مل کر یہوواہ کی خدمت کرنے سے ہمارا ازدواجی بندھن اَور مضبوط ہو گیا ہے۔‏ کبھی کبھی جیک مجھے پوچھتے ہیں:‏ ”‏کیا ہم فلاں جوڑے کی حوصلہ‌افزائی کرنے کے لیے اُنہیں کھانے پر بلا سکتے ہیں؟‏“‏ اور مَیں اُنہیں کہتی ہوں:‏ ”‏مَیں بھی بالکل یہی سوچ رہی تھی۔‏“‏

جیک:‏ حال ہی میں ڈاکٹروں نے مجھے بتایا ہے کہ مجھے کینسر ہے۔‏ حالانکہ میری‌لین کو یہ سننا اچھا نہیں لگتا لیکن پھر بھی مَیں اُس سے کہتا ہوں:‏ ”‏میری جان!‏ یہ سچ ہے کہ مَیں ابھی اِتنا بوڑھا نہیں ہوا ہوں۔‏ لیکن اگر مَیں کل مر بھی جاؤں تو مجھے دُکھ نہیں ہے کیونکہ مَیں نے اپنی زندگی ایک اچھے کام یعنی یہوواہ کی خدمت کرنے میں گزاری ہے۔‏“‏—‏پید 25:‏8‏۔‏

میری‌لین:‏ یہوواہ نے ہمیں ایسی ایسی جگہوں پر خدمت کرنے کا موقع دیا ہے اور ہم سے ایسے ایسے کام کروائے ہیں جن کے بارے میں ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔‏ اُس نے ہمیں بےشمار برکتیں دی ہیں۔‏ اُس کی تنظیم ہمیں جہاں بھی خدمت کرنے کے لیے بھیجے گی،‏ ہم ضرور جائیں گے کیونکہ ہم یہوواہ پر پورا بھروسا رکھتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 32 سرانانٹونگو زبان انگریزی،‏ ڈچ،‏ پُرتگالی اور افریقی زبانوں کا مجموعہ ہے جسے کچھ غلاموں نے ایجاد کِیا۔‏