مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مطالعے کا مضمون نمبر 20

آج کا شاہِ‌شمال کون ہے؟‏

آج کا شاہِ‌شمال کون ہے؟‏

‏”‏اُس کا خاتمہ ہو جائے گا اور کوئی اُس کا مددگار نہ ہوگا۔‏“‏‏—‏دان 11:‏45‏۔‏

گیت نمبر 95‏:‏ سچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے

مضمون پر ایک نظر *

1،‏ 2.‏ اِس مضمون میں ہم کن باتوں پر غور کریں گے؟‏

آج ہمارے پاس اِس بات کے پہلے سے کہیں زیادہ ثبوت ہیں کہ ہم آخری زمانے کے بالکل آخر میں رہ رہے ہیں۔‏ بہت جلد یہوواہ خدا اور یسوع مسیح اُن تمام حکومتوں کو ہلاک کر دیں گے جو اُن کی بادشاہت کی مخالفت کرتی ہیں۔‏ لیکن اِس سے پہلے کہ ایسا ہو،‏ شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب ایک دوسرے سے لڑنا اور خدا کے بندوں کی مخالفت کرنا جاری رکھیں گے۔‏

2 اِس مضمون میں ہم دانی‌ایل 11:‏40-‏12:‏1 میں درج پیش‌گوئی پر غور کریں گے اور دیکھیں گے کہ آج شاہِ‌شمال کون ہے۔‏ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم پورے اِعتماد سے اُن مشکلات کا سامنا کیسے کر سکتے ہیں جو بہت جلد ہم پر آئیں گی۔‏

ایک نیا شاہِ‌شمال

3،‏ 4.‏ وضاحت کریں کہ آج شاہِ‌شمال کا کردار کون ادا کر رہا ہے۔‏

3 سن 1991ء میں سوویت یونین کے ختم ہونے کے بعد خدا کے بندوں کو ”‏تھوڑی سی مدد“‏ ملی یعنی کچھ وقت کے لیے آزادی سے یہوواہ کی عبادت کرنے کا موقع ملا۔‏ (‏دان 11:‏34‏)‏ اِس کے نتیجے میں وہ کُھل کر مُنادی کا کام کرنے لگے اور بہت جلد اُن ملکوں میں مبشروں کی تعداد لاکھوں تک ہو گئی جو یا تو سوویت یونین کا حصہ تھے یا پھر اِس کے تحت تھے۔‏ لیکن آہستہ آہستہ روس اور اِس کے اِتحادی شاہِ‌شمال بن کر سامنے آئے۔‏ جیسا کہ ہم نے پچھلے مضمون میں دیکھا،‏ وہی بادشاہ یا حکومتیں شاہِ‌شمال یا شاہِ‌جنوب کا کردار ادا کر سکتی ہیں جن پر یہ تین باتیں لاگو ہوتی ہیں:‏ (‏1)‏ وہ اُن علاقوں پر حکومت کرتے ہیں جہاں خدا کے بہت سے بندے رہتے ہیں اور وہ اُن پر اذیت ڈھاتے ہیں،‏ (‏2)‏ وہ اپنے کاموں سے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ یہوواہ خدا اور اُس کے بندوں کے دُشمن ہیں اور (‏3)‏ وہ اپنے مخالف بادشاہ سے مقابلہ کرتے ہیں۔‏

4 آئیں،‏ غور کریں کہ ہم کن وجوہات کی بِنا پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ آج شاہِ‌شمال کا کردار روس اور اُس کے اِتحادی ادا کر رہے ہیں۔‏ (‏1)‏ اُنہوں نے ہمارے اُن لاکھوں بہن بھائیوں کے مُنادی کے کام پر پابندی لگائی ہوئی ہے جو اُن کی حکومت کے تحت رہ رہے ہیں اور وہ اُنہیں مختلف طریقوں سے اذیت پہنچا رہے ہیں،‏ (‏2)‏ اُن کے اِن کاموں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ یہوواہ اور اُس کے بندوں سے نفرت کرتے ہیں اور (‏3)‏ وہ شاہِ‌جنوب یعنی برطانیہ اور امریکہ کی عالمی طاقت سے مقابلہ کر رہے ہیں۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ روس اور اِس کے اِتحادیوں نے شاہِ‌شمال کا کردار کیسے ادا کِیا ہے۔‏

شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب آج بھی ایک دوسرے سے ٹکرا رہے ہیں

5.‏ دانی‌ایل 11:‏40-‏43 میں کس زمانے کی بات کی گئی ہے اور اِس دوران کیا ہوتا ہے؟‏

5 دانی‌ایل 11:‏40-‏43 کو پڑھیں۔‏ پیش‌گوئی کے اِس حصے میں آخری زمانے کے بارے میں بات کی گئی ہے۔‏ اِس میں شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب کے بیچ ہونے والی دُشمنی کو اُجاگر کِیا گیا ہے۔‏ جیسا کہ دانی‌ایل نے پیش‌گوئی کی،‏ ’‏خاتمے کے وقت‘‏ شاہِ‌جنوب،‏ شاہِ‌شمال پر ”‏حملہ کرے گا۔‏“‏بائبل کے ایک اَور ترجمے کے مطابق شاہِ‌جنوب،‏ شاہِ‌شمال سے”‏ٹکرائے گا [‏اُردو جیو ورشن‏]‏۔‏“‏—‏دان 11:‏40‏۔‏

6.‏ اِس بات کے کیا ثبوت ہیں کہ دو بادشاہ ایک دوسرے پر ”‏حملہ“‏ کر رہے ہیں؟‏

6 آج بھی شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب طاقت حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔‏ مثال کے طور پر غور کریں کہ اُس وقت کیا ہوا جب دوسری عالمی جنگ کے بعد سوویت یونین کا یورپ کے ایک بڑے حصے پر اثرورسوخ قائم ہو گیا۔‏ شاہِ‌جنوب نے اُس سے ٹکر لینے کے لیے دوسرے ملکوں سے اِتحاد قائم کر لیا جسے اُنہوں نے نیٹو (‏شمالی اوقیانوسی معاہدے کی تنظیم)‏ کا نام دیا۔‏ شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب ایک دوسرے سے زیادہ مضبوط فوج کھڑی کرنے کے لیے ہتھیار بنانے میں کافی پیسہ لگا رہے ہیں۔‏ اگرچہ شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب براہِ‌راست تو نہیں لڑے لیکن وہ ایک دوسرے کے دُشمنوں کی حمایت کرنے سے آپس میں لڑے ہیں۔‏ مثال کے طور پر افریقہ،‏ ایشیا اور لاطینی امریکہ میں شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب نے ایسے گروہوں کا ساتھ دیا جو اُن کے مخالف بادشاہ سے لڑ رہے تھے۔‏ حالیہ سالوں میں روس اور اِس کے اِتحادیوں کا دُنیا بھر میں کافی اثرورسوخ ہو گیا ہے۔‏ اُنہوں نے شاہِ‌جنوب پر سائبر حملہ بھی کِیا ہے۔‏ یہ دونوں بادشاہ ایک دوسرے پر اِلزام لگاتے ہیں کہ وہ کمپیوٹر پروگراموں کے ذریعے اُن کے معاشی اور سیاسی نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔‏ شاہِ‌شمال صرف شاہِ‌جنوب کی ہی مخالفت نہیں کر رہا بلکہ دانی‌ایل کی پیش‌گوئی کے مطابق اُس نے خدا کے بندوں پر بھی حملہ کرنا نہیں چھوڑا ہے۔‏—‏دان 11:‏41‏۔‏

شاہِ‌شمال ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوتا ہے

7.‏ ‏”‏جلالی ملک“‏ کس کی طرف اِشارہ کرتا ہے؟‏

7 دانی‌ایل 11:‏41 میں بتایا گیا ہے کہ شاہِ‌شمال ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوگا۔‏ یہ کس ملک کی طرف اِشارہ کرتا ہے؟‏ قدیم زمانے میں اِسرائیل کے ملک کو ”‏دیگر تمام ممالک سے کہیں زیادہ خوب‌صورت“‏ ملک خیال کِیا جاتا تھا۔‏ (‏حِز 20:‏6‏،‏ اُردو جیو ورشن‏)‏ یہ ملک خاص طور پر اِس لیے خوب‌صورت تھا کیونکہ یہاں سچے خدا یہوواہ کی عبادت کی جاتی تھی۔‏ لیکن 33ء کی عیدِپنتِکُست سے ”‏جلالی ملک“‏ کسی خاص علاقے کی طرف اِشارہ نہیں کرتا کیونکہ آج یہوواہ کے بندے پوری دُنیا میں پھیلے ہوئے ہیں۔‏ لہٰذا آج ”‏جلالی ملک“‏کا اِشارہ یہوواہ کی عبادت کی طرف ہے جس میں اِجلاسوں پر جانا اور مُنادی کے کام میں حصہ لینا شامل ہے۔‏

8.‏ شاہِ‌شمال کس طرح سے ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوا ہے؟‏

8 آخری زمانے کے دوران شاہِ‌شمال کئی بار ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوا ہے۔‏ مثال کے طور پر جب جرمنی نے شاہِ‌شمال کا کردار ادا کِیا تو خاص طور پر دوسری عالمی جنگ کے دوران یہ اِس لحاظ سے ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوا کہ اِس نے خدا کے بندوں کو اذیت پہنچائی اور اُنہیں قتل کِیا۔‏ پھر دوسری عالمی جنگ کے بعد جب سوویت یونین شاہِ‌شمال بن کر سامنے آیا تو اُس نے بھی خدا کے بندوں کو اذیت دی اور اُنہیں دُوردراز علاقوں میں بھیج دیا۔‏ یوں وہ بھی ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوا۔‏

9.‏ حالیہ سالوں میں روس اور اِس کے اِتحادی کس لحاظ سے ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوئے ہیں؟‏

9 حالیہ سالوں میں روس اور اِس کے اِتحادی بھی ”‏جلالی ملک“‏ میں داخل ہوئے ہیں۔‏ وہ کیسے؟‏ 2017ء میں اِس نئے شاہِ‌شمال نے ہمارے بہن بھائیوں کے کام پر پابندی لگا دی اور اِن میں سے کچھ کو جیل میں ڈال دیا۔‏ اِس نے ہماری مطبوعات کے اِستعمال پر جن میں ‏”‏ترجمہ نئی دُنیا“‏ بھی شامل ہے،‏ پابندی لگا دی۔‏ اِس کے علاوہ اُس نے روس میں ہماری برانچ کی عمارتوں اور عبادت‌گاہوں کو ضبط کر لیا۔‏ اِن باتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے 2018ء میں گورننگ باڈی نے بتایا کہ آج شاہِ‌شمال کا کردار روس اور اِس کے اِتحادی ادا کر رہے ہیں۔‏ حالانکہ خدا کے بندے حکومتوں کے ہاتھوں اذیت سہتے ہیں لیکن وہ نہ تو اِن حکومتوں کے خلاف بغاوت کرتے ہیں اور نہ ہی اِن میں تبدیلی لانے کے لیے احتجاج کرتے ہیں۔‏ اِس کی بجائے وہ بائبل کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے ”‏اُونچے عہدے پر فائز لوگوں“‏کے لیے دُعا کرتے ہیں،‏ خاص طور پر اُس صورت میں جب وہ ایسے فیصلے کرتے ہیں جن کا تعلق آزادی سے یہوواہ کی عبادت کرنے سے ہے۔‏—‏1-‏تیم 2:‏1،‏ 2‏۔‏

کیا شاہِ‌شمال،‏ شاہِ‌جنوب کو تباہ کر دے گا؟‏

10.‏ کیا شاہِ‌شمال،‏ شاہِ‌جنوب کو شکست دے دے گا؟‏ وضاحت کریں۔‏

10 دانی‌ایل 11:‏40-‏45 میں درج پیش‌گوئی میں خاص طور پر شاہِ‌شمال کی سرگرمیوں پر بات کی گئی ہے۔‏ تو کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ وہ شاہِ‌جنوب کو شکست دے دے گا؟‏ نہیں۔‏ شاہِ‌جنوب اُس وقت بھی ”‏زندہ“‏ یعنی موجود ہوگا جب یہوواہ خدا اور یسوع مسیح تمام اِنسانی حکومتوں کو ہرمجِدّون کی جنگ میں ختم کریں گے۔‏ (‏مکا 19:‏20‏)‏ ہم یہ بات اِتنے یقین سے کیوں کہہ سکتے ہیں؟‏ غور کریں کہ دانی‌ایل اور مکاشفہ کی کتاب میں درج پیش‌گوئیاں اِس حوالے سے کیا ظاہر کرتی ہیں۔‏

ہرمجِدّون کی جنگ پر خدا کی بادشاہت جسے ایک پتھر سے تشبیہ دی گئی ہے،‏ اِنسانی حکومتوں کو ختم کر دے گی۔‏ تصویر میں اِن حکومتوں کو ایک بڑی مورت سے تشبیہ دی گئی ہے۔‏ (‏پیراگراف نمبر 11 کو دیکھیں۔‏)‏

11.‏ دانی‌ایل 2:‏43-‏45 سے کیا ظاہر ہوتا ہے؟‏ (‏سرِورق کی تصویر کو دیکھیں۔‏)‏

11 دانی‌ایل 2:‏43-‏45 کو پڑھیں۔‏ دانی‌ایل نبی نے ایک بڑی مورت کا ذکر کِیا جس کے جسم کے حصے مختلف دھاتوں سے بنے ہوئے تھے۔‏ ہر حصہ ایک حکومت کی طرف اِشارہ کرتا ہے جس نے ایسے علاقوں پر حکمرانی کی جہاں خدا کے بہت سے بندے رہ رہے تھے۔‏ اِن حکومتوں نے فرق فرق دَور میں حکمرانی کی۔‏ اِس مورت کے پاؤں لوہے اور مٹی سے بنے ہوئے تھے جو آخری حکومت کی طرف اِشارہ کرتے ہیں۔‏ یہ برطانیہ اور امریکہ کی عالمی طاقت ہے۔‏ اِس پیش‌گوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ عالمی طاقت اُس وقت بھی موجود ہوگی جب خدا کی بادشاہت تمام اِنسانی حکومتوں کو ختم کرے گی۔‏

12.‏ وحشی درندے کا ساتواں سر کس کی طرف اِشارہ کرتا ہے اور کون سی بات قابلِ‌غور ہے؟‏

12 یوحنا رسول نے بھی ایسی عالمی طاقتوں کا ذکر کِیا جن کی حکمرانی کے تحت خدا کے بندے رہ رہے تھے۔‏ یوحنا نے اِن حکومتوں کی تصویرکشی ایک وحشی درندے سے کی جس کے سات سر تھے۔‏ ساتواں سر برطانیہ اور امریکہ کی عالمی طاقت کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔‏ یہ بات قابلِ‌غور ہے کہ وحشی درندے کے ساتویں سر کے بعد کوئی اَور سر نہیں نکلا۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح اور اُن کی آسمانی فوجیں ساتویں سر یعنی برطانیہ اور امریکہ کی عالمی طاقت کے دَور میں ہی اِس وحشی درندے کو تباہ کریں گی جو کہ شیطان کا سیاسی نظام ہے۔‏ *‏—‏مکا 13:‏1،‏ 2؛‏ 17:‏13،‏ 14‏۔‏

شاہِ‌شمال بہت جلد کیا کرے گا؟‏

13،‏ 14.‏ ‏(‏الف)‏ ’‏ماجوج کا جوج‘‏ کون ہے؟‏ (‏ب)‏ ’‏ماجوج کا جوج‘‏ شاید کس وجہ سے خدا کے بندوں پر حملہ کرے؟‏

13 حِزقی‌ایل کی کتاب میں درج پیش‌گوئی اِس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب کے خاتمے سے پہلے کیا ہوگا۔‏ اگر ہم حِزقی‌ایل 38:‏10-‏23؛‏ دانی‌ایل 2:‏43-‏45؛‏ 11:‏44-‏12:‏1 اور مکاشفہ 16:‏13-‏16،‏ 21 میں درج پیش‌گوئیوں پر نظر ڈالیں تو لگتا ہے کہ یہ پیش‌گوئیاں ایک جیسے واقعات کی طرف اِشارہ کرتی ہیں۔‏ اور اگر واقعی ایسا ہے تو ہم اِن باتوں کی توقع کر سکتے ہیں:‏

14 بڑی مصیبت کے شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ’‏پوری زمین کے بادشاہ‘‏ ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہو جائیں گے۔‏ (‏مکا 16:‏13،‏ 14؛‏ 19:‏19‏)‏ قوموں کے اِس اِتحاد کو بائبل میں’‏ماجوج کا جوج‘‏کہا گیا ہے۔‏ (‏حِز 38:‏2‏)‏ قوموں کا یہ گروہ خدا کے بندوں پر حملہ کرے گا اور اُن کا نام‌ونشان مٹانے کی کوشش کرے گا۔‏ وہ ایسا کیوں کرے گا؟‏ اِس وقت کے حوالے سے یوحنا رسول نے ایک رُویا دیکھی جس میں خدا کے دُشمنوں پر ’‏بڑے بڑے اَولے‘‏برس رہے تھے۔‏ ہو سکتا ہے کہ یہ اَولے سزا کا پیغام ہوں جو خدا کے بندے لوگوں کو سنائیں گے۔‏ اور شاید یہی پیغام ماجوج کے جوج کو اُبھارے گا کہ وہ خدا کے بندوں کا نام‌ونشان مٹانے کے لیے اُن پر حملہ کرے۔‏—‏مکا 16:‏21‏۔‏

15،‏ 16.‏ ‏(‏الف)‏ دانی‌ایل 11:‏44،‏ 45 میں شاید کس واقعے کی طرف اِشارہ کِیا جا رہا ہے؟‏ (‏ب)‏ شاہِ‌شمال اور ماجوج کے جوج میں شامل باقی قوموں کے ساتھ کیا ہوگا؟‏

15 سزا کا یہ پیغام اور خدا کے دُشمنوں کی طرف سے ہونے والا آخری حملہ شاید اُن واقعات کی طرف اِشارہ کرتا ہے جن کا ذکر دانی‌ایل 11:‏44،‏ 45 میں کِیا گیا ہے۔‏ ‏(‏اِن آیتوں کو پڑھیں۔‏)‏ اِن آیتوں میں دانی‌ایل نے بتایا کہ ”‏مشرقی اور شمالی اطراف سے افواہیں“‏ شاہِ‌شمال کو پریشان کریں گی اور وہ ”‏بڑے غضب سے نکلے گا۔‏“‏ وہ ”‏بہتوں کو نیست‌ونابود“‏ کرنے کی ٹھان لے گا۔‏ لگتا ہے کہ ”‏بہتوں“‏ کا اِشارہ یہوواہ کے بندوں کی طرف ہے۔‏ * شاید دانی‌ایل اِس پیش‌گوئی میں خدا کے بندوں پر ہونے والے آخری حملے کی بات کر رہے تھے۔‏

16 جب شاہِ‌شمال اور دُنیا کی باقی حکومتیں خدا کے بندوں پر حملہ کریں گی تو لامحدود قدرت کا مالک یہوواہ اپنے بندوں کے حق میں فوری کارروائی کرے گا اور یوں ہرمجِدّون کی جنگ شروع ہوگی۔‏ (‏مکا 16:‏14،‏ 16‏)‏ اُس وقت شاہِ‌شمال اور باقی قومیں جو ماجوج کے جوج کا حصہ ہیں،‏ ختم ہو جائیں گی اور ’‏کوئی اُن کا مددگار نہ ہوگا۔‏‘‏—‏دان 11:‏45‏۔‏

ہرمجِدّون کی جنگ پر یسوع مسیح اپنی آسمانی فوجوں کے ساتھ مل کر شیطان کی دُنیا کو ختم کر دیں گے اور خدا کے بندوں کو بچا لیں گے۔‏ (‏پیراگراف نمبر 17 کو دیکھیں۔‏)‏

17.‏ دانی‌ایل 12:‏1 میں ذکرکردہ ”‏فرشتوں کا عظیم سردار میکائیل“‏ کون ہے اور وہ کیا کرے گا؟‏

17 دانی‌ایل 12:‏1 میں اَور تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ شاہِ‌شمال اور باقی حکومتوں کی تباہی کیسے ہوگی اور خدا کے بندوں کو کیسے بچایا جائے گا۔‏ ‏(‏اِس آیت کو پڑھیں۔‏)‏ اِس آیت کا کیا مطلب ہے؟‏ میکائیل ہمارے بادشاہ یسوع مسیح کا ایک اَور نام ہے۔‏ وہ 1914ء سے خدا کے بندوں کی ’‏حمایت میں کھڑے ہیں‘‏ جب آسمان پر اُن کی بادشاہت قائم ہوئی۔‏ بہت جلد وہ ہرمجِدّون کی جنگ میں ایک اہم کارروائی کرنے کے لیے ’‏اُٹھیں گے۔‏‘‏ یہ جنگ اُس دَور کا آخری واقعہ ہوگی جس کے بارے میں دانی‌ایل نے کہا کہ ”‏وہ ایسی تکلیف کا وقت ہوگا“‏جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں آیا۔‏ مکاشفہ میں درج یوحنا رسول کی پیش‌گوئی میں اِس دَور کو ”‏بڑی مصیبت“‏کہا گیا ہے جو اِس جنگ کے شروع ہونے سے پہلے آئے گا۔‏—‏مکا 6:‏2؛‏ 7:‏14‏۔‏

کیا آپ کا نام ”‏کتاب میں لکھا ہوگا“‏؟‏

18.‏ ہم مستقبل میں آنے والی مشکلات کا پورے اِعتماد سے سامنا کیوں کر سکتے ہیں؟‏

18 دانی‌ایل اور یوحنا نے واضح کِیا کہ یہوواہ اور یسوع ہرمجِدّون کے دوران اپنے بندوں کو بچا لیں گے۔‏ لہٰذا ہم پورے اِعتماد سے اُن مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں جو بڑی مصیبت کے دوران ہم پر آئیں گی۔‏ دانی‌ایل نے کہا کہ وہ لوگ اِس مصیبت سے بچ جائیں گے جن کے نام ’‏کتاب میں لکھے‘‏ ہوں گے۔‏ (‏دان 12:‏1‏)‏ ہم کیا کر سکتے ہیں تاکہ ہمارے نام بھی اِس کتاب میں لکھے جائیں؟‏ ہمیں اِس بات کو ثابت کرنا چاہیے کہ ہم خدا کے میمنے یسوع پر ایمان رکھتے ہیں۔‏ (‏یوح 1:‏29‏)‏ ہمیں خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنی چاہیے اور بپتسمہ لینا چاہیے۔‏ (‏1-‏پطر 3:‏21‏)‏ اِس کے علاوہ ہمیں دوسروں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ خدا کے بارے میں سیکھیں۔‏ یوں ہم ظاہر کر رہے ہوں گے کہ ہم خدا کی بادشاہت کی حمایت کرتے ہیں۔‏

19.‏ ہمیں ابھی کیا کرنا ہوگا اور کیوں؟‏

19 اب وقت ہے کہ ہم یہوواہ خدا اور اُس کی تنظیم پر اپنا بھروسا مضبوط کریں۔‏ اور یہی وقت ہے کہ ہم اُس کی بادشاہت کی حمایت کریں۔‏ اگر ہم ایسا کریں گے تو ہم اُس گھڑی بچ جائیں گے جب خدا کی بادشاہت کے بادشاہ یسوع مسیح اور اُن کی آسمانی فوجیں شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب کو تباہ کریں گی۔‏

گیت نمبر 149‏:‏ فتح کا گیت

^ پیراگراف 5 آج شاہِ‌شمال کا کردار کون ادا کر رہا ہے؟‏ اور وہ اپنے انجام تک کیسے پہنچے گا؟‏ اِن سوالوں کا جواب جاننے سے ہمارا ایمان مضبوط ہوگا اور ہم اُن مشکلات کے لیے ابھی سے تیار ہو سکیں گے جن کا بہت جلد ہمیں سامنا ہوگا۔‏

^ پیراگراف 12 دانی‌ایل 2:‏36-‏45 اور مکاشفہ 13:‏1،‏ 2 میں درج باتوں کو تفصیل سے جاننے کے لیے ‏”‏مینارِنگہبانی،‏“‏ 1 جون 2012ءکے صفحہ 9-‏20کو دیکھیں۔‏