مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

قارئین کے سوال

قارئین کے سوال

کیا واعظ 5:‏8 میں اِنسانی حکمرانوں کی بات کی جا رہی ہے یا یہوواہ خدا کی؟‏

اِس آیت میں لکھا ہے:‏ ”‏اگر تُو ملک میں مسکینوں کو مظلوم اور عدل‌واِنصاف کو متروک [‏یا ”‏اِنصاف سے محروم،‏“‏ ‏”‏اُردو جیو ورشن“‏‏]‏ دیکھے تو اِس سے حیران نہ ہو کیونکہ ایک بڑوں سے بڑا ہے جو نگاہ کرتا ہے اور کوئی اِن سب سے بھی بڑا ہے۔‏“‏—‏واعظ 5:‏8‏۔‏

اگر اِس آیت کو پڑھتے وقت ہم اِس بات پر غور نہ کریں کہ یہوواہ اِس صورتحال کے بارے میں کیسا محسوس کرتا ہے تو شاید ہمیں لگے کہ اِس میں صرف اِنسانی حکمرانوں کی بات کی گئی ہے۔‏ لیکن اگر ہم آیت پر گہرائی سے سوچیں تو ہمیں یہوواہ کے بارے میں بھی ایک اہم سچائی پتہ چلے گی جس سے ہمیں تسلی اور حوصلہ ملے گا۔‏

واعظ 5:‏8 میں ایک ایسے حکمران کی بات کی گئی ہے جو غریبوں پر ظلم کرتا ہے اور اُنہیں اِنصاف سے محروم رکھتا ہے۔‏ لیکن اِس حکمران کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اُس کے اُوپر بھی ایک اعلیٰ افسر ہے یا پھر حکومت میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کے پاس اُس سے زیادہ اِختیار ہے۔‏ افسوس کی بات ہے کہ آج جتنی بھی حکومتیں ہیں،‏ شاید اُن میں سب حکمران کرپٹ ہیں اور اِس وجہ سے عام لوگوں کو نااِنصافی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏

لیکن اگر ہمیں اُمید کی کوئی کِرن نظر نہ بھی آ رہی ہو تو بھی ہمیں اِس بات سے تسلی مل سکتی ہے کہ یہوواہ اعلیٰ سے اعلیٰ افسروں پر بھی ’‏نگاہ رکھتا ہے۔‏‘‏ ہم اُس سے مدد مانگ سکتے ہیں اور اپنا بوجھ اُس پر ڈال سکتے ہیں۔‏ (‏زبور 55:‏22؛‏ فل 4:‏6،‏ 7‏)‏ ہم یہ یقین رکھ سکتے ہیں کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ کی آنکھیں تمام زمین کو دیکھتی ہیں تاکہ وہ اُن لوگوں کو مضبوط کرے جن کے دل ہمیشہ [‏اُس]‏ سے پوری طرح وابستہ رہتے ہیں۔‏“‏—‏2-‏توا 16:‏9‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

لہٰذا واعظ 5:‏8 ہمیں یاد دِلاتی ہے کہ ہم ایک ایسی دُنیا میں رہ رہے ہیں جہاں کسی نہ کسی کے پاس ہمیشہ دوسروں سے زیادہ اِختیار ہوتا ہے۔‏ لیکن سب سے بڑھ کر یہ آیت ہماری توجہ اِس حقیقت پر دِلاتی ہے کہ یہوواہ سب سے اعلیٰ حکمران ہے اور اُس کے پاس کُل اِختیار ہے۔‏ اُس نے اپنے بیٹے یسوع مسیح کو اپنی بادشاہت کا بادشاہ بنایا ہے اور ابھی وہ اُس کے ذریعے حکمرانی کر رہا ہے۔‏ لامحدود قدرت کا مالک یہوواہ سب کچھ دیکھ رہا ہے اور وہ ہمیشہ اِنصاف سے کام لیتا ہے اور اُس کا بیٹا بھی ایسا ہی کرتا ہے۔‏