مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا یہ دُنیا ختم ہو جائے گی؟‏

کیا یہ دُنیا ختم ہو جائے گی؟‏

شاید آپ جانتے ہوں کہ بائبل میں دُنیا کے خاتمے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ (‏1-‏یوحنا 2:‏17‏)‏ لیکن کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ بائبل کے مطابق اِنسانوں کا نام‌ونشان مٹ جائے گا یا زمین مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی؟‏

بائبل میں اِن دونوں سوالوں کے جواب ناں میں ہیں!‏

کون سی چیزیں ختم نہیں ہوں گی؟‏

اِنسان

پاک کلام کا جواب:‏ خدا نے زمین کو ”‏عبث [‏یعنی بے‌کار]‏ پیدا نہیں کِیا بلکہ اُس کو آبادی کے لئے آراستہ کِیا۔“‏—‏یسعیاہ 45:‏18‏۔‏

زمین

پاک کلام کا جواب:‏ ”‏ایک پُشت جاتی ہے اور دوسری پُشت آتی ہے پر زمین ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“‏—‏واعظ 1:‏4‏۔‏

اِس سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟‏ پاک کلام کے مطابق زمین کبھی تباہ نہیں ہوگی اور اِس پر اِنسان ہمیشہ بسیں گے۔ تو پھر دُنیا کے خاتمے کا کیا مطلب ہے؟‏

غور کریں:‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اِس دُنیا کے خاتمے میں وہی سب کچھ ہوگا جو نوح نبی کے زمانے میں ہوا تھا۔ اُس وقت زمین ”‏ظلم سے بھر گئی“‏ تھی۔ (‏پیدایش 6:‏13‏)‏ لیکن نوح نبی خدا کے وفادار تھے۔ اِس لیے جب خدا نے بُرے لوگوں کو طوفان میں ہلاک کِیا تو اُس نے نوح نبی کو اور اُن کے گھر والوں کو بچا لیا۔ اُس وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بائبل میں یہ بتایا گیا ہے:‏ ”‏اُس زمانے کی دُنیا سیلاب سے تباہ ہو گئی۔“‏ (‏2-‏پطرس 3:‏6‏)‏ لیکن غور کریں کہ کیا تباہ ہوا تھا۔ بُرے لوگ نہ کہ زمین۔ لہٰذا جب بائبل میں دُنیا کے خاتمے کا ذکر ہوتا ہے تو اِس کا یہ مطلب نہیں کہ زمین تباہ ہو جائے گی بلکہ اِس کا مطلب یہ ہے کہ بُرا معاشرہ اور بُرے لوگ تباہ ہو جائیں گے۔‏

کون سی چیزیں ختم ہو جائیں گی؟‏

مصیبتیں اور بُرائی

پاک کلام کا جواب:‏ ”‏بس کچھ ہی دیر کی بات ہے پھر بُرے لوگ نہیں رہیں گے؛ تُم اُس جگہ کو دیکھو گے جہاں وہ ہوتے تھے مگر وہ وہاں نہیں ہوں گے۔ لیکن حلیم لوگ زمین کے مالک ہوں گے؛ وہ بے‌اِنتہا خوشی پائیں گے کیونکہ ہر طرف امن ہوگا۔“‏—‏زبور 37:‏10، 11‏، ترجمہ نئی دُنیا۔‏

اِس سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟‏ جب نوح نبی کے زمانے میں طوفان آیا تھا تو بُرائی کا مکمل طور پر نام‌ونشان نہیں مٹا تھا۔ طوفان کے بعد پھر سے بُرے لوگ آئے جن کی وجہ سے دوسروں کی زندگی بڑی مشکل ہو گئی۔ لیکن خدا بہت جلد بُرائی کو جڑ سے ختم کر دے گا۔ یہی بات خدا کے ایک بندے نے اُس کے اِلہام سے کہی۔ اُس نے کہا:‏ ”‏بُرے لوگ نہیں رہیں گے۔“‏ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے بُرائی کا خاتمہ کر دے گا۔ اُس کی بادشاہت ایک ایسی حکومت ہے جو آسمان سے نیک لوگوں پر حکمرانی کرے گی۔‏

غور کریں:‏ کیا زمین پر جو اِنسانی حکومتیں ہیں، وہ خوشی سے خدا کی بادشاہت کی حمایت کریں گی؟ بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گی۔ وہ خدا کی بادشاہت کے خلاف کھڑی ہوں گی جو کہ بہت بڑی حماقت ہوگی۔ (‏زبور 2:‏2‏)‏ اِس کا کیا نتیجہ نکلے گا؟ خدا کی بادشاہت تمام اِنسانی حکومتوں کی جگہ لے لے گی اور ”‏وہی ابد تک قائم رہے گی۔“‏ (‏دانی‌ایل 2:‏44‏)‏ لیکن اِنسانی حکومتوں کا ختم ہونا ضروری کیوں ہے؟‏

کیا ختم ہونے کی ضرورت ہے اور کیوں؟‏‏—‏اِنسانوں کی حکمرانی

پاک کلام کا جواب:‏ ”‏اِنسان اپنی روِش میں اپنے قدموں کی راہنمائی نہیں کر سکتا۔“‏—‏یرمیاہ 10:‏23‏۔‏

اِس سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟‏ خدا نے اِنسانوں میں ایک دوسرے پر حکومت کرنے کی صلاحیت نہیں ڈالی۔ وہ دوسروں پر حکمرانی کرنے اور مسئلوں کو حل کرنے میں بُری طرح سے ناکام ہوئے ہیں۔‏

غور کریں:‏ ایک کتاب میں بتایا گیا ہے کہ ہر ملک کی حکومت ”‏غربت، بھوک، بیماریوں، قدرتی آفتوں، جنگوں اور تشدد جیسے مسئلوں کو سلجھانے میں ناکام رہی ہے۔“‏ اِس میں آگے بتایا گیا ہے:‏ ”‏کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر صرف ایک ہی حکومت پوری دُنیا پر حکمرانی کرے تو ہی یہ مسئلے ختم ہو سکتے ہیں۔“‏ ‏(‏”‏بریٹانیکا ایکڈیمک“‏)‏ لیکن اگر دُنیا بھر کی تمام حکومتیں ایک ہو بھی جائیں تو بھی دُنیا پر عیب‌دار اِنسان ہی حکومت کر رہے ہوں گے جو اُن مسئلوں پر قابو نہیں پا سکتے جن کا اُس کتاب میں ذکر کِیا گیا ہے۔صرف خدا کی بادشاہت ہی وہ حکومت ہے جو دُنیا سے تمام مسئلوں کو ختم کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔‏

لہٰذا جب نیک لوگ پاک کلام میں دُنیا کے خاتمے کے بارے میں پڑھتے ہیں تو اُنہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ تو اُن کے لیے اچھی خبر ہے کیونکہ بُری دُنیا کی جگہ خدا ایک شان‌دار نئی دُنیا قائم کرے گا۔‏

لیکن یہ کب ہوگا؟ اِس سوال کا جواب اگلے مضمون میں بائبل سے دیا جائے گا۔‏