مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

دُنیا کے خاتمے کے وقت کے بارے میں یسوع مسیح نے کیا کہا؟‏

دُنیا کے خاتمے کے وقت کے بارے میں یسوع مسیح نے کیا کہا؟‏

جیسا کہ ہم نے پچھلے مضمون میں سیکھا، جب بائبل میں دُنیا کے خاتمے کا ذکر ہوتا ہے تو اِس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ زمین یا سب اِنسان ختم ہو جائیں گے۔ اِس کی بجائے اِس کا مطلب یہ ہے کہ زمین پر سے بُرا معاشرہ اور بُرے لوگ ختم ہو جائیں گے۔ لیکن کیا بائبل میں یہ بتایا گیا ہے کہ بُری دُنیا کب ختم ہوگی؟‏

دُنیا کے خاتمے کے بارے میں یسوع مسیح کی اِن دو باتوں پر غور کریں:‏

‏”‏چوکس رہیں کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ یہ کس دن اور کس گھنٹے ہوگا۔“‏—‏متی 25:‏13‏۔‏

‏”‏چوکس رہیں، جاگتے رہیں، کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ مقررہ وقت کب آئے گا۔“‏—‏مرقس 13:‏33‏۔‏

لہٰذا کوئی بھی اُس وقت کے بارے میں نہیں جانتا جب بُری دُنیا ختم ہو جائے گی۔ لیکن خدا نے وہ وقت، دن اور گھنٹہ طے کر لیا ہے جب وہ اِس بُری دُنیا کو ختم کرے گا۔ (‏متی 24:‏36‏)‏ تو پھر کیا اِس کا یہ مطلب ہے کہ ہم کسی بھی طرح سے یہ نہیں جان سکتے کہ دُنیا کا خاتمہ کتنا قریب ہے؟ ایسا بالکل نہیں ہے۔ یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو کچھ ایسے حالات کے بارے میں بتایا جن سے ظاہر ہوگا کہ دُنیا کا خاتمہ کتنا قریب ہے۔‏

دُنیا کے خاتمے کی نشانی

یسوع مسیح نے کچھ ایسے واقعات کا ذکر کِیا جو ”‏دُنیا کے آخری زمانے کی نشانی“‏ ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏قومیں ایک دوسرے پر چڑھائی کریں گی اور سلطنتیں ایک دوسرے کے خلاف اُٹھیں گی، جگہ جگہ قحط پڑیں گے اور زلزلے آئیں گے۔“‏ (‏متی 24:‏3،‏ 7‏)‏ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ”‏وبائیں پھیلیں گی۔“‏ (‏لُوقا 21:‏11‏)‏ کیا آپ اِن باتوں کو پورا ہوتے نہیں دیکھ رہے؟‏

ہمارے زمانے میں لوگ جنگوں، خوراک کی کمی، زلزلوں اور ایک کے بعد ایک وبا کا سامنا کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر 2004ء میں بحرِہند میں ایک بہت بڑا زلزلہ آنے سے سونامی آیا جس میں 2 لاکھ 25 ہزار لوگ مارے گئے۔ تین سال کے اندر اندر کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں تقریباً 69 لاکھ لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ اِس طرح کے واقعات سے یہ ظاہر ہوگا کہ دُنیا کا خاتمہ بہت قریب ہے۔‏

‏’‏آخری زمانہ‘‏

بائبل میں اُس وقت کو ’‏آخری زمانہ‘‏ کہا گیا ہے جو دُنیا کے خاتمے سے تھوڑا پہلے ہوگا۔ (‏2-‏پطرس 3:‏3، 4‏)‏ دوسرا تیمُتھیُس 3:‏1-‏5 میں بتایا گیا ہے کہ آخری زمانے میں لوگ اچھے معیاروں پر چلنا چھوڑ دیں گے۔ (‏بکس ”‏ دُنیا کے خاتمے سے تھوڑا پہلے‏“‏ کو دیکھیں۔)‏ آپ کے خیال میں کیا آج لوگ پہلے سے زیادہ خودغرض، لالچی، وحشی اور محبت سے خالی نہیں ہو گئے؟ یہ بھی اِس بات کا ایک ثبوت ہے کہ اِس دُنیا کے خاتمہ بہت قریب ہے۔‏

آخری زمانہ کتنی دیر تک رہے گا؟ بائبل کے مطابق ’‏تھوڑے ہی وقت‘‏ کے لیے۔ اِس کے بعد خدا اُن لوگوں کو تباہ کر دے گا جو ”‏زمین کو تباہ کر رہے ہیں۔“‏—‏مکاشفہ 11:‏15-‏18؛‏ 12:‏12‏۔‏

بہت جلد زمین فردوس بن جائے گی!‏

خدا نے پہلے سے ہی وہ دن اور وہ گھنٹہ مقرر کر لیا ہے جب وہ اِس بُری دُنیا کو ختم کر دے گا۔ (‏متی 24:‏36‏)‏ یہ کتنی خوشی کی خبر ہے!‏ لیکن ایک اَور خوشی کی خبر یہ ہے کہ خدا ”‏نہیں چاہتا کہ کوئی بھی شخص ہلاک ہو۔“‏ (‏2-‏پطرس 3:‏9‏)‏ خدا لوگوں کو ابھی یہ موقع دے رہا ہے کہ وہ اُس کے بارے میں سیکھیں اور اُس کے حکموں کو مانیں۔ وہ ایسا کیوں کر رہا ہے؟ کیونکہ وہ چاہتا ہے کہ ہم اِس بُری دُنیا کے خاتمے میں بچ جائیں اور اُس نئی دُنیا میں رہیں جسے وہ قائم کرے گا۔ اُس وقت زمین فردوس بن جائے گی۔‏

خدا اِس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ پوری دُنیا میں لوگ یہ سیکھیں کہ وہ اُس نئی دُنیا کا حصہ کیسے بن سکتے ہیں۔ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ”‏بادشاہت کی خوش‌خبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی۔“‏ (‏متی 24:‏14‏)‏ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں نے لوگوں کو بائبل سے اُمید بھرا پیغام سنانے اور اُنہیں پاک کلام کی تعلیم دینے میں  اربوں گھنٹے صرف کیے۔ یسوع مسیح نے کہا تھا کہ خاتمہ آنے سے پہلے پوری دُنیا میں بادشاہت کی خوش‌خبری سنانے کی مہم چلائی جائے گی۔‏

اِنسانی حکومتوں کا وقت بس پورا ہونے والا ہے۔ لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ آپ اِس دُنیا کے خاتمے میں بچ سکتے ہیں اور خدا کے وعدے کے مطابق نئی دُنیا میں رہ سکتے ہیں۔ اگلے مضمون میں بتایا جائے گا کہ اِس نئی دُنیا میں رہنے کے لیے آپ کیا کر سکتے ہیں۔‏

‏”‏آخری زمانے“‏ کے بارے میں یسوع مسیح کی پیش‌گوئی سے ہمیں اُمید ملتی ہے۔‏