مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

صرف ایک مسکراہٹ کا کمال!‏

صرف ایک مسکراہٹ کا کمال!‏

دو لڑکیاں ملک فلپائن کے شہر باگیو کے ایک کاروباری علاقے سے گزر رہی تھیں۔‏ اِس دوران اُن کی نظر ہماری کتابوں اور رسالوں والی ٹرالی پر پڑی لیکن وہ اُس کے پاس نہیں گئیں۔‏ جو بہن ٹرالی کے پاس کھڑی تھی،‏ اُس کا نام ہیلن تھا۔‏ وہ اُن لڑکیوں کی طرف دیکھ کر مسکرائی۔‏ حالانکہ وہ لڑکیاں وہاں نہیں رُکیں لیکن وہ بہن ہیلن کی مسکراہٹ سے بہت متاثر ہوئیں۔‏

کچھ دیر بعد جب وہ دونوں لڑکیاں بس میں بیٹھ کر اپنے گھر واپس جا رہی تھیں تو راستے میں اُنہوں نے ہماری ایک عبادت‌گاہ کے باہر jw.org کا نشان لگا دیکھا۔‏ اُنہیں یاد آیا کہ اُنہوں نے یہی نشان ہماری ٹرالی پر بھی دیکھا تھا۔‏ وہ دونوں بس سے اُتریں اور عبادت‌گاہ کے باہر لگے شیڈول کو دیکھنے لگیں جس پر مختلف کلیسیاؤں کے اِجلاس کا وقت لکھا ہوا تھا۔‏

وہ دونوں لڑکیاں اُسی ہفتے اگلے اِجلاس پر گئیں۔‏ جب وہ عبادت‌گاہ کے اندر گئیں تو وہاں اُنہوں نے کسے دیکھا؟‏ بہن ہیلن کو!‏ اُنہیں دیکھتے ہی وہ اُنہیں فوراً پہچان گئیں۔‏ اُنہیں یاد تھا کہ بہن ہیلن ہی اُنہیں ٹرالی کے پاس دیکھ کر مسکرائی تھیں۔‏ بہن ہیلن نے بتایا:‏ ”‏جب وہ سیدھی میرے پاس آئیں تو مَیں تھوڑا گھبرا گئی۔‏ مجھے لگا جیسے مجھ سے کوئی غلطی ہو گئی ہے۔‏“‏ لیکن اُن لڑکیوں نے بہن ہیلن کو بتایا کہ کچھ دن پہلے اُنہوں نے اُنہیں ٹرالی کے پاس دیکھا تھا۔‏

اُن دونوں لڑکیوں کو اِجلاس کا پروگرام بہت اچھا لگا اور اُنہیں بہن بھائیوں سے مل کر بڑی خوشی ہوئی۔‏ جب اُنہوں نے دیکھا کہ اِجلاس کے بعد کچھ بہن بھائی عبادت‌گاہ کی صفائی کر رہے ہیں تو اُنہوں نے بھی اُن بہن بھائیوں کا ہاتھ بٹانے کے لیے پوچھا۔‏ اِن لڑکیوں میں سے اب ایک فلپائن میں نہیں رہتی۔‏ لیکن دوسری لڑکی اِجلاسوں پر آنے لگی اور اُس نے بائبل کورس کرنا شروع کِیا تھا۔‏ یہ سب صرف ایک مسکراہٹ کی وجہ سے ہوا۔‏